ہنگامہ ہے کیوں برپا
راجہ رجب اس دن گھر کے برآمدے میں بیٹھے اپنے سامنے میز پر شیشہ اور شیو کا روایتی سامان سجائے شیو کی تیاری کر رہے تھے۔ پاس ہی دو موہڑے بھی پڑے تھے۔ میں ایک پہ بیٹھنے لگا تو بولے کرسی منگا لیتا ہوں۔ میں نے شرارت کی۔ کرسی کے اپنے رولے (مسائل) ہوتے ہیں موہڑا ہی ٹھیک ہے۔ مسکرائے اور بولے طنزیہ گفتگو کے لیے آپ سے زیادہ موزوں طبیعت شاید ہی کسی نے پائی ہو۔ میں نے کہا آداب عرض ہے۔
پھر بولا کچھ عرض کرنا ہے۔ فرمایا ارشاد۔ میں نے کہا اپنے چچا بھی کیا آدمی تھے۔ انہیں خاک میں پنہاں ہوئے ڈیڑھ صدی بیت گئی ہے لیکن ان کے اشعار اور مصرعے آج بھی ہماری زندگیوں کا کون سا پہلو ہے جس پہ مندری میں تھیوے (انگوٹھی میں نگینے ) کی طرح فٹ نہ ہوتے ہوں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ شعر میں ان کا ہدف اپنی ذات ہی کیوں نہ ہو، اسے بھی وہ آفاقی بنا دیتے ہیں۔ بولے کوئی مثال۔ عرض کیا
تھی خبر گرم کہ غالب کے اڑیں گے پرزے
دیکھنے ہم بھی گئے تھے پہ تماشا نہ ہوا
دیکھئے آج تو سوشل میڈیا راج کا دور ہے۔ خبر چاہے نرم ہی کیوں نہ ہو اس کو گرم ہونے میں بس کچھ ہی لمحے درکار ہوتے ہیں۔ میرا اشارہ کیپٹن صفدر نے ایک ڈگری کے بارے میں جو شرلی چھوڑی ہے اس طرف ہے کہ تماشا، غالب سے بڑھ کر تماشا بپا کر دیا ہے۔ مجھے پتہ ہے وہ کئی حوالوں سے آپ کے پیر بھائی بنتے ہیں۔ مسلکی موافقت کے ساتھ ساتھ ان کا فوجی ہونا کہ آپ کے آبا کے بارے میں تو زیادہ علم نہیں ہاں آپ کے والد اور چچاؤں کی حد تک پیشہ سپہ گری ہی اپ کے ہاں منزل مراد تھی۔ پھر ان کا آپ کی سول سروس میں لینڈ کرنا۔ اگرچہ انہوں نے وہاں جگہ پائی کہ جنہیں آپ براہمن سمجھیں نہ سمجھیں وہ اپ کو شودر ہی سمجھتے ہیں۔
اچھا یاد کیجئے اس ملک میں ایسا ایک دور بھی گزرا ہے جب بی اے کی ڈگری عوامی نمائندے کے لیے لازمی قرار دے کر خود ہی اس کی فراہمی کا بندوبست کیا اور یوں وفاداری بشرط استواری کا اسے ٹول بنایا۔
ویسے آپ جانتے ہیں کہ میں اکثر بی اے، ایم اے لڑکوں لڑکیوں کو تعلیم یافتہ ہونے کی نسبت ڈگری ہولڈر کہنے کو ترجیح دیتا ہوں اور وجہ سے بھی آپ آگاہ ہیں۔ ڈگری رکھنے کے ساتھ کوئی شخص تعلیم یافتہ لگے تو وہ بات ہی کیا ہے لیکن کیپٹن صفدر کے ٹارگٹ شخص نے جو نام ان کے بقول ڈگری نہ ہوتے ہوئے کمایا (صحیح یا غلط ایک طرف) یہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔ آپ کے اسی شہر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے فوجداری کے ایک مشہور ترین اور کامیاب ترین وکیل بھی ما سوائے میٹرک کے تمام ڈگریوں کے جعلی حامل نکلے تھے اور ایسے پھنسے کہ نو ماہ کی قید کاٹنی پڑی۔ جعلی ڈگری کی بجلی راجدھانی کی سب سے بڑی عدالت کے ایک جج پہ بھی گری تھی۔
یہ کیسا گورکھ دھندا ہے یہ کیسا تانا بانا ہے۔
آپ اپنے آپ کو جس روایت کا امین کہتے ہیں اور گاجے واجے کے ساتھ کہتے ہیں اس میں معیار ہمیشہ علم رہا ہے نہ کہ ڈگری۔ آپ اپنی تاریخ میں جھانکیں اور ایک ایک بڑے نام کو ذہن میں لاتے ہوئے فیصلہ کر لیں کہ ان کا مرتبہ ان کی علمی سطح کی بنیاد پہ تھا یا ڈگری کی وجہ سے۔
ادھر آپ ہیں کہ بس ڈگری کو ہی کھرا معیار مانتے ہیں اور یوں کھرے اور کھوٹے کی جانچ ہی بدل ڈالی ہے۔ یقین کیجیے آپ کا یہ پیمانہ از سر نو جائزے کا متقاضی ہے۔ یہ الگ بات کی۔
؎ بس کہ دشوار ہے ہر کام کا آساں ہونا

