چارلز ڈارون اور انسانوں اور جانوروں کے دماغوں کے دس راز
کرہ ارض پر مچھلیوں ’پرندوں اور جانوروں سے انسانوں کے ارتقا کے سفر کا نظریہ چارلز ڈارون سے پہلے بھی موجود تھا۔ اسی لیے ارتقا کے نظریے کا ذکر ابن خلدون نے اپنے مقدمے میں بھی کیا تھا لیکن وہ نظریہ فلسفے کی کتابوں میں درج تھا چارلز ڈارون وہ پہلے ماہر بشریات تھے جنہوں نے اپنی کتاب THE ORIGIN OF SPECIES میں اس نظریے کو سائنسی ثبوت اور بنیاد فراہم کی۔ اس کے بعد وہ نظریہ سائنس کی کتابوں میں پڑھایا جانے لگا۔
ڈارون نے اپنی دوسری کتاب THE DESCENT OF MAN میں جانوروں اور انسانوں کے دماغوں کا تقابل کیا اور یہ ثابت کیا کہ ان کے دماغوں میں چند خصوصیات مشترک ہیں اور چند خصوصی خصوصیات صرف انسانوں کے دماغوں میں پائی جاتی ہیں۔
چارلز ڈارون نے یہ ثابت کیا کہ رحم مادر میں انسان کے بچے کا دماغ سات ماہ کی عمر میں اس مقام تک پہنچ جاتا ہے جہاں بندر کا دماغ بلوغت کے وقت پہنچتا ہے۔ انسان کا بچہ ماں کے پیٹ میں سات ماہ سے نو ماہ کی عمر میں ایسی خصوصیات اپناتا ہے جو بندر کے دماغ میں مفقود ہوتی ہیں۔
ڈارون کی تحقیق سے ہم پر انسانی دماغ اور جانور کے دماغ کے چند راز منکشف ہوئے۔ ڈارون کا مشاہدہ تجربہ اور تجزیہ یہ بتاتا ہے کہ انسان اور جانور کے دماغ اور ذہن میں سات خصوصیات مشترک ہیں اور تین خصوصیات مختلف۔ میں اس کالم میں ان دس خصوصیات کا اختصار سے ذکر کرنا چاہتا ہوں تا کہ آپ چارلز ڈارون کے خیالات و نظریات سے متعارف ہو سکیں۔
انسان اور جانور کے دماغ کی سات مشترک خصوصیات
انسان اور جانور کے دماغ کی پہلی مشترکہ خصوصیت خوشی اور مسرت کے جذبات ہیں۔ انسان کے بچوں کی طرح جانور کے بچے بھی کھیلتے کودتے اور زندگی سے لطف اٹھاتے ہیں۔ بعض دفعہ دور سے یوں لگتا ہے جیسے جانوروں کے بچے ایک دوسرے کو کاٹ رہے ہوتے ہیں لیکن قریب سے دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ وہ شرارت سے کھیل رہے ہوتے ہیں۔
انسان اور جانور کے دماغ کی دوسری مشترکہ خصوصیت خوف کے جذبات ہیں۔ جب جانور گھبراتے ہیں اور کسی چیز یا شخص سے ڈرنے لگتے ہیں تو انسان کی طرح
وہ کانپنے لگتے ہیں
ان کے دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے
اور ان کا پیشاب نکل جاتا ہے
انسان اور جانور کے دماغ کی تیسری مشترکہ خصوصیت اداس ہو جانا ہے۔ جانور اپنے عزیز کی وفات کے بعد غمگین ہو جاتے ہیں۔ اگر کسی بندر کے بچے کی ماں فوت ہو جائے تو دوسرے بندر اس بچے کو گود لے لیتے ہیں اور سب بندر مل کر اس بچے کا خیال رکھتے ہیں۔
انسان اور جانور کے دماغ کی چوتھی مشترکہ خصوصیت حیرت کی خصوصیت ہے۔ جانور بھی انسان کی طرح اپنے ماحول کے بارے میں متجسس ہوتے ہیں اور نئی نئی چیزیں تلاش کرتے رہتے ہیں۔
انسان اور جانور کے دماغ کی پانچویں مشترکہ خصوصیت محبت ہے۔ جانور خود بھی دوسروں کو چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ دوسرے بھی ان سے محبت کریں۔ چاہنے اور چاہے جانے کا جذبہ مشترک ہے۔
انسان اور جانور کے دماغ کی چھٹی مشترکہ خصوصیت مسئلے کو حل کرنا ہے۔ ڈارون سے پہلے ماہرین یہ سمجھتے تھے کہ کسی مسئلے کو حل کرنے کی خصوصیت صرف انسانوں میں پائی جاتی ہے لیکن ڈارون نے ثابت کیا کہ جانور بھی اپنے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ڈارون نے اپنے موقف کی حمایت میں اس بندر کی مثال پیش کی جس کے دانت کمزور تھے اور وہ پتھر سے اخروٹ بادام توڑ کر اندر کا مغز کھاتا تھا۔
انسان اور جانور کے دماغ کی ساتویں مشترکہ خصوصیت جمالیات کا احساس ہے۔ جانور بھی جنس مخالف کی خوبصورتی اور حسن سے متاثر ہوتے ہیں اور اس کی طرف کشش محسوس کرتے ہیں۔
ڈارون کا کہنا تھا کہ جمالیات کی حس انسانوں میں جانوروں سے کہیں زیادہ موجود ہوتی ہے اسی لیے انسان فطرت شاعری اور فنون لطیفہ سے محظوظ ہوتے ہیں۔
انسان کی تین خصوصی خصوصیات
ڈارون کا موقف تھا کہ انسان میں تین ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جانوروں میں غیر موجود ہوتی ہیں۔
پہلی خصوصیت زبان ہے
انسانوں نے زبان تخلیق کی جس سے جانور محروم ہیں۔ اس زبان کی وجہ سے ارتقا کے سفر میں انسان جانوروں سے بہت آگے نکل گئے۔ زبان کی وجہ سے انسانوں نے ادب تخلیق کیا اور ایک دوسرے کو اپنی نظموں کہانیوں اور مقالوں سے محظوظ و مسحور کیا۔ زبان اور ادب کی وجہ سے انسان نے کلچر بھی تخلیق کیا۔
جانوروں کا ایک دوسرے سے ابلاغ زبان بے زبانی سے ہوتا ہے۔ انسان نے چونکہ زبان تخلیق کی اس لیے اس کے ابلاغ کا دائرہ وسیع ہو گیا۔ اسی لیے اب انسان ایک دوسرے سے اپنے خیالات و نظریات و جذبات کا اظہار کر سکتے ہیں اور اپنا مافی الضمیر تفصیل سے بیان کر سکتے ہیں۔ انسان کے ثقافتی و تہذیبی ارتقا میں زبان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
دوسری خصوصیت مذہب ہے
ڈارون کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب قوموں میں خدا کا تصور موجود نہیں ہے کیونکہ بعض زبانوں میں خدا کے لیے کوئی لفظ نہیں ہے لیکن سب قوموں میں مذہب کا تصور موجود ہے اور ان مذاہب میں ارواح ’حیات بعد الموت اور فرشتوں کے تصورات بھی موجود ہیں۔
ڈارون نے جب دنیا کے مختلف شہروں اور ثقافتوں کی سیر کی تو انہیں یہ جان کر دکھ ہوا کہ بعض مذہبی رہنما اپنے سادہ لوح پیروکاروں کا استحصال کرتے ہیں اور انہیں کہتے ہیں کہ خدا قربانی مانگتا ہے۔ ایسے مذہبی رہنما سادہ لوح مریدوں سے قیمتی تحفے لے کر انہیں بے وقوف بناتے ہیں۔
تیسری خصوصیت ضمیر ہے
اپنے ارتقا کے سفر کے دوران انسان کا ضمیر بیدار ہوا ہے جس کی وجہ سے اس کے دل میں دکھی انسانیت کے لیے ہمدردی کا احساس پیدا ہوا ہے۔
بدقسمتی سے دنیا میں بعض لوگ ایسے بھی ہیں جو دوسروں کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے کے بعد بھی احساس ندامت و خجالت یا احساس گناہ کا شکار نہیں ہوتے۔ یوں لگتا ہے جیسے ان کا ضمیر مر چکا ہے اور یا پیدا ہی نہیں ہوا تھا۔
جو لوگ ارتقا کے اعلیٰ درجے پر پہنچ گئے ہیں وہ باضمیر بھی ہیں اور ہمدرد بھی۔ وہ ایک بہتر انسان بننے کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور دوسرے ہم خیال لوگوں کے ساتھ مل کر کرہ ارض پر پر امن معاشرے قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
چارلز ڈارون نے انسانی ارتقا کو وہ بنیادیں فراہم کیں جن بنیادوں پر سگمنڈ فرائڈ ’کارل مارکس‘ ابراہم ماسلو اور ایرک فرام جیسے ماہرین نفسیات و سماجیات نے بلند و بالا عمارتیں تعمیر کیں۔
ڈارون نے اپنی سائنسی تحقیق سے ثابت کیا کہ انسان جانوروں کی ارتقا یافتہ مخلوق ہے کسی آسمانی بہشت سے گری ہوئی مخلوق نہیں ہے اسی لیے جانوروں اور انسانوں کے دماغوں اور ذہنوں میں کئی خصوصیات مشترک ہیں۔

