میرے مطابق

بگڑا کوری، جہاں مری ہوئی روایات زندہ ہیں

zulfi chachar

سندھ کے آخری اور ابتدائی شہر کموں شہید سے شمال کی طرف نکلنے والی لنک روڈ، جو کمبھڑا پولیس اسٹیشن سے ہوتی ہوئی مرید شاخ تک جاتی ہے، اس پر دو کلو میٹر کے فاصلے پر جو پہلا گاؤں آتا ہے، اسے بگڑا کوری کہا جاتا ہے۔ اس بستی نما شہر کا یہ نام اس لیے پڑا کہ یہاں کے رہائشی کوری برادری کے وہ لوگ ہیں جن کی رنگت سفید، آنکھیں چینیوں کی طرح چھوٹی، اور سر، بھنوؤں، داڑھی اور مونچھوں کے بال گندمی رنگ کے ہوتے ہیں۔ ان کے چہروں سے ان کی عمر کا اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے، کیونکہ بوڑھے، جوان اور درمیانی عمر کے لوگ تقریباً ایک جیسے نظر آتے ہیں۔ اگر ان میں سے کوئی بیرونی ملک چلا جائے تو وہاں کے لوگ انہیں پاکستانی یا سندھی سمجھنے کے بجائے انگریز تصور کریں گے۔

ان گاؤں کے رہائشیوں کے رشتے دار اگرچہ پنو عاقل، گھوٹکی، میرپور ماتھیلو، ڈہرکی، اوباڑو، صادق آباد سمیت سندھ اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی رہتے ہیں، مگر ان کے چہرے ان سے نہیں ملتے۔ ان کا مخصوص لہجہ اور منفرد شکل و صورت انہیں دور سے پہچاننے کے لیے کافی ہے۔

بگڑا کوری کے لوگ بنیادی طور پر کاشتکار ہیں۔ جہاں تک مجھے علم ہے، ان میں شاید ہی کوئی بے زمین ہو۔ ہر ایک کے پاس اپنی کچھ نہ کچھ زمین ہے جسے وہ خود کاشت کر کے اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ یہاں کی زمین زرخیز ہے جہاں گنا، کیلا، گندم، کپاس، مونگ پھلیاں، مونگ، چنے، سبزیاں اور دیگر فصلیں ہوتی ہیں۔ مگر چونکہ یہ لوگ زمین کو اچھا ہل نہیں دیتے اور نہ ہی کھاد اور زرعی ادویات مناسب مقدار میں استعمال کرتے ہیں، اس لیے اپنی محنت سے خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں کر پاتے۔ یہ ان کی نا تجربہ کاری نہیں بلکہ سادگی ہے۔

یہ لوگ تعلیم کے ساتھ کئی ہنر بھی سیکھ چکے ہیں اور سرکاری ملازمتوں میں بھی ان کی تعداد کم نہیں، مگر خود کو کپڑا بُننے والے کوری کہلوانے پر فخر کرتے ہیں۔ انہیں فخر کرنا بنتا ہے کہ دنیا کے ننگ پن کو ڈھانپنے والے اس پیشے اور قبیلے کی صحبت اور گفتگو کی خواہش سندھ کے مشہور صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی نے بھی یوں ظاہر کی:

ھلو ہلو ڪورئین، نازڪ جن جو نینھن
ڳنڍن سارو ڏینھن، ڇنڻ مور نہ سکیا

یعنی چلو چلو ان لوگوں کے پاس جو سارا دن جوڑتے ہیں اور کبھی بھی توڑتے نہیں ہے۔

یہ لوگ مذہبی انتہا پسندی، سیاسی اور نسلی تعصب سے بالاتر، نہایت محبت کرنے والے، امن پسند، مخلص اور مہمان نواز ہیں۔ ان کی روزمرہ گفتگو مزاح سے بھرپور اور انتہائی دلچسپ ہوتی ہے، جسے کوئی نیا شخص سن کر حیران رہ جاتا ہے، جیسے وہ کوئی اسٹیج ڈرامہ دیکھ رہا ہو۔ اور وہ یوں محسوس کرنے لگتا ہے کہ ان کی درمیان جھگڑا ہو گیا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ آج تک یہ لوگ نہ تو آپس میں لڑے ہیں اور نہ ہی کسی دوسرے سے۔

ان میں اختلافات بھی پیدا ہوتے رہتے ہیں، مگر برداشت کا دامن نہیں چھوڑتے۔ مسئلہ بڑھنے کی صورت میں کسی سردار یا وڈیرے کے پاس جانے کے بجائے عدالت سے رجوع کرتے ہیں، مگر اس کے باوجود وہ آپس میں سماجی اور ذاتی تعلقات نہیں توڑتے۔ عدالت میں پیشی کے لیے بھی دونوں فریق ہنستے مسکراتے اکٹھے آتے جاتے ہیں۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ گھوٹکی ضلع کے اس گاؤں میں آج تک نہ کوئی مرد اور نہ کوئی عورت ”کارو کاری“ جیسے مکروہ رواج کے تحت قتل ہوئی ہے۔

بگڑا کوری میں تقریباً تین سو دکانیں اور دس کے قریب ہوٹل ہیں۔ ہوٹلوں پر عام دنوں میں فلمیں چلتی رہتی ہیں، مگر جب آس پاس میں کوئی فوتگی ہو جائے تو وہ سوگ میں فلمیں چلانا بند کر دیتے ہیں جس سے ان کی آمدنی بھی کم ہو جاتی ہے۔ ہوٹلوں پر فلمیں وغیرہ نہ چلتے ہوئی دیکھ کر دیگر لوگ سمجھ جاتے ہیں کہ کہیں فوتگی ہو گئی ہے۔

اس گاؤں میں ”ڈیٹھ“ بھی رہتے ہیں جنہیں مقامی زبان میں ”تھوری“ کہا جاتا ہے جنھیں عام طور پر ہندو خواہ مسلمان نیچ تصور کرتے ہیں جنہیں ہم دلت کہہ سکتے ہیں۔ ان کے مذہبی عقائد ہندوؤں سے ملتے جلتے ہیں اور وہ مارواڑی زبان بولتے ہیں۔ یہ لوگ کانٹے دار درخت کی پوجا بھی کرتے ہیں۔ کھیتی باڑی کرنے کے ساتھ، گھاس اور سر کی تیلیوں سے چھاج، چھابے، ٹوکرے اور گھریلو سامان بنانے میں بھی ماہر ہوتے ہیں۔ یہ ہنر انہیں ورثے میں ملتا ہے جو کسی سے باقاعدہ طور پر نہیں سیکھتے بالکل اس طرح جیسے بچہ مادری زبان خود بولنا سیکھ لیتا ہے یا پرندہ گھونسلہ بناتا ہے۔

ان کا قبرستان بھی مشترکہ ہے جہاں مذہب اور برادری کی تفریق کے بغیر سب کی میت دفن کی جاتی ہے۔ غسل دینے سے لے کر لحد میں اتارنے تک سب ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ بعض مسلمان بھی ان کی فوتگی کی رسومات میں شریک ہوتے ہیں۔

محرم الحرام کا چاند دیکھتے ہی یہ لوگ اپنے گھروں پر لگے ہوئے علم اتار کر نئے لگاتے ہیں، نیاز اور سبیل لگاتے ہیں اور عاشورا کے دن ٹریکٹر ٹرالیاں بھر کر ماتمی جلوسوں میں شریک ہوتے ہیں۔ گاؤں میں ایک ہی مسجد ہے جہاں ہر مسلک کے لوگ اپنے اپنے طریقے سے عبادت کرتے ہیں اور کوئی کسی پر کوئی اعتراض نہیں کرتا۔ ربیع الاول میں بھی یہ نہایت پرجوش نظر آتے ہیں۔ یہ لوگ سیاسی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیتے ہیں۔ نزدیک کہیں جلسہ ہو تو ضرور پہنچتے ہیں، چاہے وہ سیاسی ہو یا مذہبی۔ ان کا موقف ہے کہ پیر، فقیر اور لیڈر کس نے بانٹے ہیں؟

یہ لوگ گاؤں میں آنے والے ہر نئے شخص سے ایسے ملتے ہیں جیسے وہ ان کا مہمان ہو۔ اس کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہیں، حال احوال پوچھتے ہیں اور عزت و احترام سے پیش آتے ہیں۔

اس ہی گاؤں کا رہائشی بروہی فقیر کوری شادیوں مرادوں پر سہرے (خوشی کے لوک گیت جو اکثر شادیوں میں عورتیں گاتی ہیں ) اور ڈھولک پہ سچل سرمست کے کلام نہایت ہی خوبصورتی سے گاتے ہیں، مگر افسوس کہ ان کا فن صرف مقامی علاقے تک محدود ہے۔

سندھ جہاں اپنی اصلی پہچان اور شاندار روایات بھولتی جا رہی ہیں، وہاں بگڑا کوری میں مٹتی ہوئی روایات آج بھی زندہ ہیں، اور یہاں اصل سندھ کی جھلک صاف نظر آتی ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW