بلاگمیرے مطابق

جیفری ایپسٹین: سرمایہ داری کا ناز پَروَردہ جنسی مجرم

dr ali shazif

جیفری ایپسٹین ثابت شدہ پیڈوفائل تھے۔ وہ نہ صرف یہ کہ خود کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی روابط قائم کرتے تھے بلکہ ان لڑکیوں کی ٹریفکنگ بھی کرتے تھے۔ یہ ان کا طرز زندگی تھا۔ اس دھندے میں ان کی شریک جرم گسلین میکسویل تھیں جو ان کی زندگی کی ساتھی اور مبینہ محبت بھی تھیں۔

وہ شروع سے امیر نہیں تھے بلکہ بہت سے امراء کی طرح ایک سیلف میڈ امیر تھے۔ اور جیسا کہ بہت سے امرا کی اکیڈمک کارکردگی ہوتی ہے وہ بھی تعلیمی لحاظ سے نالائق تھے۔ یعنی ان کے پاس کوئی باقاعدہ تعلیمی ڈگری نہیں تھی لیکن وہ بہت چالاک اور چرب زبان تھے۔ یہی وجہ تھی کہ وہ بدعنوانی کرنے میں ماہر تھے اور سرمایہ دار اداروں کو بآسانی کروڑوں کا ناجائز منافع دلوا دیتے تھے۔ ان کی امارت کا سفر 1980 کی دہائی میں شروع ہوا۔ ان کی دوستیاں بل کلنٹن، پرنس ایڈورڈ اور موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسی مشہور عالمی شخصیات کے ساتھ رہیں۔ وہ شاہانہ زندگی گزارتے تھے۔

مبینہ طور پر ان کا بدنام زمانہ جنسی سفر جس نے کم سے کم 35 لاکھ قانونی صفحات کو سیاہ کیا اور جسے 30 جنوری 2026 کو امریکی ادارہ انصاف نے ریلیز کیا، 1990 کی دہائی میں شروع ہوا۔ انھوں نے اپنے زیادہ تر جنسی جرائم پام بیچ فلوریڈا میں انجام دیے۔ اس کے علاوہ 2002 سے 2005 کے دوران مین ہٹن نیویارک میں بھی انھوں نے درجنوں نوجوان خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ ان کے ذاتی جزیرے لٹل سینٹ جیمز، جو پیڈوفائل جزیرے کے نام سے بھی بدنام تھا، پر 2001 سے لے کر 2018 تک بہت سی خواتین کا جنسی استحصال کیا گیا۔ ان کے علاوہ زورو رنچ نیو میکسیکو اور پیرس میں بھی بے شمار نوجوان لڑکیوں کو جنسی ہراسانی اور زیادتیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

انھیں سب سے پہلے 2006 میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ لیکن 2008 میں انھوں نے حکومت کے ساتھ پلی معاہدہ کر لیا۔ یہ ایک متنازعہ معاہدہ تھا جس کے تحت ان کا ٹرائل نہیں کیا گیا۔ معاہدے کے تحت انھیں 18 ماہ جیل میں گزارنا تھے۔ اس کے باوجود انھوں نے صرف تیرہ ماہ کی جیل کاٹی جو سہولیات سے بھرپور تھی۔ یہاں تک کہ انھیں ہفتے میں چھ دن ہر روز 12 گھنٹے تک جیل سے باہر گزارنے کی اجازت تھی۔ وہ رہا ہونے کے بعد بھی مسلسل پیرول کی خلاف ورزی کرتے رہے جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ یہ سب ریاستہائے متحدہ امریکہ میں ہو رہا تھا، جہاں ایک خطرناک مجرم کے لیے سب کچھ صرف اس لیے جائز تھا کہ وہ ارب پتی تھا۔

اس کے بعد جیفری ایپسٹین نے اپنی جنسی سرگرمیاں بحال رکھیں کیونکہ وہ ایسے ہی تھے اور بنا کسی روک ٹوک کے تو انھوں نے ہمیشہ ایسا ہی رہنا تھا۔

امریکہ کی کچھ ریاستوں میں خواتین کے لیے بلوغت کی عمر 18 سے 21 سال اور ذہنی اور جسمانی پختگی کی عمر 16 سے 18 سال ہے۔ مختلف مذاہب میں شادی یا جنسی رشتہ قائم کرنے کے لیے خواتین میں عمر کی کوئی حد مقرر نہیں ہے لیکن سب اہل علم اس بات پر متفق ہیں کہ کم سے کم خاتون کو ذہنی اور جسمانی اعتبار سے مضبوط ہونا چاہیے۔ جیفری ایپسٹین کی جنسی درندگی کا شکار کم سن لڑکیوں کی اکثریت کی عمر قانون میں درج عمر کی حد سے نیچے تھی۔

ایپسٹین کے وفاقی حکومت کے ساتھ ہونے والے متنازعہ معاہدے کے بعد ان کی جنسی درندگی کا شکار ہونے والی متاثرین اور ان کے وکلا بے حد مایوس ہو گئے۔ لیکن کئی سال بعد 6 دسمبر 2018 کو ایک ایسی انہونی ہو گئی جس نے ان سب کو حیران کر دیا۔ نیویارک کے وفاقی سرکاری وکلاء نے سرکاری طور پر جیفری ایپسٹین کے خلاف مقدمہ دوبارہ کھول دیا۔ ایسا شاید میامی ہیرالڈ میں چھپنے والی ایک تحقیقاتی سیریز کی اشاعت کے بعد ہوا جس کا نام perversion of justice یعنی ”انصاف کا اخلاقی بگاڑ“ تھا۔ اس رپورٹ میں فلوریڈا میں ہونے والے 2008 کے ذلت آمیز معاہدے کو ”سویٹ ہارٹ ڈیل“ کا نام دیا گیا۔

فروری 2019 میں فلوریڈا کے ایک وفاقی جج نے رولنگ دی کہ 2008 کا معاہدہ کر کے وفاقی حکومت نے Crime Victim Rights Act کی خلاف ورزی کی تھی۔

اور پھر وہ دن آ گیا جب جیفری ایپسٹین جیسے جنسی درندے کو گرفتار کر لیا گیا، تاریخ تھی 6 جولائی 2019 اور مقام تھا ٹیٹربورو ہوائی اڈہ، جہاں سے ایپسٹین ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امریکہ سے فرار ہونے والے تھے۔ لیکن 10 اگست 2019 کو ایپسٹین نے انتہائی مشکوک حالات میں جیل کے اندر خودکشی کر لی۔ انھوں نے مبینہ طور پر اپنی بیڈ شیٹ کو پھندا بنا کر اپنا گلا گھونٹ لیا۔ لیکن ان کی ہائیائد ہڈی کا ٹوٹنا ظاہر کر رہا تھا کہ شاید انھوں نے خود ایسا نہیں کیا بلکہ گلا گھونٹنے والا کوئی دوسرا ہی تھا۔ ویسے انتہائی سخت سیکیورٹی اور کیمروں کی سرویلینس میں ایسا کرنا شاید ناممکن تھا لیکن اتفاقا اسی دن سب کیمرے خراب ہو گئے۔ ان کی پراسرار موت سے جنسی جرائم کا شکار متاثرین ایک مرتبہ پھر مایوس ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپسٹین ایک بار پھر ٹرائل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ ان کی موت کے پیچھے ممکنہ طور پر کوئی بہت طاقتور ہاتھ تھا کیونکہ ان کے پاس دنیا کی بہت سی طاقتور اور پراثر شخصیات کے اہم اور خوفناک راز تھے۔

ارب پتی تاجر جیفری ایپسٹین کم عمر لڑکیوں کو مساج کے بہانے اپنے گھر بلواتے اور انہیں اس کے عوض صرف 200 امریکی ڈالر دینے کی آفر کرتے۔ مساج کے دوران ہی وہ اپنی غیراخلاقی حرکات شروع کر دیتے جسے کچھ خواتین روک دیتیں اور کچھ نہ روکتیں۔ وہ متاثرہ خواتین کو اپنے لیے ہر نیا شکار پھنسانے کے عوض مزید 200 امریکی ڈالر دینے کی آفر بھی کرتے۔ ان کی متاثرہ خواتین نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والی اسکول کی طالبات ہوتیں۔ یوں ایک پیرامڈ یا نیٹ ورک بن گیا اور یہی کم سے کم تین عشروں تک ایپسٹین کا طرز زندگی رہا۔ یہ ایک انتہائی گھناؤنا جرم تھا۔ اتنا گھناؤنا کہ اس کے بارے میں سوچ کر بھی رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔ بلاشبہ جیفری ایپسٹین ایک سیریل ابیوزر تھے، جو اپنی دہشت میں کسی بھی طرح ایک سیریل کلر سے کم نہیں تھے۔ ان کی کہانی نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر سرمایہ دارانہ نظام کی بدبودار غلاظت کو دنیا کے سامنے کھول کر پیش کر دیا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW