یاسر پیرزادہ کی کاف کہانی
ہمارے محترم و مکرم اور فاضل دوست یاسر پیرزادہ کی کاف کہانی منظر عام پر آ چکی ہے، اب یہ کاف کہانی کیسی ہے اس پر تو پڑھ کر ہی کوئی رائے دی جا سکتی ہے، رائے دینے کی تو خیر اپنی کیا اوقات، ہاں یہ بات پورے وثوق سے کہی جا سکتی ہے، اگر یاسر کی کتاب ہے تو ”ذرا ہٹ کے“ ہی ہو سکتی ہے کوئی خیالی سا دبستان تو ہو نہیں سکتا، یاسر پیرزادہ کا شمار ان گنے چنے سے چند لکھاریوں میں ہوتا ہے جو کہانی کو بھی فلسفے میں ڈھال سکتا ہے، عام سی بات کو ایک ایسے رمز میں باندھ سکتا ہے کہ جس سے ذہن کے بند دروازے کھل جاتے ہیں اور قاری سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ سوچنے کا ایک ڈھنگ یہ بھی ہو سکتا ہے۔
ایام جوانی جن کو پڑھنے میں گزرا، ان میں یاسر پیرزادہ اور ان کے والد عطاء الحق قاسمی بھی شامل ہیں، پڑھنے پڑھانے کے علاوہ روزی روٹی کا ایک ذریعہ ڈور ٹو ڈور مختلف اخبارات تقسیم کرنے کا بھی تھا، اتنے سارے اخبارات کو سامنے پا کر سوچ میں پڑ جاتے کہ کس کو پڑھیں اور کس کو چھوڑیں، خیر خریدنے کی تو اوقات نہیں تھی بس بھاگ دوڑ کر جو پڑھے جاتے پڑھ لیتے اور جو رہ جاتے ان کو فوٹو سٹیٹ کروا کر محفوظ کر لیتے، ہمارا تو ادھ ادھورا سا تعلیمی تسلسل بھی اسی بھاگم بھاگ سی زندگی میں ہی مکمل ہوا ہے لیکن جو سیکھا ہے وہ نصاب سے نہیں بلکہ نصاب سے باہر اداریے پڑھ کر یا غیر نصابی مواد سے سیکھا ہے، اپنا تو یہ ماننا ہے کہ حقیقی شعور تو غیر نصابی کتابوں اور غیر روایتی سوچ میں پنہاں ہوتا ہے باقی سب خیالی اور وقتی سے ڈھکوسلے ہیں، جو مزہ اپنے من کی پگڈنڈی پر چلتے رہنے میں ہے وہ مستعار اور ٹکی بندھی سی شاہراہوں میں کہاں۔
علم کیا ہوتا ہے اور سیکھنا کسے کہتے ہیں، ہر ایک کا اپنا زاویہ نگاہ ہو سکتا ہے، میں تو بس اتنا جانتا ہوں کہ ہم نے تو روزی روٹی کی خاطر اخبارات تقسیم کرتے وقت سائن بورڈ پڑھ کر یا راستوں میں پڑے مختلف کاغذات سے سیکھا ہے، سوچنے کی بیماری شروع سے لاحق تھی جو لفظ دماغ میں پھنس گیا اس کی تہہ میں اترے بغیر سونے کا تصور ہی نہیں تھا، بتانے کا مقصد خود توصیفی ہرگز نہیں ہے بلکہ نئے آنے والوں کو راستہ سجھانا مقصود ہے کہ جو کچھ بھی ہے وہ سب آؤٹ آف دی باکس میں ہے، متعین راہوں میں فقط جگالی ہے۔
یاسر پیرزادہ کا کمال یہی تو ہے کہ یہ بندہ روایات کی پٹڑی پر چڑھاتا تو ضرور ہے لیکن کب منطق و فلسفہ اور استدلال کی غیر روایتی سی دنیا میں داخل کر دیتا ہے، پتا ہی نہیں چلتا، دوستو! مان لو یہ بندہ چپکے سے ذہنوں میں نقب لگاتا ہے اور تفکر و تدبر کی خار دار سی وادیوں میں داخل کر دیتا ہے، یہ ایک طرح سے ذہنی وارداتیا ہے جو ذہنوں کے زنگ آلود زاویوں کو ایک نئے پہلو سے مہمیز دیتا ہے۔
یہ اس شخص کا کمال اور وصف ہے کہ یہ پڑھنے پڑھانے والوں کو اس بات پر آمادہ کرتا ہے کہ وہ زندگی کے مختلف پہلوؤں کو ذرا ہٹ کے سوچیں، ضد اور انا کی تنگ و تاریک راہداریوں سے باہر نکل کر کچھ مختلف سوچیں، بہرحال ہمارے فاضل دوست کو ان کی نئی کتاب کاف کہانی پر دلی مبارکباد، امید ہے یہ کتاب پڑھنے والوں کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہو گی۔
یاسر پیرزادہ سے وابستگی و تعلق اردو کی مقبول ترین ویب سائٹ ”ہم سب“ کے توسط سے قائم ہوا، مرشدی وجاہت مسعود اور مربی عدنان کاکڑ کی مشترکہ کاوش کی بدولت بہت سارے لکھنے لکھانے والوں سے تعلق قائم ہوا، کافی وقت پہلے مجھے یاسر پیرزادہ کا واٹس ایپ پر پیغام موصول ہوا، بس پھر کیا تھا جناب، ایک طویل گفتگو ہوئی، بندہ نے پوچھا کہ جناب کو میرا رابطہ نمبر کہاں سے ملا، یاسر جی کھل کھلا کر ہنسنے لگے اور فرمایا جناب ”ہم سب“ ہے نا!
ان کی بلندی نظری ہے کہ انہوں نے ناصرف میرے کالمز کی تعریف کی بلکہ کتاب کی صورت میں اشاعت کی طرف بھی توجہ دلائی۔
ہم سب پلیٹ فارم کے متعلق بس اتنا کہوں گا کہ یہ ٹھنڈی اور گرم تار کی مانند دو دھارے ہیں، وجاہت مسعود ٹھنڈی تار کی مانند ہیں جو نئے لکھنے والوں کو ناصرف خوش آمدید کہتے ہیں بلکہ تحریری نوک پلک بھی خوب سنوارتے ہیں اور جہاں ضرورت پڑتی کال ملانے میں بھی کوئی تردد نہیں کرتے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ ان کا یہ بڑا پن ہے ورنہ کسی کو کیا پڑی ہے بھائی، انداز تخاطب انتہائی عاجزانہ ہوتا ہے، جب کہ دوسری طرف عدنان کاکڑ گرم تار کی مانند ہیں جو صاف اور سیدھی بات کے قائل ہیں اور لکھاری کو واضح بتا دیتے ہیں کہ جناب اپنی اداؤں پہ خود ہی غور کر لیں اگر ہم نے کیا تو شکایت ہو گی، بہرحال دونوں ہی اپنے فرائض بخوبی نبھا رہے ہیں، ورنہ اتنے سارے لکھاریوں کو جگہ دینا کوئی آسان کام نہیں ہے۔

