ہاکس بے کی سیر اور ساحل کی گندگی

کل دفتر کے ساتھیوں کے ساتھ ہاکس بے جانے کا اتفاق ہوا۔ کئی دنوں کی مصروفیات اور کام کے دباؤ کے بعد یہ ایک خوشگوار موقع تھا جس کا سب بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔ سویرے جب ہم روانہ ہوئے تو سب خوش تھے اور ہونا بھی چاہیے تھا آخر برسوں بعد تفریح کا موقع مل گیا تھا۔ راستے بھر ہنسی مذاق نے سفر کو نہایت خوشگوار بنا دیا۔ سمندر کے قریب پہنچتے ہی ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے دل و دماغ کو تازہ کر دیا اور یوں محسوس ہوا جیسے فطرت اپنی آغوش میں خوش آمدید کہہ رہی ہو۔
ہاکس بے اپنی قدرتی خوبصورتی، وسیع ساحل، نرم ریت اور سمندر کی پُرسکون لہروں کی وجہ سے قبول ترین تفریحی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ دور تک پھیلا سمندر، افق پر جھکتا آسمان اور ساحل سے ٹکراتی لہریں ایسا منظر پیش کر رہی تھیں جو کسی کو بھی مسحور کر سکتا ہے۔ کچھ لوگ ساحل پر چہل قدمی کر رہے تھے، بچے ریت کے گھر بنا رہے تھے اور کئی خاندان چھٹی کے دن مزے کر رہے تھے۔
لیکن اس خوبصورت منظر کے ساتھ تلخ حقیقت بھی نظر آئی۔ ساحل کے مختلف حصوں میں کچرے کے ڈھیر، پلاسٹک کی بوتلیں، شاپنگ بیگز، چپس کے خالی پیکٹ، ٹشو پیپرز اور کھانے پینے کے دیگر فضلات بکھرے تھے۔ بعض جگہوں پر تو یہ محسوس ہوتا تھا کہ لوگوں نے تفریح کے بعد صفائی کی زحمت ہی گوارا نہیں کی۔ یہ منظر نہ صرف آنکھوں کو ناگوار گزرا بلکہ دل میں ایک عجیب سی اداسی بھی پیدا کر گیا۔
افسوس کی بات یہ ہے ہم اکثر تفریحی مقامات پر جاتے وقت اپنے آرام اور خوشی کا تو خیال رکھتے ہیں، مگر ان مقامات کی صفائی اور حفاظت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ ہم چند گھنٹوں کی تفریح کے بعد اپنے پیچھے ایسا کچرا چھوڑ جاتے ہیں جو مہینوں تک ماحول کو آلودہ کرتا رہتا ہے۔ پلاسٹک کی اشیاء ایک سنگین مسئلہ ہیں کیونکہ یہ آسانی سے تلف نہیں ہوتیں اور برسوں تک ماحول میں موجود رہتی ہیں۔
ساحلی آلودگی کا اثر صرف انسانوں تک محدود نہیں رہتا سمندری حیات بھی اس سے شدید متاثر ہوتی ہے۔ سمندر میں جانے والا پلاسٹک مچھلیوں، کچھوؤں اور دیگر آبی جانوروں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ کئی جانور خوراک سمجھ کر پلاسٹک نگل لیتے ہیں جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہو جاتی ہے۔ اسی طرح ساحل پر موجود گندگی پرندوں اور دیگر جانداروں کے قدرتی ماحول کو بھی متاثر کرتی ہے۔
یہ صورتحال ہمیں سوچنے پر مجبور کرتی ہے اگر ہم نے آج اپنی عادتیں نہ بدلیں تو آنے والی نسلوں کو شاید وہ خوبصورت ساحل دیکھنے کو نہ ملیں جن سے ہم لطف اندوز ہوتے ہیں۔ فطرت نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، لیکن ان نعمتوں کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ صرف حکومت یا بلدیاتی اداروں پر انحصار کرنا کافی نہیں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
ضرورت اس بات کی ہے ساحلوں پر کچرے دانوں کی تعداد بڑھائی جائے، صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور عوام میں ماحولیاتی شعور پیدا کیا جائے۔ تعلیمی اداروں، سماجی تنظیموں اور میڈیا کو بھی اس حوالے سے موثر کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ لوگوں میں صفائی اور ماحول دوستی کا شعور بیدار ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ذاتی طور پر یہ عہد کرنا چاہیے کہ جہاں بھی جائیں گے، پیچھے کچرا نہیں چھوڑیں گے اور دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دیں گے۔
کل کی پکنک مجموعی طور پر ایک خوشگوار تجربہ تھی، مگر ساحل کی گندگی نے ذہن میں کئی سوالات چھوڑ دیے۔ ایک طرف قدرت کی بے مثال خوبصورتی تھی اور دوسری طرف انسانی لاپروائی کا افسوسناک منظر۔ یہ تضاد اس بات کی یاد دہانی ہے کہ خوبصورت ماحول صرف قدرت کا تحفہ نہیں ہماری اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔
اگر ہم واقعی اپنے ساحلوں، پارکوں اور دیگر قدرتی مقامات سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں صرف ان سے لطف اندوز ہونے پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے ان کی حفاظت اور صفائی کو بھی اپنا فرض سمجھنا چاہیے۔ ایک صاف ستھرا ساحل نہ صرف ہماری تہذیب اور شعور کی عکاسی کرتا ہے یہ نسلوں کے لیے ایک بہتر اور صحت مند ماحول کی ضمانت بھی بنتا ہے۔ ہاکس بے کی سیر نے مجھے یہی احساس دلایا کہ ماحول کی حفاظت دراصل اپنی اور اپنے مستقبل کی حفاظت ہے۔
