بلاگ

زمینی خداؤں کے بت اور صحت کی منصوبہ بند معیشت

dr ali shazif

شعبۂ صحت سے وابستہ افراد مجھے ناپسند کرتے ہیں۔ ان میں ڈاکٹر بھی شامل ہیں اور وہ لوگ بھی جو براہِ راست مریضوں کا علاج نہیں کرتے، لیکن ہسپتالوں کی انتظامیہ کا حصہ ہوتے ہیں۔ اس ناپسندیدگی کی بنیادی وجہ میرا صحت کے شعبے میں معاشی انصاف کی بات کرنا ہے۔

صحت میں معاشی انصاف کی خواہش تو ہر کسی کو ہوتی ہے، لیکن ان لوگوں کو نا انصافی کے خلاف احتجاج کرنا پسند نہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ معاشی عدم مساوات پر بات کرتے ہوئے ہمیں اخلاقیات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ اخلاقیات سے ان کی مراد صرف یہ نہیں کہ ہمیں اپنے جذبات پر قابو رکھنا چاہیے اور غصے میں نہیں آنا چاہیے، بلکہ یہ بھی ہے کہ ہمیں نارمل انداز میں بھی بنیادی خرابی کی نشاندہی نہیں کرنی چاہیے۔ بنیادی خرابی، یعنی صحت کے شعبے میں کاروبار اور منافع کا تصور۔

یہ لوگ بھی عجیب ہیں، کیونکہ ان میں سے بہت سے، اور پاکستان میں تو تقریباً سبھی، مذہبی ہیں اور ایک یا چند آسمانی خداؤں یا دیوتاؤں پر ایمان رکھتے ہیں۔ آسمانی خدا پر ایمان رکھنے کا مطلب تو یہ ہونا چاہیے کہ آپ زمینی خداؤں کو مسترد کریں، لیکن یہ لوگ مجھ سے توقع کرتے ہیں کہ میں ان کے زمینی خداؤں کا احترام کروں۔

یوں تو یہ آسمانی خدا کی گستاخی کرنے والوں کو جلا دیتے ہیں، لیکن زمینی خداؤں کی اصل خدا کے معاملات میں دخل اندازی کو گستاخی نہیں سمجھتے۔ اس کے برعکس، ان کی زمینی خدائی پر سوال اٹھانے والوں ہی کو گستاخ قرار دیتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ میں بدتمیز ہوں یا یہ کہ میرا ذہنی توازن خراب ہے۔ بلکہ وہ یہ باتیں ایک دوسرے سے گپ شپ کے انداز میں کرتے ہیں۔ وہ میری ذات کو نشانہ بناتے ہیں، میرا سماجی بائیکاٹ کرتے ہیں، یہاں تک کہ مجھ سے نفرت کرتے ہیں۔ میں انھیں ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ وہ مجھے کہیں دیکھ لیں تو ان کا خون کھولنے لگتا ہے، لیکن وہ یہ ظاہر نہیں کرتے اور اخلاقیات کا ہتھیار ہمیشہ اپنے ہاتھ میں تیز رکھتے ہیں۔

خیر، یہ باتیں میں کئی دفعہ کر چکا ہوں اور ہمیشہ کرتا ہی رہوں گا۔
آج میں یہ بات کرنا چاہتا ہوں کہ صحت کے شعبے میں کوئی منصوبہ بند معاشی تصور موجود نہیں ہے۔

مثلاً آج ہمارے ایک معزز استاد نے سوال اٹھایا کہ کیا انزائمز، یعنی کیمیائی خامروں کے جینیاتی نقائص کی صورت میں، ہمیں ان بچوں کو باہر سے یہ انزائمز فراہم کرنے چاہئیں؟

اس سوال کا پس منظر یہ ہے کہ پاکستان جیسے غریب ملک کے کچھ غریب بچوں کو فنڈنگ کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کے یہ انزائمز ہر کچھ عرصے بعد فراہم کیے جاتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ انزائمز ان بچوں کی بیماریوں کو جڑ سے نہیں اکھاڑ سکتے، لیکن انھیں زندہ ضرور رکھتے ہیں۔ یہ بچے اس وقت تک زندہ رہتے ہیں جب تک ان کے علاج کے لیے فنڈنگ جاری رہتی ہے۔ جونہی خیرات ملنا بند ہوتی ہے، ان کی زندگی خطرے میں پڑ جاتی ہے اور بعض بچے وفات پا جاتے ہیں۔

معزز استاد کا سوال اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ آخر ان بچوں کی زندگی انزائمز کی فراہمی کے ذریعے طویل کرنے سے ہم کیا مقاصد حاصل کرتے ہیں؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم یہ سب صرف اپنے ضمیر کی تسلی کے لیے کرتے ہیں؟

زمینی خدا بھی عجیب ہیں، لیکن ظاہر ہے کہ آسمانی خدا کے عبادت گزاروں نے انھیں خدا کا درجہ دے رکھا ہے۔ سو وہ بے نیاز ہیں۔ وہ خدا کی طرح مریضوں کی زندگی اور موت کے فیصلے کرتے ہیں۔ انھیں غریبوں کا خیال رکھنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی کرنے کا خیال نہیں آتا۔ وہ بمشکل ہی ان کے بارے میں سوچتے ہیں۔ یہ کبھی ان کی ترجیح نہیں ہوتی۔

مثلاً ہم بچپن سے جین تھیراپی کا نام سنتے آ رہے ہیں۔ جین تھیراپی، یعنی جینیاتی نقص کی درستگی یا اس کے اثرات کو دور کرنے کے لیے مریض کے خلیوں میں جینیاتی تبدیلی کے ذریعے بیماری کا علاج کرنا۔

ہم نے بہت سے مریضوں کو کئی برس تک جین تھیراپی کے انتظار میں زندہ رکھا ہے، مثلاً مہنگے انزائمز کی خیراتی فراہمی کے ذریعے۔ لیکن گزشتہ چالیس برس سے ہمارا یہ انتظار ختم نہیں ہو رہا۔

اس کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ سرمایہ دار، یعنی زمینی خدا، اس پر اتنا پیسہ خرچ نہیں کر رہا جتنا انسانی ضرورت کے مطابق کیا جانا چاہیے۔

وہ اس پر پیسہ کیوں خرچ نہیں کر رہا یا محدود پیسہ کیوں خرچ کر رہا ہے؟ کیونکہ یہ اس کے لیے گھاٹے کا سودا ہو سکتا ہے۔ اگر یہ مریض صحت یاب ہو گئے تو ان کی ادویات کے کاروبار سے حاصل ہونے والا منافع ختم ہو سکتا ہے۔ پھر وہ یہ سوچتا ہے کہ انھیں خیرات سے زندہ رکھنے میں شاید کم نقصان ہوتا ہے۔

پاکستان کو شاید دنیا کے ان ممالک میں شمار کیا جا سکتا ہے جہاں جین تھیراپی کی ضرورت سب سے زیادہ ہے۔ اس کی ایک اہم وجہ یہاں قریبی رشتہ داروں میں شادیوں کا رواج ہے، جس کے باعث موروثی اور بالخصوص آٹوسومل ریسیسیو جینیاتی بیماریوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔

جین تھیراپی میرا شعبہ ہے۔ بعض اقسام کی جین تھیراپی میں مریض کی کنڈیشننگ کی جاتی ہے۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے ہم بون میرو ٹرانسپلانٹ میں کرتے ہیں۔ اس کے بعد جینیاتی تبدیلی کے ذریعے درست کیے گئے خلیے مریض کے جسم میں منتقل کر دیے جاتے ہیں۔ اس علاج کی اپنی پیچیدگیاں ہوتی ہیں، لیکن بعض صورتوں میں یہ بون میرو ٹرانسپلانٹ، خصوصاً دوسرے فرد سے حاصل کردہ خلیوں کے ٹرانسپلانٹ، کی بعض پیچیدگیوں سے بچا سکتا ہے۔

ظاہر ہے کہ یہ ایک انقلابی علاج ہے۔

تھیلاسیمیا کے لیے کیسگیوی (Casgevy) اور دوسری تجارتی جین تھیراپی مصنوعات مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ یہ علاج دنیا کے گنے چنے ممالک میں کامیابی کے ساتھ کیا جا رہا ہے، لیکن اس علاج سے پاکستانی، بھارتی اور دوسرے ممالک کے لاکھوں غریب بچے تاحال محروم ہیں۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ موجودہ معاشی نظام میں جین تھیراپی کی ترقی اور اس کی فراہمی کا بنیادی محرک انسانی فلاح نہیں بلکہ منافع ہے۔

میں یہ جملہ دہرا رہا ہوں تاکہ زمینی خداؤں کے ماننے والوں کو برا لگے اور وہ مجھ سے مزید بدظن ہو جائیں۔

تھیلاسیمیا کی جین تھیراپی کا بنیادی کاروباری مقصد انسان کو اس بیماری سے نجات دلانا نہیں بلکہ اس علاج سے منافع کمانا ہے۔ اسی طرح دنیا کے دوسرے مہنگے علاج، جن میں میرے شعبے کا بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی شامل ہے، سرمایہ داروں کو زیادہ سے زیادہ منافع دلانے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

ان علاجوں کو اگر مفت، یعنی خیرات کے ذریعے بھی فراہم کیا جا رہا ہے تو اس میں بھی سرمایہ داروں کا فائدہ موجود ہے۔

میں پھر نظامِ صحت میں منصوبہ بند معیشت کے سوال کی طرف آتا ہوں۔

زمینی خدا منصوبہ بند معیشت کو ایک منظم منصوبے کے تحت نافذ نہیں ہونے دیتے۔ اگر منافع کے بجائے انسانی فلاح کو اپنا مقصد تسلیم کر کے پاکستان اور دنیا بھر میں منصوبہ بند معیشت نافذ ہو گئی تو صحت کا کاروبار کرنے والے زمینی خداؤں کے بت ہمیشہ کے لیے ٹوٹ جائیں گے۔

بس نام رہے گا اللہ کا
جو غائب بھی ہے، حاضر بھی
جو ناظر بھی ہے منظر بھی
اٹھے گا انا الحق کا نعرہ
جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو
اور راج کرے گی خلقِ خدا
جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW