بلاگ

میری پولیس سروس کی یادوں پہ مبنی کتاب ”وہ زمانہ یاد ہے“ سے ایک اقتباس ( 2 )

abdul waheed khan

سال 1990 مانسہرہ۔

یوسف زئی صاحب سے پہلے اکرام الحق صاحب ہمارے ایس پی تھے۔ اپ کا تعلق پنجاب سے تھا شکل و صورت کے ذرا ماٹھے تھے۔ سگریٹ نوشی کے ایسے رسیا کے بس نہ پوچھیں۔ سنجیدہ طبیعت رکھتے تھے لیکن کسی خوش کن بات پر قہقہہ لگا کے خوب ہنستے تھے۔ خال خال ایسے موڈ میں بھی پائے جاتے جس کے بارے میں اے ایس پی شعیب دستگیر یہ تبصرہ کرتے تھے کہ اپ فحش ہونے میں ذرا دیر نہیں لگاتے۔

پورے ضلع میں گوروں کے دور سے قائم تھانہ مانسہرہ سب سے اہم تھانہ تھا۔ یہی وہ تھانہ تھا جس کا ایس ایچ او، ایس پی صاحب اپنی مرضی سے نہیں لگا سکتے تھے۔ ضمیر شاہ نامی سب انسپکٹر کو نیم خواندہ ایم این اے خان اف لائی نے اپنا بیٹا بنا رکھا تھا۔ وہ اس تھانے کے علاوہ اور کہیں جانا پسند نہیں کرتا تھا۔ ایس پی صاحب اس صورتحال میں بے بس بھی تھے اور ناخوش بھی۔ وہ سمجھتے تھے کہ اس سے فورس میں ان کے بارے میں کوئی اچھا پیغام نہیں جاتا۔ وہ ٹھیک ہی سمجھتے تھے لیکن کیا کیا جائے نوکری کے حوالے سے انقلابی خیالات رکھنا اور بات ہے اور انقلابی بننا اور بات۔

بتاتے تھے کہ ہمارے ٹولے سے چار پنجابی اے ایس پی رائج الوقت پالیسی کے مطابق سرحد بھیجے گئے تھے۔ تگڑے پس منظر والے دو تو آئے ہی نہیں جبکہ میں اور ثاقب شاہ آ گئے۔ پالیسی کے مطابق ہمیں یہاں پانچ سال رہنا تھا جبکہ اب 10 سال ہو چلے ہیں اور ہم یہیں ہیں۔ کسی نے مشورہ دیا تھا کہ پشتو نہ سیکھنا نہیں تو واپسی کا کوئی امکان نہیں رہے گا۔ وہ حیلہ بھی کام نہ آیا۔ اب تو لگتا ہے کہ شاید پینشن یاب بھی یہی سے ہوں گے۔ اسے اتفاق کہئے کہ 2012 میں ایسا ہی ہوا۔

اس دوران بس سال بھر کے لیے انہوں نے کراچی میں ان ڈی آئی جی صاحب کے ساتھ کام کیا جو اپنی منفرد ڈگری اور بد زبانی کے لیے خوب مشہور تھے اور ہزارہ والے ڈی آئی جی کی طرح بد زبانی کے وقت بندہ بندہ بھی نہیں دیکھتے تھے۔ یہ وہی ڈی آئی جی تھے جنہیں کراچی میں ایک نازک موقع پر انجام دی گئی خدمت کے ثمر کے طور پر آئی جی بن کے ریٹائر ہونے کے بعد ایک نیا ادارہ قائم کر کے اس کا سربراہ بنایا گیا جب کہ ان کے پیشہ ورانہ پس منظر سے اس عہدے کا کوئی میل تھا ہی نہیں۔

پھر یہی صاحب تھے جنہوں نے، جیسا کہ واقعات بتاتے ہیں، اس ملک کے چیف جسٹس کو ملک ریاض کی لگآئی گئی کڑکی سے نکالا تھا۔ یوں اشرافیہ کا دستور نبھایا لیکن ان دونوں کے جھوٹے امیج کی ہنڈیا بیچ چوراہے کے پھوٹ گئی۔

سروری زیبا فقط اس ذات بے ہمتا کو ہے
حکمراں ہے بس وہی باقی بتان، آزری

میں اب جو واقعہ آپ کو سنانے جا رہا ہوں وہ بظاہر ہر طرح سے ناقابل یقین ہے اور اس قدر ناقابل یقین کہ اس کا چشم دید گواہ ہونے کے باوجود میں آج بھی کچھ شک کرتا ہوں کہ کیا یہ واقعہ ایسے ہی ہوا تھا۔

ہمارے ایس پی یوسف زئی صاحب کی خوبیاں اپنی جگہ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بندہ کتنا ہی سادہ اور با اخلاق کیوں نہ ہو آخر افسری کے بھی اپنے چونچلے ہوتے ہیں۔

ایک دفعہ میں ڈی ایس پی محمد ایوب اور اے ایس پی شعیب دستگیر ان کے دفتر میں موجود تھے کہ مانسہرہ کے کسی گاؤں سے ایک بابا ان کے پاس کسی کام سے آیا۔ ہاتھ میں کھونڈی اور سر پر روایتی شملہ سجائے ہوئے اس نے سامنے پڑی ہوئی کرسیوں میں سے ایک کھینچی اور اس پر بیٹھنے لگا۔ ایس پی صاحب نے اس حرکت کو محسوس کر لیا اور بولے آپ میری اجازت کے بغیر کرسی پر کیسے بیٹھ رہے ہیں۔ بابا نے سکون کے ساتھ کرسی سنبھالی، کھونڈی کرسی کے بازو کے ساتھ ٹکائی اور بولا۔ ایس پی صاحب میں پبلک ہوں اور اپ پبلک سرونٹ۔ یہ کرسی تو میری ہے ہی جس پہ آپ بیٹھے ہیں وہ بھی میری ہے۔

اس غیر متوقع جواب نے ہم سب کو حیران کر دیا کہ دیکھو تو سہی بابا کتنا باشعور اور پراعتماد ہے اور ایک ہندکو محاورے کے مطابق نوسے گھوڑے پر سوار لگتا ہے۔ ایس پی صاحب نے بھی اندازہ لگا لیا کہ بابا لانجے مار ہے لہذا خاموش ہو گئے۔ انہیں احساس ہو گیا تھا کہ یہاں اب وہی صورتحال ہے جو غالب کو درپیش تھی۔

بات پر وہاں زبان کٹتی ہے
وہ کہیں اور سنا کرے کوئی

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW