سائرسِ اعظم: انسانیت کا پہلا عظیم فرمانروا
تاریخ کے اوراق میں کبھی کبھار ایسے نام ابھرتے ہیں جو وقت کے دائرے سے نکل کر ابدیت میں داخل ہو جاتے ہیں سائرسِ اعظم (Cyrus the Great) انہی ناموں میں سے ایک ہے۔ وہ بادشاہ جس نے تلوار سے نہیں انصاف سے سلطنت قائم کی؛ جس نے اقوام کو غلام نہیں بنایا بلکہ اُنہیں وقار دیا۔
ہر سال 29 اکتوبر کو ایران اور دنیا کے مختلف گوشوں میں سائرسِ اعظم کا دن (Cyrus the Great Day) منایا جاتا ہے یہ دن صرف ایک تاریخی شخصیت کی یاد نہیں بلکہ ایک فکر ایک اصول اور ایک انسانی خواب کی تجدید ہے۔ وہ خواب جو سائرس نے دو ہزار پانچ سو سال قبل دیکھا تھا ایک ایسی سلطنت جہاں رنگ، نسل، مذہب یا زبان کی بنیاد پر کوئی انسان دوسرے سے کمتر نہ ہو۔
559 قبل مسیح سے 529 قبل مسیح تک وہ ایک وسیع سلطنت کے حکمران رہے ان کی سلطنت نصف دنیا پر محیط تھی ایران، بابل، مصر، میدیا، لودیہ اور وسطی ایشیا کے علاقے اُس کے زیرِ نگیں تھے مگر تاریخ نے اُسے فتوحات کی وجہ سے نہیں بلکہ اُس کے عدل، رواداری اور انسان دوستی کے سبب یاد رکھا۔
جب 539 قبل مسیح میں اس نے بابل کو فتح کیا تو اس وقت کے دستور کے مطابق اُس کے پاس اختیار تھا کہ شہر کو لوٹ لے مخالف قوموں کو غلام بنائے اور مذہبی مقامات کو مسمار کر دے مگر اس نے ایسا کچھ نہیں کیا اس نے بابل کے مندر بحال کیے مقامی مذاہب کو آزادی دی اور غلاموں کو رہائی بخشی۔
اُس کا فرمان بعد میں ایک مٹی کے سلنڈر پر کندہ کیا گیا جو آج ”Cyrus Cylinder“ کے نام سے برٹش میوزیم میں محفوظ ہے اسی کو مؤرخین دنیا کا پہلا منشورِ انسانی حقوق قرار دیتے ہیں۔
اس منشور میں درج ہے :
”میں نے کسی قوم کو غلام نہیں بنایا میں نے سب کو اپنی عبادت کے حق میں آزاد کیا میں نے ہر شہر کے خدا کو اس کے مقام پر لوٹایا تاکہ لوگ امن سے رہیں“ ۔
یہ الفاظ اس دور کے لیے ناقابلِ یقین تھے وہ زمانہ جب طاقت خون اور نسل ہی حکومت کے پیمانے تھے مگر سائرس نے انسان کو پہلی بار قانون کے برابر کھڑا کیا یہی وہ لمحہ تھا جب تہذیب نے ظلمت سے نکل کر روشنی کی پہلی کرن دیکھی۔
تاریخِ مذاہب میں بھی سائرس کا ذکر احترام سے آتا ہے عہدِ عتیق (Book of Isaiah، 45 : 1 ) میں اسے ”خدا کا مسح شدہ بادشاہ“ کہا گیا ہے۔ وہ جس نے بنی اسرائیل کو بابل کی غلامی سے نجات دلائی۔ یہودی روایات میں وہ ایک منصف رحم دل اور آزاد خیالی حکمران کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
قرآنِ کریم میں سورۂ کہف (آیات 83۔ 98 ) میں ایک عظیم بادشاہ کا ذکر آتا ہے جسے ذوالقرنین (ذوالقرنین) کہا گیا ہے اگرچہ قرآن میں سائرس کا نام نہیں آیا، بہت سے مفسرین اسے سائرسِ اعظم مانتے ہیں۔ یہ بادشاہ اللہ کی مرضی کے مطابق عدل بصیرت اور انسانیت کے اصولوں پر حکمرانی کرتا تھا۔
بہائی مذہب میں بھی سائرس کو عظیم احترام حاصل ہے بہائی مذہب میں وہ عدل، رواداری اور انصاف کی علامت کے طور پر مانا جاتا ہے۔
اگر ہم غور کریں تو سائرس کا نظریہ آج کے جدید انسانی حقوق کے منشور سے حیرت انگیز حد تک قریب ہے اس کے اصول۔ مذہبی آزادی، نسلی مساوات، اور سماجی انصاف۔ وہی ہیں جو بعد میں اقوامِ متحدہ (UN) نے 1948 میں اپنے Universal Declaration of Human Rights میں شامل کیے۔ مگر سائرس کا کمال یہ ہے کہ اس نے یہ سب اس زمانے میں کہا جب دنیا غلاموں، جنگوں اور نسلی امتیاز سے بھری ہوئی تھی
آج اس عظیم بادشاہ کا مجسمہ فارس میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے مختلف خطوں میں موجود ہے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع Sydney Olympic Park میں بھی Cyrus the Great Statue (مجسمہ کوروش بزرگ) اسی فلسفۂ انسانیت کی یاد دلاتا ہے۔ یہ مجسمہ ایرانی نژاد آسٹریلوی کمیونٹی نے انسانیت، آزادی ور امن کے عالمی استعارے کے طور پر نصب کیا۔ سڈنی کی سیڈی (Cidy) کے آسمان کے نیچے یہ مجسمہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ عدل اور وقار کی میراث سرحدوں سے آزاد ہوتی ہے اور سائرس آج بھی ان اقدار کا زندہ استعارہ ہے جن پر ایک بہتر دنیا کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
سائرس نے ہمیں یہ سبق دیا کہ حقیقی بادشاہت تلواروں سے نہیں دلوں پر حکومت کرنے سے حاصل ہوتی ہے جیسا کہ روایت ہے :
آج جب ہم دنیا بھر میں نفرت، تعصب اور طاقت کے کھیل دیکھتے ہیں تو سائرس کی یاد ایک روشنی بن کر دل میں اترتی ہے وہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اقتدار کا سب سے اونچا درجہ انصاف ہے اور انصاف کا پہلا سبق انسانیت ہے۔
کبھی کبھی یوں لگتا ہے کہ اگر دنیا نے اس کے منشور کو اپنا لیا ہوتا تو شاید صدیوں کے جنگ و جدل کی ضرورت ہی نہ پڑتی اس نے سلطنتیں بنائیں مگر خون نہیں بہایا؛ قومیں فتح کیں، مگر انسانیت کو مغلوب نہ ہونے دیا۔
سائرس کی قبر آج بھی ایران کے شہر پاسارگاد میں خاموش کھڑی ہے اس کی پتھریلی دیواروں سے جیسے صدیوں پرانی ایک صدا آتی ہے :
”میں سائرس ہوں جس نے انسان کو انسان بننے کا حق دیا“ ۔
یہ صدا آج بھی گونجتی ہے اور ہر وہ دل جو انسانیت پر یقین رکھتا ہے اُس صدا کو سنتا ہے۔ چاہے وہ ایران میں ہو، بابل میں یا کسی ایسے گوشے میں جہاں امن کی تلاش ابھی جاری ہے۔
”عظیم وہ نہیں جو زمینیں جیتے بلکہ وہ ہے جو دلوں میں انصاف بوئے“ ۔ منسوب بہ سائرسِ اعظم
حوالہ جات
1. The British Museum, The Cyrus Cylinder: The First Bill of Human Rights, London.
2. The Holy Bible, Book of Isaiah 45:1.
3. The Holy Qur ’an, Surah Al-Kahf, 18:83–98.
4. Bahá ’í Reference Library, Selections from ”Justice and Kingship.“
5. Daryaee, Touraj. The History of the Achaemenid Empire. University of California Press, 2013.




Very nice article, keep up the good work.
کورش اعظم کو میں نے پڑھا ہے سکندر اعظم نیں انہیں اپنا آئیڈیل بنایا تھا اور اس لئے دنیا کو تسخیر کرنے کے لئے نکل پڑا ، کورش اعظم سے پر دو سینگھوں والا تاج پہنتے تھے جو سڈنی میں موجود ان کے مجسمے میں بھی نظر آرہا اور آپ نے حضرت ذوالقرنین علیہ السلام کا حوالہ دیا ہے تو ذوالقرنین کا مطلب بھی دو سینگھوں والا ہے اس لئے اس سلسلے میں غالب گمان کورش اعظم کی طرف جاتا ہے ،
جب