بلاگ

کیوں نہ پھر اُس دور میں جایا جائے۔ قسط نمبر: 18

salma awan

مکینوں کے تعلق سے ہی جڑتے ہیں سبھی رشتے

میری آنکھیں گیلی ہونے لگی ہیں۔ کوئی یاد آیا ہے۔ کون؟ چھوٹے چچا زین العابدین جو میری امّاں اور ابّا کے بڑے دلارے تھے۔ وہ ہمارے ساتھ ہی رہتے تھے۔ ہائی اسکول میں پڑھتے تھے۔ عصر کے بعد میری اُنگلی پکڑتے اور صدر بازار کے گول باغ کی لائبریری کے لیے چل پڑتے۔ صدر کنٹونمنٹ بورڈ کی وسیع و عریض سی خوبصورت لائبریری جس کی لمبی میزوں کے گرد بیٹھے لوگ اخبارات، رسائل اور کتابیں پڑھ رہے ہوتے۔ شیشے کی کھڑکیوں سے باہر باغ کے دل آویز منظر، مرکزی دروازے کے سامنے موتی برساتا فوارہ، اندر ایک سنجیدہ پر اسرار سا ماحول جہاں بات صرف سرگوشیوں میں ہی ممکن ہوتی۔

میں میز پر اپنے سامنے اخبار کھول کر خود کو کوئی عالم فاضل قسم کا کردار تصور کرتے ہوئے اُس پر جھک جاتی۔ پھر اٹھتی، اپنے چچا کی ہدایات کے مطابق بہت آہستگی سے جوتوں سے کوئی آواز پیدا کیے بغیر تمیز و شائستگی سے چلتی ہوئی الماریوں کے پاس جا کھڑی ہوتی۔ اُن میں بند کتابوں کو دیکھتی، شیشوں پر ہاتھ پھیرتی، پورا چکر کاٹتی اور خود سے کہتی۔

”کون لوگ تھے یہ جنہوں نے اتنی موٹی موٹی کتابیں لکھیں۔ اِن میں کیا ہے؟“ پھر واپس اپنی جگہ پر آ کر اسی خاموشی سے بیٹھ جاتی۔

مختلف اخبارات کے مطالعے کے بعد میرے چچا میرے پاس آ کر بیٹھ جاتے۔ میرے سامنے پھیلے اخبار کی سرخیوں کے آسان لفظوں پر اپنی انگشت شہادت رکھتے۔ نگاہوں سے مجھے بہت آہستگی سے لفظ بولنے کو کہتے۔ میری آواز اتنی ہی مدہم ہوتی کہ جسے صرف وہی سُن سکتے۔ اخبار پڑھنے اور لائبریری کے آداب سے روشناسی چھوٹے چچا کی تربیت کا صدقہ تھا۔ بیرونی ملکوں کے اسفار میں اُن کی اہم لائبریریاں ہمیشہ میری توجہ کا مرکز رہیں۔ پر ایسی جگہ چھوٹے چچا بھی بہت یاد آتے۔

زمانوں بعد میں صدر گول باغ کی اِس لائبریری کو دیکھنے گئی تو وہاں دھول اڑ رہی تھی۔ اس کی کشادگی اور وسعت کو چھوٹے انتظامی کمروں نے نگل لیا تھا۔ الماریوں کی آبنوسی چمک ختم تھی۔ کتابیں بھی اس اہتمام اور طریقے سلیقے سے نہیں سجی تھیں، جیسی میری یادوں میں تھیں۔ موتی برساتا فوارہ اجڑا ہوا تھا۔ میری آنکھوں میں یادوں کی بارات اُتری ہوئی تھی۔ ساتھ آنسو بھی۔

یہ لائبریری ایک پارسی ڈنشا چالہ نے بنائی تھی جو اس کی کتاب سے محبت کی داستان ہے۔ Dinshaw Challa Reading Library ڈنشا چالہ ریڈنگ لائبریری تو عمارت کی پیشانی پر سجا ہوا تھا۔ خدا کا شکر تھا کہ اسے قائم رکھا گیا۔ میں اس کی علم دوستی کو سلام کرتی ہوں۔ یہی وہ جگہ تھی جس نے مجھے اخبار پڑھنا سکھایا۔ اور یہی وہ جگہ تھی جہاں لوگوں کی تحسین آمیز نگاہوں سے میں نے مسرور ہونا سیکھا۔

میرے حافظے میں چھوٹے چچا کے حوالے سے ایک ایسی دکھ بھری یاد بھی محفوظ ہے کہ وقت گزرنے پر جب بھی اس کی یاد آئی اس نے ایک ہنسی بھی ہونٹوں پر بکھیری۔ میرے چھوٹے چچا میٹرک کا امتحان دے کر میری دادی کے پاس سمندری آئے۔ میں بھی اُن دنوں اُن کے پاس ہی گئی ہوئی تھی۔ انہی دنوں اُن کا نتیجہ نکلا۔ بد قسمتی سے وہ فیل ہو گئے۔

اف خدایا اُس دن گھر میں ایک ایسا دکھ بھرا سماں تھا کہ خدانخواستہ جیسے کوئی مرگ ہو گئی ہو۔ باقاعدہ لوگ پُرسہ دینے آرہے تھے۔ میرے چچا کا کمرے میں آنے کا منظر مجھے ستر سال گزر جانے پر بھی یاد ہے۔ اُن کے چہرے پر برستے حزن و ملال کے اتنے رنگ تھے کہ میرا دل انہیں دیکھ کر کٹنے لگا تھا۔

میرے امّاں ابّا لاہور تھے۔ وہی میرے چچا کو پڑھا رہے تھے۔ دونوں بہت پریشان تھے۔ طویل سوچ و بچار کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ ان کا ایک رشتہ دار ماسٹر محمد غلام محی الدین جو واربرٹن میں گورنمنٹ ہائی اسکول کا ہیڈ ماسٹر ہے اُس کے پاس جایا جائے۔ وہ یقیناً ان کی اِس مشکل گھڑی میں مدد کرے گا۔

سچی بات ہے کہ امّاں ابّا دونوں جب اُن کے پاس گئے تو اس نے دونوں کی پریشانی اور دکھ محسوس کرتے ہوئے کہا کہ ”وہ قطعی پریشان نہ ہوں۔ وہ اس کی ہر طرح مدد کریں گے۔ اپنی نگرانی میں تیاری کروا دیں گے۔“ ساتھ میں انہوں نے ہوسٹل کی بجائے اپنے گھر میں رکھنے کی مہربانی بھی کر دی۔

میرے چچا کوئی دس ماہ وہاں رہے۔ اِس دوران ایک بار ایسا ہوا کہ میں ان کے بغیر بہت اداس ہو گئی۔ انہی دنوں میری چھوٹی پھوپھی جو میری ممانی بھی تھی اپنی والدہ سے ملنے سمندری جا رہی تھی۔ امّاں نے مجھے بھی ساتھ بھیج دیا۔ ٹرین جب واربرٹن اسٹیشن پر رکی میں نے ضد کی کہ مجھے یہاں اترنا ہے۔ اپنے چچا سے ملنا ہے۔ میری پھوپھی نے کچھ ڈانٹ ڈپٹ سے مجھے روکا۔

مگر جب کوئی ماہ بعد میری واپسی کا پروگرام بنا تو میرے چچا نے کہا کہ اسے گاڑی میں بٹھا دیں۔ میں اسے اُتار لوں گا۔ یہ رات میرے پاس رہ لے گی۔ کیسے اچھے وقت تھے۔ میرے چچا نے واربرٹن اسٹیشن پر مجھے اُتارا۔ بازار میں دودھ جلیبیاں کھلائیں اور رات میں اُن کے پاس ٹھہری۔ انہیں جپھی ڈال کر سوئی۔ کیسے صاحب کردار نوجوان تھے وہ۔ اگلے دن لاہور جانے والی گاڑی میں بٹھا دیا گیا۔ میں بہت ہوشیار تھی۔ کسی قسم کا کوئی خوف کوئی ڈر نہیں لگا مجھے۔ اطمینان سے لاہور ریلوے اسٹیشن پر اتری اور باہر آئی۔ مجھے لینے تو کوئی بھی نہیں آیا تھا۔ صدر کی بس میں بیٹھی اور گھر پہنچ گئی۔ دراصل سمندری اس کثرت سے آنا جانا لگا رہتا تھا کہ ریلوے اسٹیشن اور بس سٹاپوں سبھوں سے گوڑھی آشنائی تھی۔

(جاری ہے )

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW