آبادیاتی خودکشی: 40 کروڑ عوام اور پاکستان کا انجام
اگر آپ کو بتایا جائے کہ نیوزی لینڈ جتنا ایک ملک جسے خوراک، پانی، رہائش اور نوکریوں کی اتنی ہی ضرورت ہے جتنی کسی بھی ریاست کو ہوتی ہے، ہر سال پاکستان کی سرزمین پر آسمان سے گرایا جا رہا ہے، تو آپ یقیناً اسے ایک ’حملہ‘ قرار دیں گے۔ آپ اسے قومی ایمرجنسی کہیں گے۔ آپ توقع کریں گے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا اور پارلیمنٹ میں ہنگامہ برپا ہو جائے گا۔ مگر افسوس! یہ ”حملہ“ ابھی ہو رہا ہے اور یہ باہر سے نہیں بلکہ ہمارے اندر سے ہو رہا ہے۔ ہم ہر سال اپنی آبادی میں تقریباً ساڑھے 65 لاکھ افراد کا اضافہ کر رہے ہیں جو کہ پورے نیوزی لینڈ یا راولپنڈی شہر کی کل آبادی کے برابر ہے۔ لیکن گھبراہٹ یا ہنگامی اقدامات کے بجائے، ہر طرف خاموشی ہے۔ پالیسی سازی کے بجائے، جمود طاری ہے۔ پاکستان اس وقت ایک ایسی کھائی کی طرف نیند میں چل رہا ہے جو اب افق پر نہیں بلکہ ہمارے قدموں کے عین نیچے آ چکی ہے۔ ماہرینِ صحت اور عوامی صحت کے ذمہ داران کی حالیہ گفتگو نے ہمارے مستقبل کے خوفناک اعداد و شمار کو بے نقاب کر دیا ہے۔ 24 کروڑ 15 لاکھ سے تجاوز کر جانے والی آبادی، جو 2030 تک 30 کروڑ اور 2050 تک 40 کروڑ تک پہنچنے والی ہے، پاکستان کے لیے صرف گورننس کا بحران نہیں بلکہ ایک وجودی خطرہ بن چکی ہے۔ جسے اکثر ”بحرانوں کی جڑ“ کہا جاتا ہے، وہ اب کوئی مبالغہ آرائی نہیں بلکہ ایک ریاضیاتی حقیقت ہے۔
صورتحال کی سنگینی کو سمجھنے کے لیے ہمیں صرف کل تعداد کو نہیں بلکہ شرح نمو کو دیکھنا ہو گا۔ پاکستان کی آبادی 2.6 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ بظاہر یہ ایک چھوٹا سا ہندسہ معلوم ہوتا ہے لیکن حقیقت میں یہ تباہ کن ہے۔ سیاق و سباق بہت اہم ہے۔ بنگلہ دیش، جو کبھی پاکستان کا ”زیادہ آبادی والا“ حصہ تھا، نے آبادی میں اضافے کی شرح کو کامیابی سے کم کر کے اسے مثالی حد تک مستحکم کر لیا ہے۔ بھارت اپنی آبادی کو مستحکم کر رہا ہے۔ ایران نے تاریخ میں سب سے تیز رفتاری سے اپنی شرحِ پیدائش کو قابو میں لانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تاہم، پاکستان اس خطے میں ایک عبرت ناک استثنا بن کر رہ گیا ہے، جہاں جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ شرح پیدائش یعنی فی خاتون 3.6 بچے ہے۔ یہ شرح نمو معاشی ترقی کے لیے ایک تباہ کن مشین کی طرح ہے۔ جب آپ کی آبادی آپ کی معیشت سے زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہو، تو آپ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ غریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔ اگر پاکستان کی جی ڈی پی 3 فیصد اور آبادی 2.6 فیصد کی شرح سے بڑھے، تو فی کس آمدنی میں بہتری نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہم ایک ایسی ٹریڈ مل پر دوڑ رہے ہیں جس کی رفتار تیز ہوتی جا رہی ہے، جبکہ ہماری ٹانگیں کمزور پڑ رہی ہیں۔
اس بحران کا سب سے دلخراش پہلو یہ ہے کہ یہ صرف ”لوگوں کی زیادتی“ کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ معیارِ زندگی کی بدترین تنزلی اور خواتین و بچوں کے خاموش قتلِ عام کا معاملہ ہے۔ ہم اکثر دہشت گردی یا حادثات کی بات کرتے ہیں، لیکن پاکستان میں انسانی جانوں کا اصل دشمن زچہ و بچہ کی صحت سے برتی جانے والی غفلت ہے۔ ہر سال دورانِ زچگی 11,000 خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔ یہ وہ اموات ہیں جنہیں روکا جا سکتا تھا۔ یہ وہ مائیں ہیں جو اپنے پیچھے یتیم خاندان چھوڑ جاتی ہیں۔ مزید برآں، ہمارے نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات انتہائی خوفناک ہے : ہر 1,000 زندہ پیدائشوں میں سے 62 بچے اپنی پہلی سالگرہ دیکھنے سے پہلے ہی فوت ہو جاتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ سالانہ تقریباً 1 لاکھ 10 ہزار معصوم بچے موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔ تاہم، یہ المیہ صرف موت تک محدود نہیں ؛ زندہ بچ جانے والے بچوں کی حالتِ زار اس سے بھی زیادہ دلخراش ہے۔ غذائی قلت کے حوالے سے سامنے آنے والے اعداد و شمار ریاست کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر کے 40 فیصد بچے ”اسٹنٹنگ“ (Stunting) کا شکار ہیں، یعنی ان کا قد ان کی عمر کے لحاظ سے چھوٹا ہے۔ 18 فیصد بچے انتہائی کمزور ہیں اور 29 فیصد کم وزن ہیں۔
اسٹنٹنگ کا مطلب صرف جسمانی قد کا چھوٹا ہونا نہیں ہے ؛ یہ دماغی نشوونما کے رک جانے کا نام ہے۔ ایک اسٹنٹڈ بچہ، اسٹنٹڈ دماغ کا حامل ہوتا ہے۔ ہم عملی طور پر ایک ایسی نسل تیار کر رہے ہیں جو ذہنی صلاحیتوں میں کمزور ہے، جو ڈیجیٹل دور میں مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہو گی، اور جن کا مقدر جدید معیشت میں محض پست درجے کی مزدوری اور مشقت بن کر رہ جائے گا جہاں تیزی سے آٹومیشن آ رہی ہے۔ جب آپ کی مستقبل کی 40 فیصد ورک فورس غذائی قلت کی وجہ سے جسمانی اور ذہنی طور پر معذور ہو، تو یہ صورتحال ’آبادیاتی منافع‘ (Demographic Dividend) کے بجائے ایک ’آبادیاتی تباہی‘ (Demographic Disaster) ثابت ہو گی۔ اس صورتحال کا سب سے لرزہ خیز اور چونکا دینے والا انکشاف ناخواستہ حمل (Unwanted Pregnancies) کی ہوشربا تعداد ہے۔ پاکستان میں ہر سال ایک کروڑ 28 لاکھ حمل ہوتے ہیں۔ ان میں سے نصف یعنی 50 فیصد ناخواستہ (Unwanted) ہوتے ہیں۔ یہ ریاست کی بدترین اور مجرمانہ ناکامی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر سال 60 لاکھ سے زائد خواتین صرف اس لیے حاملہ ہوتی ہیں کیونکہ ان کے پاس مانع حمل ادویات تک رسائی نہیں تھی یا انکار کرنے کا اختیار نہیں تھا۔ یہ صورتحال پاکستان میں اسقاطِ حمل کی تلخ حقیقت کی طرف لے جاتی ہے۔ سالانہ تقریباً 38 لاکھ اسقاطِ حمل کی کوششیں کی جاتی ہیں، جن میں سے اکثر غیر محفوظ طریقے سے اور اتائیوں کے ذریعے کی جاتی ہیں۔ یہ براہِ راست ہماری زچگی کی شرح اموات میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ مزید برآں، پاکستان کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ مردہ بچوں کی پیدائش کی شرح کا شرمناک ریکارڈ بھی ہے۔ یہ قومی شرمندگی کا باعث ہے کہ دنیا میں کہیں بھی اتنے بچے مردہ پیدا نہیں ہوتے جتنے پاکستان میں ہوتے ہیں۔
کئی دہائیوں سے پاکستان کے غریب اور محنت کش طبقات میں ایک ثقافتی غلط فہمی قائم ہے۔ یہ خیال کہ زیادہ بچے کا مطلب ”زیادہ ہاتھ“ ہیں جو کمائیں گے۔ ایک زرعی اور محنت طلب ماضی میں شاید اس میں کچھ سچائی ہو، لیکن 2026 میں یہ ایک معاشی خودکشی کا معاہدہ ہے۔ ماہرین درست نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ ایک ”ترقیاتی مسئلہ“ ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے خوشحال اور تعلیم یافتہ طبقات کے ہاں بچے کم ہیں کیونکہ وہ معیاری تعلیم کی لاگت اور بچے کے مستقبل میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔ اس کے برعکس، غربت کے چکر میں پھنسے لوگ بچوں کو انشورنس پالیسی یا مفت لیبر کے طور پر دیکھتے ہیں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ”اضافی ہاتھ“ ایک ایسی معیشت میں داخل ہو رہے ہیں جہاں ان کے لیے کوئی کام نہیں ہے۔ ہم غیر ہنر مند، ان پڑھ اور غذائی قلت کے شکار نوجوانوں کی ایک فوج تیار کر رہے ہیں جنہیں جدید معیشت میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔ یہ سماجی بے چینی، جرائم اور انتہا پسندی کا ایندھن ہے۔
انتظامی طور پر ہم ایک ایسی تقسیم کا شکار رہے جہاں بنیادی مراکزِ صحت اور ہسپتالوں نے، جہاں خواتین کا اصل رجوع ہوتا ہے، خاندانی منصوبہ بندی کو کبھی اپنی ترجیحات میں شامل ہی نہیں کیا۔ دوسری جانب، محکمہ بہبودِ آبادی ایک الگ تھلگ اکائی کی طرح کام کرتا رہا، جو فنڈز کی کمی اور کلینیکل موجودگی نہ ہونے کے باعث محض زبانی ترغیب تک محدود رہا۔ اگرچہ اب کچھ صوبوں میں ان محکموں کے انضمام سے تبدیلی کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن اس پرانی انتظامی تقسیم کے پیدا کردہ اثرات بہت گہرے ہیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز، جو ہمارے دیہی صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اکثر زیادہ کام کے بوجھ تلے دبی ہوتی ہیں، انہیں کم معاوضہ ملتا ہے اور مانگ کو پورا کرنے کے لیے ضروری سپلائی (Supply) کی کمی کا سامنا رہتا ہے۔ ”سپلائی سائیڈ“ کی ناکامی واضح ہے۔ خواتین بچوں میں وقفہ چاہتی ہیں، لیکن کلینک ادویات سے خالی ہیں۔
لیکن یہ بگاڑ اس سے بھی گہرا ہے اور پاکستان کے آئینی دل یعنی ”قومی مالیاتی کمیشن“ (NFC Award) تک جاتا ہے۔ موجودہ فارمولا قومی وسائل کو صوبوں میں بنیادی طور پر آبادی کی بنیاد پر تقسیم کرتا ہے۔ اس نے ایک الٹی ترغیب پیدا کی۔ اگر کوئی صوبہ کامیابی سے اپنی آبادی کو کنٹرول کرتا ہے، تو وفاقی محصولات میں اس کا حصہ کم ہو جاتا ہے۔ اس کے برعکس، اگر کوئی صوبہ اپنی آبادی کو بڑھنے دیتا ہے، تو اسے زیادہ پیسہ ملتا ہے۔ اگرچہ کچھ افسران اسے ”لنگڑا جواز“ قرار دیتے ہیں، لیکن سیاسی حقیقت ناقابل تردید ہے۔ کیوں کوئی صوبائی حکومت آبادی کنٹرول کرنے کے لیے جارحانہ مہم چلائے گی اگر اس کا مطلب ان کے صوبے کے لیے مالی خودکشی ہو؟ مردم شماری منصوبہ بندی کے آلے کے بجائے ایک سیاسی ہتھیار بن چکی ہے، جہاں ہر نسل اور صوبہ فنڈز اور پارلیمانی نشستیں حاصل کرنے کے لیے اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔ جب تک فارمولے میں خواندگی اور صحت جیسے سماجی ترقی کے اشاریوں کو محض سروں کی گنتی پر ترجیح نہیں دی جاتی، آبادی کو کم کرنے کا سیاسی عزم سرد مہری کا شکار رہے گا۔
جب بھی آبادی کنٹرول کرنے کی بات کی جاتی ہے، ”مذہب کارڈ“ کھیلا جاتا ہے۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی ”غیر اسلامی“ ہے اور عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔ یہ بڑی حد تک ایک افسانہ ہے جسے ریاست کی بے عملی کا جواز پیش کرنے کے لیے گھڑا گیا ہے۔ ایران، ایک اسلامی جمہوریہ، نے دنیا کے کامیاب ترین خاندانی منصوبہ بندی کے پروگراموں میں سے ایک کو نافذ کیا۔ بنگلہ دیش، ایک مسلم اکثریتی ملک، نے بچوں میں وقفے کی تائید کے لیے علمائے کرام کا سہارا لیا۔ فقہ اور حدیث کے ماہر جید علمائے کرام بچوں میں وقفے کی حمایت کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آبادی میں توازن کی رکاوٹ مذہبی تعلیمات نہیں، بلکہ مذہبی تشریح کو عصری تقاضوں اور عوامی فلاح کے مطابق نچلی سطح تک پہنچانے میں ریاستی ناکامی ہے۔ ہمیں ہر گاؤں کی مسجد کے امام کی ضرورت ہے جو ماں کی صحت اور بچے کے حقوق کے بارے میں بات کرے، اور بچوں میں وقفے کو مغربی ایجنڈے کے بجائے ایک اخلاقی فریضے کے طور پر پیش کرے۔
جب ہم 40 کروڑ آبادی والے مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں، تو ہمیں اپنی قیادت سے یہ مطالبہ کرنا ہو گا کہ وہ اس مسئلے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرے۔ جس طرح ڈیجیٹلائزیشن اور توانائی کے لیے ٹاسک فورسز بنائی جاتی ہیں، بالکل اسی طرح ”پاپولیشن ایمرجنسی“ کے نفاذ کی ضرورت ہے۔ حکومت اور سیاسی جماعتوں کو یہ ادراک کرنا ہو گا کہ مہنگائی جیسے سٹرکچرل مسائل کا گہرا تعلق طلب اور رسد کے اسی عدم توازن سے ہے۔ سیاسی منشور میں آبادی کے توازن کا ذکر محض ووٹ بینک کا خوف نہیں بلکہ قومی بقا کا معاملہ ہونا چاہیے۔ اس کا حل کوئی پیچیدہ عمل نہیں بلکہ ایک مربوط حکمتِ عملی ہے جس میں ”پوری حکومت“ اور ”پوری سوسائٹی“ کا اشتراک درکار ہے۔ سب سے پہلے ہمیں خاندانی منصوبہ بندی کی تشنہ ضرورت (Unmet need) کو پورا کرنا ہو گا تاکہ وہ خواتین جو وقفہ چاہتی ہیں، انہیں بنیادی مراکزِ صحت پر تمام وسائل میسر ہوں۔ صحت اور بہبودِ آبادی کے محکموں کا انضمام وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ہر ہسپتال سے فارغ ہونے والی خاتون کو مناسب طبی مشاورت مل سکے۔ ہمیں بنگلہ دیش کے سماجی انجینئرنگ ماڈل سے سیکھتے ہوئے زبردستی کے بجائے ترغیب اور تعلیم پر توجہ دینی چاہیے۔ خواتین کی تعلیم اور خود مختاری دراصل وہ پائیدار راستہ ہے جو شعوری طور پر آبادی میں توازن پیدا کرنے کا سب سے موثر ذریعہ ثابت ہوتا ہے ؛ جو لڑکی 18 سال تک اسکول میں رہتی ہے اس کے بچے قدرتی طور پر کم ہوتے ہیں۔ آخر میں، ہمیں بیانیے کو ”آبادی کنٹرول“ سے بدل کر ”بچوں میں وقفہ“ پر لانا ہو گا، اور ماں کی صحت کے لیے اس کی طبی ضرورت پر زور دینا ہو گا۔
پاکستان کے پاس اب ضائع کرنے کے لیے ایک لمحہ بھی باقی نہیں بچا ہے۔ آبادیاتی رفتار ایسی ہے کہ اگر ہم آج ایک جامع اصلاحاتی پروگرام کا آغاز بھی کر دیں، تب بھی نوجوان آبادی کے بے پناہ تناسب یعنی ”یوتھ بلج“ (Youth Bulge) کی قوتِ رفتار کے باعث ہماری مجموعی تعداد کو دہائیوں تک مسلسل بڑھنے سے روکنا تقریباً ناممکن ہو گا۔ تاہم، ہم ایک قابلِ انتظام 30 کروڑ اور ایک تباہ کن 40 کروڑ کے درمیان انتخاب کر سکتے ہیں۔ ہم ایک ایسی آبادی کے درمیان انتخاب کر سکتے ہیں جو تعلیم یافتہ، صحت مند اور پیداواری ہو، یا اس ہجوم کے درمیان جو سماجی و معاشی تنزلی اور وسائل کی نایابی کے سبب محض بقا کی جنگ لڑ رہا ہو۔ ہم ہر سال ساڑھے پینسٹھ لاکھ نئے انسانوں کو اس نظام میں شامل کر رہے ہیں جو پہلے ہی بوجھ تلے سسک رہا ہے۔ یہ معصوم بچے، جن کی سالانہ تعداد پورے نیوزی لینڈ کی آبادی کے برابر ہے، ریاست کی اس خاموش دستبرداری کا شکار ہو رہے ہیں جہاں ان کے لیے نہ معیاری تعلیم ہے، نہ غذائیت اور نہ ہی صحت کا کوئی قابلِ اعتماد سہارا۔ یہ ہماری اجتماعی ناکامی ہے جو ان کا استقبال کرتی ہے۔
اگر ہم نے ابھی عمل نہیں کیا، تو پاکستان کی گورننس واقعی، جیسا کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، سب کی پہنچ سے باہر ہو جائے گی۔ ہم ”مینج“ (Manage) نہیں کیے جائیں گے ؛ ہم ”کنٹین“ (Contain) کیے جائیں گے۔ ہم مالتھس کے نظریہِ تباہی (Malthusian Catastrophe) کی ایک عبرت ناک مثال بن کر تاریخ کے اوراق میں گم ہو جائیں گے۔ فیصلہ آج کی قیادت کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اس طوفان کا رخ موڑتے ہیں یا خاموش تماشائی بن کر تاریخ کے اس دہانے پر کھڑے رہتے ہیں جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔


So necessary for authorities to pay attention to this issue of uncontrolled population. Nicely written piece