پھولوں کی نمائش، ماحول دوستی اور مٹی کی روایت: انسان اور قدرت کا خوبصورت رشتہ

ہم ایک ایسے دور میں جی رہے ہیں جہاں موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور غیر صحت بخش طرزِ زندگی انسان اور زمین دونوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ شہروں میں بڑھتی گرمی، کم ہوتی سبز جگہیں اور پلاسٹک کا بے تحاشا استعمال ہمیں قدرت سے دور کر رہا ہے۔ ایسے میں باغبانی، پھولوں کی نمائش اور قدرتی مصنوعات نہ صرف ماحول کے لیے امید کی کرن ہیں بلکہ انسان کو ذہنی سکون بھی فراہم کرتی ہیں۔
اسی سلسلے میں فروری کے مہینے میں کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ”اے کے خان پارک کنٹونمنٹ بورڈ کراچی“ میں 13 سے 15 فروری تک ایک خوبصورت پھولوں کی نمائش منعقد کی گئی تھی، جس کا مقصد باغبانی کے فروغ کے ساتھ ساتھ ماحول سے محبت اور قدرتی زندگی کے شعور کو اجاگر کرنا تھا۔
پھولوں کی نمائش: خوبصورتی اور شعور کا امتزاج
یہ نمائش صرف ایک تفریحی سرگرمی نہیں بلکہ ایک تعلیمی اور ثقافتی تجربہ بھی تھی۔ اس کا بنیادی مقصد ہارٹیکلچر، پھولوں کی سجاوٹ اور ماحول دوست زندگی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ دنیا بھر میں پھولوں کی نمائشوں کی ایک طویل تاریخ رہی ہے۔ ابتدا میں یہ تقریبات باغبانی کے علم کو فروغ دینے، کاشتکاروں میں صحت مند مقابلہ پیدا کرنے اور لوگوں کو قدرت سے قریب لانے کے لیے منعقد کی جاتی تھیں۔
وقت کے ساتھ یہ نمائشیں بڑے ثقافتی اور سماجی میلوں کی شکل اختیار کر گئیں۔ اس نمائش میں بھی یہی پیغام نمایاں تھا کہ سبزہ، پھول اور درخت انسانی زندگی کے لیے کتنے ضروری ہیں۔ نمائش میں باغبانی سے متعلق تقریباً ہر چیز دستیاب تھی۔ مٹی اور فائبر کے گملے، مختلف سائز کے ہاتھ سے پینٹ کیے گئے گملے، ہینگنگ گملے، وال ہینگنگ کراس اسٹکس اور مکرامے ہینگنگ گھروں اور دفاتر کو سبز بنانے کے لیے بہترین انتخاب تھے۔
اس کے علاوہ مٹی کے برتن، مختلف اقسام کے بیج، پودوں کو بیماریوں سے بچانے کے اسپرے اور جدید باغبانی کے آلات بھی فروخت کے لیے موجود تھے۔ نایاب اور خوبصورت پودوں کی کئی اقسام اگرچہ مہنگی تھیں مگر معیار میں بے مثال تھیں، جو ماحول دوست اشیاء کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔
نمائش میں گارڈن فاؤنٹین، واٹر فیچرز اور پرندوں کے لیے پانی و بیٹھنے کی جگہیں بھی رکھی گئی تھیں، جو حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کا پیغام دیتی ہیں۔ ایک اسٹال پر ایک لڑکی نے درخت کے تنوں کے گول حصوں پر ہاتھ سے پینٹ کی ہوئی خوبصورت وال ہینگنگ بھی تیار کی تھیں۔
حب الوطنی کا خوبصورت منظر
اس نمائش کا ایک یادگار لمحہ وہ تھا جب بینڈ نے بانسری اور ڈرم کی مدد سے ”اے وطن“ کی دھن بجائی۔ اس منظر نے پورے ماحول کو جذباتی اور محبِ وطن بنا دیا۔ لوگ اس لمحے کو کیمرے میں محفوظ کرتے رہے اور ایک عجیب سا سکون اور خوشی فضا میں محسوس کی جا سکتی تھی۔
یہ اس بات کی علامت تھا کہ قدرت سے محبت اور وطن سے محبت ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔
آج دنیا بھر میں ماہرین اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اگر ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ باغبانی، درخت لگانا اور قدرتی مصنوعات کا استعمال اس کی بہترین مثالیں ہیں۔ یہ نمائش بھی اسی سوچ کی عکاس تھی کہ سبزہ اور ماحول انسانی صحت اور ذہنی سکون کے لیے ضروری ہیں۔
مٹی کے برتن اور پانی کی بوتلیں : ماحول، صحت اور ہماری پہچان
ہماری روایتی زندگی میں مٹی کے برتنوں کا ایک خاص مقام رہا ہے۔ یہ نہ صرف ثقافتی ورثہ ہیں بلکہ صحت اور ماحول دونوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔ ماہرین کے مطابق قدیم تہذیبوں میں، خاص طور پر میسوپوٹامیا اور انڈس ویلی سویلائزیشن میں مٹی کے برتن ہزاروں سال سے استعمال ہو رہے ہیں۔ برصغیر میں مٹکا اور صراحی آج بھی پانی کو قدرتی طور پر ٹھنڈا رکھنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ مٹی کے برتنوں کی خاصیت ان کی مسام دار ساخت ہے، جو پانی کو بخارات کے ذریعے ٹھنڈا کرتی ہے۔ اس عمل کو ایواپوریٹو کولنگ کہا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مٹی کے برتن میں رکھا پانی نہ صرف ٹھنڈا بلکہ تازہ محسوس ہوتا ہے۔ آج بھی بھارت، مشرق وسطیٰ اور پاکستان میں مٹی کی بوتلیں اور برتن تیار کیے جاتے ہیں۔ ماحول دوست ہونے کی وجہ سے ان کی مقبولیت دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ جیسا کے پاکستان میں ملتان، ہالا، نصیرپور اور سیہون جیسے علاقے اس فن کے لیے مشہور ہیں۔
پاکستان میں اس روایت کو جدید انداز میں فروغ دینے کی مثال ”ہماری مٹی* نے قائم کی۔ 2019 میں اس کے بانی عمر نعیم کے مطابق ان کا مقصد صحت مند اور ماحول دوست مصنوعات کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے کمہاروں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی روزگار ملا ہے۔ خواتین برتنوں کی سجاوٹ، ڈیزائن اور رنگ کاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جس سے انہیں معاشی خودمختاری حاصل ہو رہی ہے۔
اگر ہم پلاسٹک کے بجائے مٹی کے برتن استعمال کریں تو آلودگی کم ہو گی، مقامی معیشت مضبوط ہو گی، ماحول محفوظ ہو گا۔ یہ صرف اشیاء نہیں بلکہ انسان اور زمین کے درمیان تعلق کی علامت ہیں۔ جب ہم قدرتی وسائل کا احترام کرتے ہیں تو ہم آنے والی نسلوں کے لیے بہتر ماحول چھوڑتے ہیں۔
پھولوں کی نمائش ہو یا مٹی کے برتن، یہ سب ہمیں ایک ہی پیغام دیتے ہیں، قدرت سے محبت کریں، ماحول کو محفوظ بنائیں اور اپنی روایات کو زندہ رکھیں۔ اگر ہم چھوٹے چھوٹے فیصلے کریں، جیسے درخت لگائیں، باغبانی کریں اور قدرتی مصنوعات استعمال کریں، تو ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ آئیے عہد کریں کہ ہم اپنے گھروں، شہروں اور ملک کو سبز، صاف اور خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


very nice n informative