وہ شان سلامت رہتی ہے
راجہ رجب سے آج کی ملاقات پہ میں نے کہا، راجہ جی آج ایک ایسا واقعہ علم میں آیا جس سے اپنے اور آپ کے لڑکپن تا جوانی کا دور یاد آ گیا۔ بوہڑ بازار راولپنڈی میں ہمارے محلے سے راجہ بازار کا کوئی بھی سینما ایک آدھ کلومیٹر سے زیادہ دور نہیں تھا۔ میرا اور آپ کا اس دور کا کرش لالہ سدھیر تھے جنہیں ان کے فین جنگجو ہیرو کے طور پہ جانتے اور پسند کرتے تھے۔ ہم ان کی فلم میں اس سین کا بے چینی کے ساتھ انتظار کرتے جب کسی معاملے میں ان کا ناریل چٹخ جائے اور پھر نعرہ زنی کے انداز میں ڈائیلاگ بولتے ہوئے وہ مخالف کے ساتھ گتھم گتھا ہو کر اسے میدان سے نو دو گیارہ کر دیں۔
راجہ صاحب بولے آپ چونکہ خان ہیں اور کبھی کبھی بہکی باتیں کرنا خوانین کا شیوہ ہے لیکن بہک کے اتنی دور نکل جانا سمجھ سے بالا ہی لگ رہا ہے کہ بقول غالب
پھر بیخودی میں بھول گیا راہ، کوئے یار
جاتا وگرنہ ایک دن اپنی خبر کو میں
میں نے کہا حضرت واقعہ یہ ہے کہ بھارتی ریاست اتر کھنڈ کے ایک قصبے میں کچھ عرصہ پہلے ایک ستر سالہ مسلمان، وکیل احمد کی دکان کو دیش کے یوم جمہوریہ کی صبح بجرنگ دل کے لونڈے لپاڑوں نے گھیر رکھا تھا کہ اس نے اپنے بورڈ پر لفظ بابا لکھ رکھا ہے جو قابل قبول نہیں۔ اس دوران وہاں سے گزرتے ہوئے ایک شخص نے جب یہ ہنگامہ دیکھا تو مجمعے کے سامنے آ کے لوگوں کو منع کیا۔ لوگ تو بڑھ چڑھ کے بول رہے تھے انہیں یہ مداخلت ناگوار گزری۔ کسی نے اس شخص سے پوچھا کہ بھائی آپ ہو کون اپنا تعارف تو کراؤ۔ اس نے عجیب جواب دیا۔ میرا نام محمد دیپک ہے۔
راجہ صاحب کی حیرت واضح تھی بولے پھر کیا ہوا۔ میں نے کہا کیا ہونا تھا،
اس راہ میں جو سب پہ گزرتی ہے وہ گزری۔
لیکن عام ہندو کا یہ جواب ایک اعلان چھوڑ گیا کہ چار سو پھیلانے گئے کل یگ کے باوجود سیکولر انڈیا کے در و دیوار ایسی آسانی سے گرنے والے نہیں۔

