سماوار
کچھ چیزیں محض استعمال کی نہیں ہوتیں وہ اپنے اندر ایک پورا زمانہ سمیٹے رکھتی ہیں سماوار بھی ایسی ہی ایک چیز ہے اس کی تانبے کی سطح پر پڑی خراشیں، اس کے نقش و نگار اور اندر دہکتے کوئلوں کی حرارت سب اپنے ساتھ کئی نسلوں کی یادیں لیے ہوئے ہیں۔ کشمیری سماوار بھی ایسی ہی ایک خاموش داستان ہے اس میں پانی ابلتا ہے تو اس کے گرد بیٹھے لوگوں کے دلوں میں یادیں رشتے اور پرانے قصے بھی جاگ اٹھتے ہیں۔
ذرا کسی سرد شام میں ایک کشمیری گھر کا تصور کیجیے باہر برف کے نرم گالے زمین پر اتر رہے ہوں چنار کے درخت اپنے زرد پتوں سمیت خاموش کھڑے ہوں اور اندر تانبے کا سماوار دہک رہا ہو اس کے قریب بیٹھے بزرگوں کی گفتگو، بچوں کی چہکار، مہمانوں کی آمد اور قہوے کی اٹھتی ہوئی خوشبو مل کر ایک ایسا ماحول بناتے ہیں جس میں اپنائیت بھی ہے اور محبت بھی۔ سماوار کی اصل خوب صورتی شاید یہی ہے کہ یہ صرف چائے بنانے کا برتن نہیں بلکہ گھر کے لوگوں کو ایک جگہ جمع کرنے اور محفل کو آباد رکھنے کا ذریعہ ہے۔
کبھی ہم نے سوچا ہے کہ یہ برتن ہماری زندگیوں تک کیسے پہنچا؟ اس کی تاریخ کیا ہے اور کن تہذیبوں سے گزرتا ہوا کشمیر کی گھریلو زندگی کا حصہ بنا؟
لفظ سماوار روسی زبان کے لفظوں ”سامو“ اور ”وارِت“ سے مل کر بنا ہے جن کا مفہوم خود اور اُبالنا ہے یعنی ( خود پانی ابالنے والا برتن) 1740 ء کی ایک تاریخی دستاویز میں روسی سماوار کا ذکر ملتا ہے بعد میں تولا شہر سماوار سازی کا اہم مرکز بن گیا جہاں 1778 ء میں لِسِتسِن برادران نے سماوار بنانے کی ورکشاپ قائم کی یوں رفتہ رفتہ یہ روسی گھریلو زندگی اور مہمان نوازی کی علامت بن گیا۔
روس میں سماوار صرف پانی گرم کرنے کا ذریعہ نہیں تھا سردیوں کی طویل شاموں میں خاندان کے افراد، دوست اور مہمان اس کے گرد جمع ہوتے چائے پیتے اور ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے یوں یہ برتن میل جول کی ایک نمایاں پہچان بن گیا۔
البتہ سماوار کی تاریخ کو صرف روس تک محدود نہیں کیا جا سکتا مشرقی تہذیبوں میں بھی کوئلوں کی مدد سے پانی گرم کرنے والے مختلف برتن استعمال ہوتے رہے ہیں اس لیے قدیم گرم پانی کے برتنوں اور اٹھارہویں صدی کے جدید روسی سماوار کے درمیان فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔
اس داستان میں ایران کا ذکر بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ایران اور روس کے درمیان صدیوں سے سیاسی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات رہے ہیں قفقاز کے کئی علاقے کبھی ایرانی سلطنتوں کے زیرِ اثر تھے لیکن معاہدۂ گلستان ( 1813 ء) اور معاہدۂ ترکمانچائے ( 1828 ء) کے بعد ان علاقوں پر روسی اقتدار قائم ہو گیا ان تعلقات نے دونوں خطوں کے درمیان ثقافتی تبادلوں کے راستے بھی کھولے۔
ایران میں سماوار نے خاص مقبولیت حاصل کی ایرانی کاریگروں نے اسے اپنے ذوق اور ہنر کے مطابق نئی صورت دی۔ پھولوں کے نقش، خوب صورت بیلیں اور دھات پر باریک کندہ کاری اسے محض ایک گھریلو برتن کے بجائے ایک فن پارے کی شکل دینے لگے۔ ترکی بھی پیچھے نہ رہا وہاں بھی سماوار گیا ترکی میں اسے ”سِماوَر“ (Semaver) کہا جاتا ہے تاہم یہ کہنا مشکل ہے کہ سماوار لازماً ایران سے ترکی اور پھر ترکی سے کشمیر پہنچا ان خطوں کے تاریخی اور تجارتی روابط نے البتہ ایسی اشیا اور روایات کی آمدورفت میں ضرور کردار ادا کیا۔
اور پھر اس داستان میں کشمیر کا نام بھی شامل ہوا۔
کشمیر کی تاریخ مختلف تہذیبوں کے میل جول سے عبارت ہے ایران اور وسطی ایشیا کے ساتھ اس کے تجارتی، علمی اور ثقافتی روابط نے یہاں کی زبان، ادب، فنون اور معاشرت پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ فارسی زبان نے کشمیری ادب کو وسعت دی ایرانی فنون نے مقامی دستکاری کو متاثر کیا اور صوفی روایت نے یہاں کے فکری اور روحانی ماحول کو نئی جہت عطا کی۔
اسی تہذیبی پس منظر میں سماوار بھی کشمیری زندگی کا حصہ بنا اس کی کشمیر آمد کا درست زمانہ اور مکمل راستہ ابھی مزید تاریخی تحقیق کا متقاضی ہے۔ تاہم کشمیری محقق ڈاکٹر کاشی ناتھ پنڈتا کے مطابق سماوار غالباً اٹھارہویں صدی میں روسی علاقوں سے وسطی ایشیا کے راستے کشمیر پہنچا۔ ان کے خیال میں یارقند اور کاشغر جیسے تجارتی مراکز نے بھی اس سفر میں اہم کردار ادا کیا۔
کشمیر نے سماوار کو صرف اپنایا نہیں بلکہ اسے اپنی تہذیبی پہچان کا حصہ بنا لیا یہاں کے کاریگروں نے اس کی بناوٹ اور نقش و نگار میں اپنا مقامی رنگ شامل کیا۔ کشمیری سماوار عموماً تانبے یا پیتل سے تیار کیا جاتا ہے اس کے درمیان ایک عمودی نلکی ہوتی ہے جس میں دہکتے ہوئے کوئلے یا انگارے رکھے جاتے ہیں جبکہ اس کے گرد پانی رکھنے کی جگہ ہوتی ہے کوئلوں کی حرارت پانی کو دیر تک گرم رکھتی ہے۔
اس کی بیرونی سطح پر کی جانے والی باریک کندہ کاری خاص توجہ کی مستحق ہے چنار کے پتے، بادام کے پھول اور بیل بوٹے کشمیر کی فطرت اور مقامی دستکاری کا عکس پیش کرتے ہیں اس کی تیاری میں کئی ماہر کاریگروں کے ہاتھ شامل ہوتے ہیں۔ تانبے کو مخصوص شکل دینا، مختلف حصوں کو جوڑنا اور اس پر نفیس نقش بنانا ایک محنت طلب کام ہے۔ سرینگر کے زینہ کدل اور روشنگر جیسے علاقے اس ہنر سے وابستہ کاریگروں کی تاریخی شناخت رہے ہیں۔ ایک نفیس سماوار دراصل کئی دنوں کی محنت اور نسلوں سے منتقل ہونے والے ہنر کا نتیجہ ہوتا ہے۔
کشمیری سماوار کا ذکر ہو اور قہوے اور نون چائے کی بات نہ ہو، یہ ممکن ہی نہیں۔ قہوے میں الائچی، دارچینی، بادام اور زعفران کی خوشبو ہو یا نون چائے کی مخصوص گلابی رنگت ان دونوں کا کشمیری گھریلو زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ اس میں تیار ہونے والی چائے کا ذائقہ صرف زبان پر نہیں رہتا بلکہ اپنے ساتھ کسی گھر کسی موسم اور کسی عزیز کی یاد بھی لے آتا ہے۔
مجھے ہمیشہ محسوس ہوتا ہے کہ کشمیری سماوار کی اصل خوب صورتی اس کے تانبے کی چمک یا اندر دہکتے کوئلوں میں نہیں بلکہ اس کے گرد جمع ہونے والے لوگوں میں ہے۔ اس کے پاس بیٹھ کر وقت جیسے اپنی رفتار بدل لیتا ہے کوئی اپنے بچپن کا قصہ سناتا ہے، کوئی بچھڑے ہوئے عزیزوں کو یاد کرتا ہے، تو کوئی دور دیس سے آنے والے مہمان کی خیریت پوچھتا ہے ان چھوٹے چھوٹے لمحوں میں سماوار ایک برتن سے بڑھ کر گھر کی زندگی کا حصہ بن جاتا ہے۔
فارسی کے استاد شاعر امیری فیروزکوہی نے بھی سماوار کے عنوان سے ایک نظم لکھی ہے اس نظم میں شاعر نے سماوار کو اپنی خاموش محفل کا ایسا ساتھی قرار دیا ہے جس کی آواز میں جیسے ماضی کی کہانیاں پوشیدہ ہیں۔ شاعر کے یہ دو اشعار دیکھیے
جز سماور در این بزم خاموش
نیست یک ہمدم گرمجوشی
یعنی اس خاموش محفل میں سماوار کے سوا کوئی ایسا گرم جوش ہم دم نہیں۔
کتنی خوب صورت بات ہے کہ شاعر نے ایک بے جان برتن کو اپنا ہم دم بنا لیا شاید اس لیے کہ بعض چیزیں خاموش رہ کر بھی اپنے اندر انسانوں سے زیادہ کہانیاں سمیٹے ہوتی ہیں۔
لیکن وقت کے ساتھ زندگی کے انداز بھی بدل گئے جدید الیکٹرک کیتلیوں اور اسٹیل کے برتنوں نے گھروں میں جگہ بنا لی اور سماوار کا روزمرہ استعمال پہلے جیسا نہیں رہا۔ اس تبدیلی نے صرف ایک روایتی برتن کو گھروں سے دور نہیں کیا بلکہ اس سے وابستہ ہنرمند طبقے کو بھی متاثر کیا ہے۔
اس کے سفر پر غور کیجیے روس میں سماوار نے اپنی جدید شکل اور شناخت حاصل کی، ایران میں اسے اپنے فن اور ذوق سے آراستہ کیا گیا، ترکی میں اس نے چائے کی روایت میں جگہ بنائی اور کشمیر نے اسے اپنی مہمان نوازی، اپنے موسموں اور اپنی گھریلو زندگی کا حصہ بنا لیا۔ ہر خطے نے اسے اپنے انداز سے اپنایا اور یوں ایک ہی برتن مختلف تہذیبوں میں الگ الگ پہچان حاصل کرتا گیا۔
شاید تہذیبیں اسی طرح ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔ کبھی کوئی زبان سرحدیں عبور کرتی ہے، کبھی کوئی ساز، کبھی کوئی ذائقہ اور کبھی تانبے کا ایک برتن ان چیزوں کے سفر میں صرف اشیا ایک جگہ سے دوسری جگہ نہیں پہنچتیں بلکہ انسانوں کے طور طریقے، ان کے احساسات اور ان کی یادیں بھی ایک تہذیب سے دوسری تہذیب تک سفر کرتی ہیں۔
آج بھی اگر کسی کشمیری گھر میں سماوار سے بھاپ اٹھ رہی ہو تو اس میں صرف پانی نہیں ابل رہا ہوتا اس کے گرد بیٹھے لوگوں کی باتیں، بزرگوں کی آوازیں، بچپن کے موسم، بچھڑے ہوئے عزیزوں کی یادیں اور ایک پوری تہذیب کی حرارت بھی اس محفل میں موجود ہوتی ہے۔
شاید اسی لیے سماوار کو دیکھ کر دل میں یہ خیال آتا ہے کہ کچھ چیزیں کبھی ماضی کا حصہ نہیں بنتیں۔ وہ حال میں رہتے ہوئے بھی ہمیں اپنے گزرے ہوئے زمانوں سے جوڑے رکھتی ہیں کیونکہ بعض چیزیں صرف گھر کی زینت نہیں ہوتیں وہ تو گھر کی کہانی ہوتی ہیں۔

