میرے مطابق

بھائیوں کا عالمی دن

javed ayaz khan

آج چھ جون کو صبح صبح فیس بک پر اپنے دیرینہ دوست برادرم شفیع انجم اور ان کے چھوٹے بھائی احمد انجم کی پوسٹ دیکھی جہاں وہ بھائیوں کے عالمی دن کے موقع پر اکٹھے کیک کاٹ کر یہ تاریخی دن منا رہے تھے۔ مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ انہوں نے اپنی باہمی محبت اور یکجہتی کا اظہار کر کے اپنی نئی نسل کو ایک پیغام دیا ہے کہ کہ بھائیوں کا تعلق عمروں اور وقت کا محتاج نہیں ہوتا بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوتا چلا جاتا ہے۔ میں ان دونوں بھائیوں کو پچھلی پانچ دہائیوں سے ذاتی طور جانتا ہوں اور ان کی عزت اس لیے بھی میرے دل میں بہت ہے کہ یہ دونوں میری ہر ترقی اور خوشی میں مجھ سے بھی زیادہ خوش ہوتے رہے ہیں۔ ان کا بینک ملازمت کا ساتھ ہمیشہ خوشگوار دوستی کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس موقعہ پر میں اپنی جانب سے ان دونوں کو مبارکباد کے ساتھ ساتھ درازی عمر اور صحت کی بادشاہی کی روایتی دعا بھی دیتا ہوں۔ اللہ ان کے درمیان اتفاق اور محبت کا یہ رشتہ ہمیشہ قائم رکھے آمین! مجھے ان کی یہ باہمی محبت کا اظہار بہت اچھا لگا اور ایک اور قریبی دوست یاد آ گیا جو بتایا کرتا تھا کہ غربت کے دنوں میں ان کے پاس ایک ہی سائیکل ہوا کرتی تھی جو ان کے باپ نے قرض لے کر خریدی تھی۔ دونوں بھائی اسی ایک سائیکل پر اسکول جاتے تھے، بازار جاتے اور گھر کے کام کاج کرتے تھے۔ بڑے بھائی نے میٹرک کے بعد تعلیم چھوڑ کر کمانا شروع کر دیا تاکہ چھوٹے بھائی پڑھ سکیں۔ برسوں بعد چھوٹا بھائی ایک بڑا افسر بن گیا تو ایک تقریب میں کسی نے اس سے پوچھا کہ آپ کی کامیابی اور ترقی کا راز کیا ہے؟ تو اس نے جواب دیا کہ ”میری ڈگریوں پر میرا نام ضرور لکھا ہے مگر اس میں میرے بھائی کی قربانی بھی شامل ہے۔ شاید یہی بھائی کا اصل کردار ہوتا ہے کہ وہ اکثر اپنے خوابوں اور خواہشات کو چھپا کر دوسروں کے خوابوں اور خواہشات کو پورا کرتا ہے۔ وہ اپنی خواہشات کی قربانی دے کر خاندان کی بنیاد مضبوط بناتا ہے۔ کہتے ہیں کہ زندگی انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے مگر بعض سبق کتابوں سے نہیں رشتوں سے سیکھنے پڑتے ہیں۔ ان رشتوں میں بھائی کا رشتہ ایک ایسی نعمت ہے جس کی اصل قدر اکثر اس وقت معلوم ہوتی ہے جب وقت کے تھپیڑے انسان کو تنہا کر دیتے ہیں۔ آج“ عالمی یوم برادران ”منایا جا رہا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ بھائیوں کی محبت اور قربانیوں کو کسی ایک دن میں سمیٹا نہیں جاسکتا۔ یہ رشتہ ہے جو بچپن کی شرارتوں سے شروع ہو کر بڑھاپے کی تنہائیوں تک چلتا ہے۔ زندگی کا ہر دن شاید بھائیوں کا دن ہی ہوتا ہے۔

رشتوں کی دنیا میں کچھ تعلق ایسے ہوتے ہیں جو لفظوں کے محتاج نہیں ہوتے۔ وہ نہ ہر وقت اظہار چاہتے ہیں اور نہ ہی ہر لمحہ توجہ کے طلبگار ہوتے ہیں، مگر جب زندگی کی دھوپ تیز ہو جائے، حالات کے بادل گہرے ہو جائیں اور راستے اجنبی محسوس ہونے لگیں تو یہی رشتے انسان کے لیے سائبان بن جاتے ہیں۔ بھائی کا رشتہ بھی انہی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔ شاید اسی لیے دنیا بھر میں ”عالمی یومِ برادران“ منایا جاتا ہے تاکہ ان ہستیوں کو یاد کیا جا سکے جو اکثر اپنے جذبات کو لفظوں میں بیان نہیں کرتے مگر اپنے عمل سے محبت کی ایسی داستانیں رقم کر جاتے ہیں جو عمر بھر یاد رہتی ہیں۔ بچپن میں بھائی کھلونوں پر جھگڑنے والا ساتھی ہوتا ہے۔ وہی بھائی کبھی اسکول جاتے ہوئے ہاتھ پکڑتا ہے، کبھی کسی شرارتی بچے سے لڑ جاتا ہے اور کبھی اپنی پسندیدہ چیز بھی قربان کر دیتا ہے۔ وقت گزرتا ہے، عمریں بڑھتی ہیں، ذمہ داریاں بدلتی ہیں، مگر بھائی کا کردار ختم نہیں ہوتا بلکہ مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔ زندگی کے ہر موڑ پر بھائی ایک ایسی دیوار کی مانند ہوتا ہے جس پر انسان بے فکری سے ٹیک لگا سکتا ہے۔ باپ کے بعد اگر کوئی شخص خاندان کی ذمہ داریوں کو اپنے کندھوں پر اٹھانے کی کوشش کرتا ہے تو اکثر وہ بڑا بھائی ہی ہوتا ہے۔ وہ اپنی خواہشوں کو قربان کر کے چھوٹے بہن بھائیوں کے خوابوں کی حفاظت کرتا ہے۔ یہ عجیب بات ہے کہ بھائی اپنی محبت کا اظہار کم کرتے ہیں مگر ان کی محبت کی گہرائی سمندر سے کم نہیں ہوتی۔ وہ اکثر نصیحت کی شکل میں محبت کرتے ہیں، ڈانٹ میں فکر چھپا دیتے ہیں اور خاموشی میں اپنائیت سمو دیتے ہیں۔

بھائیوں کے درمیان اصل دولت جائیداد یا بینک بیلنس نہیں ہوتی بلکہ وہ یادیں ہوتی ہیں جو وقت کے خزانے میں محفوظ ہو جاتی ہیں۔ ایک ہی بستر پر سونا، ایک ہی سائیکل پر سفر کرنا، عید کے کپڑوں پر بحث کرنا، والدین کی ڈانٹ سے ایک دوسرے کو بچانا، یہ سب ایسی یادیں ہیں جو بڑھتی عمر کے ساتھ مزید قیمتی ہوتی جاتی ہیں۔ جب زندگی کی شام ڈھلنے لگتی ہے تو انسان کو احساس ہوتا ہے کہ دنیا کے بہت سے تعلقات مفاد سے جڑے تھے، مگر بھائی کا رشتہ ان چند تعلقات میں شامل ہے جو خون، محبت اور مشترکہ تاریخ سے بندھا ہوتا ہے۔

افسوس کہ جدید زندگی کی تیز رفتاری نے بہت سے رشتوں کو فاصلے میں تبدیل کر دیا ہے۔ آج بھائی ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے بھی ایک دوسرے سے دور ہیں۔ موبائل فون، سوشل میڈیا اور معاشی دوڑ نے گفتگو کے وہ لمحے چھین لیے ہیں جو کبھی گھروں کی رونق ہوا کرتے تھے۔ جائیداد کے تنازعات، انا کی جنگ اور معمولی اختلافات بعض اوقات ایسے مضبوط رشتوں کو بھی کمزور کر دیتے ہیں جو بچپن سے ساتھ پروان چڑھے ہوتے ہیں۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ دنیا کی کوئی دولت، کوئی عہدہ اور کوئی کامیابی ایک مخلص بھائی کی جگہ نہیں لے سکتی۔ وقت انسان کو بہت کچھ دے دیتا ہے مگر بچپن کے وہ بھائی واپس نہیں لوٹا سکتا جن کے ساتھ زندگی کی پہلی خوشیاں اور پہلی آزمائشیں وابستہ تھیں۔ بعض اوقات انسان اپنی زندگی میں بہت سی کامیابیاں حاصل کر لیتا ہے، مگر پھر بھی خود کو تنہا محسوس کرتا ہے۔ ایسے میں اگر ایک مخلص بھائی ساتھ کھڑا ہو تو آدھی مشکلات خود بخود آسان ہو جاتی ہیں۔ بھائی صرف خاندان کا فرد نہیں ہوتا بلکہ انسان کی شناخت، طاقت اور حوصلے کا حصہ بھی ہوتا ہے۔ قدرت نے بھی بھائیوں کے رشتے میں ایک خاص تاثیر رکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انبیائے کرام کی زندگیوں میں بھی بھائیوں کے کردار نمایاں نظر آتے ہیں۔ محبت، تعاون اور قربانی کی یہ روایت انسانیت کی تاریخ جتنی ہی پرانی ہے۔

عالمی یومِ برادران محض ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے ان رشتوں کی قدر پہچاننے کا موقع ہے جو زندگی کی بے رحم دوڑ میں اکثر نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ اگر آپ کے بھائی زندہ ہیں تو ان کے ساتھ گزارا ہوا وقت ایک نعمت ہے۔ اگر وہ دور ہیں تو ایک فون کال کیجیے، اگر ناراض ہیں تو پہل کیجیے، اور اگر اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں تو ان کے لیے دعا کیجیے۔ آخرکار زندگی کے سفر میں بہت سے لوگ ملتے اور بچھڑ جاتے ہیں، مگر بھائی وہ رشتہ ہے جو خون کے ساتھ دل میں بھی بہتا رہتا ہے۔ گھر کی دیواریں اینٹوں سے بنتی ہیں، مگر گھر کا سہارا بھائیوں سے بنتا ہے۔ جب بھائی ساتھ ہوں تو غربت بھی کم محسوس ہوتی ہے اور جب بھائی بچھڑ جائیں تو دولت بھی تنہائی کا علاج نہیں بن سکتی۔ کیونکہ وقت گزر جانے کے بعد انسان کو زمینوں کی حد بندی یاد نہیں رہتی مگر بھائی کی کمی عمر بھر محسوس ہوتی رہتی ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW