کالم۔

چھوٹی باتیں، بڑے احساسات

hani baloch

فائزہ کی کہانی

میں بچپن سے ایسے گھر میں پلی بڑھی ہوں جہاں چھوٹی چھوٹی باتیں بھی بڑی بن جاتی تھیں۔ معمولی اختلاف پر بحث، ناراضگی اور گھر کا ماحول خراب ہوجانا عام تھا۔ شاید اسی ماحول میں، میں نے سیکھ لیا کہ چھوٹی سی بات بھی بڑے دکھ کی وجہ بن سکتی ہے۔ آج بھی جب کوئی معمولی بات ہو جائے تو میں اسے آسانی سے نظرانداز نہیں کر پاتی۔ بار بار سوچتی ہوں، دل پر لیتی ہوں اور کبھی کبھی ایک چھوٹی سی بات میرے لیے دکھوں کا پہاڑ بن جاتی ہے۔

میں جانتی ہوں کہ ہر بات اتنی بڑی نہیں ہوتی، لیکن اپنے جذبات کو سنبھالنا میرے لیے مشکل ہوجاتا ہے۔ گھر میں مہمان آ جائیں تو انکار کرنا مشکل لگتا ہے۔ کوئی دعوت دے تو جانا ضروری محسوس ہوتا ہے، چاہے میری طبیعت ٹھیک نہ ہو یا مجھے آرام کی ضرورت ہو۔ کوئی گھر میں ٹھہرنے کی بات کرے تو اپنی سہولت کے بجائے اس کے احساسات کی فکر کرنے لگتی ہوں۔ مجھے ڈر ہوتا ہے کہ کہیں میرے انکار سے کوئی ناراض نہ ہو جائے۔ اگر کسی کا لہجہ برا لگے یا اس کی کوئی بات مجھے تکلیف دے تو میں اکثر خاموش رہتی ہوں۔ میں اپنے احساسات بیان نہیں کر پاتی، خاص طور پر جب سامنے والا ایسا شخص ہو جسے گھر میں بہت عزت دی جاتی ہو۔

میں نے بچپن سے دیکھا کہ کچھ لوگوں کی باتوں کو ناپسند کرنے کے باوجود ان کے سامنے اختلاف نہیں کیا جاتا تھا۔ شاید میں نے بھی یہی سیکھ لیا کہ خاموش رہنا بہتر ہے۔ لیکن اب میں خود سے سوال کرتی ہوں کہ آخر میں ہر چھوٹی بات کو اتنا دل پر کیوں لیتی ہوں؟ کسی کی ناراضگی مجھے اتنا پریشان کیوں کر دیتی ہے؟ اور میں اپنی مرضی کے خلاف بھی انکار کیوں نہیں کر پاتی؟

کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ دوسروں کے رویوں اور الفاظ کے درمیان میں خود کو کہیں کھو بیٹھی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ اپنی بات کہہ سکوں، اپنی پسند ناپسند کا اظہار کر سکوں اور کسی کی ناراضگی سے خوف زدہ ہوئے بغیر اپنے فیصلے کر سکوں۔ میں اپنے والدین سے محبت کرتی ہوں اور ان کی عزت بھی کرتی ہوں، لیکن اب یہ سمجھنا چاہتی ہوں کہ کیا بچپن میں سیکھی ہوئی ہر عادت کو پوری زندگی ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے؟ کیا اپنی حدود قائم کرنا، اپنی سہولت کو اہمیت دینا اور کسی بات سے اختلاف کرنا واقعی غلط ہے؟

شاید اب مجھے دوسروں کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ خود کو سمجھنے کی بھی ضرورت ہے۔

نوٹ:

فائزہ کی کہانی سے چند ممکنہ نفسیاتی پہلو سامنے آتے ہیں۔ یہ حتمی تشخیص نہیں، بلکہ اس کے تجربات کو سمجھنے کے لیے نفسیاتی نقطۂ نظر ہیں۔

1۔ Childhood Learning (بچپن میں سیکھی گئی عادتیں )

بچپن میں بار بار گھریلو اختلافات اور معمولی باتوں پر شدید ردعمل دیکھنے سے فائزہ نے تنازعے کو پریشان کن سمجھنا سیکھا ہو سکتا ہے۔ یہ تجربات اس کے موجودہ جذباتی ردعمل پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔

2۔ Emotional Oversensitivity (جذباتی حساسیت)

معمولی باتوں کو دیر تک دل پر لینا اور دوسروں کے لہجے یا ناراضگی سے زیادہ متاثر ہونا جذباتی حساسیت کی طرف اشارہ کر سکتا ہے۔

3۔ Rumination (ایک ہی بات بار بار سوچنا)

کسی واقعے کے بعد بار بار اسی کے بارے میں سوچتے رہنا اور ذہنی طور پر اس سے باہر نہ نکل پانا Rumination کہلاتا ہے۔ فائزہ اس انداز کو پہچان کر اس پر کام کر سکتی ہے۔

4۔ Conflict Avoidance (اختلاف سے بچنا)

کسی کو ناراض کرنے کے خوف سے اپنی بات نہ کہنا یا خاموش رہنا اس بات کی علامت ہو سکتا ہے کہ فائزہ کے لیے اختلاف کو قبول کرنا مشکل ہے۔

5۔ Weak Personal Boundaries (ذاتی حدود قائم کرنے میں دشواری)

اپنی سہولت کے خلاف مہمانوں کو ٹھہرانا، دعوت قبول کرنا اور اپنی ناپسندیدگی ظاہر نہ کر پانا اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ فائزہ کو اپنی ضروریات اور حدود واضح کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ فائزہ اپنے لیے یہ چند عمل کر سکتی ہے۔

Oversensitivity: جب کوئی بات بری لگے تو فوراً ردعمل دینے کے بجائے رکیں اور خود سے پوچھیں کہ کیا یہ بات واقعی اتنی بڑی ہے، یا میرا ذہن اسے بڑا بنا رہا ہے؟

Emotional Boundaries: دوسرے شخص کا ناراض ہونا لازماً آپ کی غلطی نہیں۔ آپ اس کے جذبات کا احترام کر سکتی ہیں، بغیر اس کی ہر بات مانے۔

Personal Boundaries: اگر آپ کسی مہمان کو گھر میں نہیں ٹھہرا سکتیں تو احترام سے کہیں معذرت، اس وقت میرے لیے گھر میں کسی کو ٹھہرانا ممکن نہیں۔ انکار بدتمیزی نہیں، اپنی ضرورت کا اظہار ہے۔

Emotional Regulation: جب کوئی بات دل پر لگے تو چند گہری سانسیں لیں، اپنے احساسات لکھیں اور خود کو سوچنے کا وقت دیں۔ ہر خیال کو حقیقت سمجھنا ضروری نہیں۔

Self Awareness: روزانہ نوٹ کریں کہ کس بات نے آپ کو پریشان کیا، آپ نے کیا محسوس کیا اور آپ اس صورت حال کو مختلف انداز میں کیسے دیکھ سکتی تھیں۔

اپنی حدود قائم کرنے کا مطلب دوسروں سے دور ہوجانا یا ان کی بے عزتی کرنا نہیں، بلکہ اپنی ضروریات اور ذاتی سکون کی حفاظت کرنا ہے۔ فائزہ کو اپنی حساسیت ختم کرنے کے بجائے اسے سمجھنا، اپنے جذبات کو متوازن انداز میں سنبھالنا اور احترام کے ساتھ اپنی بات کہنا سیکھنا ہے۔ بچپن کے تجربات ہماری شخصیت پر اثر ڈال سکتے ہیں، لیکن وہ ہماری پوری زندگی کا فیصلہ نہیں کرتے۔ خود کو سمجھنے اور نئے رویے سیکھنے کا سفر کسی بھی وقت شروع کیا جاسکتا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment
رضوانہ شیخ
رضوانہ شیخ
1 day ago

شکریہ ڈاکٹر صاحبہ، آپ نے چھوٹے چھوٹے پوائنٹس کے ذریعے اہم باتیں سمجھائی ہیں۔

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW