بلاگ

میری پولیس سروس کی یادوں پہ مبنی کتاب ”وہ زمانہ یاد ہے“ سے ایک اقتباس ( 3 )

abdul waheed khan

 

اپ جانتے ہیں یہ 1990 کے ضلع مانسہرہ کا ذکر ہے۔

تاج حمید ٹریفک مجسٹریٹ تھے جو سی ایس ایس میں کامیاب ہو کر انکم ٹیکس کے افسر بن گئے۔ وہ میں اور اے سی یو ٹی فہیم ہاشم ایک گھر میں اکٹھے رہائش رکھتے تھے۔ کچھ سالوں بعد فہیم ہاشم ایک موذی بیماری کا شکار ہو کر جوانی میں ہی ہم سے جدا ہو گئے، اور ہم بزبان غالب بس فلک پیر سے یہی گلا کرتے رہ گئے۔

کیا تیرا بگڑتا جو نہ مرتا کوئی دن اور

مجسٹریٹ صاحبان اگرچہ مجموعی طور پر بڑی اجلی شہرت رکھتے تھے لیکن قائم خان اور راجہ گستاسب بہت ہی مختلف جج تھے۔ قائم خان بڑے سے بڑے افسر یا شخص سے دبتے نہیں تھے۔ راجہ گستاسب ایک ٹانگ میں کچھ مسئلہ کی وجہ سے لاٹھی کے سہارے چلتے تھے۔ وہ ایبٹ آباد سے روزانہ عام سواریوں والی ویگن کے ذریعے آتے جاتے تھے۔ ویگن اڈا سے ان کی عدالت کا فاصلہ ایک کلومیٹر کے قریب تھا۔ راستہ بیچ بازار سے گزرتا تھا۔ وہ اس پر ایک شان سے پیدل آتے جاتے اور سر اٹھا کے کرسی عدل پر بیٹھتے۔

تو راہ نورد شوق ہے منزل نہ کر قبول
لیلیٰ بھی ہم نشیں ہو تو محل نہ کر قبول

سوچیے ایسے منصف کے ہوتے ہوئے عوام میں عدلیہ کا تاثر کیسا رہا ہو گا اور اب اس تاثر کو بھی یاد کیجیے جو ہمارے ہاں عدلیہ کے بڑے ناموں اور بڑے عہدے والے بونوں نے قائم کیا اور مسلسل قائم رکھا۔

1991 میں ڈی ایس پی کے طور پر میری پہلی تعیناتی شمال میں واقع صوبے کے اخری ضلع کوہستان میں ہوئی، میں پہلی چھ ماہ تحصیل پٹن میں اور اس کے بعد اگلے ڈیڑھ سال ضلع کی ہیڈ کوارٹر داسو میں رہا۔ (یہ ضلع اب تین اضلاع پر مشتمل ہے ) ۔

دریائے سندھ اس کے بیچوں بیچ رواں ملتا ہے۔ دریا کے دائیں کنارے کے باشندے سوات کوہستانی اور بائیں کے ہزارہ کوہستانی کہلاتے ہیں۔ سوات کوہستان کبھی ریاست سوات کا حصہ تھا۔ ہمارے پاس اب بھی ایسے تھانے دار موجود تھے جنہوں نے ریاست کی نوکری کی تھی۔ وہ بتاتے تھے کہ تب قانون کا ایسا ڈر تھا کہ کوئی کوہستان میں گرفتار کیا گیا ملزم جب عدالت میں پیش کرنے کو جاتے تو شام ہو جاتی۔ ہم اس ملزم کو یہ کہہ کر کہ صبح فلاں عدالت میں آ جائے رات بسر کرنے کے لیے اس کی من پسند جگہ پہ جانے کی اجازت دے دیتے تھے اور وہ اگلی صبح دیے گئے وقت پر عدالت پہنچ جاتا۔ عدالتوں میں عام مقدمات کا فیصلہ ایک پیشی پر ہی ہو جاتا تھا۔

کوہستان مختلف قبائل پر مبنی معاشرہ ہے جہاں قبائل کے بڑے ملک کہلاتے ہیں۔ سیاست یا ملکوں کے ہاتھ میں ہوتی ہے یا مولویوں کے ہاتھ میں۔ یہ سادہ لوگ جب ایک مدت کے لیے اسلام آباد یا پشاور کی ہوا کھا لیتے ہیں تو پھر۔

بدلے بدلے میرے سرکار نظر آتے ہیں

والا معاملہ ہوتا ہے۔

ڈی ایس پی یا اس سے بالا افسران کے عملے میں ریڈر بھی شامل ہوتا ہے جو افسران کی اردو ڈاک کے اہم حصوں کو سرخ سیاہی سے نمایاں کرتا ہے اور پھر اپنے تجربے کی روشنی میں ان کے متعلق احکامات تحریر کر کے افسر سے دستخط لے لیتا ہے۔ ایسی ڈاک کو دستخطی والی ڈاک کہتے ہیں۔ کوہستان میں میرا ریڈر عبداللطیف نامی حوالدار تھا جسے لوگ طیفے استاد کے نام سے پکارتے تھے۔ بوسنیا کے امن مشن کے دوران جب میں نے ایک گورے ساتھی کو ریڈر اور اس کی ذمہ داریوں کے بارے میں بتایا تو وہ حیران ہو کر بولا، یار آپ لوگ خود بھی تو پڑھے لکھے ہوتے ہیں پھر یہ ریڈر رکھنے کا سیاپا کیوں پالا جاتا ہے۔ میں اسے کیسے بتاتا کہ ہمارے دیسی نظام میں ”ٹوہر“ کے لیے ایسے چونچلے کتنے ضروری ہیں۔

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment
عارف احمد
عارف احمد
55 minutes ago

واہ وحید صاحب
کافی عرصے بعد اقتباس شئیر کیا
سعودیہ میں صاحب کی جگہ ریڈر پورا خط بناتا ہے جس کے نیچے صاحب صرف مکھی بٹھاتا ہے اور حکم نامے کے ایک طرف نیچے کونے میں وہ ریڈر بھی دستخط کردیتا ہے
وجہ یہ کہ اگر خط کے متن میں کوئی غلطی ہوئی تو پکڑا وہ ریڈر جائے گا
یہ معاملہ متعدد ممالک میں اسی طرح چل رہا ہے ویسے بھی بادشاہ کے پاس سینکڑوں درخواستیں آئیں تو وہ کیسے سب پڑھ سکتا ہے۔ بابو بھی بادشاہ ہے

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW