بلاگ

شاردا: نیلم کے کنارے سوئی ہوئی ایک تہذیب

Arifa Malaika

نیلم ویلی کی سڑکیں جب شاردا کی طرف مڑتی ہیں تو پہاڑوں کا رنگ بدلنے لگتا ہے۔ کہیں راستہ دریا کے اتنا قریب آ جاتا ہے کہ پانی کی آواز گاڑی کے اندر تک سنائی دینے لگتی ہے اور کہیں بادل اچانک سڑک کے اوپر اتر آتے ہیں۔ ایسے میں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے انسان آہستہ آہستہ موجودہ زمانے سے نکل کر کسی پرانی صدی میں داخل ہو رہا ہو۔

دریائے نیلم جسے قدیم زمانے میں کشن گنگا کہا جاتا تھا مسلسل ساتھ بہتا رہتا ہے۔ اس کے پانی میں ایک عجیب سی بے قراری بھی ہے اور سکون بھی۔ انہی کناروں پر مظفر آباد سے دور صدیوں سے ایک خاموش بستی کھڑی ہے، شاردا۔

پہلی نظر میں یہ جگہ محض ایک پُرانا کھنڈر لگتی ہے۔ ٹوٹے ہوئے پتھر، خاموش دیواریں، وقت سے جھڑی ہوئی سیڑھیاں۔ مگر کچھ دیر وہاں ٹھہرنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ یہ صرف آثارِ قدیمہ نہیں بلکہ ایک ایسی تہذیب کا بچا ہوا عکس ہے جہاں کبھی علم کو عبادت کی طرح احترام حاصل تھا۔

کشمیر کی تاریخ میں شاردا کا ذکر صرف ایک مذہبی مقام کے طور پر نہیں ملتا بلکہ ایک علمی مرکز کے طور پر بھی کیا جاتا ہے۔ کئی محققین کے مطابق ”شاردا پیٹھ“ برصغیر کے اُن اہم مراکز میں شمار ہوتا تھا جہاں دور دراز علاقوں سے لوگ علم حاصل کرنے آتے تھے۔ سنسکرت، فلسفہ، نجوم، ادب اور مذہبی علوم یہاں زیرِ بحث رہتے تھے۔ بعض روایتیں یہ بھی بتاتی ہیں کہ کشمیر کے پنڈت کسی بڑے علمی سفر سے پہلے یہاں حاضری دیتے تھے۔

”شاردا“ کو علم و دانش کی دیوی سے نسبت دی جاتی ہے۔ شاید یہی نسبت تھی جس نے اس مقام کو روحانی وقار بھی دیا اور علمی اہمیت بھی۔

لیکن شاردا کی اصل خوبصورتی صرف اس کی عمارتوں میں نہیں تھی بلکہ اُس فکری ماحول میں تھی جہاں مختلف مذاہب اور روایتیں ایک دوسرے کے قریب رہتی تھیں۔

آج ہم مذاہب کو اکثر الگ الگ خانوں میں دیکھتے ہیں مگر قدیم کشمیر کی فضا کچھ اور تھی۔ یہاں بدھ مت بھی تھا، ہندومت بھی، اور کشمیری شیو مت کی گہری فکری روایت بھی۔ بعد کے زمانوں میں صوفی روایتوں نے بھی اسی سرزمین میں اپنی جگہ بنائی۔ اختلافات اپنی جگہ موجود رہے ہوں گے مگر اس کے باوجود کشمیر کی تہذیب میں مکالمے کی ایک روایت دکھائی دیتی ہے۔

بدھ راہب انہی پہاڑی راستوں سے گزرتے ہوئے وسط ایشیا اور چین تک پہنچے تھے اور شاید انہی راستوں پر کبھی خاموشی اور فلسفہ ساتھ ساتھ سفر کرتے تھے۔ دوسری طرف کشمیری شیو مت نے انسان اور کائنات کے تعلق پر ایک گہرا فکری زاویہ پیش کیا۔ اس فلسفے میں انسان کو محض جسم نہیں بلکہ شعور کا حصہ سمجھا جاتا تھا۔ ہندومت کی علمی روایت نے بھی علم، زبان اور فکر کو مقدس مانا۔ یہی وجہ تھی کہ کشمیر میں علم کو صرف دنیاوی ضرورت نہیں بلکہ روحانی قدر بھی سمجھا جاتا تھا۔

مؤرخ کلہن نے اپنی مشہور تصنیف راج ترنگنی میں دریائے کشن گنگا کے کنارے آباد لوگوں کا ذکر کرتے ہوئے انہیں ”بوت بین“ کہا ہے یعنی دانش سے وابستہ لوگ۔ یہ ایک مختصر سا جملہ ہے مگر اس کے اندر پورا عہد سانس لیتا محسوس ہوتا ہے۔

شاید اسی لیے کشمیر کو کبھی صرف حسن کی سرزمین نہیں کہا گیا اسے علم اور فکر کی سرزمین بھی سمجھا جاتا تھا۔

شاردا سے ”شاردا رسم الخط“ کی نسبت بھی جوڑی جاتی ہے۔ پرانی سنسکرت اور کشمیری تحریروں میں اس رسم الخط کے آثار ملتے ہیں۔ یہ سوچ کر عجیب احساس ہوتا ہے کہ انہی پہاڑوں کے درمیان کبھی قلم، مخطوطے، مباحث اور سوال زندگی کا حصہ تھے۔

مگر وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔

سلطنتیں بدلیں، راستے بند ہوئے، جنگیں آئیں، اور آہستہ آہستہ وہ مقام جہاں کبھی طالب علم، راہب اور مسافر آتے تھے خاموش ہوتا چلا گیا۔ آج شاردا میں کھڑے ہو کر یوں لگتا ہے جیسے کسی عظیم لائبریری کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے ہوں۔

اس خاموشی کا ایک دکھ یہ بھی ہے کہ ہم نے اپنی اس تاریخ کو پوری طرح محفوظ نہیں کیا۔

دنیا کے کئی ممالک اپنے آثارِ قدیمہ کو صرف سیاحتی مقام نہیں سمجھتے بلکہ اپنی شناخت کا حصہ مانتے ہیں۔ مصر اپنے اہرام، یونان اپنے فلسفے اور ایران اپنے قدیم تمدن پر مسلسل تحقیق کرتے ہیں۔ ہمارے ہاں بھی شاردا جیسے مقامات پر سنجیدہ توجہ کی ضرورت ہے۔

حکومتِ آزاد کشمیر، جامعات اور ثقافتی اداروں کو مل کر شاردا کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ یہاں ایک تحقیقی مرکز قائم کیا جا سکتا ہے جہاں کشمیر کی قدیم تاریخ، زبانوں، مذاہب اور رسم الخط پر کام ہو۔ آثارِ قدیمہ کے ماہرین کو تحقیق کی سہولت دی جائے اس مقام کی دستاویزی فلمیں بنائی جائیں، اور عالمی جامعات کے ساتھ روابط قائم کیے جائیں۔ غیر ملکی سیاحوں اور محققین کے لیے بہتر سفری اور تحقیقی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ دنیا اس خطے کو صرف ایک خوبصورت وادی کے طور پر نہیں بلکہ ایک قدیم علمی تہذیب کے طور پر بھی پہچان سکے۔

کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ شاردا صرف کشمیر کا ورثہ نہیں، جنوبی ایشیا کی تہذیبی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔

اگر اس مقام پر سنجیدگی سے کام کیا جائے تو دنیا بھر سے لوگ یہاں آسکتے ہیں۔ وہ صرف پہاڑ اور دریا دیکھنے نہیں آئیں گے بلکہ ایک ایسی سرزمین کو سمجھنے آئیں گے جہاں کبھی علم کو مقدس سمجھا جاتا تھا، جہاں مختلف فکری روایتیں ایک ہی دریا کے کنارے سانس لیتی تھیں۔

شاردا کے کھنڈرات کو دیکھ کر کبھی کبھی یوں لگتا ہے جیسے وقت یہاں سے بہت کچھ لے گیا مگر سب کچھ نہیں لے جا سکا۔ دریا اب بھی بہتا ہے، ہوا اب بھی انہی پہاڑوں سے ٹکراتی ہے، اور شاید علم کی کوئی مدھم بازگشت اب بھی ان پتھروں کے درمیان باقی ہے۔

پہاڑ آج بھی خاموش کھڑے ہیں جیسے وہ صدیوں پرانی کسی امانت کی حفاظت کر رہے ہوں۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW