میرے مطابق

آج کا سندھی: آرام دہ دائرے سے نکل کر عالمی افق تک

Abdullah Usman Morai

سندھیوں کے بارے میں اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے گھروں اور آرام دہ زندگی یعنی ‘کمفرٹ زون’ سے باہر نکلنا پسند نہیں کرتے۔ کسی حد تک یہ بات درست بھی لگتی ہے کیونکہ سندھی معاشرہ تاریخی طور پر اپنی دھرتی، گاوں، خاندان اور روایات کے ساتھ گہری وابستگی رکھتا رہا ہے اور رکھتا چلا آ رہا ہے۔ کئی خاندانوں کے پاس اتنا کچھ ہوتا تھا کہ روزمرہ کی زندگی آسانی سے گزر جاتی تھی۔ اسے سندھی میں "مانی مچھی وارو خاندان” (روٹی اور مچھلی والا گھرانہ) کہا جاتا ہے، یعنی گھر میں روٹی اور مچھلی موجود ہے جو بقا کے لیے کافی ہے۔ دوسرے لفظوں میں اسے یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ اگر گھر میں سکھ، شانتی اور روٹی میسر ہے تو پھر پردیس جانے کی کیا ضرورت؟ لیکن اگر تاریخ کے ورق الٹائے جائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ سندھی ہمیشہ سے محض کمفرٹ زون والی زندگی کے عادی نہیں رہے اور تاریخی طور پر یہ بات غلط ثابت ہوتی ہے۔

شاہ عبداللطیف اور سمندری سفر

تین چار سو سال قبل، سندھ کے عظیم صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی نے اپنی شاہکار تصنیف ‘شاہ جو رسالو’ میں، خاص طور پر "سر سامونڈی” میں ان سندھیوں کا ذکر کیا ہے جو تجارت کے لیے دور دراز ممالک کے سفر کرتے تھے۔ لطیف سائیں نے سندھی سمندری تاجروں، ونجاروں (بیوپاریوں)، ملاحوں اور مسافروں کی جدوجہد، امیدوں اور قربانیوں کو اپنی شاعری میں خراجِ تحسین پیش کیا اور جو کاروبار کے لیے دور دور تک سفر کرتے تھے انہیں امر کر دیا۔

یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سندھی تجارت اور روزگار کے لیے بیرونِ ملک جانے سے واقف تھے۔ ممکن ہے کہ ان میں سے زیادہ تر ہندو سندھی تاجر رہے ہوں، لیکن مجموعی طور پر سندھ کی دھرتی نے ایسے لوگوں کو جنم دیا جو سمندر پار کر کے دنیا سے ناطے جوڑتے تھے یعنی پورے سندھ میں شعور اور بیوپار کا جذبہ موجود تھا۔

گھر سے لگاو: مجبوری یا پسند؟

بہت سے سندھی گھر چھوڑنے سے اس لیے بھی کتراتے رہے کیونکہ ان کی بنیادی ضرورتیں گاوں اور شہروں میں ہی پوری ہو جاتی تھیں۔ باہر جانے کا مطلب تھا ایک طویل عرصے تک خاندان سے دور رہنا، جو سندھی معاشرے کے لیے ایک مشکل فیصلہ ہوتا تھا۔ اسی لیے کئی لوگ بڑے شہروں میں محض تھوڑے وقت کے لیے جاتے تھے یعنی صبح کسی بڑے شہر کام کاج، تجارت یا ملاقات کے لیے گئے اور پھر شام کو واپس اپنے گاوں یا شہر لوٹ آتے تھے۔

وقت کا بدلنا اور تبدیلی کے اسباب

وقت کے ساتھ حالات تبدیل ہو گئے۔ دیہی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں میں کمی نے سندھ کے دیہات کو متاثر کیا۔ پانی کی قلت کے مسائل، امن و امان کی خراب صورتحال، بڑھتی ہوئی آبادی، خاندانوں کا پھیلاو، آبائی زمینوں کی تقسیم اور اعلیٰ تعلیم کا شوق وہ محرکات بنے جنہوں نے سندھیوں کو نئی راہ اور نئے راستے تلاش کرنے پر مجبور کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے اندر رہنے والی دیگر اقوام کی جانب سے کی جانے والی طنز و مزاح اور یہ طعنے کہ "سندھی گھر سے باہر نہیں نکلتے”، سندھی نوجوانوں کے لیے ایک چیلنج بن گئے کہ وہ خود کو ملکی اور عالمی سطح پر ثابت کریں۔

دنیا کے ہر کونے میں آج کا سندھی

اعلیٰ تعلیم کی تڑپ اور تحقیق کا جذبہ سندھیوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔ آج کا سندھی مختلف ہے۔ آج کا سندھی نوجوان، خواہ لڑکا ہو یا لڑکی، دنیا کے ہر کونے میں ملے گا۔ یورپ میں ہزاروں سندھی طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، کئی وہاں ملازمتیں کر کے میزبان ممالک کا حصہ بن چکے ہیں۔ پاکستان کے اندر بھی سندھی بڑے شہروں کی طرف منتقل ہوئے ہیں، خاص طور پر کراچی اور اسلام آباد میں سندھیوں کی نمایاں موجودگی نظر آتی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اب وہ گھر تک محدود نہیں رہے۔

آج کل سندھی دبئی، ابوظہبی، سعودی عرب اور مسقط میں کاروبار، ملازمتیں اور سروسز انجام دیتے ہوئے ملیں گے۔ برطانیہ کے مختلف شہروں میں صحت، فنانس، آئی ٹی اور کاروبار میں سرگرم نظر آئیں گے۔ امریکہ اور کینیڈا میں ٹیکنالوجی، طب، انجینئرنگ اور تحقیق کے شعبوں سے وابستہ ہیں۔ سنگاپور، ہانگ کانگ، ملائیشیا اور انڈونیشیا میں انہوں نے پرانی تجارتی روایات کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کینیا، جنوبی افریقہ، یوگنڈا، روانڈا اور لاطینی امریکہ کے ممالک جیسے کہ چلی میں بھی سندھی کمیونٹیز موجود ہیں جہاں وہ کاروبار سے وابستہ ہیں۔ دنیا کے دیگر ممالک مثلاً چین، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جرمنی اور اٹلی میں سندھی طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور وہاں کے معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دنیا کے مختلف جزائر تک بھی سندھیوں کے قدم پہنچ چکے ہیں۔

عزت و وقار کا قانونی راستہ

ایک اہم اور خوش آئند بات یہ ہے کہ زیادہ تر سندھی لوگ قانونی طریقے، یعنی اسٹوڈنٹ ویزا، بزنس یا ورک ویزا اور جائز ہجرت کے ذریعے باہر جانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ سندھیوں میں "ڈنکی” (غیر قانونی ہجرت) یا خطرناک طریقوں سے باہر جانے کا رجحان اب تک عام نہیں ہے، جس کے ثبوت بہت کم ملتے ہیں اور نہ ہی ایسے عمل کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ قانونی راستہ اختیار کرنا نہ صرف ذاتی وقار ہے بلکہ پوری قوم کا نام روشن کرنا بھی ہے۔ اگر کوئی ایک شخص غلط راستہ اختیار کرتا ہے تو اس کا الزام پوری قوم پر آتا ہے۔ چنانچہ آج کے سندھی نوجوان کا یہ "صاف اور قانونی راستہ” ان دیگر نوجوانوں کے لیے راہ ہموار کر رہا ہے جو مستقبل میں عالمی برادری کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

آخر میں یہ کہنا مقصود ہے کہ کبھی کبھی قوموں کو آگے بڑھنے کے لیے طنز، تکلیفیں اور بحران بھی درکار ہوتے ہیں۔ امن و امان کے مسائل، معاشی دباو¿ اور علم کی تلاش، یہ سب سندھیوں کو نئے افق تلاش کرنے کی سمت لے گئے ہیں۔

شاہ لطیف کے سمندری مسافروں سے لے کر آج کی یورپی یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے سندھی نوجوانوں تک کا یہ ایک ہی سفر، سیکھنے اور شناخت کا تسلسل ہے۔ آج کے سندھی نہ صرف اپنی دھرتی سے جڑے ہوئے ہیں بلکہ دنیا سے بھی منسلک ہیں۔

سندھی اب محض "مانی مچھی” کھا کر خوش رہنے تک محدود نہیں رہے۔ وہ علم، وقار، عالمی شہریت اور مستقبل کی تلاش میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اپنی محنت سے آگے بڑھنے کا عزم لے کر نکلے ہیں۔ شاید یہی قوموں کی اصل خوبصورتی ہوتی ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments
Advovate Muhammad Ali Sahito
Advovate Muhammad Ali Sahito
9 months ago

Nice

Abdullah
Abdullah
9 months ago

Thanks a lot!

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW