کچھ دیر ہمیں بے سر و سامان نہ کرتے
1996 میں بوسنیا میں میری تعیناتی اپنے دوسرے ساتھی اقبال خان کے ہمراہ جنوب میں واقع یو این کے اخری پولیس سٹیشن میں ہوئی۔ قصبے کا نام سٹولک تھا اور اس سے اگے جمہوریہ سربسکا شروع ہو جاتی تھی۔ ہماری معاونت کے لیے اٹھ خواتین ترجمان تھیں۔ ان میں سے ایک کروایٹ اور سات سرب تھیں۔ سات میں سے تین اب 50 کے پیٹے میں تھیں۔ یوگوسلاویہ اور ان پہ جوانی کا جوبن ایک ساتھ آیا تھا۔ وہ اس کے حصے بخرے ہونے پر اندر سے ریزہ ریزہ ہو چکی تھیں۔ کھل کھلا کے ہنستی بھی نہیں تھیں اور ایسا لگتا تھا بس زندگی کے دن پورے کر رہی ہیں۔ ان میں سے ایک میرا کے سامنے جب ہم میں سے کوئی اپنے ملک کا ذکر کرتا تو وہ آہ بھر کر کہتی، وہ بھی کیا لوگ ہوتے ہیں جن کا کوئی ملک ہوتا ہے اور جن کی کوئی پہچان ہوتی ہے۔
اس کی عمر کا بڑا حصہ موسطار شہر میں گزرا تھا۔ وہ والی بال کی کینٹن کی سطح کی کھلاڑی تھی۔ نرٹوا دریا اس شہر کے بیچوں بیچ بہتا تھا۔ اس کے دائیں کنارے پر کروایٹ اور بائیں پر مسلمانوں کی اکثریت تھی۔ سرب دونوں حصوں میں کافی کم تعداد میں تھے، لہذا انہیں ہجرت کا سامنا ہوا۔ میرا اپنے خاندان کے ہمراہ تریبینیا نامی بڑے قصبے میں آ بسی۔ ان کے پاس ایک کھلا اور پیارا گھر تھا جو نامعلوم، میونسپلٹی کی طرف سے مہاجر ہونے کے ناتے ملا تھا یا خالی پا کر اسے اپنا لیا تھا۔
میرا سرب مہاجر تھی اور ادھر پاکستان میں گل بی بی افغان مہاجر۔ وہ میرا کی طرح پڑھی لکھی بھی نہیں تھی اور انگریزی بھی نہیں جانتی تھی جس کی بنا پر میرا کو یو این میں نوکری ملی اور اب مڈل کلاس زندگی پھر سے لوٹ آئی۔
گل بی بی واہ کینٹ میں ہمارے گھر میں صفائی کا کام کرتی تھی۔ چھ بچے بچیاں تھے۔ لڑکے واہ کے کوڑا دانوں سے گتے اور بوتلیں، ٹین ڈبہ وغیرہ اکٹھے کر کے کباڑیے کو بیچ کر تقریباً 100 روپیہ فی کس دیہاڑی لگا لیتے تھے۔ گل بی بی کے پاس کوئی گھر بھی نہیں تھا۔ اس کا گھر وہ تمبو تھا جو وہ باقی کچھ افغانی خاندانوں کے ہمراہ آبادی سے ہٹ کے کہیں گاڑ لیا کرتی لیکن اس کی جگہ کبھی تو زمین کے مالک کے کہنے پر اور کبھی پولیس کے حکم پر تبدیل کرنی پڑتی تھی۔ گل بی بی اور اس کے بچے سورج چڑھنے سے اترنے تک کا وقت آبادی میں گزارنے کے بعد واپس لوٹتے تو سونے تک کے وقت کے لیے لالٹین جلا کر تمبو کو روشن کر لیتے۔ یہ وہی لالٹین تھی جس کے شیشے کی لمبائی کو معیار بنا کر طالبان لوگوں کی داڑھی ناپا کرتے تھے۔ مونگ پھلی چننے کے موسم میں وہ دو ماہ کے لیے اس تمبو اور بچوں کو ساتھ لے کر فتح جنگ چلی جاتی۔ خاوند نشئی تھا۔ ان کے ساتھ کم کم ہی رہتا تھا۔ اس کے اپنے ٹھکانے تھے اور وہ نامعلوم کہاں کہاں تھے۔
میرا کی طرح گل بی بی نے نہ کبھی اپنے ماضی کو یاد کیا تھا اور نہ کبھی اپنے ملک افغانستان کو کیونکہ اس کے پاس کوئی سہانی یاد تھی ہی نہیں۔
پھر پاکستان سے بے دخل کیے جانے والے افغان مہاجرین میں اسے بھی شامل کر لیا گیا۔ اس کے ہمراہ وہی تمبو تھا اس کے بچے اور کچھ ضروری سامان۔ اس کا منی ٹرک طورخم پر ٹرکوں کی لمبی لائن میں کھڑا تھا۔ سامان اور ڈالے کے بیچ بمشکل پھنسے ہوئے گل بی بی کے بچے اس سوچ میں گم تھے کہ ان کا وطن بھی کیسا وطن ہے کہ نہ تو وہ وہاں پیدا ہوئے اور نہ اسے کبھی دیکھا۔

