بلاگ

میرے لئے عید ہوئی

abdul waheed khan

ہم 1966 میں ضلع ہری پور میں واقع اپنے گاؤں سے آ کر راولپنڈی میں آباد ہو گئے تھے۔ ابتدائی کچھ سالوں کے دوران عیدین ہم گاؤں جا کر مناتے تھے۔ پنڈی ہزارہ کا بسوں کا اڈہ گنج منڈی کے اختتام پر رتہ کے پل سے ذرا پہلے واقع تھا۔ یہ وہی اڈا تھا جہاں قتیل شفائی نے کبھی اورنگزیب خان کے طور پر ٹکٹ کلرک کا کام کیا تھا۔

ویگنوں کا اڈا صدر راولپنڈی میں سیروز سینما سے کچھ آگے واقع تھا۔ اس کے سامنے سڑک کنارے ان اڈے والوں نے چندہ کر کے۔ پل بنا، چاہ بنا مسجد بنا والے آخری پند سود مند پر عمل کرتے ہوئے ایک مسجد بنا لی جو جگہ جگہ ایسی بہت سی مساجد کی طرح تجاوزات کے زمرے میں آتی تھی۔ کلمہ گو حی الصلاۃ کی صدا پر یہاں پہنچ جاتے۔ ان میں نماز قائم کرنے والے تو خال خال باقی متھا ٹیکنے والے ہی ہوتے تھے۔

عید سے ایک دن پہلے جب ہم یہاں پہنچتے تو اڈا خالی ہوتا۔ مسافر ویگن کے انتظار میں کافی دیر کھڑے رہتے۔ پھر کوئی ”سمجھدار“ مسافر منشی کے پاس جا کر گٹ مٹ کرتا۔ واپس آ کر بتاتا کہ فی سواری اگر اتنا زائد کرایہ دیں تو گاڑی آ جائے گی۔ بے بس اور بے صبرے لوگ مان جاتے اور آناً فاناً ایک ویگن ہمارے سامنے آ کھڑی ہوتی۔

لڑکپن کے اس تلخ تجربے کے بعد 1993 میں جب میں پشاور سے چار سدہ، کوہاٹ اور خیرآباد جانے والی ہائی وے پہ ڈی ایس پی ٹریفک تعینات ہوا تو عید کے موقع پر میں ان سڑکوں پر گاڑیوں کو روک کر سواریوں سے وصول کیا گیا اضافی کرایہ واپس کراتا اور پھر انہیں آگے جانے دیتا۔

اب 2026 ہے۔ میں 70 کے پیٹے میں ہوں پینشن یافتہ ہوئے عرصہ گزر چکا۔ آج یہ خبر سنی کے سیلاب زدگان سے کشتی بانوں نے کنارے پہنچانے کو من چاہے پیسے وصول کیے اور اگر کوئی ایسا نہ کر سکا تو اسے چاروں اور پھیلے گہرے پانی میں چھوڑ کر چلتے بنے۔

ان تمام واقعات میں سب سے تکلیف دہ بات یہ ہے کہ یہاں ظالم اور مظلوم ایک ہی کلاس سے تعلق رکھتے ہیں۔ لیکن لالچ نہ انہیں رحم دل رہنے دیتا ہے اور نہ روادار۔

پاک سرزمین پہ بسنے والے یہ کلمہ گو جو مسلمان اور مومن کہلاتے ہیں، ان بے حس لوگوں پہ ساحر کے ایک فلمی گیت کا یہ مصرع کیا خوب سجتا ہے۔

”عید ہو یا کہ نہ ہو میرے لیے عید ہوئی“

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW