بلاگ

دوستو! تعلیم کا بہت برا حال ہے

زندگی کے تقریباً 15 سے 20 سال گریجوایشن اور ماسٹر کلاسز کو پڑھانے میں بیت گئے، اس دورانیے کی یادیں بھی خاصی تلخ ہیں، اس سے بڑا المیہ بھلا کیا ہو سکتا ہے کہ اس سطح پر پہنچ کر بھی بچے کو گرائمر اسٹرکچر کی سدھ بدھ نہ ہو، فقرہ سازی سے لاعلم ہو اور سب سے بڑھ کر انگریزی اور اردو الفاظ کی درست ادائیگی کا پتا نہ ہو تو ایک معلم کے لیے اس طرح کی صورتحال خاصی پریشان کن ہوتی ہے، ذرا غور کیا تو بات سمجھ میں آئی کہ اس کمزور عمارت کے پیچھے معاملہ کچھ اور ہے، مطب ابتدائی ذہنی نیو میں خاصے سقم رہ جاتے ہیں، بنیادی وجہ ہمارا بودا اور خستہ حال سا تعلیمی ڈھانچہ ہے جس میں بچوں کی ذہنی سطح کے حساب سے ان کے چیلنجز کو میٹ اپ کرنے کا کوئی واضح پیمانہ یا لائحہ عمل موجود نہیں ہے یا شاید تعلیم ہماری ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے، ورنہ صورتحال اس قدر ابتر نہ ہوتی۔

سب سے بڑی بدقسمتی اس ملک کی یہ ہے کہ بڑی جماعتوں کو تو ایک طرف رکھ دیں، پرائمری سے آٹھویں جماعت تک جو اساتذہ پڑھاتے ہیں کیا وہ اپنا کردار ذمہ داری سے نبھاتے ہیں؟

سب سے اہم سوال یہ ہے کہ جو لوگ چھوٹے بچوں کو پڑھاتے ہیں، کیا ان میں چھوٹے بچوں کو پڑھانے کی ایکسپرٹ صلاحیت موجود ہے؟

کیا یہ اساتذہ بچوں کی ذہنی سطح پر اتر کر پڑھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں؟ سرکاری تعلیمی اداروں کا تو خیر کیا رونا روئیں پرائیویٹ سیکٹر میں بھی کوئی دودھ شہد کی نہریں نہیں بہہ رہیں، سب نمبر گیم کے مکروہ سرکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

تعلیم کے حوالے سے حکومت سے لے کر نچلی سطح تک سب کا رویہ ایک سا ہی ہے، چند ذہین بچے چھانٹی کر لیے جاتے ہیں اور انہی کی بنیاد پر پوزیشن کا ڈھنڈورا پیٹ کر واہ واہ کے اشتہارات آویزاں کر دیے جاتے ہیں، بس کافی ہے۔

تعلقات اور وابستگی کی بنیاد پر بیسٹ ٹیچر ایوارڈ بھی مل جاتے ہیں، ہماری نظر میں ان کو بیسٹ رٹا ایوارڈ کہنا زیادہ موزوں ہے، معذرت کے ساتھ ہمارے ہاں کے ٹیچر رٹنا سکھاتے ہیں، شعوری ادراک کے رمز نہیں سکھاتے، ظاہر ہے جیسے پڑھا ہوتا ہے اسی طرح سے منتقل کر دیتے ہیں، نویلٹی یا انوویشن کسے کہتے ہیں کچھ نہیں جانتے، جب تک بنیادی تعلیم کی طرف پوری توجہ نہیں دی جاتی اوپر والا تعلیمی ڈھانچہ جوں کا توں رہے گا، ضرورت اس امر کی ہے پرائمری سے لے کر دسویں جماعت تک بچے کو اس قابل ہونا چاہیے کہ وہ گرائمر سے خائف نہ ہو، فقرہ سازی خاصی بہتر ہو اور انگریزی، اردو کے الفاظ کی ادائیگی بہتر ہو جائے، تب کہیں جا کر بہتری کی طرف بڑھا جا سکتا ہے۔

یہ سب ہوا میں تو ہونے سے رہا، اس کے لیے ابتدائی تعلیم کے ڈھانچے میں قابل ترین فیکلٹی بہت ضروری ہے، یہاں ایم فل اور پی ایچ ڈی کو کالج اور یونیورسٹی میں تعینات کیا جاتا ہے، موجودہ پسماندہ ترین تعلیمی تناظر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو ابتدائی تعلیمی ڈھانچے میں تعینات کیا جائے، باقاعدہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ان اساتذہ کی تربیت کی جائے، یقین مانیں چند دنوں میں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا، ایلیمنٹری تعلیم کو اس وجہ سے نظر انداز کر دیا جاتا ہے کہ چھوٹی جماعتیں ہوتی ہیں، بی اے یا ایم اے فیکلٹی بھی چل جائے گی، پتا تو اس وقت چلتا ہے جب یہ میٹریل ہائر کلاسز میں داخل ہوتا ہے، ابتدائی ابجد کی فہم سے ہی قاصر ہوتے ہیں، پھر ہم کہتے ہیں کہ ہمارا تعلیمی نظام تباہی کی طرف کیوں بڑھ رہا ہے؟

بھیا نیو میں ہی خاصے سقم رہ جاتے ہیں جو بڑھتے بڑھتے ایک گہرے شگاف میں ڈھل جاتے ہیں اور اب یہ شگاف اس قدر گہرا ہو چکا ہے کہ اس کو پاٹنا مشکل ہو چکا ہے، زیادہ دور جانے کی ضرورت نہیں ہے موجودہ گیارہویں اور بارہویں جماعتوں کا تبدیل شدہ نصاب دیکھ لیں، زوال کی بخوبی سمجھ آ جائے گی، انگریزی کا نصاب تو پچھلے نصاب سے بہت ہی کمتر ہے۔

تعلیمی عمل کوئی مذاق نہیں ہوتا، یہ انتہائی سنجیدہ نوعیت کا ایک ایسا عمل ہوتا ہے جس کی بنیاد پر قومیں کھڑی ہوتی ہیں اور سنجیدگی کا یہ تسلسل ایلیمنٹری سطح سے شروع ہوتا ہے، مہذب دنیا میں اس سطح پر خاص توجہ دی جاتی ہے اور اعلیٰ تربیت یافتہ لوگ تعینات کیے جاتے ہیں تاکہ بنیاد میں کوئی کمی نہ رہ جائے، ہمیں بھی کچھ ایسے ہی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW