بلاگ

نظاموں کی جنگیں اور انسانیت کی بقا کی جبلت۔ حصہ اول

muhammad nafees karachi

وہ کیا وجوہات ہیں جو آج متعدد براعظموں میں جاری جنگوں کو ہوا دے رہے ہیں؟ کیا یہ تہذیبوں کا تصادم ہیں، مذاہب کا ٹکراؤ ہیں، یا اس سے بھی کوئی اور بنیادی چیز ہے جو انسانیت کی قدیم ترین فطری جبلت یعنی اپنی بقا سے جڑی ہوئی ہے؟ روزمرہ کی خبروں میں مظالم، الزام تراشی اور جواز پیش کرنے پر توجہ دی جاتی ہے۔ مگر ان بیانیوں کے نیچے ایک گہرا سوال ہے جو توجہ طلب ہے : وہ کون سے عوامل ہیں جو ایسے تنازعات کو زمان و مکان میں برقرار رکھتے ہیں باوجود اس حقیقت کے کہ جنگ کو اصولی طور پر ہمیشہ نہ پسند کیا جاتا ہے؟

اس سوال کا جواب اس میں نہیں کہ کون صحیح ہے یا غلط، بلکہ ان نظامی (سماجی، سیاسی، ثقافتی، اور مذہبی) قوتوں میں پوشیدہ ہے جو ایسے تنازعات کو وقت اور زمان میں قائم و دائم رکھتی ہیں۔

پچھلے دنوں، حالیہ جنگوں کے بارے میں تین تجزیوں نے اس تضاد کو بے حد واضح کیا۔ ایک پاکستانی کالم نگار نے لکھا کہ ایران ایک سرکش ریاست کے طور پر غیر طے شدہ عالمی اصولوں سے باہر کام کرتا ہے، جبکہ امریکہ طے شدہ بین الاقوامی قانون کا بہت بڑا داعی ہونے کے باوجود ان کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ ایک مغربی مبصر نے پوچھا کہ دنیا کا ردِ عمل اس وقت کیا ہوتا اگر ایران وہی کچھ امریکہ کے ساتھ کرتا جو امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایران کے خلاف کیا ہے؟ عین اسی وقت جب اخباری تجزیے ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے، امریکی وزیر دفاع نے ایران کو دشمن صفت ایک سرکش ریاست قرار دیا۔

ہر نقطہ نظر اپنی داخلی منطق رکھتا ہے۔ جب فریقین بیک وقت اور معقول طور پر ایک دوسرے پر غیر قانونی ہونے کا الزام لگاتے ہیں، تو معاملہ محض یہ نہیں رہتا کہ کون صحیح ہے یا غلط۔ بلکہ اس کا تعلق ان گہری قوتوں سے متعلق ہوتا ہے جو ریاستوں کو تصادم کی طرف دھکیلتی ہیں اور باوجود ان تاویلات کے کس کا عمل غلط، غیرآئینی، اور بین الاقوامی امن کے خلاف ہے، جنگ کا تسلسل جاری رہتا ہے۔

سیموئل ہنٹنگٹن نے استدلال پیش کیا تھا کہ مستقبل کے تنازعات ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی خطوطِ کی بنیادوں پر جنم لیں گے۔ ان کی اپنی ایک حقیقت ہے لیکن آج کے تنازعات کے منظرنامے اس استدلال کی نفی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ کیونکہ زیادہ تر شدید تصادم مشترکہ ثقافتی یا مذہبی اقوام کے درمیان وقوع پذیر ہو رہے ہیں : روس اور یوکرین مشترکہ تاریخی اور مذہبی جڑیں رکھتے ہیں ؛ پاکستان اور افغانستان گہرے تہذیبی اور مذہبی رشتوں سے منسلک ہیں ؛ مغربی نصف کرہ میں کشیدگی اکثر ان ریاستوں کے درمیان ہوتی ہے جو بڑے پیمانے پر یکساں ثقافتی بنیاد رکھتی ہیں۔

اگر تہذیب اور مذہب فیصلہ کن عناصر ہوتے تو ایسے تنازعات خاص کر ان ممالک کے درمیان بے حد کم ہوتے جو ان دونوں صفات میں یکسانیت رکھتے ہوں۔ لیکن بین الاقوامی تنازعات کا تسلسل بتاتا ہے کہ ان کے علاوہ کچھ اور گہرے ساختی حرکیات اور وجوہات بھی ہیں جو ان تنازعات کے پیچھے کام کرتی رہتی ہیں۔

میری رائے میں عصری تنازعات کو اگر مختلف ممالک میں حکمرانی کے نظاموں (ممالک کی مجموعی سیاسی، سماجی، معاشی اور مذہبی ساخت) کے مابین جدوجہد کے طور پر دیکھا جائے تو ان مسائل کو سمجھنا زیادہ آسان ہو سکتا ہے۔

آزاد جمہوریتیں جن کی قیادت امریکہ اور اس کے اتحادی کرتے ہیں، ادارہ جاتی حکمرانی، انتخابی جواز، اور منڈی کی معیشت پر قائم ہیں۔ روشن خیالی اور صنعت کاری سے ان کا تاریخی ارتقا ہوا جو انہیں نظریاتی عالمگیریت کا احساس فراہم کرتا ہے۔

جبکہ نظریاتی طور پر سخت آمرانہ ریاستیں جیسے روس اور کیوبا، مرکزی سیاسی کنٹرول کے گرد منظم ہیں جو قوم پرستانہ یا سوشلسٹ فریم ورک میں جڑی ہوئی ہیں۔ لبرل ماڈلز کے خلاف ان کی مزاحمت مذہبی نہیں بلکہ سیاسی ہے، جو خود اختیاری اور داخلی اختیار کے تحفظ میں جڑی ہے۔

مذہبی نظام خاص طور پر ایران اور طالبان کے تحت افغانستان، سیاسی طاقت کو مذہبی عقیدے کے ساتھ ملاتے ہیں۔ لبرل جدیدیت کے خلاف ان کی مزاحمت وجودی ہے، کیونکہ یہ حکمرانی اور عالمی فکر دونوں کو چیلنج کرتی ہے۔

یہ مختلف نظام بیک وقت وجود میں نہیں آئے۔ آزاد جمہوریت صنعتی سرمایہ داری کے ساتھ پھیلی۔ آمرانہ اور مذہبی نظام، بہت سے معاملات میں، اس صنعتی سرمایہ دارانہ نظام کی توسیع کے ردِ عمل میں پروان چڑھے۔ ایک نظام نظریاتی مزاحمت کے ذریعے، دوسرا مذہبی احیاء اور استعمار کے پھیلاؤ کے خلاف اظہار کے ذریعے۔

یہ تاریخی ترتیب اور حوالے جدید تنازعات کے عدم توازن کو سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ آزاد جمہوریتیں اکثر پھیلتے ہوئے نظاموں کے طور پر کام کرتی ہیں جو اپنے اصولوں کو عالمگیر بنانے میں کو شاں رہتی ہیں، جبکہ دیگر نظام اپنی شرائط پر اس شمولیت کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔

ان تنازعات کے مرکز میں ایک صورتحال بار بار ابھرتی دکھائی دیتی ہے : مادی تبدیلی بارہا نظریاتی موافقت کے جنم لینے سے پہلے وقوع پذیر ہوجاتی ہے۔ کارل مارکس نے استدلال کیا تھا کہ معاشی ڈھانچے سیاسی اور نظریاتی نظاموں کی تشکیل کرتے ہیں۔ پھر بھی تاریخ بتاتی ہے کہ نظریہ خود بخود ایڈجسٹ نہیں ہوتا۔ یہ مزاحمت کرتا ہے، پیچھے رہ جاتا ہے، اور بعض اوقات تبدیلی کے ردِ عمل میں سخت گیر بھی ہو جاتا ہے۔ یہ خلا، کہ معاشرے مادی طور پر تبدیل ہو جاتے ہیں جبکہ ان کے حکمرانی نظریات جوں کے توں رہتے ہیں جو معاشرے میں کشیدگی پیدا کرتے ہیں۔

صنعتی یورپ نے اس کا تجربہ کیا جب جاگیردارانہ اشرافیہ فرسودہ ڈھانچوں سے چمٹے رہی، جس کی وجہ سے مغربی معاشرے میں انقلابی اتھل پتھل کے واقعات جنم لینے لگے۔ امریکہ نے اس کا سامنا اس وقت کیا جب صنعتی تبدیلی کے باوجود غلامی پر مبنی سماجی نظام اپنا وجود برقرار رکھے ہوئے تھا، جس کا انجام خانہ جنگی کی صورت میں نکلا۔ یہی حرکیات آج بھی نظر آتی ہیں۔

ایران کے پاس جامعات، جدید صنعتیں اور ایک تعلیم یافتہ شہری آبادی ہے۔ پھر بھی اس کا حکمرانی کا نظریہ ایک انقلابی الٰہیاتی فریم ورک کی عکاسی کرتا ہے جو اکثر اپنے معاشرے کے کچھ حصوں کی خواہشات سے ہٹ جاتا ہے۔

روس صنعتی اور فوجی صلاحیت برقرار رکھتا ہے اور عالمی منڈیوں میں حصہ لیتا ہے، پھر بھی ایک مرکزی قوم پرست۔ آمرانہ ماڈل کے ذریعے کام کرتا ہے جو اپنی معاشی بنیاد سے آگے اسٹریٹجک تسلط کا خواہاں ہے۔

یہاں تک کہ رسمی جمہوریتیں بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ پاکستان انتخابی اداروں کو سیاسی ثقافتوں کے ساتھ ملاتا ہے جو پرانی طاقت کے ڈھانچوں، جاگیردارانہ، فوجی اور مذہبی تصورات سے تشکیل پاتی ہیں، جو اس کے جدید معاشرے کے ساتھ خود کو برقرار رکھنے میں کافی دقت کا سامنا کرتا ہے۔ لہٰذا نظریاتی تبدیلی میں وقفہ کسی ایک نظام تک محدود نہیں۔ یہ ایک ساختی حالت ہے جو تمام معاشروں کو متاثر کرتی ہے۔

جب ریاستی نظام ایسی کشیدگی کا سامنا کرتے ہیں، تو بقا کی جبلت ان کے ہاں شدت اختیار کر لیتی ہے۔

بین الاقوامی قانون، خود اختیاری کے اصول، اور ادارہ جاتی فریم ورک، جن میں اقوام متحدہ سے وابستہ اصول بھی شامل ہیں۔ اکثر اصولی طور پر برقرار رکھے جاتے ہیں مگر عملاً نظرانداز کر دیے جاتے ہیں خاص طور پر جب ریاستیں وجودی خطرات محسوس کریں۔

یہ ایک ایسا عمل ہے جو بار بار نمودار ہوتا ہے۔ کمزور ممالک کو سرکش یا بنیاد پرست قرار دیا جاتا ہے جب وہ اصولوں کی خلاف ورزی کریں۔ طاقتور ممالک اسی طرح کے اقدامات کو استحکام یا نظام کو قائم رکھنے کے لیے ضروری قرار دے کر جائز قرار دیتے ہیں۔ فرق عمل سے کم، طاقت اور بیانیے میں ہوتا ہے۔

ان رویوں میں موجود یکسانیت پر غور کریں۔ ایران متعدد ممالک میں غیر ریاستی اداکاروں کے ذریعے اثر و رسوخ پھیلاتا ہے، اپنی اسٹریٹجک رسائی کو روایتی حدود سے آگے بڑھاتا ہے۔ امریکہ نے تاریخی طور پر بھی بیرونِ ملک اپنے پسندیدہ نتائج حاصل کرنے کے لیے خفیہ ذرائع استعمال کیے ہیں۔ جس میں 1953 میں ایرانی وزیر اعظم محمد مصدق کی منتخب حکومت کا تختہ الٹنا بھی شامل ہے۔

ان واقعات کے پیمانے، صلاحیتیں اور نتائج مختلف ہوتے ہیں۔ پھر بھی بنیادی منطق ایک جیسی ہے : ریاستی نظام رسمی قواعد سے باہر نکل کر عمل کرتے ہیں جب وہ محسوس کریں کہ ان کی بقا یا اثر و رسوخ خطرے میں ہے۔ اس کے معنی یہ ہیں کہ بنیاد پرستی محض مذہبی بنیاد پرستی یا آمریت تک محدود نہیں۔ یہ ہراس جگہ پر ابھرتی ہے جہاں بھی نظام خطرہ محسوس کریں۔

آزاد جمہوریتیں عالمی اقدار کا حوالہ دیتے ہوئے انہی اصولوں کو نظرانداز کر سکتی ہیں۔ آمرانہ ریاستیں سیاسی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کنٹرول سخت کرتی ہیں اور طاقت کا استعمال کرتی ہیں۔ مذہبی نظام شناخت کے دفاع کے لیے عقیدے کو سخت کرتے ہیں اور سمجھوتے کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔ تمام نظاموں میں، بقا کی جبلت تحمل کی گنجائش کو محدود کر دیتی ہے۔

کوئی بھی فریم ورک جو عالمی تنازعات کی وضاحت کرنا چاہے، اسے اپنی حدود کا اعتراف کرنا چاہیے۔ ہمارے نظریات خاص تاریخی لمحات کے تناظر میں جنم لیتے ہیں۔ سیموئل ہنٹنگٹن نے اپنے خیالات کا اظہار سرد جنگ کے بعد کیا تھا۔ مارکس نے داس کیپیٹل یورپ کی صنعتی تبدیلی کے دوران لکھی تھی۔

کوئی بھی ایک فریم ورک یا نقطہ نظرانسانی رویے کی پیچیدگی کو مکمل طور پر نہیں جانچ سکتا، کیونکہ انسانی رویے حالات، قیادت اور ادراک کے ہر لمحہ بدلتے رہتے ہیں۔ اس لئے ہمارے خیالات اور افکار جو کچھ پیش کرتے ہیں وہ ایک دائمی اور مستقل حقیقت نہیں ہوتے، بلکہ وہ ایک ایسا ذریعہ ہوتے ہیں جو ہمیں اپنے دور اور ماضی کے حالات کو دیکھنے اور سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ریاستی نظاموں کی جنگوں کا تصور دراصل نظریاتی تفریق اور بقا کی جبلت سے تشکیل پاتا ہے۔ یہ ایک ایسی عینک ہے جو تمام حالات کی وضاحت کرنے سے قاصر ہے لیکن یہ مختلف نوعیت کے تنازعات کو ایک وسیع تر معنی میں سمجھنے کے لئے ضرور مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ جدید تہذیب کی بنیادی ناکامی یہ نہیں کہ تنازعات رونما ہوتے ہیں، بلکہ یہ ہے کہ انسانیت اب تک ایسے ادارے تیار کرنے میں ناکام رہی ہے جو تشدد کے بغیر ریاستی نظام میں تبدیلی کا انتظام کر سکیں۔

اقوام متحدہ ایسا طریقہ کار بنانے کی سب سے بامعنی کوشش کی نمائندگی کرتا ہے۔ پھر بھی اس کی حدود عیاں ہیں : ویٹو پاور اجتماعی عمل کو محدود کرتی ہے، اور بڑے اداکار جب اپنے مفادات کو داؤ پر لگا دیکھتے ہیں تو اس کے اختیار کو بار بار نظرانداز کر دیتے ہیں۔

مختلف نظاموں کے درمیان پرامن ہم آہنگی کے لیے ضروری ہو گا کہ نظریاتی موافقت مادی تبدیلی کے ساتھ ہم قدم رہے۔ اس کے لیے ضروری ہو گا کہ قانونی اور اخلاقی معیارات کے اطلاق میں مستقل مزاجی ہو۔ اس کے لیے ایسے راستے درکار ہوں گے کہ سیاسی ارتقا زوال کی طرح محسوس نہ ہو، اور جدیدیت کی ایسی صورتیں ہوں جو ثقافتی، مذہبی یا وجودی خاتمے کی طرح محسوس نہ ہوں۔

موجودہ صورتِ حال میں، یہ شرائط بڑی حد تک پوری نہیں ہوتیں۔ جب تک ادارے بدلتی ہوئی مادی حقیقتوں اور مزاحمتی نظریاتی ڈھانچوں کے درمیان خلا کو پاٹنے کے لیے تیار نہیں ہوتے، نظاموں کے درمیان تنازعات برقرار رہیں گے۔ بقا کی جبلت ریاستوں کو تصادم کی طرف دھکیلتی رہے گی جب بھی ان کی پوزیشن خطرے میں محسوس ہو گی۔

روزانہ شائع ہونے والی سرخیاں مختلف بحرانوں کو ایسے پیش کرتی ہیں جیسے وہ ایک دوسرے سے الگ ہوں، لیکن اگر غور کیا جائے تو وہ درحقیقت ایک بڑے اور پرانے منظرنامے کے بکھرے ہوئے عکس ہیں، جسے انسانیت نے ابھی تک پرامن طریقے سے حل کرنا نہیں سیکھا۔ موجودہ جنگ خلیجی ریاستوں کو مجبور کر رہی ہیں کہ وہ اپنے تعلقات علاقائی تہذیبوں کے خطوط پر استوار کرنے کے بجائے ریاستی نظام کی بنیاد پر قائم کریں اور وہ اپنی ترقی اور خوشحالی کے لئے نظریاتی بنیادوں کے بجائے عملی بنیادوں پر کام کریں۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW