میرے مطابق

ہم سب قصوروار ہیں

Ali Abbas Kazmi Chakwal

حادثات اچانک نہیں ہوتے۔ کوئی بچہ، کوئی بچی، کوئی معصوم زندگی ایک لمحے میں درندوں کے ہاتھ نہیں چڑھ جاتی۔ ہر سانحے کے پیچھے ایک طویل خاموش کہانی ہوتی ہے، ایک ایسی کہانی جس کے کردار ہمارے اردگرد گھومتے پھرتے ہیں، ہماری گلیوں میں سانس لیتے ہیں، ہمارے بازاروں سے گزرتے ہیں اور ہماری نظروں کے سامنے اپنے منصوبے مکمل کرتے ہیں۔ مگر المیہ یہ ہے کہ ہم دیکھتے ہوئے بھی نہیں دیکھتے، سنتے ہوئے بھی نہیں سنتے اور سمجھتے ہوئے بھی سمجھنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ ہر چند روز بعد کسی نہ کسی شہر سے ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آتی ہے۔ کوئی بچی اغوا ہو جاتی ہے، کوئی بچہ درندگی کا شکار ہو جاتا ہے یا کسی خاندان کی دنیا ایک لمحے میں اجڑ جاتی ہے۔ اس کے بعد شور اٹھتا ہے، مذمتیں ہوتی ہیں، سوشل میڈیا پر غصے کے طوفان آتے ہیں، حکمران بیانات دیتے ہیں اور پھر سب کچھ معمول پر آ جاتا ہے۔ صرف وہی متاثرہ گھر ایسا ہوتا ہے جہاں وقت رک جاتا ہے اور زندگی ہمیشہ کے لیے بدل جاتی ہے۔

سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا واقعی کوئی مجرم ایک دن اچانک کسی بچے یا بچی کو دیکھتا ہے اور فوراً جرم کر گزرتا ہے؟ نہیں، ایسا نہیں ہوتا۔ جرم سے پہلے منصوبہ بندی ہوتی ہے، مشاہدہ ہوتا ہے، تعاقب ہوتا ہے۔ مجرم اپنے شکار کی روزمرہ زندگی کو جانتا ہے۔ وہ دیکھتا ہے کہ بچی کب گھر سے نکلتی ہے، کس راستے سے جاتی ہے، کب واپس آتی ہے، کہاں اکیلی ہوتی ہے اور کون اس پر نظر رکھتا ہے۔ گویا حادثہ اس دن نہیں ہوتا جب خبر بنتا ہے، حادثہ تو کئی دن یا کئی ہفتے پہلے شروع ہو چکا ہوتا ہے۔ پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر ایک مجرم اتنے عرصے تک کسی بچے یا بچی کی نقل و حرکت پر نظر رکھ سکتا ہے تو کیا پورا محلہ اندھا ہو جاتا ہے؟ کیا گلی کے نکڑ پر بیٹھا دکاندار اسے نہیں دیکھتا؟ کیا روزانہ اسی راستے سے گزرنے والے لوگ اس کی مشکوک حرکات محسوس نہیں کرتے؟ کیا کسی کو یہ خیال نہیں آتا کہ ایک اجنبی شخص بار بار اسی جگہ کیوں دکھائی دیتا ہے؟ آخر ایسا کیوں ہے کہ ایک درندے کی نظر شکار تک پہنچ جاتی ہے مگر ایک اچھے انسان کی نظر اس درندے تک نہیں پہنچتی؟

اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے اجتماعی ذمہ داری کا احساس کھو دیا ہے۔ ہم نے اپنے اردگرد کی دنیا سے لاتعلقی اختیار کر لی ہے۔ اب ہمیں صرف اپنے گھر کا دروازہ محفوظ نظر آ جائے تو ہم سمجھتے ہیں کہ پورا محلہ محفوظ ہے۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ آگ جب لگتی ہے تو صرف ایک گھر نہیں جلاتی، وہ پوری بستی کو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ اس سے بھی بڑا المیہ یہ ہے کہ بہت سی بچیاں اور بچے خوف کی وجہ سے خاموش رہتے ہیں۔ وہ محسوس کرتے ہیں کہ کوئی ان کا پیچھا کر رہا ہے، کوئی عجیب نظروں سے دیکھتا ہے یا کوئی مسلسل ان کے اردگرد موجود رہتا ہے، مگر وہ گھر والوں کو بتانے سے ڈرتے ہیں۔ کبھی شرمندگی روک دیتی ہے، کبھی خوف اور کبھی یہ اندیشہ کہ شاید ان کی بات پر یقین ہی نہ کیا جائے۔ یہی خاموشی مجرم کی سب سے بڑی طاقت بن جاتی ہے۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو صرف تعلیم نہ دیں بلکہ اعتماد بھی دیں۔ انہیں یہ یقین دلائیں کہ اگر کوئی شخص انہیں پریشان کرتا ہے، ان کا تعاقب کرتا ہے یا ان پر نظر رکھتا ہے تو وہ بلا خوف اپنے والدین، بہن بھائیوں یا کسی قابل اعتماد فرد سے بات کریں۔ ایک بروقت بتائی گئی بات کسی بڑے سانحے کو جنم لینے سے پہلے ہی دفن کر سکتی ہے۔ معاشرے کی ایک اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے محلے داری کا تصور تقریباً ختم کر دیا ہے۔ کبھی ایک محلے کی بیٹی پورے محلے کی بیٹی سمجھی جاتی تھی۔ بزرگ صرف اپنے گھر کے نہیں بلکہ پوری گلی کے بزرگ ہوتے تھے۔ آج ایک ہی دیوار کے دونوں طرف رہنے والے لوگ ایک دوسرے کے نام تک نہیں جانتے۔ ہم دنیا بھر کے لوگوں سے آن لائن جڑے ہوئے ہیں مگر اپنے پڑوسی سے کٹے ہوئے ہیں۔ یہ ترقی ہے یا سماجی تنہائی؟ یہ جدیدیت ہے یا تعلقات کی خاموش موت؟

حقیقت یہ ہے کہ دنیا کے سارے مرد برے نہیں ہیں۔ اکثریت اچھے، باکردار اور ذمہ دار لوگوں کی ہے۔ اگر کسی محلے میں پچیس گھر ہیں تو وہاں پندرہ یا بیس گھر ایسے ضرور ہوں گے جہاں شریف لوگ رہتے ہوں گے۔ پھر سوال یہ ہے کہ اچھے لوگ اپنی خاموشی کیوں نہیں توڑتے؟ تاریخ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ معاشرے برے لوگوں کی وجہ سے کم اور اچھے لوگوں کی خاموشی کی وجہ سے زیادہ تباہ ہوتے ہیں۔ اگر ہر محلے کے چند نوجوان یہ طے کر لیں کہ وہ اپنی گلیوں اور محلوں پر نظر رکھیں گے، اگر ہر شخص مشکوک سرگرمیوں کو نظر انداز کرنے کے بجائے سوال اٹھائے گا، اگر ہر خاندان اپنے بچوں کی بات کو توجہ سے سنے گا اور اگر ہر پڑوسی اپنے اردگرد کے ماحول کی ذمہ داری محسوس کرے گا تو بہت سے جرائم وقوع پذیر ہونے سے پہلے ہی ختم ہو سکتے ہیں۔ مجرم قانون سے پہلے بیدار معاشرے سے ڈرتا ہے، کیونکہ جہاں لوگ جاگ رہے ہوں وہاں درندوں کے لیے جگہ کم پڑ جاتی ہے۔

ہم اکثر حکومت، پولیس اور قانون کو قصوروار ٹھہراتے ہیں اور یقیناً ان کی ذمہ داری اپنی جگہ مسّلم ہے۔ مگر سوال یہ بھی ہے کہ اگر اوپر بیٹھے لوگ اپنا فرض ادا نہیں کر رہے تو کیا ہم بھی اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو جائیں؟ کیا ایک باپ اپنی بیٹی کی حفاظت کا فریضہ کسی سرکاری دفتر کے حوالے کر سکتا ہے؟ کیا کوئی بھائی اپنی بہن کی عزت کی حفاظت کا فریضہ صرف قانون کے کندھوں پر ڈال کر مطمئن ہو سکتا ہے؟ یقیناً نہیں۔ معاشرے صرف قوانین سے محفوظ نہیں ہوتے، معاشرے کردار، شعور اور اجتماعی بیداری سے محفوظ ہوتے ہیں۔ قانون جرم کے بعد حرکت میں آتا ہے جبکہ زندہ ضمیر جرم سے پہلے دیوار بن جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہمیں صرف احتجاج کرنے والے لوگ نہیں بلکہ ذمہ داری اٹھانے والے لوگ درکار ہیں۔ ایسے لوگ جو اپنی گلی، اپنے محلے، اپنی بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کو صرف اپنا نہیں بلکہ اجتماعی امانت سمجھیں۔

درندے اندھیروں میں نہیں پلتے، وہ ہماری بے حسی کے سائے میں پروان چڑھتے ہیں اور جس دن اچھے لوگ یہ فیصلہ کر لیں گے کہ اب خاموش نہیں رہنا، اس دن برے لوگوں کی طاقت ریت کی دیوار کی طرح بکھر جائے گی۔ کیونکہ معاشروں کو بچانے کے لیے کسی معجزے کی ضرورت نہیں ہوتی، صرف جاگتے ہوئے انسان کافی ہوتے ہیں۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW