کتابیںمیرے مطابق

جدیدیت اور نفسیاتی بیانیہ: ورجینیا وولف کا ناول مسز ڈیلوے

shahzad hussain bhatti lahore

ورجینیا وولف کا شہرۂ آفاق ناول ”مسز ڈیلوے“ جدید ادب میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کی بڑائی کسی پیچیدہ یا سنسنی خیز پلاٹ میں نہیں، بلکہ اس کے بیانیہ اسلوب میں مُضمر ہے، جس کی مدد سے ادیبہ نے انسانی نفسیات کی نئی تفہیم پیش کی ہے۔ یہ ناول بعد از جنگِ عظیمِ دوم کے لندن کے ایک ہی دن کے واقعات پر محیط ہے اور بنیادی طور پر کلیریسا ڈیلووے اور سیپٹمس وارن اسمتھ کی نجی زندگیوں کو مرکز بناتا ہے۔ بظاہر، یہ ناول ایک سماجی تقریب کی تیاری کے سادہ سے عمل پر مرتکز ہے، درحقیقت یہ یادداشت کی نفسیاتی پیچیدگی، جنگ سے جنم لینے والے صدمات، شناخت، سماجی جبر اور زندگی اور موت کے باہمی تعلق پر عمیق، سنجیدہ اور فکری مکالمہ ہے۔

پہلی بار یہ ناول 1928 میں لندن سے ورجینیا وولف کی اپنی اشاعتی کمپنی سے شائع ہوا۔ جس اردو ترجمے سے ہم مُستفید ہوئے ہیں، وہ سید سعید نقوی نے 2023 میں کیا ہے۔

جائزے سے پہلے، ورجینیا وولف کے بارے میں مختصراً جان لیتے ہیں۔ ورجینیا وولف ( 1882۔ 1941 ) انگریزی ادب کی وہ نمایاں مصنفہ ہیں جو جدیدیت کے ادبی رجحان کی نمائندہ کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ وہ ناول نگار، مضمون نویس اور ادبی تنقید میں ماہر تھیں، اور خاص طور پر شعور کی رو اور بالواسطہ آزاد اسلوب کی تکنیک کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے عورتوں کی تخلیقی آزادی، معاشرتی جبر اور ذہنی صحت کے مسائل کو ادب کے ذریعے اجاگر کیا۔ ان کا ادبی اسلوب جدید ادب میں نفسیاتی گہرائی اور جمالیاتی لطافت کے معیار کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مشہور کاموں میں ”مسز ڈیلووے“ ، ”دی لائٹ ہاؤس“ اور ”اورلینڈو“ شامل ہیں۔

ناول کے پلاٹ پر بات کی جائے تو یہ جون 1923 کے ایک ہی دن کے مختلف واقعات پر مشتمل ہے۔ کہانی کا آغاز کلیریسا ڈیلووے کے کردار سے ہوتا ہے، جو شام کو دی جانے والی دعوت کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ناول روایتی پلاٹ کے بجائے کرداروں کی باطنی دنیا، یادداشتوں اور ذہنی کیفیات کے گرد گھومتا ہے۔ کلیریسا کے حال کے لمحات اسے بار بار ماضی میں لے جاتے ہیں، جہاں اس کی پیٹر واش سے ادھوری محبت اور سیلی سٹین سے جذباتی قربت اس کی شخصیت کو نکھارنے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔

اسی روز، ایک اور اہم کردار، سیپٹمس وارن اسمتھ، بھی لندن کی گلیوں میں موجود ہے۔ وہ جنگِ عظیمِ اول کا سابق سپاہی ہے، جو گہرے نفسیاتی صدمے کا شکار ہے۔ مختلف نوعیت کے واقعات کے بعد ، ناول کا اختتام کلیریسا کی شام کی دعوت پر ہوتا ہے، جہاں لندن کی اعلیٰ شخصیات مدعو ہیں۔ اسی دوران، کلیریسا کو سیپٹمس کی خودکشی کی خبر ملتی ہے۔ یہ واقعہ اس کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑتا ہے، اور وہ اس موت کو ایک خاموش احتجاج اور روحانی آزادی کے عمل کے طور پر لیتی ہے۔

مذکورہ ناول کا اسلوب جدید انگریزی ادب میں انقلابی موڑ کی حیثیت رکھتا ہے، کیوں کہ ورجینیا وولف نے اس میں روایتی بیانیہ تکنیک کو ترک کر کے شعور کی رو کو استعمال کیا ہے۔ اس تکنیک کی مدد سے قاری براہِ راست کرداروں کے ذہنی بہاؤ میں داخل ہو جاتا ہے۔

ناول میں ماضی اور حال ضم ہو جاتے ہیں، اور یادیں بغیر کسی رکاوٹ کے حال میں آن پہنچتی ہیں۔ یہ تکنیک جدید ادب کے اس فکری پہلو کو اجاگر کرتی ہے کہ روایتی اور خارجی بیانیہ انسان کی حقیقت کو اس کی مکمل پیچیدگیوں کے ساتھ پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا نہیں۔

مصنفہ کے نزدیک حقیقت کوئی یکساں یا مستحکم مظہر نہیں، بلکہ ایک بکھرا ہوا باطنی تجربہ ہے۔ لہٰذا اس کی فنی نمائندگی بھی اسی منتشر، نفسیاتی اور داخلی طرزِ اظہار کی متقاضی ہے۔

وہ سماجی مطابقت کو ایک طاقت ور اور غیر مرئی قوت کے طور پر بیان کرتی ہیں، جو شخصی آزادی کی جذباتی صداقت کو محدود کرتی ہے۔ وہ اس گراں اور جمود زدہ معاشرت پر تنقید کرتی ہیں، جو انسانی بہبود کے بجائے آداب، وقار اور سماجی طور پر قبول معمولیت کو فوقیت دیتا ہے۔ انہوں نے اپنی تحریروں سے یہ باور کروانے کی کوشش کی ہے کہ ایسی سماجی مطابقت وہ جبر ہے، جو افراد کی ذاتی پہچان کے لیے نقصان دہ ہے اور انسان کو اپنی جذباتی صداقت اور اظہار کے حق سے محروم کرتا ہے۔

مصنفہ تعلقات کو ایک نفسیاتی ضرورت کے طور پر لیتی ہیں، جو انسان کو معنی فراہم کرتے ہیں اور جدید معاشرت کی تنہائی اور اجنبیت کے اثرات سے نبٹنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ کلیریسا جس دعوت کا اہتمام کرتی ہے، وہ محض ایک سماجی تقریب نہیں، بلکہ انسانی خواہش کی ایک علامت ہے۔ اس ضیافت کے ذریعے وہ بکھری ہوئی دنیا میں ربط اور ہم آہنگی پیدا کرنا چاہتی ہے، جہاں لوگ مراسم قائم کر سکیں، تجربات بانٹ سکیں، مشاہدات کو بیان کریں اور ایک دوسرے کی موجودگی کو تسلیم کرنے کے اہل ہوں۔ یہ ایسے معمولی اعمال ہیں، جو افراد کے لیے تسکین کا باعث بن سکتے ہیں۔

بظاہر، کلیریسا ڈیلووے کا تعلق لندن کی روایتی اشرافیہ سے ہے، جو سماجی تقریبات اور ظاہری آداب کی پاس دار ہے، تاہم اس کی داخلی صوتِ حال اس کے برعکس ہے۔ وہ تنہائی کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ بڑھتی عمر سے بھی پریشان ہے، اور جذباتی محرومی اس کے باطن کو جکڑے ہوئے ہے۔

ناول میں وقت کو فن اور موضوعاتی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ بگ بین کی بجتی گھنٹیاں سماجی اور میکانکی وقت کی نمائندہ ہیں، جب کہ کرداروں کی باطنی کیفیت ایک ایسے وقت میں سانس لیتی ہیں، جو یادداشت اور احساسات سے تشکیل پاتا ہے۔ کلیریسا کے لیے ماضی محض گزرے ہوئے لمحات نہیں، بلکہ زندہ حقیقت ہے، جو حال کو معنی فراہم کرتی ہے۔ مصنفہ اس تصور کی قائل نظر آتی ہیں کہ انسانی شناخت جامد نہیں، بلکہ متحرک یادداشت کے ذریعے تشکیل پاتی ہے۔

مصنفہ نے انسانی ذہن کی حقیقت کو نہایت گہرائی سے بیان کیا ہے کہ انسانی شخصیت کو محض ظاہری اعمال اور سماجی رویوں کے ذریعے نہیں سمجھا جا سکتا۔ ان کے نزدیک انسان کی اصل پہچان اس کی باطنی دنیا، خیالات، یادداشت اور جذبات کی مدد سے تشکیل پاتی ہے۔ وہ سمجھتی ہیں کہ یہ ایک ایسا نفسیاتی عمل ہے، جو سماج سے پوشیدہ ہے۔ وہ اس بات پر زور دیتی ہیں کہ انسان کی حقیقی تفہیم کے لیے اس کے ظاہر کے بجائے باطنی اور نفسیاتی کیفیت کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے صدمے کے دیرپا اثرات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی ہے کہ صدمے کو محض ایک عارضی ضرر نہ سمجھا جائے، بلکہ یہ ایک گہرا اور دیرپا اثر ہے۔ وہ واضح کرتی ہیں کہ جنگ کی ہولناکیاں انسانی ذہن کو اس طرح مجروح کرتی ہیں کہ انسان جذباتی بے حسی، ذہنی انتشار اور حقیقت سے دور ہو جاتا ہے۔ وہ اس بات پر مصر ہیں کہ صدمے کو دبانے یا نظر انداز کرنے کے بجائے سمجھا اور تسلیم کیا جائے، کیوں کہ انسانی ہمدردی اور تعاون ہی اس صورتِ حال سے نکلنے میں کارگر ہو سکتا ہے۔

اس ناول کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ موت سے آگاہی انسان کی زندگی کو بامعنی بنا سکتی ہے۔ ورجینیا وولف موت کو ایک عمیق وجودی قوت کے طور پر بیان کرتی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ موت کی حقیقت انسانی ادراک اور جذباتی گہرائی کو تشکیل دینے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ موت کی ناگزیر حقیقت کو سمجھنا زندگی کے مختصر لمحات کی قدر کو بڑھانا اور روزمرہ کے تجربات کو اہمیت عطا کرنا ہے۔ سیپٹمس وارن اسمتھ کے کردار اور اس کی موت کے ذریعے ورجینیا وولف دوسروں میں شعور اور فکری عمل پیدا کرنے میں کامیاب ٹھہری ہیں۔

مسز ڈیلوے کا ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ مصنفہ انسانی شناخت کو جامد اور متعینہ کے بجائے متحرک اور ارتقا پذیر عمل کے طور پر پیش کرتی ہیں، جو یادداشت، جذبات اور سماجی اثرات کے تفاعل سے ہر لمحہ نئی صورت اختیار کرتی رہتی ہے۔ وہ اس بات پر زور دیتی ہیں کہ شناخت کبھی بھی مکمل یا مستقل نہیں ہوتی، بلکہ رواں گفت و شنید کا عمل ہے، جس میں افراد اپنی ذاتی خواہشات کو سماجی دباؤ، ماضی کے تجربات اور موجودہ حالات کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہیں۔ شناخت کا یہ متحرک تصور جدیدیت کے اس فلسفے کی عکاسی ہے کہ انسانی وجود بنیادی طور پر کثیر جہتی، متضاد اور داخلی و خارجی اثرات سے تشکیل پاتا ہے۔

مسز ڈیلوے کے مطالعے سے ہم یہ اخذ کر سکتے ہیں کہ یہ ناول زندگی، موت، یادداشت اور انسانی شعور کی پیچیدگیوں کا گہرا اور متوازن عکس ہے۔ کلیریسا کی دعوت، جو آغاز میں محض ایک سماجی تقریب دکھائی دیتی ہے، آخر میں معاشرتی تعلقات، دوسروں کی موجودگی کی قبولیت اور شناختی ضرورت کی علامت بن جاتی ہے۔

علاوہ ازیں، ناول یہ بھی واضح کرتا ہے کہ شناخت جامد نہیں، بلکہ ارتقا پذیر ہے اور وقت ایک لچک دار، جذباتی اور نفسیاتی تجربہ ہے، جو ماضی اور حال کو یکجا کرتا ہے۔

ورجینیا وولف کا منفرد اسلوب شعور کی رو، داخلی ہم کلامی اور علامتی تہوں میں لپٹا ہوا ہے، جو قاری کو احساس دلاتا ہے کہ زندگی کی اصل قدر صرف ظاہری اعمال یا سماجی کامیابیوں میں پنہاں نہیں، بلکہ تجربات کی پیچیدگی، تعلقات کی نزاکت اور ہر لمحہ بدلتی صورتِ حال میں مضمر ہے۔ یوں یہ ناول محض ایک کہانی نہیں، بلکہ انسانی شعور اور وجودی فلسفے کا نفسیاتی و جمالیاتی تجزیہ ہے۔

Loading

Facebook Comments Box

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Facebook Comments

Related Articles

Back to top button
HumSub

FREE
VIEW