کالم۔

صوبوں کی نئی لکیریں اور وفاق کے سامنے سوالات کا ہجوم

muhammad mehdi

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے منعقدہ تقریبِ سالگرۂ شاہ چارلس میں شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی موجودگی نے اس تقریب کو محض ایک رسمی سفارتی اجتماع کے بجائے دو ملکوں کے مابین دیرینہ تعلقات اور باہمی گرم جوشی کے اظہار کا موقع بنا دیا۔ سفارت کاری کی دنیا بھی عجب دنیا ہے ؛ یہاں کبھی ایک جملہ تاریخ کا رخ بیان کر دیتا ہے اور کبھی ایک تبسم وہ بات کہہ گزرتا ہے جس کے لیے دفتر کے دفتر سیاہ کیے جائیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کے فوٹوگرافر نے جب میری اور ان کی تصاویر بنانا چاہیں تو ہائی کمشنر نے اسے ہدایت کی کہ مہدی صاحب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نہیں، بلکہ مسکراتے ہوئے تصویر بنائی جائے۔ یہ بظاہر ایک معمولی سا اشارہ تھا، لیکن اہلِ نظر جانتے ہیں کہ سفارتی تعلقات کی عمارت ہمیشہ بڑے امور ہی سے نہیں، چھوٹے چھوٹے واقعات سے بھی تعمیر ہوتی ہے۔

اسلام آباد میں سفارت کاروں سے ہونے والی ملاقاتوں میں ایک موضوع بار بار زیرِ بحث آیا: پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام۔ ایک نہایت سینئر سفارت کار نے سوال اٹھایا کہ کیا نئی صوبائی تقسیم کے نتیجے میں ایسے علاقے بھی صوبائی حیثیت حاصل کر سکتے ہیں جہاں کسی ایک مکتبِ فکر کی غیر معمولی اکثریت ہو اور اقتدار ایسے لوگوں کے ہاتھ آ جائے جو اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کے بجائے اسے مٹانے کے درپے ہوں؟ کیا چند باہم متخاصم قبائل کو ایک صوبے میں جمع کر کے ان کی دشمنیوں کو ختم کر سکیں گے، یا انہیں ایک نئی سیاسی قوت عطا کر دیں گے؟

یہ سوال محض ایک سفارت کار کا خدشہ نہیں، ہمارے اجتماعی مستقبل کا ایک اہم سوال ہے۔ ان ہی سفارت کار نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مسلسل اقتدار نے معاشرے میں جو تقسیم پیدا کی ہے، اس کے آثار کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اب اگر پاکستان میں بھی ایسی انتظامی اکائیاں وجود میں آ جائیں جن کی بنیاد مسلکی تعصب، قبائلی رقابت یا محدود علاقائی عصبیت ہو تو کیا اس سے وفاق پاکستان مضبوط ہو گا یا اختلافات کو اقتدار کی سند عطا کر دیں گے؟

میں نے کہا کہ آپ کے تجزیہ میں بہت وزن موجود ہے۔ پھر اس مہم کا چہرہ بھی ایسے افراد کو بنایا گیا ہے کہ جو نہ تو سیاسی حمایت رکھتے ہیں اور نہ ہی ان کو کوئی دانشور وغیرہ تصور کرتا ہے۔ ابھی بلوچستان کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ ایک ماضی قریب میں زمانہ ایسا بھی گزرا جب ایک قبائلی سردار کے وزیراعلیٰ ہونے کے عہد میں ان کے مخالف قبیلے کے ایک سردار کو صوبہ چھوڑنا پڑا۔ اب ذرا تصور کیجیے کہ اگر یہی قبائلی رقابت ایک الگ صوبے کی حدود میں محصور ہو جائے تو اس کا انجام کیا ہو گا؟ اور اگر کسی چھوٹی انتظامی اکائی میں پاکستان مخالف عناصر کو اقتدار حاصل ہو جائے تو ان کے لیے اسمبلی کا ایوان بھی اپنے عزائم کے اظہار کا وسیلہ بن سکتا ہے۔

سندھ کا معاملہ اس سے بھی زیادہ حساس ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے پاکستان بجا طور پر بھارتی کردار کی نشاندہی کرتا ہے، حالانکہ ان دونوں صوبوں کی سرحد بھارت سے نہیں ملتی۔ سندھ کی سرحد تو براہِ راست بھارت سے متصل ہے، اور سندھو دیش کے نعرے بھی وقتاً فوقتاً بلند ہوتے رہے ہیں۔

میرے نزدیک اگر نئی صوبائی تقسیم کے لیے ریفرنڈم یا کوئی ایسی سیاسی مہم شروع ہوئی تو سندھ میں اضطراب اور بے چینی کے امکانات سب سے زیادہ ہوں گے۔ پھر یہ بھی تو دیکھیے کہ ہمارے موجودہ چار صوبے ہی پانی کی تقسیم پر ایک دوسرے سے شاکی ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ اپنی جگہ ایک مستقل آزمائش ہے، صوبوں نے جو قرضے وفاق سے ہٹ کر لئے ان کی ادائیگی کون کرے گا یہ ایک الگ سوال ہے۔ جب چار دیرینہ اکائیوں کے درمیان ان مسائل کا کوئی متفقہ اور پائیدار حل برآمد نہیں ہوسکا تو نئی اکائیوں کے اضافے سے کون سا معجزہ رونما ہو جائے گا؟

صوبہ صرف ایک نام، ایک اسمبلی اور ایک گورنر کا نام نہیں ؛ اس کے لیے خزانہ چاہیے، وسائل چاہئیں، صنعت و زراعت چاہیے، اور سب سے بڑھ کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت چاہیے۔ مثال کے طور پر راولپنڈی کو صوبہ بنا دینے سے اس کے خزانے میں کون سے نئے وسائل پیدا ہوجائیں گے؟ نہ کوئی وسیع زرعی معیشت، نہ ایسی صنعتی بنیاد جو انتظامی اخراجات کا بوجھ اٹھا سکے۔ اسلام آباد کی مثال بھی ہمارے سامنے ہے، جہاں زمین اور پلاٹوں کی فروخت سرکاری آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

اگر نئے صوبے مرکز کے دست نگر بن کر رہ گئے تو خودمختاری کا خواب کہاں پورا ہو گا؟ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات کی جو تقسیم ہوئی، اس سے پیدا ہونے والا اعتماد کہیں پھر بدگمانیوں کی نذر نہ ہو جائے۔ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ون یونٹ کا تجربہ کس طرح وفاق کے لیے ایک نئی آزمائش بن گیا تھا۔ تاریخ کا سبق یہی ہے کہ قومیں انتظامی نقشوں سے نہیں، سیاسی بصیرت اور باہمی اعتماد سے مضبوط ہوتی ہیں۔ پنجاب کی تقسیم کے پس منظر میں ایک سوال سفارتی حلقوں میں یہ بھی گردش کر رہا ہے کہ نواز شریف کی پنجاب میں مضبوط گرفت کو کمزور کرنے کے لیے صوبے کو تقسیم کرنے کی سوچ پروان چڑھائی جا رہی ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کی سیاسی جڑیں پنجاب کی سرزمین میں بہت گہری ہیں۔ کوئی ایسی تحصیل تک موجود نہیں جہاں ان کا اثر موجود نہ ہو۔ مریم نواز شریف کی حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کو بھی اسی سیاسی کشمکش کے آئینے میں دیکھا جاسکتا ہے۔ سیاسی مقبولیت کا فیصلہ یا اس میں کمی کا ہدف انتظامی سرحدیں تبدیل کر کے حاصل نہیں کیا جاسکتا ہے۔ جرمنی سے پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہے۔ فرینک ہارٹمین ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیا و بحرالکاہل، جرمن وفاقی دفترِ خارجہ سے ملاقات رہی اور لاہور میں جرمنی کے سکیورٹی امور کے ماہر پروفیسر مسالا سے چند احباب کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔

برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے بعد پاکستان کے لیے جرمنی کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ جی ایس پی پلس کے معاملات بھی قریب آرہے ہیں۔ یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ جرمن وزیر خارجہ نے آپریشن سندور سے پہلے بھی مسئلہ کشمیر کا ذکر کیا تھا، جب بھارت خطے میں اپنی بالادستی کا تاثر قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ جرمنی نے اس وقت بھی بھارتی خواہشات کو اپنی پالیسی کا پیمانہ نہیں بنایا۔ اس لئے جرمنی کی طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان تمام ملاقاتوں اور گفتگوؤں کے بعد ایک ہی حقیقت بار بار ذہن میں آتی ہے : قوموں کی تعمیر کا راستہ جذبات کی تیزی سے نہیں، تدبر کی روشنی سے نکلتا ہے۔ نئے صوبے بنانے میں کوئی اصولی قباحت نہیں، بشرطیکہ وہ عوامی سہولت، معاشی استعداد اور قومی اتفاقِ رائے کی بنیاد پر قائم ہوں۔ لیکن اگر ان کے پیچھے سیاسی مصلحت، علاقائی عصبیت یا اقتدار کی نئی تقسیم کارفرما ہو تو یہ اصلاح نہیں، ایک نئی ابتلا ہوگی۔ وفاق محض چار اکائیوں کا مجموعہ نہیں، ایک مشترک عہد، ایک اجتماعی اعتماد اور ایک قومی امانت ہے۔ اس امانت میں نئی لکیریں کھینچنے سے پہلے یہ دیکھنا لازم ہے کہ کہیں ہم اپنے ہی گھر کی بنیادوں کو تو نہیں چھیڑ رہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW