کراچی کے ذرائع نقل و حمل مختصر جائزہ: اسباب و تجاویز
پاکستان کی طویل ذرائع نقل و حمل کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں اصل مسئلے کو حل کرنے کے بجائے اس ٹرانسپورٹ کو بند کر دینا مسئلے کا حل سمجھا جاتا ہے۔ ماضی میں اس طرح کی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔ جیسے کراچی کی ٹرام سروس جو نوے برس تک اس شہر کا حصہ رہی پھر 1974 اور 75 کے درمیان ٹرام اور بس کے درمیان ہونے والے حادثے کے نتیجے میں اس سروس کو شدید اعتراضات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مسئلے کا کوئی مناسب حل نکالنے کے بجائے اس سروس کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا گیا۔ ٹرام کو بند کرنے کے بجائے اس مسئلے کا کوئی اور حل بھی نکالا جاسکتا تھا۔
کراچی ٹرانسپورٹ کارپوریشن ایک مضبوط ادارہ تھا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں اس کے مختلف ڈپو تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ بسیں سڑکوں سے غائب ہو گئیں۔ ان بسوں کی بابت پتا ہی نہیں چلا سکا کہ کس نے بیچ کھایا۔ ہر ڈپو میں سینکڑوں بسیں ہوا کرتی تھیں۔
اسی کی دہائی میں کراچی میں ہونے والا بشری زیدی کا حادثہ بھی انتظامیہ کی بد نظمی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے سبب ویگنوں کا جلاؤ گھیراؤ کا عمل شروع ہوا۔ چھوٹی وین ٹائپ بسیں بند ہونا شروع ہوئیں اور ان کا متبادل کچھ سامنے نہیں آیا۔ کالی ٹیکسی کی جگہ پیلی ٹیکسی نے لی اور ہوشربا کرایوں نے ٹیکسیوں کے نظام کو فیل کر دیا۔ پھر کراچی میں کوچز کا سلسلہ شروع ہوا۔ انتہائی تیز رفتار کوچز نے بھی بے شمار لوگوں کو کچل دیا کئی حادثات کا سبب بنی۔ ہر حادثے کے بعد کوچ ڈرائیور کا بھاگ جانا اور مشتعل عوام کا کوچ جلا دینا ایک عام سی بات ہو کر رہ گئی۔
کراچی میں چلنے والی منی بسوں نے ایک زمانے میں بہترین ذرائع نقل و حمل کا کردار ادا کیا۔ پھر سیاست کا شکار ہوتے ہوتے ان منی بسوں کی تعداد کم ہوتے ہوتے نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔ آج بھی سڑک پر چلنے والی یہ منی بسیں غریب عوام کا طویل سفر کے لیے بہترین سہارا ہیں۔
پندرہ سال قبل کراچی میں چنگ چی رکشوں نے بسوں کی جگہ لینی شروع کی مگر وہ بھی شدید حادثات کا شکار ہونے لگے جس کے نتیجے میں ان پر قانونی طور پر پابندی عائد کردی گئی۔
اب صورت حال یہ ہے کہ اس وقت ڈمپر، ٹینکر، ٹرک کی وجہ سے ہونے والے روز کے حادثات نے ڈمپر مافیا کے خلاف ایک محاذ کھڑا کر دیا ہے۔ بجائے یہ کہ ٹرک، ٹینکر، اور ڈمپر کے لیے کچھ اصول و ضوابط مقرر کیے جائیں۔ ان کے اوقات کار، ان کے لیے ماہر ڈرائیور، اور خصوصی قوانین بنائے جائیں۔ مسلسل مہم چل نکلی ہے کہ ڈمپر بند کیے جائیں۔ حالانکہ ٹینکر، ٹرک اور ڈمپر ہماری روزمرہ زندگی کی ضروری اشیاء کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
ریڈ لائن، اورنج لائن، گرین لائن، کے منصوبے بھی کچھ عرصے کے بعد ناکامی کا شکار ہوجائیں گے کیونکہ یہاں کسی بھی منصوبے کو مزید بہتر بنانے پر کام نہیں کیا جاتا۔ پہلے سے چلنے والے منصوبوں کو بند کرنے ایک نیا منصوبہ پیش کر دیا جاتا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے نظام میں یہی صورت حال رہی تو کراچی شہر کے ٹریفک کو کنٹرول کرنا اور آسان ذرائع نقل و حمل تلاش کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔
کراچی میں ٹرانسپورٹ ایک منافع بخش کاروبار ہے۔ حکومت کی سرپرستی میں جرائم پیشہ لوگوں اور مافیاز کے قبضے نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو درہم برہم کر کے رکھ دیا۔ کراچی میں موجودہ ٹرانسپورٹ کا نظام، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، اور مسلم لیگ کے وژن کے خلاف ہے۔
کراچی جیسے بڑے اور گنجان آباد شہر میں موثر ٹرانسپورٹ نظام شہری زندگی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید اور مربوط ماس ٹرانزٹ سسٹم کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کراچی سرکولر ریلوے کو دوبارہ فعال بنانے اور کراچی میٹرو بس جیسے بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبوں کو مزید وسعت دینے سے شہریوں کو تیز، سستا اور قابلِ اعتماد سفر میسر آ سکتا ہے۔ اس کے ساتھ جدید بسوں کا منظم نظام، سڑکوں کی بہتر منصوبہ بندی، بسوں کے لیے مخصوص لینیں اور پارکنگ کے مناسب انتظامات ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے مختلف ذرائع کو ایک مربوط نظام کے تحت چلانا، ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور ڈرائیوروں و کنڈیکٹروں کی بہتر تربیت بھی نہایت ضروری ہے۔ دراصل کراچی کے ٹرانسپورٹ مسائل کا حل کسی ایک منصوبے میں نہیں بلکہ جامع منصوبہ بندی اور موثر انتظام میں پوشیدہ ہے۔ اگر جدید ٹیکنالوجی اور مناسب پالیسی کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو منظم کیا جائے تو کراچی میں محفوظ، آسان اور بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکتی ہے۔

