آصف عمران؛ علامتی جمالیات کا معتبر افسانہ نگار
10 ستمبر 2025 کو لاہور میں معروف افسانہ نگار جناب آصف عمران سے ملاقات اور انٹرویو کا موقع ملا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے نہایت محبت اور خلوص کے ساتھ اپنی نئی کتاب ”روزنِ خواب“ مجھے پیش کی، جو افسانوں کا ایک بھرپور مجموعہ ہے۔ میں نے وعدہ کیا کہ مطالعے کے بعد اس کتاب پر اپنی رائے ضرور دوں گا۔ مصروفیات کی وجہ سے تھوڑی تاخیر ہوئی، مگر جب اس کتاب میں ڈوب کر پڑھنا شروع کیا تو محسوس ہوا کہ یہ صرف ایک افسانوی مجموعہ نہیں بلکہ علامتوں، تجربوں، احساسات اور زندگی کے نشیب و فراز سے کشیدہ ایک مکمل تخلیقی جہان ہے۔
168 صفحات پر مشتمل یہ کتاب 2025 میں بک ہوم لاہور سے شائع ہوئی۔ یہ ان کی افسانوی کاوشوں کی چوتھی کڑی ہے۔ اس سے قبل ”سائے کے ناخن“ ، ”لوحِ تحیر“ ، ”اہرامِ آرزو“ جیسی کتابیں ان کی تخلیقی پہچان کا حصہ رہی ہیں، جو فکری گہرائی اور علامتی بہاؤ کے باعث ادبی حلقوں میں مقبول ہوئیں۔ کتاب معیاری، خوبصورت ٹائٹل، عمدہ کاغذ، متوازن ڈیزائن اور نفیس بائنڈنگ کی بدولت پہلی نظر میں ہی قاری کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ کتاب کا انتساب انہوں نے زبور 121 کی ان مبارک آیات کے نام کیا ہے۔
”میں اپنی آنکھیں پہاڑوں کی طرف اٹھاؤں گا
میری کُمک کہاں سے آئے گی
میری کُمک خُداوند سے ہے
جس نے آسمان اور زمین کو بنایا
خُداوند تیرا محافظ ہے
خُداوند تیرے داہنے ہاتھ پر تیرا سائبان ہے۔
نہ آفتاب دن کو تجھے ضرر پہنچائے گا
نہ ماہتاب رات کو
(زبور 121 )
کتاب میں کل 13 افسانے ہیں۔
1: انتظار
2: بِن بادل برسات
3: بارش میں بھیگی کہانی
4: خواب سے آگے
5: حادثہ
6: ہِجر کا صحرا
7: ٹریکٹر ٹرالی
8: دشتِ تمنا کا اِضطراب
9: یسوع اور یوحنا
10 : نامعلُوم سفر کی منزل
11 : بند گلی کا مُسافر
12 : گوشوارہ
13 : دُکھ اپنا اپنا
ڈاکٹر امجد طفیل لکھتے ہیں ”آصف عمران ایک پختہ کار افسانہ نگار ہیں۔ وہ اپنے افسانوں میں اپنی خوابوں کی دُنیا آباد کرتے ہیں۔ وہ اپنے سامنے کی حقیقت کو اپنے افسانوں میں پیش نہیں کرتے بلکہ اپنے افسانوں میں اپنی حقیقت کی تشکیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ظاہر ہے کسی تخلیق کار کا اپنی تخلیق کی کاوش ایک مشکل عمل ہے۔ اس میں کہیں کامیابی ہوتی ہے اور کہیں کامیابی نہیں ہوتی۔ آصف عمران بھی اپنے جن افسانوں میں حقیقت کی تشکیل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں وہ اچھے افسانے تخلیق کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے ہم ان کے افسانوں“ بن بادل برسات ”،“ خواب سے آگے ”اور“ بند گلی کے مسافر ”کا حوالہ دے سکتے ہیں۔“
مصنف کی زندگی، شخصیت اور ادبی سفر:
آصف عمران کا اصل نام آصف جارج ہے، مگر ادبی دُنیا میں وہ اپنے قلمی نام ہی سے پہچانے جاتے ہیں۔ 19 جون 1950 کو سکندر آباد، 58 / 4۔ R تحصیل و ضلع ساہیوال میں پیدا ہونے والے آصف عمران 1963 میں لاہور کے علمی و تہذیبی ماحول میں مقیم ہو گئے۔ انہوں نے میٹرک، ایف ایس سی اور بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ (پاور) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور سے مکمل کرنے کے بعد پیشہ ورانہ زندگی کا واپڈا میں بحیثیت سب ڈویژنل افسر سے آغاز کیا اور 1976 ء سے 2010 ء تک مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے۔ جنوری 2010 میں واپڈا سے بحیثیت چیف انجینئر ریٹائر ہوئے۔
اُردو ادب سے ان کا لگاؤ بچپن ہی سے تھا۔ انہوں نے پہلا افسانہ 1964 میں زبیدہ خاتون پر لکھا جو روزنامہ ”کوہستان“ میں بچوں کے صفحے پر شائع ہوا۔ پہلا علامتی افسانہ ”بہتا دریا ساکن پانی“ دسمبر 1965 میں ”گلفشاں“ میں شائع ہوا، اور یہ بات اس امر کی گواہ ہے کہ تخلیقی روشنی ان کے اندر ابتدا ہی سے موجود تھی۔ ان کی تخلیقات میں ”شہر ِچراغاں“ 1968 مرتب مسیحی شعراء کا انتخاب، ”سائے کے ناخن“ 1981 افسانے، ”لوحِ تحیر“ 2017 افسانے، ”خاموش ادب کا مقدمہ“ 2017 ترتیب و مکالمہ، ”اہرام آرزو“ 2022 افسانے شامل ہیں۔ ان کے افسانوں پر تحقیقی مقالے بھی ہو چکے ہیں۔ سنیتا جیکب کا تحقیقی مقالہ برائے ایم فل اُردو، انسٹیٹیوٹ آف سدرن پنجاب ملتان، اقصیٰ قاسم تحقیقی مقالہ برائے ایم فل اُردو، ایف سی یونیورسٹی، لاہور، مزمل حسین تحقیقی مقالہ برائے بی ایس اُردو، گورنمنٹ گریجویٹ کالج، سول لائن، خانیوال شامل ہے۔ یہ تمام کاوشیں اس بات کی دلیل ہیں کہ آصف عمران صرف افسانہ نگار نہیں بلکہ ادب کے ایک وسیع فکری نظام سے جڑے ہوئے ادیب ہیں۔
معروف شاعر نذیر قیصر لکھتے ہیں۔ ”آصف عمران کے افسانے علامتی الاؤ اور بہاؤ کے افسانے ہیں۔“ سائے کے ناخن ”سے“ لوحِ تخیر ”،“ اہرام آرزو ”اور“ روزنِ خواب ”تک ایک لہر لیتی ہوئی داستان کے خس و خاشاک مسلسل بہاؤ میں ہیں۔ ادب میں علامتی نظام ہمیشہ بہتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ علامتیں جامد نہیں ہوتیں۔ یہ آئینوں میں لشکارے کی صورت میں ہوتی ہیں جو جھلملاتی رہتی ہیں اور دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کرتی ہیں۔“
جمیل احمد عدیل لکھتے ہیں۔ ”آصف عمران کا افسانہ ’بن بادل برسات‘ اپنے تاثر اور فنی اوصاف کے باعث ان کے نمائندہ افسانوں میں جگہ پانے کے قابل ہے۔ اس افسانے میں جستجو کی متواتر رفاقت قاری کا دھیان گروی رکھے رکھتی ہے۔ فطرت کے مظاہر اگر فرد کے ارادوں سے ہم آہنگ رہیں تو وہ شاکی ہونے کی بجائے روایتی شکر گزاری کو شعار کرتا ہے۔ اس طرح آسودگی اور طمانیت کے ساتھ جینے کو اپنا طریقہ بنا لیتا ہے، لیکن امر واقعہ یہ ہے کہ ایسا شخص کچھ بے فکری کے عالم میں زندگی کے دن پورے کرنے کا خوگر ہو جاتا ہے۔“
روزنِ خواب؛ایک علامتی اور تجرباتی دُنیا:
یہ کتاب ان کے تخلیقی سفر میں ایک اہم اضافہ ہے۔ یہ کتاب خواب، حقیقت، المیے، انتظار، جدائی، روحانی تجربے اور انسانی احساسات کے دھاگوں سے بُنی ہوئی ہے۔ یہ سب اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ آصف عمران زندگی کے عام مناظر کو علامتوں اور داخلی تجربے کی زبان میں بیان کرنے کا ہنر رکھتے ہیں۔ ان کے افسانوں میں کہیں خاموش دِرد ہے، کہیں وقت کا دھارا، کہیں مذہبی اور روحانی علامتیں، اور کہیں انسانی رشتوں کی پیچیدگیاں ؛مگر سب سے بڑھ کر ایک بہتا ہوا علاقائی لہجہ ہے۔
ادب کا قرض:
آصف عمران اپنی موضوعاتی وسعت، علامتی اسلوب، انتخابِ کردار، اور زبان کے بہاؤ کی وجہ سے ایک منفرد شناخت بنا چکے ہیں۔ ادبی دُنیا اور قارئین دونوں ان سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ اسی جذبے اور پختگی کے ساتھ مزید ادب تخلیق کریں۔ زندگی کے نشیب و فراز نے اُن کے تخلیقی سفر میں کچھ وقفہ ضرور ڈالا، مگر اب اُمید ہے کہ وہ ایک بار پھر نئے جذبے، نئی جدت اور نئی توانائی کے ساتھ اپنے ادبی سفر کو جاری رکھیں گے۔ میری دُعا ہے کہ جب تک ان کا سانس رواں ہے، ان کا قلم بھی اسی روانی کے ساتھ قاری کے ذہن و دِل کو روشن کرتا رہے۔


