بلاگ

ارشاد احمد حقانی: پاکستانی صحافت کا ایک روشن باب

zafar mansoor

پاکستانی صحافت کی تاریخ میں بعض نام اپنے عہد کی فکری اور صحافتی تاریخ کی شناخت کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ ارشاد احمد حقانی کا تعلق بھی صحافیوں کے اسی محترم قبیلے سے تھا۔ وہ ایک ایسے دور میں صحافت کے شعبے سے منسلک رہے جب اخبار رائے سازی، فکری رہنمائی اور قومی مسائل پر سنجیدہ مکالمے کا ایک اہم ادارہ سمجھا جاتا تھا۔ ان کی شخصیت میں استاد، دانشور، صحافی، کالم نگار اور تجزیہ نگار جیسی کئی مختلف النوع جہتیں یکجا تھیں۔ روزنامہ جنگ کے ساتھ ان کی طویل وابستگی، ان کا مقبول کالم ”حرفِ تمنا“ اور سیاسی و قومی معاملات پر ان کا مدلل اندازِ تحریر، اردو صحافت کے ایک پورے عہد کی نمائندگی کرتا ہے۔

ارشاد احمد حقانی 6 ستمبر 1928 ء کو قصور میں پیدا ہوئے۔ پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ جماعت اسلامی کے شعبہ اشاعت سے منسلک ہو گئے۔ ان کی علمی دلچسپیوں میں تاریخ، اسلامیات، سیاست اور معاشرتی مسائل نمایاں تھے۔ یہی علمی پس منظر آگے چل کر ان کی صحافت کا ایک بنیادی وصف بنا۔ وہ کسی مسئلے کو محض روزمرہ سیاسی واقعے کے طور پر نہیں دیکھتے تھے بلکہ اس کے تاریخی، سماجی اور فکری پس منظر کو بھی سامنے رکھتے تھے۔

ان کی صحافتی زندگی کی ابتداء جماعت اسلامی کے جریدے ”تسنیم“ سے ہوئی۔ بعد میں کچھ اختلافات کی بنا پر وہ جماعت اسلامی سے الگ ہو گئے اور اپنے آبائی شہر قصور آ گئے جہاں وہ اسلامیہ کالج قصور سے تاریخ کے لیکچرار کی حیثیت سے منسلک ہو گئے۔ انہوں نے ایک طویل عرصہ تک وہاں تدریس کے فرائض انجام دیے اور آخر میں وہیں سے بحیثیت پرنسپل ریٹائرڈ ہوئے۔ 60 ء کی دہائی میں جب میں نے اسلامیہ کالج قصور میں فرسٹ ائر میں داخلہ لیا تو وہاں تاریخ کے مدرس کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس دور میں ان سے بحیثیت شاگرد تحصیل علم کا جو تعلق پیدا ہوا وہ بعد ازاں وقت کے ساتھ علمی، ادبی اور فکری دوستی میں تبدیل ہو گیا اور تاحیات قائم رہا۔ وہ اپنے شاگردوں میں نصابی تعلیم کے ساتھ ادبی ذوق اور علم کے حصول کی تحریک پیدا کرتے تھے۔

حقانی صاحب کی فکری تشکیل 60 کی دہائی کے اسی ماحول میں ہوئی جب ملک میں مذہب، سیاست، ریاست اور معاشرے کے بنیادی سوالات پر شدید بحث جاری تھی۔ ہماری بھی ان موضوعات پر ان سے کبھی کلاس میں اور کبھی کلاس کے بعد اکثر گفتگو رہتی تھی۔ بعد ازاں صحافت میں بھی ان کے ہاں ان نظریاتی موضوعات سے دلچسپی برقرار رہی، تاہم ان کی تحریری شناخت محض کسی ایک سیاسی یا مذہبی جماعت کی ترجمانی تک محدود نہیں تھی۔ وہ ملک میں جمہوریت اور اعلیٰ جمہوری اقدار کے فروغ کے حامی تھے اور اپنی تحریروں میں بھی اس کے لئے کوشاں رہتے تھے۔

تدریس کے ساتھ ساتھ ان کا صحافتی سفر بھی جاری رہا۔ انہوں نے مختلف اخبارات کے لئے مضامین، کالم اور اداریے لکھے جن میں روزنامہ ”وفاق“ ، ”نوائے وقت“ اور امروز کے نام نمایاں ہیں۔ اداریہ نویسی نے ان کے اسلوب کو دلیل، تسلسل اور موضوعاتی گہرائی عطا کی۔ ان کے ہاں واقعے اور خبر کی تفصیل کے ساتھ اس کی تعبیر اور تجزیہ بھی بہت اہم ہوتا تھا۔

ارشاد احمد حقانی کے صحافتی سفر کا سب سے نمایاں باب روزنامہ جنگ لاہور سے وابستگی تھا۔ 1981 ء میں جب روزنامہ جنگ نے لاہور سے اشاعت کا آغاز کیا تو حقانی صاحب اس سے منسلک ہو گئے اور طویل عرصہ تک کالم نویسی کے ساتھ ادارتی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ روزنامہ جنگ میں ہی ان کے معروف کالم ”حرفِ تمنا“ کی اشاعت کا آغاز ہوا جس نے انہیں پاکستان کے مقبول اور با اثر ترین کالم نگاروں میں نمایاں مقام عطا کیا۔ ”حرفِ تمنا“ میں محض معمول کا سیاسی کالم نہیں ہوتا تھا۔ اس میں قومی سیاست، آئینی معاملات، حکومتی پالیسیوں، بین الاقوامی حالات، مذہبی و سماجی مسائل اور پاکستان کو درپیش بڑے سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل زیر بحث آتے تھے۔ ان کے کالم کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ وہ اپنے موقف کی وضاحت کے لئے تفصیل اور دلیل سے کام لیتے تھے۔ بعض اوقات ایک موضوع کئی اقساط تک جاری رہتا۔ ان کے ہاں کسی سیاسی شخصیت یا حکومتی فیصلے پر تنقید صرف اعتراض تک محدود نہیں ہوتی تھی بلکہ وہ اس کے ممکنہ حل کی بھی نشاندہی کرتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ ”حرفِ تمنا“ صرف عام قارئین ہی میں مقبول نہیں تھا بلکہ حکمران پارٹی اور حزب اختلاف کے سیاست دان، دانشور اور صحافتی حلقے بھی اسے بڑی توجہ سے پڑھتے تھے۔ ان کے کالموں میں بعض اوقات ملک کی نمایاں سیاسی شخصیات کے خطوط یا آراء بھی شائع ہوتی تھیں، جس سے اخبار کے صفحات ایک وسیع سیاسی مکالمے کی صورت اختیار کر لیتے تھے۔ اس پہلو نے ان کی کالم نویسی کو محض ذاتی رائے کے اظہار سے بڑھا کر مکالمے کی صورت عطا کردی تھی۔

ارشاد احمد حقانی کی صحافت کا بنیادی وصف دلیل تھا۔ وہ جذباتی اظہار کی بجائے استدلال کو ترجیح دیتے تھے۔ ان کے طرزِ تحریر میں یہ احساس نمایاں ہوتا تھا کہ قاری کو صرف یہ نہیں بتانا چاہیے کہ کیا ہوا بلکہ یہ بھی سمجھانا چاہیے کہ ایسا کیوں ہوا اور اس کے پس پردہ عوامل کیا ہیں۔ نیز اس کے ممکنہ نتائج کیا ہوسکتے ہیں۔ یہ طرزِ صحافت آج کے فوری اور تیز رفتار ابلاغی ماحول سے بہت مختلف تھا۔ آج خبر زیادہ تر بغیر کسی پس منظر اور تصدیق کے چند سیکنڈز میں ہر طرف پھیل جاتی ہے مگر حقانی صاحب کے صحافتی دور میں خبر کے بعد سوال شروع ہوتا تھا۔ واقعے کی تشریح، پس منظر، سیاسی محرکات، آئینی پہلو اور عوامی اثرات ان کے تجزیے کا حصہ ہوتے تھے۔ ان کی شخصیت کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ انہوں نے صحافت کو کبھی اپنی علمی تربیت سے الگ نہیں ہونے دیا۔ استاد ہونے کے تجربے نے ان کے اندازِ تحریر میں ایک طرح کی تدریسی کیفیت پیدا کی۔ وہ پیچیدہ سیاسی مسائل کو مثالوں، تاریخی حوالوں اور دلائل کے ذریعے سمجھانے کی کوشش کرتے تھے۔ اسی لئے ان کے کالم کو اعلیٰ سیاسی اور علمی حلقوں میں محض سیاسی رائے کے بجائے ایک رہنما علمی اور فکری تحریر کے طور پر پڑھا جاتا تھا۔

ارشاد احمد حقانی کی زندگی کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ وہ ایک مختصر مدت کے لئے وفاقی حکومت کا حصہ رہے۔ 1990 ء کی دہائی میں انہیں ملک معراج خالد کی نگران حکومت میں وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری سونپی گئی۔ یہ تقرری اس امر کی شاہد تھی کہ ان کی علمی، صحافتی اور فکری اہمیت ملک کے مقتدر حلقوں میں بھی بدرجہ اتم موجود تھی۔ یہاں ان کے صحافتی کردار اور سرکاری ذمہ داری کے درمیان فرق کا تجزیہ بھی ضروری ہے۔ ایک صحافی کا بنیادی کردار سوال اٹھانا، معلومات کی جانچ کرنا اور اقتدار سے جواب طلب کرنا ہوتا ہے جبکہ حکومتی عہدے دار کی ذمہ داری ریاستی پالیسیوں کی وضاحت اور انتظامی امور کی انجام دہی ہے۔ حقانی صاحب کی زندگی میں یہ دونوں کردار الگ الگ مرحلوں میں آئے اور انہوں نے ان دونوں متضاد نوعیت کی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں پوری اہلیت اور ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ اس دور کے تجربات بعد ازاں ان کے صحافتی سفر میں پاکستانی ریاست اور معاشرے کے باہمی تعلق کو سمجھنے میں بہت معاون ثابت ہوئے۔

ارشاد احمد حقانی کے کالموں میں پاکستان کے سیاسی نظام، جمہوری اقدار اور ریاستی اداروں کے کردار پر مسلسل بحث ملتی ہے۔ ان کا صحافتی دور ایسے سیاسی حالات سے گزرا جس میں سیاسی عدم استحکام اور ادارہ جاتی کشمکش پاکستانی سیاست میں نمایاں تھی۔ انہوں نے مختلف ادوار میں حکومت وقت کی پالیسیوں پر مثبت تنقید کی اور سیاسی معاملات پر آزادانہ رائے کا اظہار کیا۔ وہ سیاسی معاملات میں اختلاف اور تنقید کو صحافت کا لازمی حصہ قرار دیتے تھے۔ ان کے نزدیک اخبار کا کام صرف حکمرانوں کی تعریف یا مخالفت نہیں بلکہ حکومتی فیصلوں کو عوامی مفاد، آئین اور قومی ضرورت کے پیمانے پر پرکھنا ہوتا ہے تاکہ اصلاح احوال کی کوئی صورت نکل سکے۔ ان کی تحریروں میں اکثر کشمیر، فلسطین اور عالمی سیاست جیسے موضوعات زیر بحث آتے تھے۔ وہ پاکستان کے داخلی معاملات کو بین الاقوامی حالات سے الگ کر کے نہیں دیکھتے تھے بلکہ عالمی سیاست کے اثرات کو بھی پاکستانی تناظر میں سمجھنے، سمجھانے کی کوشش کرتے تھے۔

کالم نگاری کے ساتھ ساتھ وہ ایک طویل عرصہ تک سینئر مدیر اور منتظم کی حیثیت سے روزنامہ جنگ لاہور کی ادارتی قیادت کا حصہ رہے۔ مدیر کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری صرف اپنے کالم تک محدود نہیں تھی۔ اخبار کے اداریے کے موضوعات کے انتخاب، قومی معاملات کی ترجیحات اور صحافتی معیار جیسے معاملات بھی ان کی انتظامی ذمہ داری کا حصہ تھے۔ اس لحاظ سے حقانی صاحب کا کردار پاکستانی اردو صحافت کی ادارہ جاتی روایت میں بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کے عہد کی صحافت میں اخبار کا اداریہ اور کالم رائے سازی کے بنیادی ستون تھے۔ آج کے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی طرح اس زمانے میں اخبار زیادہ تیز رفتار نہیں تھا مگر اس میں تفصیل اور استدلال کے لئے زیادہ جگہ موجود تھی۔ حقانی صاحب نے کالموں کے علاوہ متعدد موضوعات پر کتابیں بھی لکھیں جن سے ان کے فکری اور صحافتی سفر کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

وہ ریاست، سیاست، معاشرے اور انسانی تعلقات جیسے موضوعات پر انتہائی غور و فکر کے بعد پوری ذمہ داری سے لکھتے تھے۔ ان کی صحافتی زندگی کا سب سے اہم نکتہ یہ تھا کہ اچھی صحافت علم، مطالعے، دلیل اور اخلاقی ذمہ داری کے امتزاج سے پیدا ہوتی ہے۔ وہ ایک استاد تھے، اس لئے تعلیم کی اہمیت کو بخوبی سمجھتے تھے ؛ وہ ایک مدیر تھے، اس لئے ادارتی ذمہ داری سے واقف تھے، وہ ایک کالم نگار تھے، اس لئے عوامی رائے کی قوت سے آگاہ تھے اور وہ کچھ عرصہ اقتدار میں رہنے کے باعث حکومتی ایوانوں کے اندرونی ماحول سے بھی واقف تھے۔ ان کے اسلوب میں معاملے کی گہرائی اور گیرائی کے ساتھ سنجیدہ فکری اور تجزیاتی انداز ہوتا تھا۔ ان کے نزدیک ایک اچھا کالم نگار اپنے قاری کو معلومات فراہم کرنے کے ساتھ دلائل پر غور اور سوال کرنے نیز مسئلے کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے کی دعوت بھی دیتا ہے۔

ارشاد احمد حقانی 24 جنوری 2010 ء کو 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ یہ پاکستانی صحافت میں ایک عہد کا اختتام تھا۔ وہ قصور میں اپنے آبائی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔ ان کی علمی اور سیاسی بصیرت اور صحافتی خدمات پاکستان کی صحافتی تاریخ کا اہم باب ہیں۔ آج جب صحافت کا منظرنامہ بنیادی طور پر تبدیل ہو چکا ہے، خبر کی رفتار کئی گنا بڑھ چکی ہے، اخبارات کے ساتھ ٹیلی ویژن، ویب سائٹس اور سوشل میڈیا رائے سازی کے بڑے ذرائع بن چکے ہیں۔ ارشاد احمد حقانی کا صحافتی سفر ہمیں آج بھی یاد دلاتا ہے کہ صحافت کی اصل قوت معلومات کی کثرت نہیں بلکہ معلومات کو سمجھنے، پرکھنے اور ذمہ داری کے ساتھ عوام تک پہنچانے میں ہے۔ ارشاد احمد حقانی کا نام اسی روایت سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے استاد کی علمی تربیت، مدیر کی ذمہ داری، کالم نگار کی بے باکی اور دانشور کی فکری جستجو کو یکجا کیا۔ ”حرفِ تمنا“ ان کی صحافتی شناخت تھا مگر ان کا اصل صحافتی ورثہ اس سے کہیں وسیع تھا۔ وہ اس نسل کے نمائندہ صحافی تھے جس کے لئے قلم ایک پیشہ کے ساتھ ایک قومی ذمہ داری بھی تھا۔ پاکستانی صحافت کی تاریخ جب بھی اپنے ان قلم کاروں کا ذکر کرے گی جنہوں نے کئی دہائیوں تک قومی سیاست، جمہوریت، ریاستی اداروں اور عوامی مسائل پر مسلسل لکھا، تو ارشاد احمد حقانی کا ذکر ان میں ہمیشہ نمایاں رہے گا۔ ان کی سب سے بڑی میراث سوچنے، سوال اٹھانے اور دلیل کے ساتھ اختلاف کرنے کی وہ صحافتی روایت ہے جس کی ضرورت ہر دور میں باقی رہتی ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments
حسین اشرف بخاری
حسین اشرف بخاری
1 month ago

پروفیسر ظفر منصور نے ارشاد احمد حقانی کی تعلیمی، ادبی ، صحافتی اور پیشہ وارانہ زندگی پر تفصیلی مضمون لکھا جس کی وساطت سے ارشاد احمد حقانی مکمل تعارف ہوتا ہے—– ارشاد احمد حقانی بلا شبہ ایک باکمال اور مقبول صحافی اور ادیب تھے— مضمون بہت پسند آیا 👍 ♥️

دلپذیر احمد جنجوعہ
Dilpazir Ahmed Janjua
1 month ago

جناب آصف علی زرداری اور محترمہ بے نطیر بھٹو شہید کی شادی کی مناسبت سے پاکستان بھر میں مضامیں ، اداریے اور کالم لکھے گئے مگر ارشاد حقانی صاحب نے اپنے کالم میں جناب زرداری صاحب کے صدر بننے کی پیشن گوئی کی تھی ۔۔ جو وقت نے ایک سے ایادہ بار درست ثابت کی ۔ اللہ تعالی حقانی صاحب کو جنت الفردوس میں مزید آسودگی عطا فرمائے ۔۔

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW