میرے مطابق

کمفرٹ زون سے تخلیقی زون تک

کمفرٹ زون عام لوگوں کی زندگی میں سکون، تحفظ اور معمول کی آسودگی کا ذریعہ ہوتا ہے، لیکن جو لوگ زندگی میں کچھ منفرد، مختلف اور یادگار کرنا چاہتے ہیں، انہیں ہمیشہ نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ درحقیقت زندگی کا سفر مختلف زونز پر مشتمل ہے، اور ہر زون انسان کی شخصیت اور کامیابی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کمفرٹ زون:

یہ وہ مرحلہ ہے جہاں انسان خود کو محفوظ محسوس کرتا ہے۔ یہاں زندگی آزمائشوں، خطرات، غیر روایتی تجربات اور بڑی مشکلات سے نسبتاً دُور رہتی ہے۔ اگرچہ یہ زون سکون فراہم کرتا ہے، لیکن اکثر ترقی اور جدت کے راستے بھی یہیں آ کر رک جاتے ہیں۔

خوف کا زون:

کمفرٹ زون سے باہر نکلتے ہی انسان خوف کے زون میں داخل ہوتا ہے۔ خوف وہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے جو انسان کو نئے تجربات، بڑے خوابوں اور منفرد کاموں سے روکتی ہے۔ بہت سے لوگ اپنی پوری زندگی اسی زون میں گزار دیتے ہیں اور کبھی اپنے خوف پر قابو نہیں پا پاتے ہیں۔ یاد رکھیں، خوف انسان کے خوابوں کا سب سے بڑا قاتل ہے۔ یہ اسے وہ سب کچھ حاصل کرنے سے روک دیتا ہے جس کی وہ خواہش رکھتا ہے۔

لرننگ زون:

جب انسان خوف پر قابو پا لیتا ہے تو وہ لرننگ زون میں داخل ہوجاتا ہے۔ یہاں وہ نئی چیزیں سیکھتا ہے، نئے تجربات حاصل کرتا ہے، مختلف حالات اور مشکلات کا سامنا کرتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا شروع کرتا ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہے جہاں انسان اپنی کمزوریوں اور خوبیوں سے آگاہ ہوتا ہے اور اس کی سوچ میں وسعت پیدا ہوتی ہے۔ شعور کی یہ سطح اسے ایک منفرد اور مثبت طرزِ فکر عطا کرتی ہے۔

گروتھ زون:

لرننگ زون کے بعد ہی انسان گروتھ زون میں آتا ہے۔ یہ ترقی اور کامیابی کا مرحلہ ہے جہاں سیکھا ہوا علم اور تجربہ عملی زندگی میں نتائج دینا شروع کرتا ہے۔ انسان اپنے شعبے میں آگے بڑھتا ہے، اس کی صلاحیتیں نکھرتی ہیں اور ترقی اس کی شخصیت کا مستقل حصہ بن جاتی ہے۔

کریئٹو زون:

میری نظر میں ان تمام مراحل سے آگے ایک اور زون بھی موجود ہے، جو انسان کو عام لوگوں سے منفرد بناتا ہے، اور وہ ہے ”کریئٹو زون“ جو ترقی کا دُور ہوتا ہے۔ کریئٹو زون انسان کو اس کی تخلیقی اور فطری صلاحیتوں سے متعارف کرواتا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں انسان اپنی اصل پہچان دریافت کرتا ہے، اپنے رجحانات کو سمجھتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتا ہے۔ اس زون میں رہنے والے لوگ محض زندگی نہیں گزارتے بلکہ زندگی میں نئی راہیں متعین کرتے ہیں، نئے خیالات کو جنم دیتے ہیں اور دوسروں کے لیے مثال بن جاتے ہیں۔

جو لوگ اپنے کریئٹو زون میں زندگی گزارتے ہیں، وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، کیونکہ زندہ لوگ وہی ہوتے ہیں جو ہر دُور میں کچھ نہ کچھ منفرد، مثبت اور تخلیقی کرتے رہتے ہیں۔

کمفرٹ زون سے باہر نکلنے کا سفر:

کمفرٹ زون درحقیقت وہ خطرناک ذہنی سطح ہے جہاں انسان خود کو محفوظ تو محسوس کرتا ہے، لیکن مضبوط نہیں بن پاتا ہے۔ یہ بظاہر سکون اور اطمینان فراہم کرتا ہے، مگر حقیقت میں انسان کی تخلیقی صلاحیتوں، فطری مہارتوں اور پوشیدہ امکانات کا مقتل ثابت ہوتا ہے۔ جو لوگ ہمیشہ کمفرٹ زون میں رہتے ہیں، وہ اکثر اپنی اصل صلاحیتوں کو دریافت ہی نہیں کر پاتے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کمفرٹ زون سے نکلا کیسے جائے؟

اپنی زندگی اور کارکردگی کا جائزہ لیں :

سب سے پہلے اپنی زندگی، عادات، کارکردگی اور روزمرہ معمولات کا گہرائی سے جائزہ لیں۔ خود سے یہ سوال کریں کہ آپ کہاں کھڑے ہیں، کہاں جانا چاہتے ہیں اور کون سی رکاوٹیں آپ کو آگے بڑھنے سے روک رہی ہیں۔

اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں :

انسان کی ترقی کا آغاز اُس کی سوچ سے ہوتا ہے۔ اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، نئے خیالات کو قبول کریں اور ناکامی کو سیکھنے کا ذریعہ سمجھیں۔ جب سوچ بدلتی ہے تو زندگی کے راستے بھی بدل جاتے ہیں۔

ماہرین کی رہنمائی حاصل کریں :

ایسے ماہر، تجربہ کار اور مخلص لوگوں کی خدمات حاصل کریں جو آپ کی رہنمائی کر سکیں۔ دُنیا بھر کے کامیاب افراد، کاروباری شخصیات، کھلاڑی اور ماہرین اپنے کوچز اور مینٹورز رکھتے ہیں۔ یہ لوگ انہیں کمفرٹ زون میں رہنے سے روکتے اور ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مدد دیتے ہیں۔

مثبت اور تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں :

مثبت اور تخلیقی سرگرمیاں انسان کو جمود سے نکال کر عمل، جدت اور ترقی کی طرف لے جاتی ہیں۔ مطالعہ، سیکھنا، تربیتی پروگراموں میں شرکت، نئے تجربات اور سماجی سرگرمیاں انسان کو حقیقی کامیابی کے سفر پر گامزن کرتی ہیں۔ یاد رکھیں! ترقی ہمیشہ کمفرٹ زون کے باہر موجود ہوتی ہے۔ جو لوگ اپنے خوف، بہانوں اور محدود سوچ کو شکست دے دیتے ہیں، وہی اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو دریافت کرتے ہیں اور زندگی میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔

ایک خاموش دشمن:

کمفرٹ زون ایک ایسی ذہنی کیفیت اور نفسیاتی جال ہے جس کا بروقت علاج ضروری ہے، ورنہ انسان اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھنے کی صلاحیت کھو دیتا ہے۔ بظاہر یہ بہت پرسکون، محفوظ اور آرام دہ محسوس ہوتی ہے، لیکن درحقیقت یہ ایک وقتی دھوکہ ہے جو انسان کو ترقی کے راستے سے دُور کر دیتا ہے۔ کمفرٹ زون آہستہ آہستہ انسان کی تخلیقی صلاحیتوں، فطری مہارتوں اور جدت پسند سوچ کو زنگ آلود کر دیتا ہے۔ نتیجتاً انسان روایت، جمود اور محدود سوچ کا قیدی بن جاتا ہے۔ وہ نئے مواقع، نئے تجربات اور نئے امکانات سے خوفزدہ رہنے لگتا ہے اور اپنی اصل صلاحیتوں کو کبھی دریافت نہیں کر پاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ اپنے کمفرٹ زون سے باہر نکلنے کا حوصلہ کرتے ہیں، وہی دیرپا اور حقیقی کامیابی کے سفر پر گامزن ہوتے ہیں۔ ترقی، سیکھنے اور تخلیق کے دروازے ہمیشہ کمفرٹ زون سے باہر کھلتے ہیں۔ کمفرٹ زون کا سب سے بڑا فریب یہ ہے کہ یہ آج آپ کو آرام فراہم کرتا ہے، لیکن کل آپ کو بے سکونی، پچھتاوے اور احساسِ محرومی کا شکار بنا دیتا ہے۔ یہ ایک ایسی آزمائش ہے جو دوست کا روپ دھار کر آتی ہے، مگر وقت گزرنے کے ساتھ دشمن ثابت ہوتی ہے۔ کمفرٹ زون اس دوست کی مانند ہے جو آپ کو مفت میں کوئی چیز دے کر اس کا عادی بنا دے، لیکن بعد میں اس عادت کی قیمت آپ کو پوری زندگی ادا کرنا پڑے۔ اسی طرح آرام، سہولت اور تحفظ کی عادت انسان کو اتنا محدود کر دیتی ہے کہ وہ خطرہ مول لینے، سیکھنے اور آگے بڑھنے کی ہمت کھو بیٹھتا ہے۔ یاد رکھیں، زندگی میں غیر معمولی کامیابیاں انہی لوگوں کا مقدر بنتی ہیں جو آرام کی قید سے نکل کر چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں، اپنے خوف کو شکست دیتے ہیں اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ کمفرٹ زون سے باہر نکلنا مشکل ضرور ہے، لیکن یہی راستہ انسان کو اس کی حقیقی منزل تک پہنچاتا ہے۔ ”آرام اور اثر اندازی میں فرق گروتھ (آگے بڑھانا) کا ہے، گروتھ بے آرام ہوتی ہے۔“ (کرش دھنم)

کمفرٹ زون ایک محفوظ پنجرہ ہے، جہاں سکون تو ملتا ہے، مگر بلندی کے لیے پرواز کی آزادی چھن جاتی ہے۔ یہ ممکن ہی نہیں کہ قدرت آپ کو بڑے کاموں اور عظیم کارناموں کے لیے تیار کرے اور آپ کو بڑے مسائل، مشکل مراحل اور کٹھن حالات سے نہ گزارے۔ اگر آپ اپنی ذات سے بالاتر ہو کر کسی بڑے مقصد یا منصوبے کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں تو یاد رکھیں، آپ کو عام حالات سے ہٹ کر منفرد اور غیر معمولی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اور یہ تب ہی ممکن ہو گا جب آپ اپنے کمفرٹ زون سے باہر قدم رکھیں گے۔ کوشش کریں کہ کہیں آپ زندگی کے کمفرٹ زون میں کمفرٹیبل نہ ہو جائیں، ورنہ ان نئی منزلوں سے آشنا نہ ہو پائیں گے، جو کمفرٹ زون سے باہر آپ کی منتظر ہیں۔

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments
امیر شاہ
امیر شاہ
4 months ago

بہت شکریہ۔ بے حد نوازش

امیر شاہ
امیر شاہ
4 months ago

great

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW