بھرے گھر کو انہوں نے گھر نہ جانا
راجہ رجب بولے۔ خان جی مجھے پتہ ہے کہ خان کا لاحقہ رکھنے کے باوجود پٹھان آپ کو پنجابی مانتے ہیں لیکن ایک بات حیران کن ہے کہ اپ نہ صرف اپنے پٹھانوں بلکہ افغانوں تک کے لیے دل میں نرم گوشہ ہی نہیں بلکہ پورا دل ہی نرم رکھتے ہیں۔ میں نے عرض کی کہ پشتون تو خیر اگر ایسا سمجھتے ہیں تو اس کا سبب بھی ہے (صحیح یا غلط ہونا جانچے بغیر) کہ ہماری اور ان کی ماں بولی ایک نہیں، جو ان کے لیے بہت اہم ہے۔ ہاں اپنی کہئے کہ علاقہ، زبان، رسم و رواج ایک ہونے کے باوجود ایک راجہ دوسرے راجہ کے بارے میں ہمیشہ یہ شک رکھتا ہے کہ یہ اصلی راجہ ہے بھی کہ نہیں۔
بولے ادلے کا بدلہ ہو گیا ہے یہ بتائیے کہ افغان یہاں سے کوچ کرتے ہوئے اپنے گھر گرا رہے ہیں اور لکڑی کی بلیاں تک ساتھ لے جا رہے ہیں۔ میں نے عرض کی اس سے پہلے کہ میں کچھ کہوں چچا غالب کی سن لیجیے۔
گھر میں کیا تھا کہ تیرا غم اسے غارت کرتا
وہ جو رکھتے تھے اک حسرت، تعمیر سو ہے
دہائیوں سے آباد مہاجر کیمپ جن کے باسی نام کی حد تک تو افغانی تھے لیکن ایسے پاکستانیوں سے بڑھ کر وطنی تھے جنہیں آپ میڈیا میں روزانہ لنگوٹ کس کے پاکستان کی مٹی پلید کرتے پاتے ہیں۔ ان کی بڑی تعداد نہ جرائم پیشہ تھی اور نہ آپ پر بوجھ بلکہ عجیب ”بابرکت“ مہاجر تھے کہ جن کی ہجرت کی بدولت آپ کے ملک پر ڈالر برسے، ان کے نام پر نئے نئے محکمے وجود میں آئے، انہوں نے اور پہلے سے موجود محکموں کے کارندوں نے، جن کی نیتیں کبھی نہیں بھرتیں پیٹ خوب خوب بھرے۔ لیکن ان بے کسوں کے ساتھ آپ کی سرکار نے جو کیا وہ گرنا گدھے سے اور غصہ کمہار پہ کی کلاسیکی مثال ہے۔ بابا عالم شاہ پوش کے دو مصرعے ہیں۔
حق سچ والا فقراں نے پہیت دسیا
جنہیں کسے نوں اجاڑیا اوہ نہیوں وسیا
(حق اور سچ کی یہ بات مجھے فقیروں نے سمجھائی ہے کہ جو کسی کو اجاڑے وہ خود بھی آباد نہیں ہوا کرتا)
یاد رکھیے آپ نے ظلم کی انتہا کی ہے اور ان مسکینوں کو بے بنیاد جواز کے ساتھ ایسی بے دردی سے بے گھر کیا ہے کہ وہ زمین جہاں ان کے گھر تھے (گھر تو کچا ہی کیوں نہ ہو، باسیوں کے لیے ایک کائنات ہوتا ہے ) ، وہ بھی اپنے مکینوں کے ساتھ نوحہ کناں ہے کہ۔
کچھ دیر ہمیں رہنے دیا ہوتا گھروں میں
کچھ دیر ہمیں بے سرو سامان نہ کرتے


آپ جیسے پڑھے لکھے اور جان کاری والے شخص سے ایسی ادھوری اور یک طرفہ تحریر کی توقع نہ تھی۔
پاکستان نے 1979 کے بعد سے 40 لاکھ تک افغانیوں کو سہارا دیا۔ اسی طرح ہم سے بھی زیادہ 60 لاکھ تک افغانیوں نے ایران میں ہجرت کی۔
کیا وجہ رہی کہ یکایک پاکستان اور ایران دونوں نے افغانیوں کو واپس ان کے ملک میں بھیجنا شروع کردیا۔
وجہ دونوں ملکوں میں افغانستان سے آنے والے شہریوں کو ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی 1/2
اس سہولت کے غلط استعمال سے پاک ایران دونوں نے بہت نقصان اٹھایا اور 2023/24 سے غیرقانونی طور پر مقیم افغانیوں کے خلاف دونوں ملکوں میں مہم شروع ہوگئی۔ پاکستان میں بنیان المرصوص اور ایران میں 2024 سے ہی افغانی جاسوسی اور جرائم میں ملوث پائے گئے یوں اب ایران میں 50 سے 60 لاکھ افغانیوں سے کم ہوکر محض آٹھ دس لاکھ افغانی مقیم ہیں یہ بھی وہ ہیں جن کے پاس مہاجر کارڈ ہیں یا ویزے پر ہیں 2/3
اگر پاکستان پر ڈالر برس رہے تھے تو ڈالر تو ایران پر بھی برس رہے تھے تو انہوں نے کیوں ان کو نکالا؟
ابھی بھی پاکستان میں دس سے 14 لاکھ افغانی مقیم ہیں لیکن یہ سب قانونی طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ اور روزانہ پاکستان سفارت خانہ کابل میں حسب ضرورت ویزے جاری کرتا ہے جو بلیک میں بکتے ہیں
گیہوں کے ساتھ گھن پستا ہے اور یہ بعض اوقات گیہوں کو بھی سوچنا چاہئے کہ اس کے اطراف کون موجود ہے
3/4
تازہ تماشہ دیکھ لیں کہ افغان حکومت کا ایک وزیر کہہ رہا ہے کہ ہمارے پاس ایسی ٹیکنالوجی آگئی ہے جس کی مدد سے ہم پنڈی میں موجود لوگوں کے سروں میں موجود بھیجہ اڑا دیں گے !
یعنی آپ دوستی رکھیں یا نہ رکھیں ۔۔۔ دشمنی ضرور رکھتے ہیں
کیا پاکستان نے متعدد مرتب ان افغانوں کو نہیں کہا کہ اپنا کاروبار سمیٹیں اور واپس جائیں مگر وہ جب نہیں گئے تو اس میں پاکستان کا کیا قصور ہے ؟ 4/5
ایران میں ان کے ساتھ ہم سے زیادہ برا سلوک ہوا۔ وہاں تو مہاجر کارڈ اور شہریتی کارڈ رکھنے کے باوجود لوگوں کو ڈنڈے مار کر بھیجا گیا۔
اب بھی کم و بیش دو تین لاکھ غیرقانونی افغانی پاکستان میں مقیم ہیں۔ مرد زیادہ تر گھروں میں چھپے رہتے ہیں اور ان کی زنانیاں باہر کام کرتی ہیں۔ ویسے بھی ایک افغانی کے لئے کسی پٹھان یا بلوچ کی ہیبت اختیار کرنا بہت آسان ہے۔ جو کم از کم پنجاب اور سندھ میں آسان نہیں۔