میرے مطابق

سندھ میں پالی زبان کے آثار

Aziz Kingrani

پالی بدھ مت کی مذہبی زبان تھی۔ سندھ میں بدھ مت کا پھیلاؤ موریہ دور میں ہوا، جو میری کتاب ”سندھی اور پالی زبانیں“ میں بدھ مت کے عنوان کے تحت الگ سے بحث شامل ہے۔ سندھ میں پالی ایک مذہبی زبان کے طور پر استعمال ہوتی رہی اور اس کا سندھی زبان سے گہرا تعلق رہا۔ بدقسمتی سے سندھ میں اس کے تحریری ریکارڈ بہت کم محفوظ رہ سکے ہیں۔

مختیار ملاح کی اس رائے سے اتفاق کرنا پڑتا ہے، جو کہتے ہیں :

”پالی زبان پر وسیع تحقیق ہونی چاہیے، کیونکہ سندھی اور پالی میں بہت سی مماثلتیں اور یکساں لغوی معانی پائے جاتے ہیں۔ پالی کا سندھ میں برہمن خاندان کے دور تک گہرا اثر رہا۔ تاہم اس دور کی تحریریں غالباً زمانے کے نشیب و فراز کی نذر ہو گئیں“ (ملاح: 2023 ) ۔

سندھ میں پتھروں پر پالی کتبے

سندھ کا کیرتھر پہاڑی سلسلہ نقش و نگار اور کتبوں کے اعتبار سے بے حد مالا مال ہے۔ پہاڑوں اور پتھروں پر شاندار سنگی فن پایا جاتا ہے۔ ان نقش و نگار میں بدھ مت کے اسٹوپے اور عبادت گاہیں، ہندو مذہبی علامات اور مندر، زرتشتی آتش کدے، نیز مختلف جانوروں کی تصاویر شامل ہیں۔

برہمی رسم الخط میں سنسکرت اور پالی کے کتبوں کے ساتھ ساتھ خروشتی کتبے بھی دریافت ہوئے ہیں (کنگرانی: 2019 : 162 ) ۔

میرے ذاتی فیلڈ سروے کے مطابق، قدیم پالی رسم الخط میں پالی کتبے دادو ضلع کے جوہی تعلقہ میں واہی پدی قصبے کے قریب کیرتھر پہاڑوں پر کندہ ملے ہیں۔ اس کے علاوہ قدیم پالی کتبے ٹھٹھہ ضلع کے قصبہ گجو کے قریب ”تھارو“ یا ”تھرارو“ نامی پہاڑی کے پاس بھی دریافت ہوئے ہیں۔

موئن جو دڑو سے دریافتیں

موئن جو دڑو کی تہذیب ایک نہایت قدیم دور سے تعلق رکھتی ہے ؛ تاہم جے رام داس کے مطابق، بدھ اسٹوپہ سے منسلک بالائی تہہ سے

”پینے کے پانی کے لیے استعمال ہونے والے پانچ مٹی کے برتن دریافت ہوئے، جن میں سے ہر ایک پر پالی زبان اور برہمی رسم الخط میں کندہ تحریر موجود ہے“ (جے رام: 2011 : 36 ) ۔

تانبے کی تختی پر پالی کتبہ

معروف محقق ڈاکٹر نبی بخش بلوچ ایک پالی کتبے کا ذکر کرتے ہیں جو تانبے کی تختی پر کندہ ہے، اور انہوں نے اس کا تصویری نمونہ بھی فراہم کیا ہے۔ یہ تختی قدیم بدھ خانقاہ ”سوئے وہار“ کے کھنڈرات سے ملی، جو بہاولپور (پنجاب، پاکستان) سے سولہ میل جنوب مغرب میں واقع ہے۔ ان کے مطابق اس کتبے کو ”بختی پالی“ کتبہ تسلیم کیا گیا ہے (بلوچ: 1990 : 20 ) ۔ اس زمانے میں بہاولپور کو سندھ کا حصہ سمجھا جانا چاہیے۔

سندھی لوک ادب میں پالی کے آثار

محمد صلاح الدین پالی زبان کو بنیادی طور پر سندھی قرار دیتے ہیں۔ اپنی انگریزی زبان کی کتابوں
”Sindh: A Time Capsule of Heritage“
اور
”Patalini, Rawar and Pali“

میں انہوں نے ایسے بہت سے الفاظ پیش کیے ہیں جو آج بھی پالی اور جدید سندھی دونوں میں مستعمل ہیں۔ ان کی کتابوں میں پالی اور سندھی کے باہمی تعلق اور بدھ مت سے متعلق موضوعات پر بھی بحث ملتی ہے۔ ان کی کتابوں سے کچھ الفاظ میری کتاب میں بھی شامل ہے۔

لسانیات دانوں، اہلِ علم اور محققین پر تنقید کرتے ہوئے محمد صلاح الدین ادب، لوک روایت اور عقلی استدلال کے ذریعے یہ موقف پیش کرتے ہیں کہ:

”ہمارے سندھی دانشور، جنہوں نے کبھی پالی زبان کے بارے میں علم حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی، لاعلمی میں سندھی زبان کی جڑیں سنسکرت، سامی یا عربی زبانوں میں تلاش کرتے رہے ہیں۔ گوتم بدھ ’ساکیہ‘ قوم یا قبیلے سے تعلق رکھتے تھے۔ لفظ ’ساک‘ آج بھی دیہی علاقوں میں اسی معنی میں استعمال ہوتا ہے، اور یہ محاورہ بھی عام ہے کہ کسی سے کس قسم کا رشتہ یا ’سیاکو‘ ہے۔ یا ایک لوک گیت میں یہ مصرع آتا ہے :

کہڑو سنگ سیاکو، جیجل تن جتن سان ”

صلاح الدین مزید لکھتے ہیں کہ

”شاہ لطیف نے بھی سُر سسئی میں یہی لفظ اسی معنی میں استعمال کیا ہے۔ ایک اور نہایت اہم نکتہ یہ ہے کہ تہذیب، ثقافت، سماجی زندگی اور رسوم و رواج کے ربط مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہوتے ہیں۔ ہندوؤں کا دعویٰ ہے کہ ان کی تہذیب کی بنیاد ویدوں میں ہے، جو وادیٔ سندھ کی سرزمین میں لکھے گئے اور بعد ازاں بتدریج بہار اور بنگال تک پھیل گئے۔ اگر ایسا ہے تو کیا یہ ناممکن ہے کہ گوتم بدھ کا تعلق سندھی قوم سے ہو؟ خصوصاً اس صورت میں جب یونانی مصنفین نے بالواسطہ طور پر چندرگپت موریہ کو ’پتالہ‘ (Moeris) کا حکمران قرار دیا ہے۔ یہ بات واضح طور پر اس امر کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ پالی دراصل وہی سندھی زبان ہے جس میں گوتم بدھ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا“ (صلاح الدین: 2010 : 277 ) ۔

اگر سندھ میں پالی زبان کے شواہد یا آثار دریافت کرنے کے لیے سنجیدہ تحقیق کی جائے تو پورے اعتماد کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ سندھ میں پالی کے واضح اور مضبوط آثار موجود ہیں۔

حوالہ جات
ملاح، مختیار، 2023، سندھی بولی جرنل، سندھی لینگویج اتھارٹی، حیدرآباد
کنگرانی، عزیز، 2019، Indus Script in Stone، پیکاک پبلشرز، کراچی
جے رام داس، دولت رام، 2011، سندھی بولی این لپی جو اتھاس، سندھی لینگویج اتھارٹی، حیدرآباد
بلوچ، ڈاکٹر نبی بخش، 1990، سندھی بولی این ادب جی تاریخ، سینٹر جامشورو
صلاح الدین، محمد، 2010، Pataleni، Rawar and Pāli، زین پبلیکیشن، کراچی

Inscriptions inscribed at Bahawapur temple, Baloch, p-20
Inscribed Pali character on stone at Gujo, Thatta
An inscription engraved in the Bakhti Pāli script, found on a copper plate at Sue-Vihar (Bahawalpur). (Baloch p. 20)
Akkhara Pali alphabet
20251230_071548
Early Pali alphabet
A character of early Pali Alphabet
Early Pali ccharacter is etched in stone
Early Pali Character inscibed on rock
Facebook Comments Box

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Facebook Comments

Related Articles

Back to top button
HumSub

FREE
VIEW