کیوں نہ پھر اُس دور میں جایا جائے۔ قسط نمبر: 26

میری شادی بھی ایک ڈرامے سے کم نہ تھی۔
ہمارے بچپن میں اکثر ایک جوڑے کا کم و بیش گھر میں شام کے وقت آنا یاد ہے۔ پینٹ بوشرٹ میں ملبوس سرخ و سفید رنگت والا مرد اور نسواری لیڈی ہملٹن کے فیشنی برقعے میں لپٹی نوجوان خاتون جو ماں جی (نانی ) کے سسرالی عزیز تھے۔ مرد سی ایم اے میں غالباً اکاؤنٹ افسر ٹائپ کا بندہ تھا۔ لاہور میں پوسٹنگ تھی۔ شام کی سیر کرتے کرتے آ جاتے۔ ایک ڈیڑھ گھنٹہ بیٹھتے۔ کبھی کبھی ہماری نانی اور چھوٹی خالائیں بھی اُن کے گھر جاتیں۔ واپس آ کر اکثر سُننے کو ملتا۔
”اے ہے دولت بی بی کے لڑکے ہیں ایسے بیبے اور فرمانبردار سے، سارا وقت چٹائی پر بیٹھے پھٹیاں (تختیاں ) ہی لکھتے رہتے ہیں۔“
تین چار سال بعد تبادلہ ہو جانے پر اُن کا آنا جانا بھی ختم ہو گیا اور ہم بھی یکسر بھول بھال گئے۔
ہمارا وہ گھر کیا تھا؟ تضادات کا مجموعہ تھا۔ سبزے، سرخے، مرتد اور جنونی سب اکٹھے ہو گئے تھے۔ غریبی اور خوشحالی بھی ساتھ ساتھ ہم رکاب تھی۔ میں بہت عجیب اور باغی قسم کی لڑکی تھی۔ اپنے پڑھے لکھے اور اچھی پوسٹوں پر بیٹھے ماموؤں اور ٹٹ پُونجیے سے اپنے باپ کو مقابلوں اور موازنوں کی سان پر ہی چڑھائے رکھتی تھی۔ کیوں کیسے، کب اور کہاں جیسے سارے سوال کسی جونک کی طرح ساتھ چمٹے رہتے تھے۔ جان ہی نہیں چھوڑتے تھے۔ گھر میں ایک طرف اگر علم کے دریا بہتے تھے تو دوسری طرف اونچے اونچے سیاسی بحثیں کرنا بھی عام اور پسندیدہ سمجھا جاتا تھا۔
چھوٹی خالہ کی سہیلیاں اور کلاس فیلوز شام کو جس وقت ہمارے خالو سے جس کا قبلہ و کعبہ ماسکو تھا سے کورس کی چیزیں پڑھ چکتیں تب وہ داس کیپٹل میں سے نکتے نکال کر اُن کا موازنہ اسلام سے کرتا۔ خیام، حافظ، شکسپیئر اور ورڈزورتھ سے اُنہیں عشق کرنا سکھاتا۔ اس وقت میں چھت کی سنگ مرمر کی سلیب پر کھڑی لکڑی کے جنگلے سے بہت نیچے دیکھتی۔ میرے ابّا کسی بوڑھی منحوس صورت نائیکہ جیسی میز پر جُھکا رندے سے گُھل رہا ہوتا۔ اوپر اور نیچے کا یہ منظر اس کا تضاد مجھے پاگل کر دیتا۔ اس پل میرا جی رات کی رانی کے بوٹے والا گملا نیچے بہت نیچے گرا دینے کو چاہتا یوں کہ ابّا کی ریڑھ کی ہڈی دو ٹوٹے ہو جائے۔ ایسی تلخ اور باغیانہ سوچ جیسے کوئی تیز دھار والے چاقو سے میری شاہ رگ کاٹ دیتا۔ میں نیچے اپنے اکلوتے کمرے میں بھاگ جاتی اور پیٹی پر دھرے ٹین کے بکسے کے پیچھے منہ دے کر دھواں دھار روتی۔
سچی بات ہے میں تو شاید خود سے بھی انصاف نہ کر پاؤں۔ اس ماحول میں پرورش پانے والی لڑکی کو اپنے باپ سے، اپنی دادی اور پھوپھیوں سے بھی ڈھیروں ڈھیر شکایتیں تھیں کہ آخر گاؤں کے اتنے صاحبِ علم مولوی صاحب سے دینی علم پڑھ کر بھی ان کا ایمان اتنا کچا کیوں رہا کہ اگر ابّا سے پہلے اُن کے دو بڑے بھائی کمسنی میں فوت ہو گئے تھے تو اس میں تیسرے بیٹے کو انہوں نے کیوں ہتھیلی کا پھپھولا بنا کر پالا؟ بارہ سال تک کیوں اس گھوڑے کو گود میں اٹھائے اٹھائے پھریں؟ کیا انہیں نہیں معلوم تھا کہ اگلی نسل نے لاہور پہنچ جانا ہے۔ مدرسوں میں پڑھنا ہے اور یہ پوچھنے پر کہ باپ کیا کرتا ہے؟ اس کے بارے میں کچھ بتاتے ہوئے شرمندگی محسوس کرنی ہے۔
سچ تو یہ کہ میرے ماموؤں کے اونچے عہدے، اُن کا طرز زندگی، اپنے خالو کا صاحب علم ہونا، گھر میں علمی اور ادبی بحثوں کے دوران جن میں ابّا کے رندے، آریاں اور بسولے تو کہیں فٹ ہی نہیں ہوتے تھے۔ اس پر ستم خاندان کے لائق لڑکوں نے اس نئے دیس کے علمی مرکز لاہور جیسے شہر میں پڑھ پڑھ کر اپنے ان پڑھ والدین کا نام خوب خوب روشن کیا تھا۔ تو ایسے میں حساس ذہن نے تلملانا تو تھا ہی۔
بہرحال قبل از وقت میرے شعور حاصل کرنے والے اِس احساس نے اِس سوچ، اِس عزم پر ٹھپا لگا دیا تھا کہ مجھے بہت لائق بننا ہے، اور کسی چکر میں نہیں پڑنا۔ مجھے کسی بھی اُلٹے پلٹے راستے پر نہیں چلنا۔ اپنے سیدھے سادے باپ کو کبھی اپنی کسی حرکت سے شرمندہ نہیں کرنا اور یقیناً یہی وہ چیز تھی جس نے مجھے اندر سے مضبوط کیا۔ کچھ یوں کہ میں اپنی عمر سے کہیں زیادہ سمجھ دار اور عام سی صورت رکھتے ہوئے بھی لیے دیے والی لڑکی بن گئی تھی۔
مدتوں بعد جب گھروں میں اور ہماری زندگیوں میں بہت سے انقلاب آ گئے۔ وہ بڑا سا گھر جس کا ہمارے پاس صرف ایک کمرہ تھا۔ جو ہماری امیر نانی نے اپنی غریب بیٹی کو دے رکھا تھا۔ وہ ابّا نے جھوٹے سچے کلیم پر اپنے نام کروا لیا اور میری نانی کو گھر خالی کرنے کا نوٹس دے دیا۔ ماں جی نے اپنے افسر بیٹوں کو جوابی کارروائی کر نے کا لکھا تو بڑے بیٹے کا جواب آیا۔
” ماں جی گاؤں میں ہمارا گھر دو کنال کے رقبے میں ضرور تھا پر اس گھر میں کہیں کوئی پکی اینٹ نہیں لگی ہوئی تھی۔ اب آپ ہی فیصلہ کریں کہ میں کلیم کے کاغذ میں پکا کوٹھا کیسے ظاہر کروں؟ کرایہ کا گھر دیکھئے اور وہاں شفٹ ہوں۔“
یوں وہ دو منزلہ حویلی نما گھر جو سترہ کمروں پر مشتمل تھا ہمیں مل گیا۔ اس کا نچلا حصّہ کرایہ پر اُٹھا دیا گیا۔ میں نے تعلیم سے فارغ ہو کر ائر فورس کے سکول میں ملازمت شروع کر لی۔ بھائی بھی سیّد بھائیز کے ہاں ملازم ہو گیا۔ ابّا بھٹو حکومت کی مہربانیوں کے صدقے پکا ہو گیا۔ شام میں چھوٹے موٹے کام کا بھی آغاز کر لیا۔ یوں پیسے کی ریل پیل شروع ہو گئی۔ مختصر خاندان خوشحالی کی پٹڑی پر چڑھ گیا تھا۔
اب اسے حسن اتفاق کا ہی نام دے سکتی ہوں کہ پی اے ایف اسکول جو 1976 ء میں ایک اسکول تھا اُس ادارے میں میری تقرری ائر مارشل اصغر خان کے بہنوئی ونگ کمانڈر ایاز خان کے ہاتھوں ہوئی تھی۔ ایک مشکل ٹیسٹ اور مشکل انٹرویو کے بعد انتخاب ہوا تھا۔ اس ادارے کی سربراہ صوفی غلام مصطفٰے تبسم کی بیٹی ثریا تھیں۔ وہی صوفی تبسم کی نظموں والی ثریا۔ کیا ہی حسین اتفاق تھا یا پھر میرا قدم بھاگوان تھا کہ ثریا صوفی چودہ سال بعد حاملہ ہو گئی۔ چار ماہ بعد ڈاکٹر کی اُسے بیڈ ریسٹ کی ہدایت پر چھٹی پر بھیجتے ہی بیس کمانڈر نے مجھے ایکٹنگ پرنسپل کے طور پر متعین کر دیا۔
جاری ہے۔
