مہنگائی، ملاوٹ، منافقت اور اندھی قانون سازی
صبح ساڑھے چھ بجے کا وقت تھا سردیوں کی خنک ہوا میں ہلکی سی دھند تیر رہی تھی۔ محلے کی تنگ گلی میں ایک چھوٹا سا بچہ پھٹی ہوئی جوتی گھسیٹتا اسکول کی طرف جا رہا تھا، بیگ ایک طرف کو جھکا ہوا اور اس کے پیچھے اس کی ماں دوڑ رہی تھی، ہاتھ میں ایک سکہ دبائے ہوئے۔ ”بیٹا، یہ لو راستے سے بسکٹ لے لینا، فری پیریڈ میں بھوک لگے گی تو کھا لینا۔“ بچہ رُکا، سکے کو دیکھا، پھر ماں کے چہرے کو غور سے دیکھ کر دھیرے سے بولا ”امّی، آپ نے کہا تھا میرے لئے جوتے بھی لینے ہیں؟“ ماں نے وہی مجبور، تھکی ہوئی مسکراہٹ ہونٹوں پر سجا لی جو اس ملک کی لاکھوں غریب ماؤں کے چہروں سے چپکی ہوئی ہے۔ ”لے لیں گے بیٹا، بس تھوڑے دن اور، مہنگائی بہت ہے نا، تم بس پڑھو، کچھ بن جاؤ، پھر سب ٹھیک ہو جائے گا۔“ بچہ خاموشی سے آگے چل پڑا۔ ماں نے جیسے ہی اسے گلی کے موڑ سے اوجھل ہوتے دیکھا تو چادر کا کونہ آنکھ پر رکھ کر آہستہ سے آنسو پونچھا اور اندر جا کر خالی ڈبے میں چینی ناپنے لگی کہ آج پھر دکاندار سے ”ادھار“ بولنا ہے۔
یہ تصویر ہمارے معاشرے کا چہرہ ہے۔ نیچے ایک ماں مہنگائی کے نام پر اپنے آنسو ضبط کر رہی ہے، اوپر ایوانوں میں نشستوں پر بیٹھے لوگ ”قانون سازی“ کے نام پر اپنی سہولت کے لیے دنیا بنا رہے ہیں۔ سبزی منڈی سے 25 روپے کلو بینگن خرید کر 120 روپے کلو بیچنے والا سبزی فروش یہ رونا روتا ہے کہ چینی سمیت ہر چیز کو آگ لگی ہوئی ہے۔ 800 روپے ریٹ والا بڑا گوشت 1200 روپے کلو بیچنے والا قصائی بھی مظلوم بن کر کہتا ہے کہ اب پرانی آمدن میں گزارا ممکن نہیں۔ 230 روپے لیٹر دودھ میں پانی اور پاؤڈر ملا کر بیچنے والا دودھ والا بھی شکوہ کرتا ہے کہ ”اب پورا نہیں پڑتا، بچوں کا خرچہ نہیں نکلتا“ ۔ نیچے عوام مہنگائی کے نام پر ایک دوسرے کو لوٹ رہے ہیں اور دوسری طرف حکمران ”پالیسی“ اور ”ریفارمز“ کے نام پر پوری قوم کی لوٹ مار میں مصروف عمل ہیں۔ رکشہ ڈرائیور دن بھر پیٹرول، پارٹس اور گھر کے خرچے کا رونا روتا ہے، لیکن رات کو سنسان سڑک پر مجبور سواری مل جائے تو کرایہ دوگنا کر دیتا ہے۔ گورنمنٹ ہسپتال میں نوکری کرنے والا ڈاکٹر سرکاری تنخواہ، سرکاری وسائل اور سرکاری عمارت استعمال کرتا ہے مگر مریض کو دیکھتے ہی کہتا ہے ”آپ شام کو میرے پرائیویٹ کلینک آ جانا، یہاں سہولت نہیں“ ۔ ٹیچر نتیجے میں نمبر روک کر، مستری دیہاڑی لے کر شرائط رکھ کر، سپاہی کاغذات کے نام پر ”چائے پانی“ لے کر، ہر شخص اپنے آپ کو حالات کا شکار اور درحقیقت دوسرے کا جیب کاٹنے والا ثابت ہو چکا ہے۔ لیکن اصل واردات وہاں ہو رہی ہے جہاں قانون لکھا جاتا ہے۔ ہم روز پوچھتے ہیں کہ حکمران عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، مگر اصل سوال یہ ہے کہ وہ قانون کون بنا رہا ہے اور وہ قانون کس کے حق میں لکھا جا رہا ہے، یہ ہے قانون سازی کا گھناؤنا سوال؟
سوچنے کی بات یہ ہے کہ اس ملک میں ایسا سادہ سا قانون کیوں نہیں بنتا کہ ہر رکنِ پارلیمنٹ، وزیر، مشیر، سینیٹر اور اعلیٰ سرکاری افسر خود اور ان کے خاندان والے صرف سرکاری اسپتالوں میں علاج کرائیں، ان کے بچے صرف سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھیں، کسی بھی پرائیویٹ اسکول، کالج، یونیورسٹی یا پرائیویٹ اسپتال کے استعمال پر پابندی ہو، یا کم از کم اسی سطح کا عذاب جھیلا جائے جو ایک عام آدمی کو ملتا ہے۔ اگر ایسا قانون بن جائے تو اسی اسپتال کے وارڈ میں وزیر اور مزدور کا بچہ ساتھ والے بیڈ پر ہو گا، اسی اسکول کی ٹوٹی کرسی پر افسر کا بیٹا اور ریڑھی والے کا بیٹا اکٹھے بیٹھے ہوں گے۔ پھر دیکھتے ہیں کہ کتنی جلدی سرکاری اسکولوں کی حالت بدلتی ہے، کتنی تیزی سے اسپتالوں میں دوائیں، مشینیں، آلات، ڈاکٹر اور بیڈ پورے ہوتے ہیں، کتنے ”اصلاحاتی پراجیکٹس“ اچانک سنجیدہ ہو جاتے ہیں۔ مگر ایسا قانون بنتا کیوں نہیں؟ جواب سیدھا ہے۔ کیونکہ قانون بنانے والی میزوں کے دونوں طرف وہی لوگ بیٹھے ہیں جن کے بچے پرائیویٹ اسکولوں میں ہیں، جن کا علاج پرائیویٹ اور بیرونِ ملک اسپتالوں میں ہوتا ہے، جن کے لیے پروٹوکول، وی آئی پی روم، علیحدہ وارڈ اور خصوصی سہولتیں ہیں۔ وہ خود کو قانون سے باہر رکھ کر عوام کے لیے قانون بناتے ہیں۔ اب آئیے اس طرف یعنی ملاوٹ، زہر اور خاموش قانون جس نے پورے معاشرے کو اندر سے سڑا دیا ہے، ملاوٹ شدہ دودھ، کیمیکل لگے پھل، جعلی ادویات، زہریلے مصالحے اور بچوں کے لیے زہر سے بھرے پاپڑ، چپس اور سستے سنیکس۔ سوال یہ ہے کہ ایسا قانون کیوں نہیں بنتا کہ ملاوٹ کو قتل کے مترادف جرم قرار دیا جائے، جعلی ادویات بنانے اور بیچنے والوں کو وہی سزا ملے جو قاتل کو ملتی ہے، کیمیکل لگے دودھ، زہریلے مصالحوں اور ملاوٹ شدہ اشیاء پر مکمل پابندی ہو، بچوں کی صحت برباد کرنے والی غیر معیاری، کیمیکل بھرے پاپڑ، چپس اور سستی سنیک فیکٹریوں کو قانوناً بند کیا جائے، ان پر ایسی سخت سزا ہو کہ کوئی دوسرا فیکٹری مالک ہمت نہ کرے۔
یہ قانون سازی کیوں نہیں ہوتی؟ کیونکہ ان ہی ملاوٹ کرنے والے تاجروں میں سے کئی، ”بزنس کمیونٹی“ کے نام پر سیاست دانوں کے فنڈرز ہیں۔ جعلی اور مہنگی ادویات بنانے والی کمپنیوں کے مالکان بڑے بڑے ”ڈونرز“ اور ”اسپانسرز“ ہیں۔ زہریلے پاپڑ، چپس اور بچوں کے سستے سنیکس بنانے والی فیکٹریوں کے مالکان ”ٹیکس دینے والے بڑے صنعت کار“ کہلائے جاتے ہیں۔ ایوان کے اندر قانون لکھنے والے ان ہی لوگوں کے ”مہربان“ ہیں جن کی فیکٹریوں سے زہر ہماری پلیٹوں میں آتا ہے، پھر ان ہی زہروں کے اثرات سے بیمار ہونے والے بچے سرکاری اسپتال میں بیڈ نہ ملنے سے سڑک پر دم توڑ دیتے ہیں۔ حکمران اگر واقعی چاہیں تو ملاوٹ کو ناقابلِ ضمانت جرم قرار دے سکتے ہیں، جعلی دوائی پکڑے جانے پر فیکٹری سیل، لائسنس منسوخ اور عمر قید کا قانون بنا سکتے ہیں، دودھ میں یوریا، فارملین، کیمیکل ملا کر بیچنے والوں کو مثال بنا سکتے ہیں، بچوں کے نام پر بکنے والے نقصان دہ پاپڑ، چپس، سستے سنیک پر پابندی لگا سکتے ہیں، سکولوں کے باہر لگی ”زہر کی دکانوں“ کو قانون کے ذریعے بند کر سکتے ہیں۔ مگر وہ ایسا کیوں نہیں کرتے؟ کیونکہ ان کی اپنی سیاسی بقا انہی سرمایہ داروں کے چندوں، فنڈز اور تعاون پر کھڑی ہے۔ یہ لوگ انتخابی مہم کے خرچے، جلسوں کے اسٹیج، پارٹی کے فنڈ، میڈیا کمپین، سب کے کھلے ”سپانسر“ ہوتے ہیں۔ جس کا پیسہ نظام چلا رہا ہو، قانون اکثر اسی کی جیب سے لکھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملاوٹ کے خلاف چند روزہ ”کمپین“ چلتی ہے، فوٹو سیشن ہوتا ہے، خبریں لگتی ہیں، دو چار چھاپے، کچھ جرمانے، کچھ دھمکیاں، پھر سب کچھ وہیں آ کر رک جاتا ہے جہاں سے شروع ہوا تھا۔ قانون موجود بھی ہو تو یا تو اتنا کمزور کہ سو لوپ ہولز، یا ایسا کہ صرف غریب چھوٹے دکاندار پکڑے جاتے ہیں، اصل بڑے مگرمچھ ”بزنس مین“ اور ”صنعت کار“ کہلا کر وی آٰئی پی لاؤنج میں بیٹھتے ہیں۔
اندھی قانون سازی جو کہ عوام کے خلاف، مجرم کے حق میں ہے ہمارے ہاں قانون سازی کا عمومی مزاج یہ ہے کہ بجٹ آئے تو پہلے عوام پر ٹیکس، سہولت آئے تو پہلے اپنی ذات، رعایت ہو تو اپنے طبقے کے لیے، سختی ہو تو کمزور کے لیے عام آدمی اگر نان دکان پر وزن میں دس گرام کم دے تو لڑائی ہو جاتی ہے لیکن ادویات بنانے والا اگر پوری نسل کے جسم میں زہر بھر دے، دودھ والا اگر لاکھوں بچوں کے جسم میں کیمیکل ملا ”سفید زہر“ اتار دے، تو نظام اسے ”تاجر برادری“ کہہ کر نرم ہاتھ سے پکڑتا ہے۔ اگر واقعی قانون سازی ”عوام کے لیے“ ہو تو کتابِ قانون میں چند واضح باتیں لکھنا مشکل نہیں۔ ملاوٹ عوامی قتل، جعلی دوا براہِ راست قاتل، کیمیکل ملا دودھ بچوں کے مستقبل پر حملہ، زہریلے پاپڑ/چپس آئندہ نسل کو بیمار بنانے کی سازش، اور ان سب کے لیے سزا وہی جو قاتل کے لیے ہے۔ مگر! قاتل اگر طاقتور سرمایہ دار ہو تو قانون اندھا نہیں رہتا، اس کی آنکھیں فوراً کھل جاتی ہیں، جرم کے بجائے ”سرمایہ“ دیکھنے لگتی ہیں۔ عوام اور حکمران، دونوں کا امتحان ہے۔ نیچے عوام اپنی سطح پر غلطی کر رہی ہے، اوپر حکمران پوری ساخت ہی بگاڑ رہے ہیں۔ ہم اگر واقعی تبدیلی چاہتے ہیں تو دو محاذوں پر لڑنا ہو گا۔ عوام کا اپنا گریبان اور ناپ تول درست کرنا ہو گا، ملاوٹ، دھوکہ اور دو نمبری کو ”مجبوری“ نہیں، گناہ اور جرم ماننا ہو گا۔ قانون سازی کا رخ بدلنا ہو گا اور اس کے لئے آواز اٹھانی ہو گی کہ قانون سب کے لیے برابر ہو، حکمران اور افسر بھی اسی صحت، تعلیم اور انصاف کے نظام کے پابند ہوں جو عوام کے لیے ہے، ملاوٹ، جعلی دواؤں اور زہریلے خوراکی سامان کے خلاف حقیقی سخت قانون بنے، اور ان پر عمل بھی اسی شدت سے ہو جو غریب کے خلاف چھوٹے جرم پر ہوتی ہے۔
آج حالت یہ ہے کہ نیچے عوام ایک دوسرے کو لوٹ رہے ہیں، اوپر حکمران عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، اور قانون سازی کی میز پر بیٹھے لوگ مجرموں کے لیے نرم اور مجبوروں کے لیے سخت الفاظ لکھ رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ برکت صرف دعاؤں سے نہیں آتی، برکت حلال روزی، سچی نیت اور برابر قانون سے آتی ہے۔ جب تک روزی کے ہر لقمے کے پیچھے حلال کی کوشش نہیں ہو گی اور قانون کے ہر حرف کے پیچھے یہ خوف نہیں ہو گا کہ ”یہ میرے اوپر بھی لاگو ہو گا“ تب تک نہ بازار بدلے گا، نہ دفتر، نہ تھانہ، نہ اسپتال، نہ اسکول، نہ اسمبلی۔ ”مہنگائی، ملاوٹ، منافقت اور اندھی قانون سازی“ بس یوں ہی ہمارے معاشرے کا اجتماعی نوحہ بنی رہے گی اور وہ بچہ، پھٹی جوتی کے ساتھ، ابھی بہت سال تک بسکٹ کے سکے پر گزارا کرتا رہے گا۔

