بلاگ

ایک گھر جو ملازمت کے ساتھ واپس ہو جاتا تھا۔ اور ایک گھر جو زندگی بھر ملتا ہے

anwar iqbal

24 ستمبر 2026 کی ایک خبر پڑھتے ہوئے مجھے بے اختیار اپنے والد یاد آ گئے۔ سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی قانون کے تحت تاحیات مفت سرکاری رہائش کے حق دار ہیں، یا سرکاری رہائش فراہم نہ ہونے کی صورت میں قانون میں مقرر کردہ کرایہ حاصل کر سکتے ہیں۔ تنازع کراچی کے باتھ آئی لینڈ میں واقع ایک سرکاری مکان کا تھا، جو 2024 میں سابق صدر کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ عدالت نے وزارتِ ہاؤسنگ کو حکم دیا کہ سابق صدر کی رہائش کے حق کو قانون کے مطابق نمٹایا جائے۔ یہاں یہ بات ابتدا ہی میں واضح کر دینا ضروری ہے کہ یہ مضمون ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کوئی نیا قانون نہیں بنایا، نہ عدالت نے ان کے لیے کوئی نئی مراعات تخلیق کی ہیں۔ انہوں نے وہ حق مانگا جو پاکستان کا موجودہ قانون ایک اہل سابق صدر کو دیتا ہے، اور عدالت نے اسی قانون کی بنیاد پر فیصلہ کیا ہے۔

اصل سوال عارف علوی نہیں، اصل سوال وہ قانون اور وہ ریاستی سوچ ہے جس نے یہ حق دیا ہے اور شاید اسی لیے یہ خبر پڑھتے ہوئے مجھے اپنے والد کا وہ واقعہ یاد آیا جو آج بھی میرے ذہن میں بالکل تازہ ہے۔ میرے والد بھی سرکاری ملازم تھے۔ سرکاری افسر کی حیثیت سے پوری زندگی ملازمت کی، مگر اپنا ذاتی گھر نہ بنا سکے۔ ہم بہن بھائی ایک سرکاری مکان میں رہتے ہوئے بڑے ہوئے۔ ہمارے لیے وہی ہمارا گھر تھا۔ وہیں بچپن گزرا، وہیں یادیں بنیں، وہیں زندگی کے کتنے موسم گزر گئے۔ پھر والد صاحب کی ریٹائرمنٹ قریب آ گئی۔ ایک دن انہوں نے ہم سب بہن بھائیوں کو بلایا۔ بڑے سادہ انداز میں کہا کہ اگلے سال میری ریٹائرمنٹ ہونے والی ہے، اس لیے اب تم لوگ سوچو کہ ہم کہاں رہیں گے، کوئی مکان کرائے پر تلاش کرنا ہو گا۔ ان کے نزدیک بات بہت سیدھی تھی: یہ گھر سرکار نے ملازمت کے لیے دیا تھا؛ ملازمت ختم ہو گی تو اس گھر پر ہمارا حق بھی ختم ہو جائے گا۔ وہ اسے ایک دن بھی ناجائز طور پر اپنے پاس رکھنے کے خواہش مند نہیں تھے۔

آج کے وفاقی رہائشی قواعد میں بھی ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازم کے لیے سرکاری مکان مستقل حق نہیں بن جاتا۔ قواعد محدود مدت تک مکان رکھنے کی گنجائش دیتے ہیں، لیکن بالآخر اسے واپس کرنا ہوتا ہے۔ سرکاری رہائش ملازمت سے وابستہ ایک سہولت ہے، کوئی تاحیات حق نہیں۔ یہاں آ کر میرے ذہن میں ایک عجیب سا سوال پیدا ہوتا ہے۔ ایک سرکاری ملازم اپنی پوری عملی زندگی ریاست کو دے، اپنا گھر نہ بنا سکے، بچوں کو سرکاری کوارٹر میں پالے، اور ریٹائرمنٹ قریب آئے تو انہیں بلا کر کہے کہ بیٹا، اب کرائے کا مکان تلاش کرو، کیونکہ یہ چھت ہماری نہیں، سرکار کی ہے۔ مگر اسی ریاست میں اگر کوئی شخص چند برس ملک کا صدر رہ چکا ہو تو عہدہ ختم ہونے کے بعد بھی قانون اسے زندگی بھر مفت سرکاری رہائش فراہم کرتا ہے۔ یہ فرق کیوں؟

اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے تھوڑا پیچھے جانا پڑتا ہے۔ جس قانون کا حوالہ سندھ ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے میں آیا ہے، اس کا نام صدر کا پنشن ایکٹ 1974 ہے۔ یہ ایکٹ 17 جنوری 1975 کو نافذ ہوا۔ بنیادی طور پر اس کا مقصد سابق صدور کے لیے پنشن کا انتظام کرنا تھا۔ قانون کے مطابق 19 دسمبر 1971 کے بعد کم از کم دو سال صدر رہنے والا شخص، بشرطیکہ اسے آئین کی خلاف ورزی یا سنگین بدعنوانی کی بنیاد پر عہدے سے نہ ہٹایا گیا ہو، تاحیات پنشن کا مستحق ہو سکتا ہے۔

لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوتی۔ اصل اہم تبدیلی 2002 میں جنرل پرویز مشرف کے دور میں آئی۔ صدر کے پنشن قانون میں آرڈیننس نمبر XII مجریہ 2002 کے ذریعے ایسی ترامیم کی گئیں جنہوں نے سابق صدر کی مراعات میں نمایاں اضافہ کر دیا۔ اسی ترمیم کے نتیجے میں سابق صدر کے لیے تاحیات مفت سرکاری رہائش یا مکان نہ ملنے کی صورت میں 50,000 روپے ماہانہ کرایہ دینے کا انتظام کیا گیا۔ مگر صرف مکان ہی نہیں۔ قانون پڑھیے تو معاملہ مزید دلچسپ ہوجاتا ہے۔ سرکاری رہائش کی دیکھ بھال بھی حکومت کے خرچ پر ہے۔ مقامی محصولات اور ٹیکس، پانی، ماہانہ 2,000 یونٹ تک بجلی اور مقررہ حد تک گیس بھی اس مراعات کا حصہ ہیں۔ سابق صدر کے لیے طبی سہولیات اور گاڑی کا الاؤنس بھی قانون میں موجود ہیں۔ بعض مراعات پر انکم ٹیکس بھی واجب الادا نہیں اور یہ کسی ایک صدر کے لیے بنایا ہوا انتظام نہیں۔ جو سابق صدر قانون میں دی گئی اہلیت پوری کرتا ہے، اصولاً اس کے لیے یہ مراعات موجود ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں مجھے اپنے والد کا وہ سرکاری مکان پھر یاد آتا ہے۔ وہ شخص جس نے پوری ملازمت میں اپنا گھر نہیں بنایا تھا، ریٹائرمنٹ سے پہلے اپنے بچوں کو بلا کر یہ فکر کر رہا تھا کہ اب کرائے کا مکان کہاں ملے گا۔ اور دوسری طرف اسی ریاست کا قانون اپنے سابق سربراہِ مملکت سے کہتا ہے کہ اقتدار ختم ہو گیا تو کیا ہوا، رہائش کی فکر نہ کیجیے، سرکاری چھت زندگی بھر موجود ہے۔

قانوناً اس میں کوئی تضاد نہیں، لیکن معاشی اور اخلاقی سطح پر سوال ضرور پیدا ہوتا ہے۔ اور یہ سوال اس وقت کہیں زیادہ اہم ہو جاتا ہے جب ہم دیکھتے ہیں کہ یہ مراعات کسی ایسی ریاست میں نہیں دی جا رہیں جس کے خزانے میں دولت کے انبار لگے ہوں۔

پاکستان کے سرکاری اقتصادی سروے 2025۔ 26 کے مطابق صرف بیرونی سرکاری قرض تقریباً 92.2 ارب ڈالر تھا۔ قرضوں پر آنے والی لاگت وفاقی بجٹ کا سب سے بڑا خرچ ہے۔ حکومت کے اپنے اعداد بتاتے ہیں کہ قرض بہ نسبت مجموعی قومی پیداوار تقریباً 74 فیصد سے کم ہو کر قریب 70 فیصد آیا ہے۔ بہتری ضرور ہوئی ہے، لیکن قرض کا بوجھ اب بھی ہماری قومی معیشت اور سرکاری خزانے پر غیر معمولی دباؤ ڈال رہا ہے۔

ہم ایک طرف عالمی مالیاتی اداروں سے قرض لیتے ہیں، پرانے قرض ادا کرنے کے لیے نئے انتظامات کرتے ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھاتے ہیں، ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کی بات کرتے ہیں، سرکاری اخراجات کم کرنے کے دعوے کرتے ہیں اور قوم کو کفایت شعاری کا درس دیتے ہیں۔ دوسری طرف ہمارے قوانین میں کچھ ایسی مراعات بھی موجود ہیں جن کے بارے میں شاید وقت آ گیا ہے کہ پارلیمان ٹھنڈے دل سے دوبارہ سوچے۔

یہ سوال صرف سابق صدر کی رہائش تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ صدر، وزیراعظم، وزرا، گورنر، اعلیٰ سرکاری عہدے دار۔ جہاں جہاں عہدہ ختم ہونے کے بعد سرکاری خزانے سے طویل المدت مراعات دی جاتی ہیں، ان سب کا ایک ہی اصول پر جائزہ لیا جاسکتا ہے : ریاست جس سہولت کی مالی استطاعت رکھتی ہے، وہ ضرور دے ؛ مگر جو سہولت عوام کی موجودہ معاشی حالت اور سرکاری خزانے کی گنجائش سے مطابقت نہیں رکھتی، اسے محض اس لیے ہمیشہ جاری نہ رکھا جائے کہ وہ برسوں پہلے قانون کی کتاب میں لکھ دی گئی تھی اور ایک اور عجیب بات دیکھیے۔ 2002 میں مقرر ہونے والا متبادل کرایہ 50,000 روپے ماہانہ آج بھی قانون کے متن میں موجود ہے۔ بائیس چوبیس برس میں روپے کی قدر، مکانوں کے کرائے اور جائیداد کی قیمتیں کہاں سے کہاں پہنچ گئیں۔ اس سے خود اندازہ ہوتا ہے کہ بعض قوانین وقت کے ساتھ کس قدر غیرحقیقی ہو جاتے ہیں۔ ایک طرف رقم پرانی پڑ چکی ہے، دوسری طرف تاحیات سرکاری رہائش کا بنیادی حق بدستور قائم ہے۔

میرا اعتراض کسی شخص سے نہیں۔ نہ عارف علوی سے، نہ کسی گزشتہ صدر سے اور نہ آنے والے کسی صدر سے۔ اگر قانون کسی شہری کو کوئی حق دیتا ہے تو وہ اسے مانگ سکتا ہے۔ عدالت کا کام بھی قانون کو نافذ کرنا ہے، اپنی پسند کا نیا قانون بنانا نہیں۔ اس لیے اس بحث کا رخ کسی سابق صدر کی ذات کی طرف موڑ دینا اصل سوال سے فرار ہو گا۔ سوال قانون بنانے والوں سے ہے۔

کیا سربراہِ مملکت ہونا ایسی سرکاری ملازمت ہے جس کی مراعات عہدے کے ساتھ ختم نہیں ہوتیں؟ کیا ایک سابق صدر، جو مالی طور پر خود کفیل ہو اور اپنا ذاتی مکان بھی رکھتا ہو، اسے بھی ریاست تاحیات سرکاری رہائش فراہم کرے؟ کیا یہ سہولت ضرورت کی بنیاد پر ہونی چاہیے یا محض سابق عہدے کی بنیاد پر؟ کیا 2002 میں ایک مختلف سیاسی اور معاشی ماحول میں دی گئی مراعات 2026 کے پاکستان میں بھی اسی شکل میں برقرار رہنی چاہئیں؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ جس ملک میں ایک عام سرکاری ملازم کو بالآخر سرکاری مکان واپس کرنا پڑتا ہے، وہاں سابق اعلیٰ عہدے دار کے لیے تاحیات سرکاری رہائش کا اصول کس بنیاد پر قائم رہنا چاہیے؟

مجھے پھر اپنے والد یاد آتے ہیں۔ انہوں نے کوئی بڑی جائیداد ہمارے لیے نہیں چھوڑی تھی۔ اپنا گھر بھی نہیں بنا سکے تھے۔ مگر ایک بات ضرور چھوڑ گئے تھے۔ یہ احساس کہ سرکار کی چیز، سرکار کی امانت ہوتی ہے۔ ریٹائرمنٹ ابھی ایک سال دور تھی اور وہ اپنے بچوں کو بلا کر کہہ رہے تھے کہ اب کوئی کرائے کا مکان تلاش کرو۔ شاید اس وقت ہمیں یہ بات معمولی لگی ہو گی۔ آج نہیں لگتی۔

آج، اتنے برس بعد ، ایک سابق صدر کی تاحیات سرکاری رہائش کی خبر پڑھ کر محسوس ہوتا ہے کہ میرے والد کا وہ ایک جملہ اپنے اندر ریاست اور شہری کے تعلق کا پورا فلسفہ لیے ہوئے تھا:ملازمت ختم ہو گئی تو سرکاری سہولت پر میرا حق بھی ختم ہو گیا۔

کاش ہمارے قوانین بنانے والے کبھی کسی ایسے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازم کے گھر بیٹھیں، جس نے عمر بھر ریاست کی خدمت کی ہو، اپنا مکان نہ بنا سکا ہو اور ریٹائرمنٹ سے پہلے اپنے بچوں سے کہہ رہا ہو کہ اب کوئی کرائے کا گھر تلاش کرو۔ شاید تب سوال یہ نہیں رہے گا کہ عارف علوی کو تاحیات سرکاری مکان ملنا چاہیے یا نہیں۔ سوال کہیں بڑا ہو گا:

ایک مقروض ریاست میں اقتدار اور عوام کے درمیان مراعات کا یہ فاصلہ آخر کتنا ہونا چاہیے؟ اور شاید اس سے بھی بڑا سوال یہ ہے کہ اگر کفایت شعاری واقعی قومی ضرورت ہے، تو اس کا آغاز ہمیشہ نیچے سے ہی کیوں ہو؟ کبھی اوپر سے کیوں نہیں؟

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW