آج بیٹیوں کا عالمی دن ہے
جی جی وہی بیٹیاں جنہیں پیدا ہوتے ہی سماج احساس دلانا شروع کر دیتا ہے، ذرا سنبھل کر چلنا بیٹی، تیرے ناتواں کاندھوں پر اس سماج کی عزت اور وقار ٹکا ہوا ہے، مرد تو مرد ہوتے ہیں نا، ان کا کیا، ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ تو ہر لحاظ سے سیف اینڈ ساؤنڈ ہوتے ہیں، مسئلہ تو آپ کے وجود کے ساتھ ہے، ذہن میں رکھنا، اگر تم اپنے ٹریک سے ذرا سا بھی ہٹی، تمہاری عزت تو خاک میں ملنی ہی ہے، مرنا تو اس بات کا ہے کہ تمہاری وجہ سے پورا سماج ہی بے عزت ہو جائے گا۔
یہ جو تاکید اور نصیحت کی چاشنی میں بھیگے ہوئے جملے ہیں نا! ”ایک بات ذہن میں رکھنا بیٹی“ ان جملوں کی قیمت ہماری بیٹیاں ساری زندگی چکاتی رہتی ہیں، یہ سر پر منڈلاتی ہوئی ایک ایسی تلوار کی مانند ہوتے ہیں جو زندگی بھر انہیں سر ہلانے نہیں دیتے، بلکہ سر اٹھانے نہیں دیتے، خوف کے سائے میں بھی بھلا زندگی بسر ہوا کرتی ہے کیا؟
مطلب یہ کہ اس معاشرے نے خواتین کے متعلق پہلے سے ہی طے شدہ اصول متعین کر رکھے ہیں، المیہ تو یہ بھی ہے کہ بچیوں نے کیا پہننا ہے، کھانا ہے، کیسے بیٹھنا اور سونا ہے، پبلک ڈیلنگ کیسے کرنی ہے بلکہ ایک طرح سے فاصلاتی سی زندگی کیسے جینی ہے یہ سب سماج نے طے کرنا ہے، جس کا وجود اور ذہن ہے وہ طے نہیں کر سکتا۔
ہم ایک ایسے منافق سماج کا حصہ ہیں جہاں بیٹوں کو کوئی کچھ نہیں کہتا کہ تم نے معاشرے میں کیسے رہنا ہے، خواتین کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کرنا ہے اور نگاہوں کا کیسے استعمال کرنا ہے، سب بچیوں کو ہی سمجھاتے ہیں کہ تم نے کس انداز سے معاشرے میں جینا ہے، یقین مانیں جب ہماری بیٹیاں گھر سے باہر نکلتی ہیں تو معاشرتی نصیحتیں اس قدر ان کا پیچھا کرتی ہیں کہ وہ ایک نارمل انداز سے چل پھر بھی نہیں سکتیں، وہ انہونیوں اور خوف کے سائے میں جیتی ہیں، پتا ہے خوف کس بات کا ہے؟
مردوں کی ہوسناک نگاہوں کا، ان کی نگاہیں مکمل لباس کے باوجود خواتین کے اعضائے جسمانی پر ٹکی رہتی ہیں، حیرت ہے انہیں یہ کوئی کیوں نہیں بتاتا کہ ان کی ماؤں، بیٹیوں، بیوی اور بہو کے وجود کے ساتھ بھی یہی سب تو لگا ہوتا ہے، کیا ان کے وجود کے ساتھ بھی یہی سلوک کرتے ہو؟ کیا ان کے وجود کو بھی انہی ہوسناک نگاہوں سے دیکھتے ہو جیسے دوسروں کی بیٹیوں کو دیکھتے ہو؟
جن پستانوں کو دیکھ کر تمہاری رال ٹپکتی ہے انہی پستانوں سے دودھ پی کر ہی تو تم اتنے بڑے ہوئے ہو، جہاں تمہاری گندی نگاہیں ٹکی رہتی ہیں وہیں سے ایک دن تم بھی اس جہاں میں وارد ہوئے تھے تو پھر اس قدر ہوسناکی اور اتاولا پن کیوں؟
بیٹیوں کے عالمی دن کے موقع پر سب والدین کو ایک عہد تو ضرور کرنا چاہیے کہ ہم اپنی بیٹیوں کو ان کے حصے کا ایک ایسا کھلا آسمان دیں گے جہاں وہ اپنی مرضی سے پرواز کر سکیں، سمن دی بوا کے مطابق بیٹا ہو یا بیٹی سب ایک سے ہوتے ہیں، بس فرق اتنا سا ہے کہ بیٹیوں کے ذہنوں میں ڈالا جاتا ہے کہ تم بیٹی ہو، ایک طرح کا ڈر، وہم اور شک ان کے ذہنوں میں پیوست کر دیا جاتا ہے، انہیں لگتا ہے کہ شاید یہ کوئی عیب یا عجیب پن ہے جو پیدائشی طور پر ان کے ساتھ چپکا ہوا ہے، میری زندگی کا تجربہ اور مشاہدہ تو یہی ہے کہ ضرورت سے زیادہ کسی بھی تصور کا احساس کسی کو بھی دلایا جائے تو اس کے ذہن میں ایک طرح کی حساسیت جڑیں پکڑ لیتی ہے، بطور والدین ہمیں اپنی بچیوں کو اس خوف سے آزاد کرنا ہے، انہیں باور کروانا ہے کہ صلاحیتیں ہی سب کچھ ہوتی ہیں جنس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، قابلیت اور ذہنی لیاقت انسان کی حقیقی پہچان ہوا کرتی ہے اور یہ سب مرد کے ساتھ مخصوص نہیں بلکہ بیٹیاں بھی اس جوہر کی مالک بن سکتی ہیں، میری دو بیٹیاں ہیں، مجھے ان پر فخر ہے، وہ مجھ سے کہیں زیادہ ذہین اور باصلاحیت ہیں اور مجھے یہ حقیقت تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں ہے کہ میں ان سے سیکھ رہا ہوں۔
بڑی بیٹی خاصی حساس ہے، وہ اکثر مجھ سے باتیں کرتی رہتی ہے، کبھی کبھار وہ کہہ دیتی ہے ”پاپا بیٹے ہونے کے حیثیت سے جو کچھ بیٹوں کو میسر ہوتا ہے وہ ہم بیٹیوں کو نہیں ہوتا، ہم بہت سے میدانوں میں بیٹی ہونے کی وجہ سے پیچھے رہ جاتی ہیں، ہمیں وہ سب سہولیات میسر نہیں ہو پاتیں جو بیٹوں کو بڑی آسانی سے مل جاتی ہیں“ ۔
میں اس سے کہتا ہوں، پیاری بیٹی، یہ ہم مردوں کا المیہ ہے کہ ہم تمہاری صلاحیتوں کو اچھے سے سمجھ نہیں پاتے، شاید یہی وجہ ہے کہ آپ اس ایکسپوژر سے بھی محروم رہ جاتی ہیں جو بیٹوں کو ملتا ہے، میں تو بس اتنا کہوں گا کہ یہ اس معاشرے کی بدبختی ہے، پیاری بیٹی، بس اتنا یاد رکھنا کہ تم ایک ایسے سماج میں رہتی ہو جہاں عاصمہ جہانگیر، کشور ناہید، فہمیدہ ریاض اور ڈاکٹر رتھ فاؤ ایسے مہانوں نے زندگیاں بسر کی ہیں اور اس وقت بھی خواتین بڑے اہم عہدوں پر براجمان ہیں، پیاری بیٹیو! آپ نے ”متھ بسٹر“ بننا ہے، آپ نے اپنی صلاحیتوں سے ان تمام تر اساطیری کہانیوں کے حصار کو توڑنا ہے جو اس سماج کے مردوں نے تمہارے وجود کے گرد قائم کر رکھا ہے۔
بس آپ نے حوصلے سے بولنا ہے، بات کرنی ہے، دلیل دینی ہے، رونے دھونے کی بجائے منطق کا سہارا لینا ہے، غور و فکر اور تدبر سے کام لینا ہے، ان پر کوئی اکیلے مردوں کی اجارہ داری نہیں ہے آپ بھی ان کو اپنے ماتھے کا جھومر بنا سکتی ہیں، آخر میں، بس اتنا کہوں گا کہ امریکن خاتون ہیلن کیلر بھی ایک بیٹی تھی، پیدائشی طور پر اندھی بہری ہونے کے باوجود اس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، دنیا بھر کی سیر کی اور کتابیں لکھیں، اس کا ایک جملہ خاصا قابل غور ہے، Seeing see little دیکھنے والے بہت کم دیکھتے ہیں، یہ الفاظ سب پر صادر آتے ہیں، پیاری بیٹیو! اپنی صلاحیتوں کو پہچانو اور آگے بڑھتی جاؤ، اپنے حصے کا آسمان خود کھوجو کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا، سب ممکن ہوتا ہے۔

