بلاگ

پاکستان کے بجٹ میں فوائد کی غیر مساویانہ تقسیم

muhammad nafees karachi

وفاقی بجٹ کے منظرعام پر آنے کے بعد اس پر اظہار رائے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور ہر کوئی اپنے نقطہ نگاہ کے مطابق اس پر رائے زنی کر رہا ہے جو کہ ایک جمہوری عمل ہے اور ضروری بھی ہے۔ ٹیلی ویژن کی اسکرین اور بجٹ کے بعد ہونے والے سیمیناروں میں کاروباری رہنما اور پالیسی ساز سر ہلاتے ہوئے بجٹ پر اپنی اپنی رائے دے رہے ہیں اور اپنی پسندیدگی کا بھی مظاہرہ کر رہے ہیں۔ چیمبرز آف کامرس میں اطمینان کی ایک ناقابلِ تردید فضا پائی جاتی ہے۔ لیکن اگر آپ ان ائر کنڈیشنڈ ہالوں سے باہر نکل کر ذرا کراچی کی سڑکوں پر قدم رکھیں، تو وہاں آپ کو سرکاری حکمت عملی پر مبنی خوشیوں کے بجائے زندگی کو تھکا دینے والی بقا کی جدوجہد نظر آئے گی۔

حکومت کے تازہ مالیاتی اقدامات تضاد کی ایک درسی مثال ہیں۔ یہ ایک ایسا معاشی پیکج ہے جو کاروباری اشرافیہ کو حقیقی مواقع فراہم کرتا ہے، تو متوسط طبقے کے پیشہ ور افراد کو ایک معمولی، تقریباً نفسیاتی حد تک سانس لینے کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ لیکن نچلی سطح کے محنت کش طبقے کے ان افراد کو قطعی نظرانداز کر دیتا ہے جو پہلے ہی سرکاری پالیسیوں اور معاشی منصوبوں کی مد میں آتے ہی نہیں اگرچہ بیانیہ کے طور پر یہ تمام سرکاری تگ و دو صرف اور صرف ہوتی ہی ملک کے غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہے۔

کاروباری طبقے، خاص طور پر برآمدی شعبے کے لیے یہ بجٹ ناقابلِ تردید حد تک خوش آئند ہے۔ کارپوریٹ سپر ٹیکس کا خاتمہ ایک دیرینہ پالیسی نقص کو درست کرنے کی جانب ایک بہتر اور ضروری اقدام ہے۔ ایک ایسے خطے میں جہاں پاکستان کو پڑوسی ممالک کے معیشتوں کے جارحانہ کارپوریٹ ٹیکس ڈھانچے سے مقابلہ کرنا ہے، وہاں بڑی تجارتی مالیاتی اداروں پر بھاری ٹیکس کا بوجھ ان کمپنیوں کو معاشی مسابقت کے میدان میں کمزور کر رہا تھا۔ اور دستاویزی عمل کو صحیح خطوط پر چلانے میں حوصلہ شکنی بھی کر رہا تھا۔

اس بوجھ کو کم کر کے، حکومت نے بڑے ایکسپورٹ ہاؤسز کو فوری طور پر ایک بہت بڑا فائدہ فراہم کیا ہے جو ایک بڑے کاروباری ادارے کے لیے سالانہ 5 ملین روپے سے لے کر 60 ملین روپے تک ہے۔ اس معاشی فائدے کے اعداد و شمار کو سمجھنے کے لیے، ایک درمیانے درجے کے ٹیکسٹائل ایکسپورٹر کے کاروبار پر غور کریں جو سالانہ 250 ملین روپے کا منافع کماتا ہے۔ ختم کیے گئے سپر ٹیکس کے تحت، ایسی کمپنی معیاری 29 فیصد کارپوریٹ ٹیکس کے علاوہ اضافی 2 فیصد لیوی ادا کرتی تھی یہ رقم اب کمپنی کے پاس رہے گی۔ جو اس فارمولے کے تحت ( 250 ملین × 0.02 ) تقریباً 500 ملین روپے بنتی ہے۔ اس سے زیادہ کمانے والی بڑی فرموں کے لیے، 6 فیصد سے 10 فیصد والے سلیب 30 ملین سے 60 ملین روپے کی بچت کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

یہ تیز رفتار سرمایہ ہے جو رسمی کاروباری نظام میں واپس شامل کر دیا گیا ہے، اس کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا، زرمبادلہ کو محفوظ بنانا، اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر مسابقتی رکھنا ہے۔ اس لئے اس میں کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ کاروباری حلقے اس سلسلے میں گہری خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ کاغذی دستاویزات پر، ریاست نے میکرو اکنامک ترقی کے انجنوں کو ترجیح دی ہے۔

کاروباری حلقے کے بعد تنخواہ دار طبقے کا نمبر آتا ہے جس کے پاس اس بجٹ میں فراہم کردہ سہولت کے جواب میں ایک مدہم سی مسکراہٹ کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ کچھ بھی نہیں جس میں ایک متذبذب سی حیرانی بھی شامل ہے۔ ایک طرف تو سرکار، 600,000 روپے سے 1,200,000 روپے کی سالانہ آمدنی پر 1 فیصد کی شرح سے ٹیکس وصول کرے گی جو پہلے 5 فیصد تھا۔ اس طرح بارہ لاکھ روپے سالانہ کمانے والے ملازم کو اب اس آمدنی پر 30 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنے کی بجائے صرف 6 ہزار روپے کا ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ یعنی 24 ہزار روپے کی بچت جو سرکار کی جانب سے اس کے لئے اس سال کا تحفہ ہے۔

لیکن یہ بچت روزمرہ کی مہنگائی کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں ہے۔ سرحد پار، بھارت کا مالیاتی ڈھانچہ اپنے تنخواہ دار طبقے کو اس سے کہیں زیادہ وسیع حفاظتی سہولت فراہم کرتا ہے۔ بھارت کے معیاری ٹیکس نظام کے تحت، معیاری کٹوتیوں اور بڑھی ہوئی رعایتوں کو ملا کر، تنخواہ دار افراد 12 لاکھ روپے ہندوستانی تک موثر طور پر انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں۔ اس آمدنی کو اگر ہماری کرنسی میں تبدیل کیا جائے تو یہ تقریباً 36 لاکھ پاکستانی روپے کی چھوٹ بنتی ہے۔ لیکن پاکستان میں، 36 لاکھ روپے کمانے والا ملازم مستثنیٰ نہیں ہے۔ اسے ایک سخت ترقیاتی ٹیکس بریکٹ میں دھکیل دیا جاتا ہے، جہاں بڑھتے ہوئے بالواسطہ محصولات کے اوپر براہِ راست ٹیکس کا بھاری بوجھ بھی ہے۔

ذرا سوچیں، ایک شخص جو ماہانہ ساٹھ یا ستر ہزار روپے کماتا ہو اس کی یہ آمدنی، معمولی براہِ راست ٹیکس ریلیف اور گھریلو اخراجات کے بجٹ کے سامنے بالکل ناکافی دکھائی دیتی ہے۔ کراچی میں ملیر سے ٹاور تک روزانہ سفر کرنے والے مسافر کے لیے، موٹرسائیکل کا ایندھن یا بڑھتے ہوئے بس کے کرایوں کی لاگت ہی مہینے میں دس سے پندرہ ہزار روپے تک کھا جاتی ہے۔ اور اگر وہ شخص کرائے کے مکان میں رہتا ہو تو اسے کم ازکم 15,000 روپے ماہانہ کرایہ، اور 9,000 روپے تک کے بجلی، گیس اور پانی کے بل ادا کرنے پڑتے ہیں جو حکومتی اضافی چارجز سے لدے ہوتے ہیں، اس کے علاوہ کم ازکم 3,000 روپے ایک بچے کی اسکول فیس، اور دودھ جیسی ضروری اشیا جس کی قیمت 260 روپے فی لیٹر ہے۔ دوسری غذائی اشیاء بھی اس سے کہیں زیادہ مہنگی ہیں۔ یہ تمام اخراجات اسی آمدنی میں سے ادا کرنا پڑتے ہیں جو کہ کل ملا کر اس کی ماہانہ آمدنی کے برابر ہو جاتے ہیں۔ علاج معالجہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو اس میں ابھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن اس ساٹھ ہزار روپے ماہانہ کمانے والے کو 1 فیصد ہی صحیح ٹیکس تو دینا ہی پڑے گا۔

تنخواہ دار طبقے کی کثیر تعداد ماہانہ ساٹھ سے ستر ہزار ماہانہ نہیں کماتی لیکن اگر اس آمدنی کو ممکن بھی سمجھ لیا جائے تو محض ان ضروری اخراجات کی مد میں ہی تمام آمدنی ختم ہو جاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سندھ حکومت نے کم سے کم ماہانہ آمدنی کی رقم 43 ہزار روپے مقرر کی ہے۔ یہ کم آمدنی والا شخص اگر کسی طرح محض 8 ہزار روپے مزید کما لے تو وہ ان امیر لوگوں کی صفوں میں شامل ہوجاتا ہے جو 50 ہزار روپے سے زائد آمدنی وصول کرنے والے ایسے افراد ہیں جن پر انکم ٹیکس ادا کرنا لازم قرار پاتا ہے۔ اب وہ ان خوش نصیب لوگوں میں شامل ہو جاتا ہے جو پہلے اتنی آمدنی پر 5 فیصد ٹیکس ادا کرتے تھے اب اسے گھٹا کر 1 فیصد مقرر کر دیا گیا ہے۔ تین افراد پر مشتمل ایک چھوٹا سا خاندان بھی اس آمدنی پر 1 فیصد ٹیکس ادا کرنے کے قابل نہیں ہے۔ ان حالات میں سوائے اپنا پیٹ کاٹنے یا غیرقانونی کام کرنے کے علاوہ اس کے پاس کوئی اور چارہ ہی نہیں ہے۔

اس کے باوجود موجودہ معاشی منظرنامے کی سب سے اہم اور تاریک ناکامی اس ریلیف پیکیج کی حدود سے باہر موجود ہے۔ یہ ان لاکھوں افراد کی زندگیوں کے متعلق ہے جو ان معاشی تخمینوں کا کبھی حصہ ہی نہیں بنتے۔ وہ ہیں ملکی معیشت کی نچلی ترین سطح سے تعلق رکھنے والے ہمارے سیکیورٹی گارڈز، صفائی کارکنان، اور یومیہ اجرت کمانے والے مزدور۔

حال ہی میں، معروف سماجی کارکن اور صحافی نعیم صادق نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو ایک خط لکھا تھا اور یہ تجویز دی تھی کہ غیر ہنر مند مزدوروں کے لیے سال 2026۔ 2027 کی کم از کم اجرت 60,000 روپے ماہانہ 8 گھنٹے اور 26 دنوں کے لیے مقرر کی جائے۔ ان غریب لوگوں کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے اپنے خط میں مزید کہا کہ ہزاروں صفائی کے کارکن آج بھی 18,000 روپے ماہانہ وصول کرتے ہیں، جو سندھ حکومت کی اپنے قوانین کی تعمیل میں دلچسپی اور صلاحیت کا مذاق اڑاتا ہے۔ اس ملک میں جہاں اسپیکر قومی اسمبلی کو 660 فیصد تنخواہ میں اضافہ ملا ہے، وہیں کراچی کے یہ صفائی کارکن آج بھی 18,000 روپے گھر لے جاتے ہیں۔ یہ ایک ایسا مجرمانہ خلا ہے جس کا ابھی تک کسی نے اپنی بجٹ تقریر میں ذکر کرنے کی جرات ہی نہیں کی۔

اسکے علاوہ ایک سرکاری تھنک ٹینک، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس نے حکومت کو تجویز دی کہ کم از کم اجرت میں 12.5 فیصد اضافہ کر کے 45,000 روپے کیا جائے اور اس اجرت کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، نہ کہ اسے محض ایک اعلان کی حد تک رکھا جائے۔ صرف سندھ میں اندازہً 12 لاکھ کنٹریکٹ ورکرز، سیکیورٹی گارڈز، صفائی کارکنان، یومیہ اجرت کے مزدوروں کے لیے یہ بجٹ بے معنی ہے۔ کیونکہ انہیں ٹیکس بریکٹ ایڈجسٹمنٹ سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا چونکہ وہ اتنا کماتے ہی نہیں کہ ٹیکس کے دائرے میں آئیں۔ اسی لئے انہیں معاشی پروگرام کے دائرے میں بھی شامل نہیں کیا جاتا۔ وہ ان رسمی گفتگو سے مکمل طور پر باہر رہتے ہیں۔ یہ افراد نہ صرف 12 گھنٹے کی تھکا دینے والی شفٹوں کے بدلے صرف 18,000 سے 25,000 روپے ماہانہ گھر لے جاتے ہیں۔ وہ قانون کے تحت لازمی تحفظات سے بھی مکمل طور پر محروم ہیں، نہ کوئی بڑھاپے کے فوائد اور نہ ہی نوکری کی کوئی ضمانت۔ سوشل سیکیورٹی سے ملنے والی اولڈ ایج فوائد بھی انہیں میسر نہیں ہوتے کیونکہ ان کی ملازمت کو باقاعدہ طور پر رجسٹر ہی نہیں کیا جاتا۔

پاکستان کے اس طبقے کے لیے بجٹ غیر متعلقہ ہے۔ 20,000 روپے ماہانہ تنخواہ کسی خاندان کے لیے بنیادی کرایہ اور دودھ بھی نہیں نکال سکتی، روٹی، بجلی، یا دوائی تو دور کی بات ہے۔ زندہ رہنے کے لیے، یہ خاندان تباہ کن انسانی سمجھوتوں پر مجبور ہیں : کھانے چھوڑنا، مقامی دکانداروں سے لامتناہی قرضے جمع کرنا، اور اپنے بچوں کو اسکولوں سے نکال کر گھریلو مزدوری میں لگانا۔

اس سے بھی بدتر بات یہ ہے کہ، جہاں وہ براہِ راست ٹیکس ریلیف سے مکمل طور پر خارج ہیں، وہاں وہ ریاست کے بالواسطہ ٹیکسوں کا سب سے زیادہ نسبتی بوجھ برداشت کرتے ہیں۔ وہ اپنے روزگار تک پہنچنے کے لئے جو سواری استعمال کرتے ہیں خواہ وہ بس کی سواری ہو یا موٹر سائیکل کی ان میں استعمال ہونے والے ہر لیٹر پیٹرول پر، ان کے کمروں میں جلنے والے بلب کی بجلی کے ہر یونٹ پر اور خور و نوش کی تمام بنیادی اشیاء پر جسے وہ خریدتے ہیں، ان سب اشیاء پر قومی نظام کو چلانے کے لیے بھاری ٹیکس لگے ہوئے ہیں جو انہیں بھی ادا کرنا پڑتے ہیں۔

جب پالیسی ساز قوم کے سامنے کھڑے ہو کر ”رسمی شعبے کے لیے ریلیف“ کا جشن مناتے ہیں، تو وہ دو بالکل مختلف کائناتوں کو ایک ہی جملے میں سمیٹ رہے ہوتے ہیں۔

کاروباری اشرافیہ اپنے کارپوریٹ سرمائے کی حفاظت کے لیے لاکھوں روپے کی ساختی لیکویڈیٹی لے کر جاتی ہے۔ تنخواہ دار متوسط طبقہ چند ہزار روپے کے ساتھ رہ جاتا ہے جو ایک ایسی معمولی رقم ہے جو گھریلو بجٹ میں جلد ہی ہضم ہو جاتی ہے۔ جب کہ بالائی طبقے کے افراد کہیں بڑے فوائد سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ان کے مقابلے میں سب سے نچلے درجے پر موجود غریب ترین طبقات بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ برداشت کرتے ہیں لیکن ریاستی ریگولیٹرز اپنی آنکھوں کے سامنے ہونے والے اس استحصال سے لاتعلق رہتے ہیں۔

مستند طور پر ایک پائیدار معیشت بنانے کے لیے، پاکستان صرف بالائی طبقات کے بوجھ کو ہلکا کرنے اور یہ امید رکھنے پر انحصار نہیں کر سکتا کہ فوائد نیچے تک خود بخود پہنچ جائیں گے۔ جب تک کم از کم اجرت کے قوانین کو سختی سے نافذ نہیں کیا جاتا، غیر رسمی مزدوروں کو قانونی طور پر مناسب تحفظات نہیں فراہم کیے جاتے، اور ٹیکس کا بوجھ بنیادی بقا کی اشیاء سے ختم نہیں کیا جاتا، یہ معاشی بجٹ سوائے بالائی طبقات تک فوائد پہنچانے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتا۔ ایسے افراد جو ملکی معیشت کو چلانے کے لئے اپنا خون پسینہ ایک کرتے ہیں ان کے گھر کے چولھوں کو جلائے رکھنے میں یہ بجٹ کسی طرح بھی کوئی معاونت فراہم نہیں کرتا۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW