میرے مطابق

بغداد سے غزہ تک

javed ayaz khan
کہتے ہیں کہ دنیا کی تاریخ میں کچھ دن ایسے ہوتے ہیں جو صدیوں تک لوگوں کو رلاتے رہتے ہیں جن کا دکھ ہمیشہ بے چین رکھتا ہے۔ تاریخ خود کو دہراتی رہتی ہے اور شاید یہ اس لیے بھی ضروری ہوتا ہے کہ لوگ وقت کے ساتھ ساتھ پرانے زخموں کو بھولنے لگتے ہیں تو نئے زخم پھر سے ان کی یاد تازہ کر دیتے ہیں۔ ہر واقعہ کہ مماثلت تاریخ میں کہیں نہ کہیں ضرور موجود ہوتی ہے۔ میں جب بھی سقوط بغداد اور تاتاریوں کی سفاکی کے بارے میں پڑھتا تھا تو مجھے کبھی کبھی یقین نہیں آتا تھا کہ دنیا میں ایسی سفاکی ہو رہی ہو اور پوری دنیا خاموش تماشائی بن کر دیکھتی رہی ہو گی؟ انسانی سروں کے اونچے مینار، مرد، خواتین اور بچوں کی لاشوں سے اٹی گلیاں اور محلے، دریائے دجلہ میں پانی کی جگہ بہتا ہوا انسانی خون، بے رحم تباہی اور قتل عام دیکھا تو نہیں جاسکتا تھا مگر پڑھ کر ہی اس کے تصور سے دل لرز اٹھتا تھا۔ بغداد جیسے علم و فن، حکمت اور روحانیت کے مرکز کی تباہی و بربادی پر دل خون کے آنسو روتا تھا۔ کہتے ہیں کہ دریائے دجلہ کتابوں کی سیاہی سے کالا اور پھر انسانی خون کی فراوانی سے سرخ ہو گیا تھا۔ ہلاکو خان نے علم و حکمت کے صدیوں پرانے چراغ کو مسلمانوں کے خون سے بجھا دیا، انسان تلواروں، نیزوں اور تیروں سے ذبح کر دیے۔ دریائے دجلہ میں پانی کی بجائے لہو بہنے لگا۔

سقوط بغداد سے غزہ تک گو صدیوں کا فاصلہ ہے مگر منظر نامہ ایک جیسا ہے صرف کردار بدل گئے ہیں۔ لیکن درد تو وہی ہے۔ گو تہذیبیں بدل گئی ہیں مگر ظلم و بربریت کا انداز ذرا بھی نہیں بدلا اور نہ ہی پوری دنیا کی خاموشی اور بے حسی میں کوئی فرق آیا ہے۔ تاتاری بے دین اور ننگ انسانیت سمجھے جاتے تھے لیکن آج کا جدید ظالم تو انسانیت کا علم برادر بھی ہے۔ وہ تیروں کی بارش کرتے تھے یہ آگ برسا رہے ہیں ڈرون سے گولیوں اور میزائلوں کی بارش سے تباہی پھیلا رہے ہیں۔ تاتاری سروں کے مینار بناتے تھے یہ دھماکوں سے انسانی جانوں کو فضا میں بکھیر رہے ہیں۔ ہلاکو خان نے بغداد کی لائبریریوں، بیت الحکمت جسے مقامات جلا ڈالے جہاں فلسفہ سائنس، فقہ اور ادب پر محققین کی نظریں جھکی رہتی تھیں۔ لیکن وہی نظر آج غزہ کی درسگاہوں پر ہے۔ اسکول، اسپتال، جامعات سب نشانہ بن چکے کیونکہ ظالم جانتا ہے کہ علم کا چراغ بجھ گیا تو نسلیں اندھیروں میں بھٹک جائیں گی۔ سقوط بغداد کے وقت خلافت کمزور تھی، ریاستیں منتشر اور حکمران عیش و عشرت میں غرق تھے۔ وہی حال آج بھی ہے غزہ چیخ رہا ہے بھلا ان کے لیے کون بول رہا ہے؟ بچے ماؤں کی پھٹی جھولیوں میں پناہیں تلاش کر رہے ہیں۔ ملبے میں دبے ہزاروں بے گور کفن لاشے الگ فریاد کناں ہیں۔ بھوک اور پیاس کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ خوراک کے لیے تڑپتے مرد، بوڑھے، بچے اور خواتین گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ شہادتیں معمول بن چکی ہیں۔

بھوک اور خوراک کی کمی کی باعث سسکتے اور ہڈیوں کے ڈھانچے بنے غزہ کے فلسطینی ہتھیار ڈالنے اور اپنی دھرتی چھوڑنے پر تیار نہیں ہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا بھی شاید غزہ کی خبریں دے دے کر تھک چکا ہے۔ غزہ کے بارے میں رفتہ رفتہ خاموشی بڑھتی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھی تو دل لرزا کر رہ گیا بھوکے فلسطینوں کی خوراک کے لیے جان کی پرواہ نہ کیے بغیر یلغار اور جانوں کا گنوانا معمول بن چکا ہے۔ صحافیوں کی جانوں کو درپیش خطرات کے باوجود ایک ویڈیو بنانے والے انٹرنیشنل فوٹو گرافر نے آنکھ کے آنسو پونچھ کر کہا کہ مجھے ایسا لگا جیسے زمیں تھرتھرا اٹھی ہو، جیسے آسمان رو رہا ہو۔ غزہ کے لوگ رزق کی تلاش میں زندگی ہار رہے تھے۔ وہ کہتا ہے کہ میں نے جنگیں دیکھی ہیں، زلزلے دیکھے ہیں۔ مگر ایسی بھوک نہیں؟ یہ قیامت کی ایک جھلک ہے۔ غزہ کے لاکھوں بچے عالم بے بسی کی اس حالت میں پہنچ گئے ہیں کہ اب تو ایڑیاں رگڑنے کی بھی قوت نہیں رہی۔

بغداد میں خنجر اور تلوار چلی اور غزہ میں بم اور بارود برسا مگر حیرت کی بات ہے کہ مظلوموں کی مزاحمت تب بھی زندہ تھی اور آج بھی زندہ ہے۔ بغداد کے بعد ابن تیمیہ ابھرا، تیمور بن خلدون اور نئی تحریکوں نے جنم لیا اور آج بھی غزہ کے بچے شہادت کے گیت گاتے ہیں ماں کی گود میں کفن سجا ہوا ہے۔ اور چہروں پر وحشت کی بجائے عزم دکھائی دے رہا ہے۔ وہ اپنی دھرتی چھوڑنے پر آمادہ نہیں ہیں ایک جانب مظلوم اور بے بس انسانوں کی چیخ و پکار آسمان چیر رہی ہے تو دوسری جانب دو ارب بے بس مسلمانوں کی دعاؤں نے عرش ہلا کر رکھ دیا ہے۔ تاتاری تو جاہل اور وحشی تھے نہ انسانیت کو جانتے تھے نہ ہی انسانی حقوق کو سمجھتے تھے مگر یہ تو سب جانتے ہیں انسانیت کے علم بردار بنتے ہیں۔ ایک جانب یہ خونریزی جاری ہے تو دوسری جانب پوری دنیا سفارتی اجلاسوں اور مذمتی بیانات میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔ عالمی عدالت اسرائیل کو دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔ لوگ ملک ملک احتجاج اور ریلیاں نکال رہے ہیں لیکن بھلا احتجاج یا دھرنوں سے کب ایسے ظلم کا راستہ رک سکا ہے۔ پوری دنیا آج پھر محو تماشا ہے اور امت مسلمہ بغداد کی طرح غزہ پر بھی دعاؤں اور مذمت کا سہارا لیے ہوئے ہے۔ سقوط بغداد کے بعد جاگنے میں کئی صدیاں لگیں لیکن کیا غزہ کی یہ چیخیں بھی ہماری نیند کا پردہ چاک کر سکیں گیں۔ جی ہاں! غزہ آخری سانسیں لے رہا ہے، زندگی ڈوب رہی ہے اور انسانیت مر رہی ہے لیکن نہتے اور بھوکے پیاسے فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ دنیا یہ تماشا دیکھ رہی ہے۔ عالمی ادارے صرف کاغذی اور زبانی کارروائی کر کے وقت گزار رہے ہیں اور شاید منتظر بھی ہیں کہ کب غزہ بھی بغداد بن جائے اور کب تاریخ اپنے آپ کو دہرائے؟ مصر کے مسلمان عوام بوتلوں میں خوراک بند کر کے سمند ر میں بہا رہے ہیں کہ شاید یہ بہتے ہوئے پانی کے ساتھ بھوکے پیاسے فلسطینیوں تک پہنچ سکیں۔

آج سے سالوں بعد مورخ جب بھی سقوط بغداد کی بات کرے گا تو غزہ کی بربادی کا ذکر بھی کرے گا اور لکھے گا کہ تاتاریوں اور اسرائیلیوں میں کوئی فرق نہیں تھا بلکہ غزہ میں بغداد سے زیادہ ظلم ہوا۔ غزہ کے کھنڈر اور ان کے تلے دبے بے شمار فلسطینی شہداء کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کہ انہوں نے شہادت تو قبول کرلی مگر اپنے وطن کی مٹی نہیں چھوڑی۔ آج غزہ کی حالت دیکھ کر ایسے لگتا ہے کہ انسان تو بھوکا پیاسا پھر بھی زندہ ہے لیکن انسانیت کب کی مر چکی ہے۔ آج فلسطینوں کی قبروں صرف ہڈیاں دفن کی جا رہی ہیں جسم کا گوشت زندہ ہونے کی حالت میں ہی ختم ہو چکا ہے۔ غذائی قلت، بنیادی ادویات اور علاج کی کمی کے نتیجے اور زندگی کی بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی کی باعث بھوک اور بیماری سے یہ ہڈیوں کے ڈھانچے ہر روز اپنی سانسیں گنوا رہے ہیں۔ ایسا تو تاتاریوں نے بغداد میں بھی نہیں کیا تھا۔ تاتاری بہت ظالم تھے بے دریغ قتل و غارت، علم و تہذیب کی تباہی، مذہبی مقامات کی بے حرمتی، نفسیاتی و ذہنی غلامی کے ہتھکنڈے اور کفر کی تمام تر چالاکیوں کے باوجود اس طرح کی سفاکیت، بھوک پیاس کی اذیت کا بطور ہتھیار استعمال دکھائی نہیں دیتا جب سرحدیں تک بند کر کے خوراک روک دی گئی ہو۔

کہتے ہیں کہ موت کی خوفناک، المناک اور اذیت ناک صورت بھوک سے واقع ہوتی ہے۔ اس وقت اقوام متحدہ کے مطابق دس لاکھ بچے اس بھیانک موت کے خطرے سے دوچار ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق چھ ہزار ٹرک غزہ کے بارڈر پر خوراک لیے کھڑے ہیں لیکن اسرائیل اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہا۔ آج کا یہ سفاک تاتاری تلوار کے ایک دفعہ کے وار سے ہی زندگی کا خاتمہ نہیں کر رہا بلکہ بھوک، پیاس، بیماری کی طویل اذیت کے بعد گولیاں مار رہا ہے اور شاید ظلم کی تاریخ میں ان صیہونی دہشت گردوں نے تاتاریوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جی ہاں! غزہ ڈوب رہا ہے اور دنیا اسے ڈوبتے دیکھ رہی ہے اور یہ تاریخ لکھی جا رہی ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW