بلاگ

پاکستان میں کمسن بچوں کا جنسی استحصال اور قتل، سزا یا روک تھام؟

gohar taj

ایک مقبول آن لائن میگزین کے مدیر نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ کے علم میں کوئی ایسا واقعہ ہے جس میں ایک سال کی بچی کا ریپ ہوا ہو؟ اگر ہے تو پلیز لکھیے۔ ”اب یہ محض اتفاق ہے کہ اسی زمانے میں ہم نے ایک ڈیڑھ سالہ بچی کا اپنے باپ کے ہاتھوں ریپ کا دردناک واقعہ پڑھا تھا۔ اس ریپ کے نتیجہ میں اس بچی کی ذہنی صحت پہ جنسی اور مجرمانہ رویے کی صورت انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے۔ بچی کی طویل عرصے تھراپی ہوئی جس کے بعد وہ ایک کامیاب نرس بنی۔ یہ واقعہ امریکہ کا تھا، جہاں باتیں ڈھانکی نہیں بلکہ سامنے لائی جاتی ہیں۔ اس کے برعکس ہمارے یہاں گھروں میں اپنے قریبی رشتہ دار مردوں بلکہ بھائیوں بلکہ انتہائی صورت میں باپ کے ہاتھوں ریپ اور حاملہ ہونے کے واقعات کو چھپا لیا جاتا ہے۔ خاندان کی عزت یا بدنامی کے خوف کے علاوہ ہماری یہ خام خیالی کہ ہم اسلامی مملکت کے شہری ہیں اور مسلمانوں میں ایسا غلط کام نہیں ہوتے۔ یہ تو مغربی ثقافت کا حصہ ہیں۔

شترمرغ کی طرح ریت میں منہ چھپائے اس معاشرے میں ہم نے دیکھ لیا ہے کہ اس مملکت اسلامی میں آج کیا کچھ نہیں ہو رہا۔ انٹرنیٹ اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں ہر بات شفاف آئینے میں عکس کی طرح عیاں ہو جاتی ہے۔ اس حوالے سے ملاحظہ کیجئے میری کتاب ”آئینہ سفاک ہے“ جس میں مشرق اور مغرب دونوں ہی سماج میں درپیش اس قسم کے مسائل کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں بچوں کے جنسی تشدد کی صورتِ حال انتہائی تشویش ناک ہے۔ یونیسف کے مطابق تقریباً 65 کروڑ لڑکیاں اور خواتین اور 41 سے 53 کروڑ لڑکے و مرد بچپن میں جنسی تشدد کا سامنا کر چکے ہیں۔

پاکستان میں Sahil کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق بچوں کے خلاف 3,630 رپورٹ شدہ جرائم سامنے آئے، جن میں ریپ، اجتماعی ریپ، بدفعلی، اغوا اور گمشدگی شامل ہیں۔ ان میں 522 ریپ، 108 اجتماعی ریپ، 596 بدفعلی اور 130 اجتماعی بدفعلی کے کیسز شامل تھے، جبکہ 58 بچوں کو جنسی تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق لڑکیاں 53 فیصد اور لڑکے 47 فیصد متاثرین تھے، جبکہ 11۔ 15 سال کی عمر کے بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ساحل واضح کرتا ہے کہ یہ صرف رپورٹ شدہ واقعات ہیں ؛ سماجی دباؤ، خوف، بدنامی اور کم رپورٹنگ کے باعث اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

افسوسناک بات ہے کہ انڈیا اور فلپائن کے بعد چائلڈ جنسی استحصال میں اس وقت پاکستان کا تیسرا نمبر ہے۔ جہاں ساحل کی رپورٹ کے مطابق 2025 ء میں نو سے زیادہ بچے روزانہ جنسی استحصال کا شکار ہوئے جو 2024 ء کے مقابلے میں آٹھ فی صد زیادہ ہے۔ واضح ہو کہ ان واقعات میں واضح اکثریت کا تعلق صوبہ پنجاب سے ہے۔

2018 ء میں قصور کی سات سالہ زینب انصاری کیس ہوا جب وہ سپارہ پڑھنے جا رہی تھی۔ کیس میں ایک انتہائی اہم پہلو یہ تھا کہ مجرم متاثرہ خاندان کے لیے کوئی دور کا اجنبی نہیں بلکہ اسی علاقے میں رہتا تھا۔ یہ اس تصور کو چیلنج کرتا ہے کہ بچوں کو صرف ”اجنبیوں“ سے خطرہ ہوتا ہے۔

تاہم واضح رہے کہ یہ قصور میں ہونے والا ایک واحد قتل کا کیس نہیں بلکہ منظم بچوں کے جنسی استحصال کا ایک بڑا اسکینڈل تھا۔

زینب انصاری کے افسوسناک واقعہ سے آج تک تواتر سے ہونے والے واقعات نے عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔

کچھ فیمنسٹ لکھاریوں کا زور اس پر ہے کہ ساری درندگی عورتوں کے ساتھ ہی ہو رہی ہے۔ جبکہ حقائق اور اعداد و شمار اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ یہ جرائم معاشرے کی سماجیات کے تناظر میں پاور اور کں ٹرول گیم کی پیداوار ہیں۔ جس میں لڑکوں اور مردوں کا بھی استحصال ہوتا ہے۔ بلاشبہ انسانیت کی بالادستی کی جدوجہد میں فیمنزم ایک لازمی حصہ ہے لیکن کل نہیں۔

عوام کا عمومی ردعمل مجرموں کو سرعام پھانسی پہ لٹکانے کی سزا کا حامی ہے، تاکہ اس کے انجام سے دوسروں کو عبرت حاصل ہو۔ بطور سوشل ورکر میں سمجھتی ہوں کہ ایسے سنگین واقعات کے محرک کا تجزیہ جذبات کے بجائے منطقی انداز میں ہو، جو نفسیاتی، سماجی، ثقافتی، معاشی اور قانونی عوامل کے باہمی اثر کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم ان عوامل کو ٹھنڈے دل سے سمجھنے کی کوشش کریں۔ چونکہ ایسے واقعات کا تناسب لڑکیوں میں زیادہ ہے لہذا ہم یہ بھی سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ ایسا کیوں ہے؟

1۔ نفسیاتی پہلو

طاقت اور کنٹرول کی خواہش:

بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی ہمیشہ صرف جنسی خواہش کا نتیجہ نہیں ہوتی۔ کئی صورتوں میں اصل محرک طاقت، غلبہ اور کمزور فرد پر کنٹرول ہوتا ہے۔ بچیاں جسمانی اور سماجی طور پر زیادہ بے بس ہوتی ہیں، اس لیے مجرم انہیں آسان ہدف سمجھ سکتا ہے۔

یہاں ایک عام غلط فہمی کو دور کرنا ضروری ہے۔
واضح ہو کہ ہر بچہ جنسی زیادتی کرنے والا شخص ذہنی مریض یا ”پاگل“ نہیں ہوتا۔

بعض مجرم بظاہر عام زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔ بعض میں جنسی انحراف، antisocial personality traits، شدید aggression، empathy کی کمی یا بچوں پر اختیار حاصل کرنے کا رجحان ہو سکتا ہے ؛ لیکن ہر کیس کی نفسیاتی ساخت مختلف ہوتی ہے۔

بچوں کی طرف جنسی رغبت:

کچھ مجرموں میں بچوں کی طرف مستقل جنسی کشش پائی جاتی ہے۔ لیکن یہ سمجھنا درست نہیں کہ ہر بچہ جنسی زیادتی کرنے والا شخص لازماً نفسیاتی طور پر پیڈوفائل ہوتا ہے۔ بچوں کے ساتھ جنسی تشدد کے محرکات مختلف ہو سکتے ہیں۔

ہمدردی یا empathy کا فقدان اور جارحیت:

کچھ مجرموں میں دوسروں کے دکھ اور تکلیف کے لیے شدید بے حسی، جارحیت، بے قابو پن یا سماج دشمن رویے پائے جاتے ہیں۔ ایسے عوامل موقع ملنے پر تشدد کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔

احساسِ برتری اور حق جتانا:

ایسا معاشرہ جہاں مرد کو عورت یا بچی پر اختیار کا غیر معمولی احساس دیا جاتا ہے، وہاں بعض افراد اس غلط تصور کو انتہائی شکل دے کر جنسی یا جسمانی تشدد کا جواز پیدا کر لیتے ہیں۔

تاہم نفسیاتی عوامل اکیلے کافی نہیں ہوتے۔ خطرہ اس وقت بڑھتا ہے جب مجرم کے استحصالی رجحان کو مندرجہ بالا وجوہات کی وجہ سے مزید تقویت ملی ہو۔

اس کی بچے تک رسائی، خاندان/معاشرے کی خاموشی، بچے کی بے بسی، ملک کے کمزور ادارے، بالخصوص قانونی ادارے اور گرفتاری کا کم امکان ہو، معاشرے میں تشدد کی فضا ہو۔

2۔ سماجی اور ثقافتی عوامل

صنفی عدم مساوات:

ایسے معاشروں میں جہاں لڑکیوں کو کم تر سمجھا جاتا ہے، ان کی آزادی محدود ہوتی ہے اور ان کے حقوق کمزور ہوتے ہیں، جنسی تشدد کے خلاف مزاحمت بھی مشکل ہو سکتی ہے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے مطابق اس سلسلے میں پاکستان دنیا میں سب سے نچلی سطح پہ ہے۔ یعنی 148 ممالک میں اس کا شمار 148 ہے۔

خاموشی اور بدنامی کا خوف:

بعض معاشروں میں جنسی زیادتی کا الزام متاثرہ بچی یا اس کے خاندان ہی پر ڈال دیا جاتا ہے۔ خاندان بدنامی کے خوف سے واقعہ چھپا دیتا ہے۔ اس خاموشی سے مجرم کو مزید جرائم کا موقع مل سکتا ہے۔

تشدد کا معمول بن جانا:

اگر گھر یا معاشرے میں مارپیٹ، گھریلو تشدد اور جارحانہ رویوں کو معمول سمجھا جائے تو بچے بھی تشدد کو طاقت کے اظہار کا ایک قابلِ قبول طریقہ سمجھنے لگ سکتے ہیں۔

غیر محفوظ ماحول:

غربت، بے گھر ہونا، خاندانی عدم استحکام، جنگ یا نقل مکانی، کم عمری میں کام کرنا، یا قابلِ اعتماد بالغوں کی عدم موجودگی بچوں کو زیادہ خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

3۔ ریپ کے بعد قتل کیوں ہوتا ہے؟

ہم جانتے ہیں کہ ہر ریپ کا انجام قتل پہ نہیں ہوتا لیکن حالیہ واقعات میں ہم نے درندگی کی ایسی بہیمانہ مثالیں دیکھی ہیں۔ جنسی زیادتی کے بعد قتل انتہائی سنگین اور الگ نوعیت کا جرم ہے۔ جنسی زیادتی کے بعد قتل کی بعض اہم وجوہات یہ ہو سکتی ہیں :

مجرم کا گواہ ختم کرنے کی کوشش کرنا۔
شناخت یا گرفتاری کے خوف سے متاثرہ کو قتل کرنا۔
شدید جارحیت یا سفاکانہ رویہ۔
مزاحمت یا رپورٹ کرنے کی دھمکی پر انتہائی تشدد۔
متاثرہ کو انسان کے بجائے محض ایک ”چیز“ سمجھنا۔

بچوں کا جنسی استحصال ایک سنگین سماجی، نفسیاتی اور انسانی مسئلہ ہے۔ اس کی روک تھام صرف والدین کی ذمہ داری نہیں بلکہ گھر، اسکول، معاشرے، ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

بچوں کے جنسی استحصال اور قتل کی روک تھام کے لیے چند اہم نکات

1۔ سخت اور یقینی سزا: ثابت شدہ مجرم کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور انصاف بروقت ہو۔

2۔ مضبوط حفاظتی نظام: اسکولوں، مدارس اور بچوں کے اداروں میں بچے کی حفاظتی پالیسیاں Child Protection Policies لازمی ہوں۔

3۔ مجرموں کی نگرانی: سزا یافتہ جنسی مجرموں کی قانونی نگرانی اور بچوں کے ساتھ کام کرنے پر مناسب پابندیاں ہوں۔

4۔ بچوں کی آگاہی: بچوں کو ذاتی حدود، محفوظ و غیر محفوظ لمس اور آن لائن خطرات سے آگاہ کیا جائے۔

5۔ والدین و اساتذہ کی تربیت: بچوں کے رویے میں غیر معمولی تبدیلیوں اور خطرے کی علامات کو پہچاننے کی تربیت دی جائے۔

6۔ فوری رپورٹنگ اور انصاف: پولیس، طبی اداروں، Child Protection اور عدالت کے درمیان موثر رابطہ اور تیز کارروائی ہو۔

7۔ نفسیاتی مدد: متاثرہ بچوں کو طبی، نفسیاتی اور خاندانی معاونت فراہم کی جائے۔

8۔ آن لائن تحفظ: بچوں کو آن لائن جنسی استحصال، بلیک میلنگ اور نامناسب رابطوں سے محفوظ رکھنے کے موثر اقدامات کیے جائیں۔

الغرض بچوں کے تحفظ کے لیے صرف سخت سزا کافی نہیں ؛ سخت اور یقینی قانون، بروقت انصاف، آگاہی، نگرانی، محفوظ ادارے اور نفسیاتی مدد پر مشتمل جامع نظام ضروری ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW