میرے مطابق

وہ لڑکی جو سب کا خیال رکھتی تھی، مگر اپنا نہیں

hani baloch

کبھی کبھی میں سوچتی ہوں کہ اگر میں ایک دن سب کے لیے کچھ کرنا چھوڑ دوں، تو کیا تب بھی میں اچھی لڑکی رہوں گی؟ میرا نام روزینہ ہے۔ میں وہ لڑکی ہوں جسے سب اپنی پریشانیاں بتاتے ہیں، جس سے سب مدد مانگتے ہیں اور جسے ہر مشکل وقت میں یاد کیا جاتا ہے۔ میں سب کی بات سنتی ہوں، سب کو سمجھنے کی کوشش کرتی ہوں اور جہاں ممکن ہو، ان کے کام آتی ہوں۔ لیکن ایک بات ہے جو شاید کوئی نہیں جانتا، سب کا خیال رکھتے رکھتے میں اکثر اپنا خیال رکھنا بھول جاتی ہوں۔

ایک رات گیارہ بجے میں اپنی اسائنمنٹ مکمل کرنے بیٹھی تھی کہ امی نے آواز دی۔ روزینہ! بیٹا، کھانا بنا دو، میری طبیعت ٹھیک نہیں۔ میں فوراً اٹھ گئی۔

ابھی کھانا بنا ہی رہی تھی کہ چھوٹے بھائی نے کہا، آپی! کل میرے دوست آ رہے ہیں، کچھ اچھا سا بنا دینا۔ میں نے مسکرا کر اس کی پسند پوچھی اور دوبارہ کام میں لگ گئی۔

جب گھڑی دیکھی تو ساڑھے گیارہ بج چکے تھے۔ میری اسائنمنٹ ابھی باقی تھی، مگر میں نے خود کو سمجھایا کہ کوئی بات نہیں، پہلے سب کا کام کر لیتی ہوں، اپنا بعد میں کر لوں گی۔ یہ پہلی بار نہیں تھا۔ میں بیمار ہوتی تب بھی گھر کے کام کر لیتی۔ اپنی پڑھائی چھوڑ کر دوستوں کی پریشانیاں سنتی۔ کسی کو میری ضرورت ہوتی تو اپنی تھکن بھول جاتی۔ لیکن جب مجھے خود کسی کی ضرورت ہوتی، تو میں خاموش ہو جاتی۔

مجھے سمجھ نہیں آتا تھا کہ مدد کیسے مانگوں۔ شاید مجھے ڈر تھا کہ کہیں کوئی مجھے خود غرض نہ سمجھنے لگے۔ میں ہمیشہ سمجھتی رہی کہ اچھے لوگ دوسروں کے کام آتے ہیں۔ مگر میں نے خود سے کبھی نہیں پوچھا تھا کہ کیا اچھے لوگوں کو اپنے لیے جینے کا حق نہیں ہوتا؟

روزینہ، تم خود کو اتنا نظرانداز کیوں کرتی ہو؟
ایک دن میری دوست حرا نے مجھ سے پوچھا، تمہیں کبھی کسی کام سے انکار کرنا نہیں آتا؟
میں ہنس دی۔ کیوں نہیں آتا؟

اس نے فوراً کہا، تو پھر بیمار ہونے کے باوجود گھر کا سارا کام کیوں کیا؟ اور امتحان کے دن اپنی پڑھائی چھوڑ کر میری پریشانی کیوں سنتی رہیں؟

میں خاموش ہو گئی۔ پھر اس نے کہا، روزینہ، دوسروں کا خیال رکھنا اچھی بات ہے، لیکن تمہاری ضروریات بھی اہم ہیں۔ تم ہر بار خود کو پیچھے کیوں کر دیتی ہو؟ اس کے سوال نے مجھے سوچنے پر مجبور کر دیا۔

مجھے احساس ہوا کہ میں دوسروں کو منع کرنے سے زیادہ، انکار کے بعد پیدا ہونے والی بے چینی سے ڈرتی ہوں۔ اگر میں آرام کرتی تو سوچتی کہ شاید امی کو میری ضرورت ہو۔ اگر اپنے کام کو ترجیح دیتی تو لگتا کہ میں کسی کو مایوس کر رہی ہوں اور اگر کسی کو منع کر دیتی تو بار بار سوچتی کہ کہیں وہ مجھ سے ناراض تو نہیں ہو گیا۔

ایک دن مجھے بچپن کا ایک واقعہ یاد آیا۔ میں تقریباً نو سال کی تھی۔ اسکول میں میری ٹیچر نے میری تعریف کی تھی اور میں خوشی خوشی امی کو بتانا چاہتی تھی۔ لیکن گھر پہنچتے ہی امی نے کہا، روزینہ، پہلے چھوٹی بہن کو کھانا دے دو، پھر اپنی بات بتانا۔ میں نے بہن کو کھانا دیا، پھر گھر کے دوسرے کاموں میں لگ گئی۔ شام گزر گئی اور میں اپنی بات بتانا بھول گئی۔

برسوں بعد میں نے خود سے پوچھا کہ کیا میں نے کہیں یہ سیکھ لیا تھا کہ دوسروں کے کام آنے سے ہی میں اچھی بیٹی بنتی ہوں؟ شاید میرے بچپن کے تجربات نے میری سوچ پر اثر ڈالا ہو، لیکن میں یہ یقین سے نہیں کہہ سکتی۔ میں صرف اتنا جانتی ہوں کہ اب پہلی بار میں خود کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے سمجھنے کی کوشش کر رہی تھی۔ پہلی بار میں نے انکار کیا۔

چند دن بعد میری کزن کا فون آیا، روزینہ، میرے ساتھ بازار چل سکتی ہو؟ میں اپنی اسائنمنٹ مکمل کر رہی تھی، جو اگلی صبح جمع کروانی تھی۔ میرے ذہن میں فوراً خیال آیا، اگر میں نے منع کیا تو وہ ناراض ہو جائے گی۔

میں کچھ لمحے خاموش رہی، پھر گہری سانس لے کر کہا کہ آج میرے لیے آنا مشکل ہے۔ مجھے اپنی اسائنمنٹ مکمل کرنی ہے۔ اگر چاہو تو میں کسی اور طرح مدد کر سکتی ہوں۔ فون بند ہوتے ہی مجھے بے چینی ہونے لگی۔

میں نے سوچا، شاید مجھے چلے جانا چاہیے تھا۔ شاید وہ مجھ سے ناراض ہو جائے گی۔ میں نے اسے دوبارہ فون کرنے کے لیے موبائل اٹھایا، مگر پھر رک گئی۔

میں نے خود سے پوچھا کہ کیا میں واقعی اس کی مدد کرنا چاہتی ہوں، یا صرف اس کی ناراضگی سے ڈر رہی ہوں؟
میں نے موبائل رکھ دیا اور اسائنمنٹ مکمل کرنے لگی۔

اس دن میں اچانک بہادر نہیں بن گئی تھی۔ میری بے چینی بھی فوراً ختم نہیں ہوئی تھی۔ لیکن میں نے ایک اہم بات سیکھی کہ انکار کرنے کے بعد احساسِ جرم ہونا ہمیشہ اس بات کا ثبوت نہیں کہ آپ نے غلط کیا ہے۔ کبھی کبھی یہ صرف ایک پرانی عادت بدلنے کی مشکل ہوتی ہے۔

نوٹ: روزینہ کے رویے میں People۔ Pleasing کے عناصر نظر آتے ہیں، جس میں انسان دوسروں کو خوش رکھنے کی کوشش میں اپنی ضروریات کو نظرانداز کرنے لگتا ہے۔ اس کے پیچھے بعض اوقات ایسے Core Beliefs ہو سکتے ہیں، جیسے میری اہمیت تب ہے جب میں دوسروں کے کام آؤں یا اپنی ضرورت کو ترجیح دینا خود غرضی ہے۔ یہی سوچ انسان کو اپنی مرضی کے خلاف بھی ہاں کہنے اور انکار کرنے پر احساسِ جرم محسوس کرنے پر مجبور کر سکتی ہے۔

ایسے رویے کو عام گفتگو میں Wendy Syndrome بھی کہا جاتا ہے، وینڈی سنڈروم ایک ایسی نفسیاتی کیفیت کو کہا جاتا ہے جس میں انسان اپنے پیاروں، خاص طور پر اپنے شریکِ حیات یا خاندان کے افراد کی ضرورتوں کو پورا کرنے اور ان کی دیکھ بھال کرنے میں اس قدر مصروف ہو جاتا ہے کہ اپنی ضروریات، خواہشات اور جذبات کو نظر انداز کرنے لگتا ہے۔ ایسا شخص دوسروں کے مسائل حل کرنے، انہیں خوش رکھنے اور ان کی غلطیوں کے نتائج سے بچانے کی کوشش کرتا ہے، چاہے اس کے لیے اسے اپنی ذہنی سکون اور خوشی کی قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے۔ اکثر اسے خوف ہوتا ہے کہ اگر اس نے دوسروں کا خیال رکھنا کم کر دیا تو لوگ اسے چھوڑ دیں گے یا اس سے ناراض ہو جائیں گے۔ اس رویے کے پیچھے دوسروں کی منظوری حاصل کرنے کی خواہش، تنہا رہ جانے کا خوف اور ضرورت سے زیادہ ذمہ داری لینے کا رجحان ہو سکتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ عادت ذہنی تھکن، بے چینی اور رشتوں میں عدم توازن پیدا کر سکتی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ وینڈی سینڈروم کوئی باقاعدہ تسلیم شدہ نفسیاتی تشخیص نہیں، بلکہ ایک غیر رسمی اصطلاح ہے۔ صحت مند رشتوں میں دوسروں کا خیال رکھنے کے ساتھ اپنی ضروریات، حدود اور جذبات کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے دوسروں کا خیال رکھنا اچھی بات ہے، لیکن اپنی ضروریات کو مسلسل نظرانداز کرنا ذہنی تھکن کا باعث بن سکتا ہے۔ اپنی حدود قائم کرنا خود غرضی نہیں کیونکہ دوسروں کا خیال رکھنے کے ساتھ اپنا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW