بدلنا ہے تو مے بدلو، نظام مے کشی بدلو
راجہ رجب سے میں نے کہا حضور سنا ہے کہ پاکستان میں نظام حکومت کو بہتر بنانے کے لیے صوبوں کی بڑھوتی کی جو تجویز ہے اور جس کا اب زیادہ مقبول ورژن ہر ریجن کو صوبہ بناتے ہوئے 32 صوبوں کے جنم کا فیصلہ ہے، اس بارے میں آپ کا کہیں گے؟ راجہ جی بولے دھرتی پہ کھینچی گئی لکیروں کو رائٹ لیفٹ کرنے کا ارمان تقریباً تمام ہی رائٹ لیفٹ والوں کا رہا ہے ما سوائے آپ کے گرائیں ایوب خان کے۔
صوبوں کے درجے میں نہ سہی ہمارے ہاں اضلاع کی سطح پر لکیریں رائٹ لیفٹ کرنے کا چلن تو بڑا مقبول رہا ہے۔ اس کا سبب بھی انتظامی اور عوامی سہولت ہی بتایا گیا تھا۔ میں نے عرض کی اس سے عوام کو سہولت تو ملتی ہے جیسے ہری پور کا ضلع بننے سے پہلے ہمارا ضلعی صدر مقام ایبٹ آباد اور تھانہ شیروان تھے جہاں پہنچنے کو تب تقریباً آدھا دن لگتا تھا۔ اب تھانہ اور کچہری اتنے قریب ہیں کہ اگر یہ لانجھے والی جگہیں نہ ہوتیں تو بندہ ہفتہ دس دن میں ذرا چینج کے لیے ان کا چکر لگا لیا کرتا۔
راجہ جی بولے یہ بتائیں کیا تھانیدار اور پٹواری اور ان کے بڑے اب ان سے مختلف ہیں جیسے ایبٹ آباد میں ہوا کرتے تھے؟ میں نے کہا نہیں کبھی کبھی کے حسین اتفاق کو چھوڑ کر یہ سبھی ویسے ہی نظر بٹو ہیں۔
راجہ جی بولے خان صاحب لکیروں کو آپ جتنا دائیں بائیں کر لیں جب تک پوتروں کی اس دھرتی کے کلمہ گوؤں کے ہاں مال و دولت، دنیا کو بتان وہم و گماں جاننے والے ناپید رہیں گے یہاں کچھ بدلنے والا نہیں۔
پھر پوچھا اچھا یہ تو بتائیے نیا ضلع بننے سے حاصل سہولت کے بارے میں آپ کے لوگ کیا کہتے ہیں؟
میں نے کہا لوگوں کا تو پتہ نہیں میرا ایک کزن کہتا ہے پہلے ذلیل ہونے کے لیے دور جانا پڑتا تھا اب یہ کام نزدیک ہی ہو جاتا ہے۔ سہولت تو یہ ہے۔

