میرے مطابق

ضمنی انتخابات کا انعقاد مستقبل کے قومی انتخابات کی شفافیت پہ سوالیہ نشان

Ahsan Abro

پچھلے دنوں قومی اسمبلی کی چھے اور پنجاب اسمبلی کی سات نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا جو مسلم لیگ نون نے بغیر کسی بڑی مزاحمت کے باآسانی جیت لیا۔ چھے قومی اور چھ صوبائی نشستوں کے ساتھ نون لیگ نے تقریباً کلین سویپ کیا۔

انتخابات سے پہلے ہی نون لیگ کو کھلا میدان ملا، ایک طرف اس کی سب سے مضبوط اور سخت حریف تحریک انصاف نے ہری پور اور لاہور کے علاوہ باقی کی گیارہ نشستوں پہ انتخابات کا بائیکاٹ کیا دوسری طرف پیپلز پارٹی نے صرف دو نشستوں این اے 185 اور پی پی 269 جبکہ ہری پور کے انتخابات میں صرف ٹوکن شرکت کے ذریعے ساری نشستیں نون لیگ کی جھولی میں ڈال دیں۔

ان ضمنی انتخابات کی شفافیت نے آئندہ ہونے والے قومی انتخابات کی شفافیت، ان کے غیرجانبدارانہ اور منصفانہ انعقاد پہلے سے پائے جانے والے شکوک و شبہات پہ مہر ثبت کردی ہے۔

ضمنی انتخابات میں جس طرح مسلم لیگ نون کو اپنے حریفوں پہ سبقت دلائی گئی وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مسلم لیگ نون اب عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے اور اب مقتدرہ کی بیساکھیوں کے بغیر اس کا سیاسی رن میں کھڑا ہونا بھی مشکل ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے بھی سیاسی بلنڈر کیا اور میدان نون لیگ کے لیے خالی چھوڑ دیا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت نے ضمنی انتخابات سے پہلے ہی نون لیگ کے ساتھ انتخابی مفاہمت کا اعلان کر کے مزاحمتی کارکنوں کو مایوسی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل دیا تھا تو وہیں تحریک انصاف کی قیادت نے بھی صرف دو نشستوں پر انتخاب لڑنے اور باقی پہ بائیکاٹ کرنے جیسے غیر سیاسی فیصلے سے اپنے کارکنوں کی توقعات پہ پانی پھیر دیا۔

بات کریں اگر پاکستان پیپلز پارٹی کی تو پارٹی قیادت کو سوچنا چاہیے تھا کہ ایک طرف پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا پارٹی قیادت اور کارکنوں کے ساتھ انتہائی ناروا ہتک آمیز سلوک مسلسل جاری ہے تو دوسری جانب پنجاب کی قیادت نون لیگ کے ساتھ مفاہمتی انتخابی اتحاد کا اعلان کر رہی ہے۔

پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پارٹی کے انتہائی سینئر رہنماؤں نے نون لیگ کے ساتھ اتحاد کو فوری طور پر ختم کر کے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا مطالبہ کیا تھا۔ لیکن اس وقت صدر مملکت کی پراسرار مفاہمت نے پارٹی رہنماؤں کو ایک مہینے کی ڈیڈ لائن کا لولی پاپ دے کر خاموش کر دیا تھا اور اب اس ڈیڈ لائن کو ایک ماہ سے زیادہ ہو چکا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی سہیلیوں کا پیپلز پارٹی کے ساتھ توہین آمیز رویہ اب بھی جاری ہے

ان ضمنی انتخابات کے نتائج نے پاکستان کے عوام کا انتخابی عمل سے نہ صرف اعتماد مکمل طور پر ختم کر دیا ہے بلکہ پارلیمانی نظام پہ ان کے اعتماد کو بھی زبردست ٹھیس پہنچائی ہے۔

ان ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو ہر نشست پر ڈٹ کر انتخاب لڑنا چاہیے تھا تاکہ وہ ایک طرف جانبدار کرپٹ الیکشن کمیشن کی جانبداری اور بے ایمانی کو بے نقاب کرتیں تو دوسری طرف وہ مسلم لیگ نون کی جعلی عوامی مقبولیت کو بھی دنیا کے سامنے رکھ دیتیں، نون لیگ اور الیکشن کمیشن کو زیادہ محنت اور ذلت اٹھانی پڑتی ان ضمنی انتخابات کو مینج کرنے میں۔

ان ضمنی انتخابات کے نتیجے میں مسلم لیگ نون کو اب قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت تو حاصل ہو گئی ہے مگر آئینی ترامیم کے لیے اسے اب بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے کیونکہ دو تہائی اکثریت صرف پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے سے ہی مل سکتی ہے

ملک کے کئی معروف سیاسی تجزیہ نگار ان ضمنی انتخابات کو ملکی سیاست کے لیے بدشگون قرار دیتے ہیں، وہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی سیاسی مفاہمت اور اتحاد کے قائم رہنے پہ اب بھی یک رائے ہیں کیونکہ پاکستان کی سیاست پہ گہری نظر رکھنے والے جانتے ہیں کہ موجودہ حالات میں سیاسی اتحاد مقتدرہ کی وجہ سے قائم ہوئے ہیں اور اگر ٹوٹے بھی تو مقتدرہ کی جنبشِ ابرو سے ہی ٹوٹیں گے۔ مگر دوسری طرف پیپلز پارٹی کی کارکنان ہیں جو اس اتحاد کے خلاف سراپا احتجاج ہیں کہ آخر کس قیمت پر پارٹی کی عوامی جمہوری ساکھ کو کمپرومائز کیا گیا ہے۔

پارٹی کارکن اب بھی یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جب مسلم لیگ نون کے ساتھ معاہدے کے مطابق پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولا طے تھا تو کیوں اب تک اس پہ عملدرآمد نہیں ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی کچن کیبنٹ پیپلز پارٹی کے نہ تو گورنر کو ان کا پروٹوکول دینے کے لیے تیار ہیں نہ ہی مریم صاحبہ صدر مملکت کو صدارتی پروٹوکول دینا گوارا کرتی ہیں۔ اس توہین آمیز رویے کے باوجود پیپلز پارٹی مسلم لیگ نون کے ساتھ شراکت داری قائم رکھے ہوئے ہے جس کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔

ڈی جی خان کے ضمنی انتخاب پہ پارٹی کا نظریاتی اور سینئر کارکن پارٹی قیادت سے نالاں ہے بالکل اسی طرح جیسے سینٹرل پنجاب کا جیالا پارٹی سے سخت ناراض ہے اور خاموش ہو کر گھر بیٹھ گیا ہے یا پھر مسلم لیگ نون کی نفرت میں تحریک انصاف کو پیارا ہو گیا ہے۔

پیپلز پارٹی قیادت کو اب فوری طور پہ یہ بات سمجھنی ہو گی کہ کیا سینٹرل پنجاب کی طرح جنوبی پنجاب سے بھی اسی طرح ہاتھ دھونے ہیں۔ کیا پنجاب بھر میں پارٹی جسے شہید بھٹو اور شہید بی بی نے اپنی انتھک محنت سے پنجاب کی سب سے مقبول جماعت بنایا تھا پھر اپنے خون سے اس کی آبیاری کی کبھی دوبارہ وہ عروج حاصل کر پائے گی جو شہدا کے زمانے میں اسے حاصل تھا یا مفاہمت کی سیاست کی بھینٹ چڑھا دی جائے گی۔

تیرہ نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات مستقبل کے سیاسی منظرنامے کا فسانہ کھول کر سنا گئے کہ اگلے انتخابات کن بنیادوں پہ اور کس طرح منعقد کروائے جائیں گے۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھی سر جوڑ کر بیٹھنا پڑے گا کہ کیا پارٹی کی گاڑی پرانے ناکارہ پرزوں کے آسرے پہ ہی چلائی جائے گی یا اس میں نظریاتی وفادار اور سرگرم نیا خون شامل کر کے انتخابی میدان میں اتارا جائے گا جس میں ابھی سے نظر آ رہا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے کردار کو صرف محدود نہیں بلکہ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور پنجاب فی الوقت مسلم لیگ نون کو ووٹ کو عزت دینے کے بیانیے کو دفن کر کے بوٹ کو عزت دو کا بیانیہ اپنانے پہ تحفتاً دے دیا گیا۔

پارٹی قیادت کو اب نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پر پنجاب میں پارٹی کی تنظیم نو کرنی پڑے گی اور ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف انتہائی سخت موقف اختیار کر کے نون لیگ سے سیاسی راہیں جدا کرنی پڑیں گی ورنہ پیپلز پارٹی پنجاب سے کنوینشن مسلم لیگ بن جائے گی۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW