کراچی میں ٹریفک حادثات کی وجوہات
روزانہ اخباروں میں خبریں چھپتی ہیں اور ٹی وی پر دکھائی جاتی ہیں کہ آج اتنے حادثات ہوئے اور اتنے افراد مر گئے یا زخمی ہو گئے۔ ان حادثات کا شکار اکثر موٹر سائیکل سوار ہوتے ہیں اور ان حادثات کا ذمّہ دار اکثر بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ٹھہرایا جاتا ہے۔ کوئی یہ نہیں دیکھتا کہ غلطی موٹر سائیکل سوار کی بھی ہو سکتی ہے۔ اور اکثر غلطی ان ہی کی ہوتی بھی ہے۔ ہر شخص یہ سمجھتا ہے کہ اگر اس کے پاس گاڑی یا موٹر سائیکل ہے اور اسے اسٹارٹ کرنا آتا ہے تو وہ گاڑی یا موٹر سائیکل چلا بھی سکتا ہے۔ اسے کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ ٹریفک کے کچھ قوانین بھی ہوتے ہیں جن کا نہ صرف جاننا ضروری ہے بلکہ محفوظ سفر کے لئے ان قوانین پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔ وہ یہ نہیں سوچتا کہ حادثے کی صورت میں وہ زخمی ہو کر تمام عمر کے لئے معذور بھی ہو سکتا ہے یا مر سکتا ہے اور دوسرا شخص بھی زخمی ہو سکتا ہے یا مر سکتا ہے۔ اکثر کم عمر ڈرائیور کو بھی حادثے کا ذمّہ دار ٹھہرا دیا جاتا ہے۔ میری نظر میں اور میرے مشاہدہ کے مطابق ان حادثات کی وجہ ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا ہے۔ ہر شخص سمجھتا ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہے۔ یا ٹریفک کے قوانین تو دنیا کے قوانین ہیں یہ کوئی مذہبی قوانین نہیں ہیں اگر ان پر عمل نہ بھی کیا جائے تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر مذہبی افراد بھی ٹریفک قوانین کی پابندی یا پاسداری کرتے نظر نہیں آتے۔ اس مضمون میں ہم یہ جائزہ لیں گے کہ وہ کون سی غلطیاں ہیں اور کون سے قوانین ہیں جن پر عمل کر کے ان حادثات سے بچا جاسکتا ہے۔
1۔ تیز رفتاری۔ ٹریفک حادثات کی یہ ایک سب سے بڑی وجہ ہے۔ کار ہو، موٹر سائیکل ہو یا بس و ٹرک وغیرہ۔ ہر ایک سواری کا ڈرائیور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتا نظر آتا ہے اور اس پر وہ فخر بھی کرتا ہے۔ اسی تیز رفتاری کے ساتھ وہ دوسری گاڑیوں کو غلط طریقے سے اوورٹیک کرتا ہوا بھی نظر آتا ہے۔ قانون کے مطابق بائیں جانب سے اوورٹیک کرنا منع ہے لیکن کوئی شخص اس کی پابندی کرتا نظر نہیں آتا۔ اکثر میرے ساتھ ایسا ہوا کہ مجھے بائیں جانب مڑنا ہے اور میں نے اس کے لئے اشارہ یعنی انڈیکیٹر بھی دیا ہے۔ اس کے باوجود اکثر موٹر سائیکل والے اور تیز رفتار کار والے بھی تیزی سے بائیں طرف سے اوورٹیک کرتے ہوئے نکل جاتے ہیں میں ششدر ہو کر رہ جاتا ہوں اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ میں حادثہ سے بچ گیا۔ اکثر یہ بھی دیکھا گیا کہ موٹر سائیکل والے حضرات ٹرک کے بائیں جانب سے اوورٹیک کر کے اچانک ٹرک کے سامنے آ جاتے ہیں جب کہ ٹرک ڈرائیور کو بائیں جانب سے آنے والی موٹر سائیکل نظر نہیں آتی۔ اس طرح موٹر سائیکل والا حادثہ کا شکار ہو جاتا ہے۔
2۔ لین کا خیال نہ رکھنا: ترقّی یافتہ ممالک میں سڑک پر لین بنی ہوتی ہیں۔ اور یہ تصوّر بھی نہیں کیا جاتا کہ کوئی شخص ان لین کی خلاف ورزی کرے گا جب کہ ہمارے یہاں لین کا کوئی تصّور ہی نہیں ہے۔ تین لین کی سڑک پر چار پانچ گاڑیاں چل رہی ہوتی ہیں اور ان کے درمیان موٹر سائیکلیں بھی ہوتی ہیں اور بعض اوقات دو گاڑیوں یا گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان نصف فٹ کا فاصلہ بھی نہیں ہوتا۔ اس پر مستزاد یہ کہ ہر سواری دوسری سواری سے آگے نکلنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہے۔ اس کوشش میں وہ اکثر آپس میں ٹکرا بھی جاتی ہیں۔ اس کے بعد دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے درمیان لڑائی بھی ہوتی ہے کہ کون قصوروار ہے۔
3۔ سڑک کے الٹی طرف چلنا: یہ ایک بہت ہی عام بات ہے اور کسی کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ یہ ایک غلط حرکت ہے جو نہ صرف ٹریفک کی روانی کو روکتی ہے بلکہ حادثات کا سبب بھی بنتی ہے۔ اس کی عام طور پر دو وجوہات نظر آتی ہیں۔ ایک یہ کہ جب کبھی ٹریفک کی روانی کسی وجہ سے متاثّر ہوتی ہے اور ٹریفک سست ہو جاتا ہے تو پیچھے آنے والی گاڑیاں یوٹرن کر کے الٹا چلنا شروع کر دیتی ہیں دوسرا یہ کہ اگر انہیں دو رویہ سڑک پر دوسری طرف جانا ہے اور یوٹرن کچھ دور ہے تو وہ آگے جاکر یوٹرن کرنے کے بجائے اپنی طرف الٹا چلنا شروع کر دیتے ہیں اور یہ احساس نہیں کرتے کہ اس کی وجہ سے دوسروں کو تکلیف ہو گی یا کوئی حادثہ بھی ہو سکتا ہے۔ اس رویہ میں کار اور موٹر سائیکل دونوں ہی شامل ہیں لیکن موٹر سائیکل والوں کی تعداد زیادہ دکھائی دیتی ہے۔ اگر کسی الٹی طرف گاڑی چلانے والے ڈرائیور کو متنبّہ کیا جائے تو وہ بجائے شرمندہ ہونے کہ لڑائی جھگڑے پر آمادہ ہو جاتا ہے۔
4۔ سگنل یا اشارہ کی خلاف ورزی: یہ ایک بہت ہی عام غلطی ہے جو اکثر حادثات کا سبب بنتی ہے۔ اکثر ڈرائیور چاہے وہ کار والے ہوں یا موٹر سائیکل والے سگنل بند ہونے پر رکنا گوارا نہیں کرتے اور گاڑیاں گزرتی رہتی ہیں یہاں تک کہ دوسری طرف کی گاڑیاں جن کا سگنل کھلا ہوتا ہے وہ چل نہیں پاتیں اور کبھی کبھی ٹریفک بے ہنگم ہو کر رہ جاتا ہے۔ اور کبھی دوسری طرف سے آنے والی گاڑی سے ٹکّر ہو جاتی ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ جب ایک طرف کا سگنل کھلا ہوتا ہے دوسری طرف سے اکثر موٹر سائیکل والے اور کبھی کبھی کار والے ڈرائیور بھی رکنے کے بجائے تیزی سے گزرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سگنل کھلنے سے پہلے آگے بڑھنا شروع کر دیتے ہیں اور دوسری طرف کی گاڑیوں کے راستے میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ اپنے اس عمل پر وہ اپنے آپ کو بہت ہوشیار اور دوسروں کو بے وقوف سمجھتے ہیں۔
5۔ زیبرا کراسنگ یا اسٹاپ لائن پر نہ رکنا: یہ بھی ایک بہت عام مشاہدہ ہے۔ کوئی گاڑی والا سگنل بند ہونے پر زیبرا کراسنگ سے پہلے رکنا پسند نہیں کرتا۔ بلکہ کافی آگے جا کر رکتا ہے یہاں تک کہ دوسری طرف سے آنے والا ٹریفک مشکل کا شکار ہو جاتا ہے۔ اور کبھی کبھی حادثہ کا سبب بھی بنتا ہے۔ لیکن کسی کے کان پر جوں بھی نہیں رینگتی۔
6۔ سواریوں کی تعداد : ہر گاڑی کے لئے سواریوں کی ایک تعداد مخصوص ہوتی ہے۔ جیسے ایک کار چار سے پانچ افراد اور ایک موٹر سائیکل دو افراد کے لئے ہوتی ہے۔ لیکن یہ اکثر دیکھا جاتا ہے کہ ایک گاڑی میں چھ سے سات اور ایک موٹر سائیکل پر تین سے چار افراد سفر کر رہے ہوتے ہیں۔ ایسی صورت میں موٹر سائیکل والا بریک بھی صحیح سے نہیں لگا سکتا اور نہ ہی اسے صحیح سے قابو میں رکھ سکتا ہے۔
7۔ سیٹ بیلٹ کا فقدان: حالانکہ آج کل ہر کار میں سیٹ بیلٹ ہوتی ہے لیکن اکثر ڈرائیور اس کا استعمال غیر ضروری سمجھتے ہیں۔ جب قانونی طور پر اس پر سختی ہوئی اور چالان ہونے لگے تو کچھ افراد نے اس کا استعمال شروع کیا مگر ہر وقت نہیں۔ بلکہ پرانی گاڑیوں کے ڈرائیور سیٹ بیلٹ لگوانے کے بجائے نقلی سیٹ بیلٹ سینے پر لگانے لگے جو دور سے سیٹ بیلٹ کی طرح نظر آئے۔ انہیں سیٹ بیلٹ ایک اضافی بوجھ نظر آتا ہے بجائے اس کے کہ وہ اسے اپنی حفاظت کا ذریعہ سمجھیں۔
8۔ ہیلمٹ کے استعمال کا فقدان: موٹر سائیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ کا استعمال نہ صرف قانونی طور پر ضروری ہے بلکہ ان کی جان کی حفاظت کے لئے بھی ضروری ہے۔ لیکن ہر موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کو اپنے لئے ایک اضافی بوجھ سمجھتا ہے۔ کچھ مذہبی افراد جو پگڑی استعمال کرتے ہیں وہ ہیلمٹ استعمال کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے اور اسے مذہبی آزادی کے خلاف سمجھتے ہیں۔ جب سے اس کے استعمال کے لئے قانونی سختی شروع ہوئی اور چالان ہونے لگے تو انہوں نے واویلا مچانا شروع کر دیا۔ بعض افراد ہیلمٹ سر پر رکھنے کے بجائے موٹر سائیکل پر رکھے ہوتے ہیں۔ کوئی شخص ہیلمٹ کو اپنی جان کی حفاظت کا ذریعہ نہیں سمجھتا۔
9۔ بچّوں کی حفاظت کی طرف سے غفلت:ہمارے یہاں بچوں کی حفاظت کے بارے میں کوئی تصوّر نہیں پایا جاتا۔ جو غلط حرکتیں دیکھنے میں آتی ہیں ان میں چند یہ ہیں :
(الف) کار میں بے بی کار سیٹ کا نہ ہونا: تمام ترقّی یافتہ ممالک میں بغیر بے بی کار سیٹ کے بچّے کو کار میں نہیں لے جایا سکتا یہاں تک کہ ایک نوزائیدہ بچّے کو اسپتال سے اس وقت تک رخصت نہیں کیا جاتا جب تک والدین بے بی کار سیٹ کا ثبوت اسپتال کو فراہم نہ کریں۔ لیکن ہمارے یہاں اس کا کوئی تصوّر ہی نہیں ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ اکثر لوگ بچّوں کو گود میں لے کر بیٹھے ہوتے ہیں۔ اس سے زیادہ غیر احتیاطی عمل جو دیکھنے میں آتا ہے وہ ڈرائیور بچّے کو گود میں لے کر گاڑی چلا رہا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اکثر بچّے کار کی کھڑکی سے باہر سر نکالے ہوتے ہیں جو کسی بھی چیز سے ٹکرا سکتا ہے۔ اگر ان ڈرائیوروں کو توجّہ دلائی جائے تو شرمندہ ہونے کے بجائے کہتے ہیں کہ آپ کو کیا پریشانی ہے۔
(ب) موٹر سائیکل پر بچّوں کو لے جانا: اکثر افراد کئی کئی بچوّں کو موٹر سائیکل پر بٹھاکر لے جاتے ہیں خاص طور پر اسکول لے جاتے ہوئے۔ ایک دو بچّے پیچھے سیٹ پر بیٹھے ہوتے ہیں اور ایک دو بچّے پیٹرول کے ٹینک پر۔ کسی کو خیال نہیں ہوتا کہ یہ کتنا غیر محفوظ ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی دیکھا گیا کہ پیچھے سیٹ پر کوئی خاتون نو زائیدہ بچّے کو گود میں لے کر بیٹھی ہوتی ہے۔ اور اگر کسی گڑھے کی وجہ سے موٹر سائیکل اچھل جائے تو وہ بچّہ گود سے نکل کر سڑک پر گر سکتا ہے۔ لیکن ان کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔ اگر کوئی حادثہ ہو جائے تو روتے ہیں اور دوسرے کو قصوروار ٹھہراتے ہیں۔
(ج) بچّوں کا موٹر سائیکل چلانا: اکثر والدین چھوٹے بچّوں کو موٹر سائیکل دے دیتے ہیں اور اس پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ ان کا بچّہ موٹر سائیکل چلا سکتا ہے۔ یہ بچّے اکثر تیز رفتاری سے اور بے احتیاطی سے موٹر سائیکل چلاتے ہیں اور حادثہ کا سبب بنتے ہیں۔
یہاں میں یہ بات بھی واضح کرنا چاہوں گا کہ میں موٹر سائیکل کے خلاف نہیں ہوں کیوں کہ یہ ایک سستی سواری ہے۔ لیکن اس کے استعمال میں احتیاط اور قانون پر عمل درآمد کرنا بھی ضروری ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ حادثات کی صورت میں اکثر ہمارے میڈیا والے بھی بغیر کسی تحقیق کے بڑی گاڑی والے پر اس کا الزام لگا دیتے ہیں۔ جبکہ اکثر اوقات غلطی موٹر سائیکل سوار کی ہوتی ہے۔ کیوں کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے درمیاں مناسب فاصلہ نہ رکھنا، بائیں طرف سے اوورٹیک کرنا اور اچانک گاڑی کے سامنے آجانا، دو گاڑیوں کے درمیان میں سے گزرنا جب کہ دونوں گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ ہو، گاڑی کے انڈیکیٹر کا خیال نہ کرنا اور اسے نظر انداز کر دینا، غلط سمت سے آنا اور تیز رفتاری سے چلانا وغیرہ ایک عام بات ہے اور یہی غلطیاں حادثات کا سبب بنتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایک اور بات جو کہی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ پولیس قانون پر عمل درآمد نہیں کراتی اور رشوت لے کر چھوڑ دیتی ہے۔ لیکن یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ جب کوئی پولیس والا کسی گاڑی یا موٹر سائیکل والے کو قانون کی خلاف ورزی پر روکتا ہے تو وہ پولیس والوں کو دھمکیاں دیتے ہیں اور اپنا تعلق کسی بڑے آدمی سے بتاتے ہیں اور بعض اوقات ان سے بدتمیزی بھی کرتے ہیں۔ اس پر میڈیا والے بھی الزام پولیس پر ڈال دیتے ہیں۔ حال ہی میں جب ای چالان ہونے لگے تو نہ صرف عوام بلکہ میڈیا والوں اور سیاسی جماعتوں نے بھی اس کے خلاف مہم شروع کردی بجائے اس کے کہ وہ عوام کو سمجھاتے کہ وہ ٹریفک کے قوانین کی پابندی کریں۔
ان تمام باتوں کے علاوہ جو ایک انتہائی اہم بات ہے وہ پیدل چلنے والوں کا رویّہ ہے۔ پیدل چلنے والے حضرات اکثر کہیں سے بھی سڑک پار کرتے ہیں۔ یہ بھی نہیں دیکھتے کہ ٹریفک کس رفتار سے آ رہا ہے۔ وہ ہاتھ اٹھا کر سڑک پار کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ اگر وہ سگنل کے پاس بھی سڑک پار کریں تو سگنل کا خیال نہیں کرتے۔ وہ یہ انتظار نہیں کرتے کہ سگنل بند ہو اور گاڑیاں رک جائیں بلکہ چلتی ہوئی گاڑیوں کے درمیان سے سڑک پار کرتے ہیں۔
آخر میں میں صرف یہ کہوں گا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا حکومت یا پولیس پر کوئی احسان نہیں ہے بلکہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور اپنی اور دوسرے انسانوں کی جانوں کی حفاظت کے انتہائی ضروری ہے۔

