در نجات: آزادی سے مسئلہ ہے یا عورت کی آزادی سے؟
کچھ ڈرامے ایسے ہوتے ہیں جنہیں دیکھ کر انسان کو غصہ اس لیے نہیں آتا کہ کہانی کمزور ہے، بلکہ اس لیے آتا ہے کہ کہانی کے پیچھے چھپی ہوئی سوچ بار بار آپ کے سامنے آتی رہتی ہے۔ ”در نجات ڈرامہ“ کی چند ابتدائی اقساط دیکھنے کے بعد میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔
سچ کہوں تو میں نے یہ ڈرامہ اس لیے دیکھنا شروع کیا کہ اس کے اتنے زیادہ چرچے اور ویوز تھے۔ سوچا، آخر ایسا کیا ہے کہ لوگ اسے اتنی دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں؟ لیکن ایک دو، تین اقساط کے بعد میری دلچسپی کہانی سے زیادہ اس سوال میں ہو گئی کہ آخر یہ ڈرامہ کہنا کیا چاہ رہا ہے؟
اور میرے ذہن میں سب سے بڑا سوال یہی آیا کہ ہم لڑکی کی آزادی کو مذہب کے مقابل کیوں کھڑا کرتے ہیں؟
دادی کا بار بار یہ کہنا کہ لڑکیوں کو اتنا آزاد کیوں کیا گیا، انہیں مذہب کیوں نہیں سکھایا گیا، میرے لیے محض مکالمہ نہیں تھا۔ یہ ایک پوری سوچ کی نمائندگی کرتا ہے۔ ایک ایسی سوچ جس میں لڑکی کا آزاد ہونا پہلے ہی ایک مسئلہ سمجھ لیا جاتا ہے اور پھر اگر اس کی زندگی میں کوئی غلطی یا حادثہ ہو جائے تو فوراً اس آزادی کو اس کی وجہ بنا دیا جاتا ہے۔
لیکن آخر کیوں؟
کیا ایک لڑکی کا یونیورسٹی جانا، بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنا، اپنے مستقبل کے فیصلے کرنا، اپنی شخصیت رکھنا یا اپنے کیریئر کے خواب دیکھنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اسے مذہب نہیں سکھایا گیا؟
ہم آزادی اور مذہب کو ایک دوسرے کا مخالف کیوں سمجھتے ہیں؟
ایک لڑکی بیک وقت آزاد بھی ہو سکتی ہے اور مذہبی بھی۔ وہ اپنی زندگی کے فیصلے خود بھی کر سکتی ہے اور اپنے ایمان کے ساتھ بھی جڑی رہ سکتی ہے۔ وہ تعلیم یافتہ بھی ہو سکتی ہے، اپنے کیریئر کے لیے پُرعزم بھی اور مذہبی اقدار پر یقین رکھنے والی بھی۔
آزادی کا مطلب بے دینی نہیں ہوتا۔ اور مذہبی ہونے کا مطلب اپنی سوچ، اپنی شخصیت اور اپنے اختیار کی صلاحیت کسی اور کے حوالے کر دینا بھی نہیں ہوتا۔
مسئلہ شاید یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں لڑکے اور لڑکی کی آزادی کو ایک ہی ترازو میں نہیں تولا جاتا۔ لڑکا باہر جائے، تعلیم حاصل کرے، تعلق بنائے، غلطی کرے تو کہا جاتا ہے کہ انسان ہے، غلطی ہو گئی، سمجھ جائے گا۔ لیکن لڑکی کے بارے میں ذرا سا مختلف فیصلہ ہو تو فوراً سوال اٹھتا ہے کہ اسے اتنی آزادی کیوں دی گئی؟
پھر اگر وہ غلطی کر بیٹھے تو کہا جاتا ہے، دیکھا؟ یہی ہوتا ہے جب لڑکیوں کو زیادہ آزادی دی جائے۔
یہ ”دیکھا؟“ والا رویہ مجھے اس ڈرامے میں سب سے زیادہ پریشان کرتا ہے۔
کیونکہ انسان غلط فیصلے کرتا ہے۔ مرد بھی، عورت بھی۔ لیکن کسی عورت کی ایک غلطی کو اس کی آزادی کے خلاف ثبوت بنا دینا اور پھر اسی کہانی میں مرد کی غلطی کو اس کی توبہ اور اصلاح کا راستہ بنا دینا ایک عجیب دوہرا معیار ہے۔
زامل اور زریاب دونوں ایک تعلق میں تھے۔ دونوں نے فیصلے کیے، دونوں اس رشتے کا حصہ تھے۔ پھر زامل کو احساس ہوتا ہے، وہ مذہب کی طرف واپس آتا ہے، داڑھی رکھتا ہے، اپنی زندگی بدلنے کی کوشش کرتا ہے۔ یعنی اس کے لیے کہانی کا راستہ کچھ یوں بنتا ہے کہ غلطی، احساس، توبہ، تبدیلی اور نجات۔
لیکن زریاب کے حصے میں کیا آتا ہے؟
دھوکا، ٹوٹ پھوٹ، ذہنی اذیت اور ایک ایسا ذہنی بحران جس کے بعد اس کی پوری شناخت تقریباً اسی رشتے کے گرد گھومنے لگتی ہے۔
یہاں میں واقعی سوچتی ہوں کہ اگر انسان کو اپنے ماضی سے واپس آنے کا حق ہے تو یہ حق زریاب کو کیوں نہیں؟
اگر زامل کا ماضی اس کی پوری شخصیت نہیں ہے تو زریاب کا ماضی بھی اس کی پوری شخصیت نہیں ہونا چاہیے۔
زریاب نے غلطی کی، لیکن وہ صرف اپنی غلطی نہیں تھی۔ وہ ایک تعلیم یافتہ لڑکی تھی، اس کے خواب تھے، اس کا مستقبل تھا، اس کی صلاحیتیں تھیں۔ اس کے پاس زندگی کے بہت سے راستے تھے۔ مگر کہانی اسے اس طرح توڑ دیتی ہے جیسے ایک مرد کا چلے جانا اس کی پوری زندگی کا اختتام ہو۔
اور مجھے یہاں ڈرامے سے سب سے زیادہ شکایت ہے۔ ایک لڑکی کا دل ٹوٹ جانا اس کی پوری زندگی کا ٹوٹ جانا کیوں بنا دیا جاتا ہے؟
یہاں ایک بہت خوبصورت اور بامعنی کہانی بن سکتی تھی۔ زریاب ٹوٹتی، لیکن پھر خود کو دوبارہ بناتی۔ وہ اپنے ذہنی صدمے کو سمجھتی، ماہرِ نفسیات سے مدد لیتی، اپنی تعلیم جاری رکھتی، اپنے کیریئر کی طرف واپس آتی، اپنے فیصلوں پر غور کرتی اور آہستہ آہستہ اپنی شناخت دوبارہ حاصل کرتی۔
اس کے ذہنی بحران کو صرف اس بات کی سزا نہ بنایا جاتا کہ اس نے محبت کی تھی۔
وہ یہ سیکھتی کہ کسی کا دھوکا زندگی کا اختتام نہیں ہوتا۔
وہ یہ سمجھتی کہ محبت میں ناکامی اور زندگی میں ناکامی ایک چیز نہیں۔
اور شاید سب سے خوبصورت بات یہ ہوتی کہ وہ کسی مرد کے واپس آنے کا انتظار کرنے کے بجائے خود کو واپس پاتی۔
لیکن پھر کہانی ابوبکر کی طرف چلی جاتی ہے، اور یہاں میرے لیے سب کچھ اور بھی عجیب ہو جاتا ہے۔
زریاب شدید ذہنی دباؤ اور صدمے سے گزر رہی ہے۔ اس کی ذہنی حالت بگڑتی ہے، وہ جذباتی طور پر ٹوٹ جاتی ہے، لیکن اس کی مدد کا راستہ ہمیں زیادہ تر روحانی تسلی، دم کیے ہوئے پانی اور ابوبکر کی موجودگی میں نظر آتا ہے۔
دعا اپنی جگہ ہے۔ مذہبی سکون اپنی جگہ ہے۔ روحانی سہارا بھی کسی انسان کے لیے اہم ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر کوئی شخص واضح ذہنی بحران سے گزر رہا ہو تو نفسیاتی علاج بھی اسی حقیقت کا حصہ ہے۔
ذہنی بحران یا نفسیاتی صدمہ (ایسا گہرا ذہنی اور جذباتی اثر جو کسی تکلیف دہ تجربے کے بعد انسان کی روزمرہ زندگی اور جذبات کو متاثر کرے ) صرف دم کیے ہوئے پانی سے ختم نہیں ہوتا۔
اور یہاں تو ابوبکر کو ایک تعلیم یافتہ انجینئر کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ پھر یہ سوال تو بنتا ہے کہ وہ زریاب کے لیے پیشہ ورانہ ذہنی صحت کی مدد کا راستہ کیوں نہیں کھولتا؟
وہ اس کے ساتھ کھڑا ہو سکتا تھا، اسے سہارا دے سکتا تھا، اس کے ایمان اور جذباتی سکون کا خیال رکھ سکتا تھا، لیکن ساتھ یہ بھی سمجھ سکتا تھا کہ شدید ذہنی تکلیف میں ماہرِ نفسیات یا ماہرِ امراضِ نفسی سے مدد لینا بھی ضروری ہو سکتا ہے۔
مگر ہمارے ڈراموں میں اکثر عورت کے ذہنی زخم کا علاج بھی ایک ”اچھے مرد“ کے ہاتھ میں دے دیا جاتا ہے۔
اور ابوبکر کو جس طرح پیش کیا گیا ہے، وہ بھی سوال پیدا کرتا ہے۔
ہاتھ میں تسبیح، مذہبی گفتگو، ماں کی بات ماننے والا، نرم مزاج، پارسا سا کردار۔
لیکن کسی انسان کی اچھائی صرف اس کے ہاتھ میں موجود تسبیح سے ثابت نہیں ہوتی۔
تسبیح اپنی جگہ ایک مذہبی علامت ہے، مگر کسی انسان کی اصل اخلاقی خوبی اس کے رویے، دوسروں کے درد کو سمجھنے، ذمہ داری قبول کرنے، حدود کا احترام کرنے اور مشکل وقت میں دوسرے انسان کے ساتھ کھڑے ہونے سے سامنے آتی ہے۔
مجھے یہاں ایک اور بات بھی بہت عجیب لگی کہ ابوبکر کو زریاب کے لیے شوہر سے زیادہ ایک طرح کا ”بحالی مرکز“ بنا دیا جاتا ہے۔ جیسے لڑکی ٹوٹ گئی ہے اور اب ایک نیک، مذہبی، فرمانبردار مرد آئے گا اور اسے دوبارہ ٹھیک کر دے گا۔
لیکن عورت خود کب ٹھیک ہو گی؟ وہ خود کو کب سمجھے گی؟ وہ خود اپنے زخموں پر کام کب کرے گی؟ وہ اپنے فیصلوں کی ذمہ داری کب لے گی؟ اسے اپنی زندگی دوبارہ بنانے کا موقع کب ملے گا؟
یہ سوال صرف زریاب کا نہیں، ہمارے ڈراموں میں دکھائی جانے والی بے شمار عورتوں کا سوال ہے۔ اور شاید یہی وہ جگہ ہے جہاں عمیرہ احمد کے لکھنے کے انداز پر بات ضروری ہو جاتی ہے۔
عمیرہ احمد ایک معروف اور مقبول مصنفہ ہیں اور ان کی تحریروں میں مذہب، گناہ، توبہ، اخلاقیات اور روایتی سماجی اقدار بار بار نمایاں ہوتی ہیں۔ یہ ان کا تخلیقی اور فکری زاویہ ہے، اور ہر لکھاری کو اپنے زاویے سے لکھنے کا حق ہے۔
لیکن ناظر کو بھی یہ حق ہے کہ وہ اس زاویے سے سوال کرے۔
میرا مسئلہ یہ نہیں کہ کہانی مذہب کے بارے میں کیوں ہے۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ مذہب کو عورت کی آزادی کے مقابل کیوں کھڑا کیا جا رہا ہے؟
کیوں ایک طرف ”آزاد لڑکی“ اور دوسری طرف ”پارسا مرد“ کا تصور بنا دیا جاتا ہے؟
کیوں لڑکی کی خودمختاری کو خطرے کی علامت اور مرد کی مذہبی تبدیلی کو نجات کی علامت سمجھا جاتا ہے؟
یہاں مجھے ایک بہت پرانا اور تھکا دینے والا خیال دوبارہ نظر آتا ہے کہ آزاد لڑکی آخرکار برباد ہو جائے گی۔
وہ باہر پڑھے گی، تو مسئلہ ہو گا۔ وہ اپنی مرضی کرے گی، تو مسئلہ ہو گا۔ وہ محبت کرے گی، تو مسئلہ ہو گا۔ وہ غلطی کرے گی، تو کہا جائے گا کہ اسے آزادی دی ہی کیوں گئی تھی۔
اور اگر اس کے بعد وہ ذہنی طور پر ٹوٹ جائے تو معاشرہ اپنی اس سوچ کو درست ثابت کرنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔ حالانکہ زندگی میں غلطیاں صرف آزاد لڑکیاں نہیں کرتیں۔
یہاں مجھے لگتا ہے کہ ڈرامہ ایک بہت اہم موقع ضائع کر دیتا ہے۔ وہ ہمیں ایک ایسی عورت دکھا سکتا تھا جو اپنی غلطیوں کو تسلیم کرتی ہے، اپنے ماضی سے بھاگتی نہیں، مگر اپنے ماضی کو اپنی پوری شناخت بھی نہیں بننے دیتی۔
وہ اپنی تعلیم مکمل کرتی۔
اپنی پیشہ ورانہ زندگی بناتی۔
اپنی ذہنی صحت پر کام کرتی۔
اپنی حدود سمجھتی۔
اپنے آپ کو معاف کرنا سیکھتی۔
اور آخرکار اسے کسی ”پارسا مرد“ کی ضرورت نہیں رہتی کہ وہ اسے نجات دے۔
کیونکہ نجات کا مطلب ہمیشہ شادی نہیں ہوتا۔
نجات کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ انسان اپنے خوف، اپنے جرم کے احساس، اپنے صدمے اور اپنے ماضی سے نکل کر دوبارہ اپنی زندگی کی طرف لوٹ آئے۔
اور شاید یہی وہ کہانی تھی جو میں زریاب کے لیے دیکھنا چاہتی تھی۔
شاید ہمیں ”آزاد لڑکی“ سے اتنا ڈرنا بند کرنا ہو گا۔
ایک لڑکی کا آزاد ہونا اس بات کی ضمانت نہیں کہ وہ ہمیشہ صحیح فیصلے کرے گی۔ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس کا آزاد ہونا اسے غلط فیصلوں کا حق نہیں دیتا، بلکہ اسے اپنی زندگی کے فیصلے خود سمجھنے اور ان کی ذمہ داری اٹھانے کا موقع دیتا ہے۔ آزادی کو مسلسل خطرے، بے راہ روی یا مذہب سے دوری کی علامت بنا دینا بھی اتنا ہی سطحی ہے جتنا یہ سمجھنا کہ ہر آزاد انسان لازماً درست فیصلے کرے گا۔
اور شاید ”آزاد لڑکی“ کا یہ stereotype بھی اب ختم ہونا چاہیے کہ وہ یا تو خود کو تباہ کرے گی یا کسی ”اچھے مرد“ کے ہاتھوں ٹھیک ہو گی۔
وہ خود بھی اپنی زندگی بنا سکتی ہے۔
یہاں عمیرہ احمد کی کہانیوں میں موجود روایتی اور قدامت پسند زاویۂ نظر بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی کہانیوں میں مذہب، گناہ، توبہ اور اخلاقی کشمکش اہم موضوعات رہے ہیں۔ مسئلہ مذہب کو کہانی کا حصہ بنانا نہیں، مسئلہ یہ ہے کہ جب ایک خاص قدامت پسند زاویہ اس طرح پیش ہو کہ عورت کی آزادی مشکوک اور مرد کی مذہبی تبدیلی نجات کی علامت محسوس ہونے لگے، تو ناظر کے لیے سوال اٹھانا فطری ہے۔
ہمیں آزادی اور مذہب کو ایک دوسرے کا مخالف کیوں بنانا ہے؟
یہ دونوں ایک ساتھ کیوں نہیں چل سکتے؟
ایک عورت اپنے فیصلے خود کر سکتی ہے، تعلیم حاصل کر سکتی ہے، بیرونِ ملک جا سکتی ہے، کیریئر بنا سکتی ہے، اپنی رائے رکھ سکتی ہے اور پھر بھی مذہبی ہو سکتی ہے۔ اسی طرح مذہبی ہونا کسی انسان کو غلطی سے پاک نہیں بناتا، اور آزاد ہونا کسی انسان کو لازماً غلط نہیں بنا دیتا۔
مذہب کو عورت کی agency، یعنی اپنی زندگی کے بارے میں سوچنے، فیصلہ کرنے اور اپنی شناخت قائم کرنے کی صلاحیت، سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
بلکہ اگر مذہب انسان کو شعور، ذمہ داری، رحم، ضبطِ نفس اور جواب دہی سکھاتا ہے تو پھر ایک باشعور اور با اختیار عورت اس مذہب کے لیے خطرہ کیوں ہو گی؟
یہاں شاید ہمیں اپنی کہانیوں کا زاویہ ہی بدلنے کی ضرورت ہے۔
ہمیں ایسی عورت نہیں چاہیے جسے ہر بار بچایا جائے۔
ہمیں ایسی عورت بھی دکھانی چاہیے جو خود کو دوبارہ بناتی ہے۔ اور یہی بات ”درِ نجات“ کے ناظرین کے بارے میں بھی اہم ہے۔
یہ کہنا آسان ہے کہ لوگ ایسے ڈرامے اس لیے دیکھتے ہیں کیونکہ وہ خود جذباتی طور پر غیر مستحکم ہیں، لیکن مجھے یہ بات درست نہیں لگتی۔ انسان صرف ذہنی کمزوری کی وجہ سے کہانی سے نہیں جڑتا وہ اپنی یادوں، خوف، خواہشات، مذہبی تصورات، محبت، رشتوں اور سماجی تربیت کی وجہ سے بھی جڑتا ہے۔
ایسی کہانیاں اس لیے مقبول ہوتی ہیں کیونکہ وہ ناظر کی پہلے سے موجود سوچ اور جذبات کو چھوتی ہیں۔ گناہ، توبہ، دھوکا، محبت، ”اچھا مرد“ ، ”غلط لڑکی“ اور آخر میں نجات یہ سب ایک ایسا جذباتی ڈھانچہ بناتے ہیں جس میں ناظر کو ایک واضح اخلاقی انجام مل جاتا ہے۔
اور یہی شاید ٹی آر پی اور مقبولیت کا ایک بڑا سبب بھی ہے۔
ہماری ڈرامہ انڈسٹری جانتی ہے کہ ناظر کو کہاں جذباتی طور پر پکڑنا ہے۔ ایک طرف مذہب، دوسری طرف محبت، درمیان میں گناہ، پھر پچھتاوا، پھر ایک پارسا کردار، پھر ٹوٹتی ہوئی لڑکی یہ سب مل کر ایک ایسی کہانی بناتے ہیں جو بحث بھی پیدا کرتی ہے، جذبات بھی ابھارتی ہے اور ناظر کو اگلی قسط تک بھی باندھے رکھتی ہے۔
لیکن زیادہ ویوز کسی کہانی کو لازماً زیادہ حقیقت پسندانہ نہیں بنا دیتے۔
زیادہ ٹی آر پی کسی narrative کو لازماً زیادہ درست بھی نہیں بنا دیتی۔
اور شاید ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ جب لاکھوں لوگ ایسی کہانیاں دیکھ رہے ہوں تو ان کہانیوں کا اثر صرف تفریح تک محدود نہیں رہتا۔ ایک نوجوان لڑکی جو پہلے ہی اپنی آزادی، تعلیم یا اپنے فیصلوں کے بارے میں گھر اور معاشرے سے سوالات سن رہی ہو، جب بار بار یہی دیکھتی ہے کہ آزاد لڑکی آخرکار تباہ ہوتی ہے، تو یہ تصور اس کے اپنے خوف کو مزید مضبوط کر سکتا ہے۔
اسی لیے کہانی لکھنے والے کی ذمہ داری صرف یہ نہیں کہ وہ ناظر کو رُلائے یا اگلی قسط دیکھنے پر مجبور کرے۔ یہ بھی اہم ہے کہ وہ انسانوں کو کس نظر سے دکھا رہا ہے۔
مجھے ”در نجات“ سے مسئلہ مذہب سے نہیں ہے۔
مجھے توبہ سے بھی مسئلہ نہیں۔
مجھے زریاب کی غلطیوں کو درست ثابت کرنے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں۔
میرا سوال صرف یہ ہے کہ کیا غلطی کے بعد نجات کا حق عورت کے پاس نہیں ہے؟
اگر مرد کا ماضی اسے ہمیشہ کے لیے برا نہیں بناتا تو عورت کا ماضی اسے ہمیشہ کے لیے کیوں متعین کرے؟
اگر مذہب مرد کو دوبارہ کھڑا کر سکتا ہے تو وہ عورت کو اپنی تعلیم، اپنی شناخت، اپنی خودمختاری اور اپنی زندگی کے ساتھ دوبارہ کھڑا کیوں نہیں کر سکتا؟
شاید ہمیں ”در نجات“ میں نجات کی تعریف ہی بدلنے کی ضرورت تھی۔ نجات صرف یہ نہیں کہ ایک لڑکی کی شادی ایک نیک مرد سے ہو جائے۔
نجات یہ بھی ہو سکتی ہے کہ وہ اپنے صدمے کو سمجھے، مدد لے، اپنی تعلیم مکمل کرے، اپنی زندگی دوبارہ بنائے، اپنے ماضی کو قبول کرے اور پھر اس ماضی کے بوجھ کے بغیر آگے بڑھے۔
ایک جذباتی کہانی آپ کو رُلا سکتی ہے، لیکن ایک اچھی کہانی آپ کو رُلانے کے بعد سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔
”در نجات“ نے مجھے رُلایا نہیں۔
اس نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ آخر ہماری کہانیوں میں عورت کو اپنی زندگی دوبارہ بنانے کی جگہ اتنی کم کیوں ملتی ہے؟ کیوں اسے ٹوٹنا تو دکھایا جاتا ہے، مگر دوبارہ بننا نہیں؟ کیوں اسے محبت میں ہارتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، مگر زندگی میں جیتتے ہوئے نہیں؟ اور کیوں اس کی کہانی کا آخری حل اکثر کوئی مرد ہوتا ہے؟
شاید اب ہمیں ایسی کہانیاں لکھنے کی ضرورت ہے جہاں عورت کو کسی ”پارسا مرد“ کے ذریعے نجات نہ ملے، بلکہ اسے اپنی زندگی کا مکمل انسان سمجھا جائے۔
کیونکہ ایک عورت کی کہانی کا آخری جملہ ہمیشہ یہ نہیں ہونا چاہیے کہ ”آخر اسے ایک اچھا مرد مل گیا۔“
کبھی یہ بھی ہو سکتا ہے کہ
”آخر وہ خود کو دوبارہ مل گئی۔“


آپ کی سب باتیں 100 فیصد درست ہیں۔ عمیرہ احمد رجعت پسند قوتوں کا چہرہ ہے۔ مجھے تو لگتا ہے عمیرہ احمد کا نام استعمال کر کے کوئ مساجنسٹ یہ سب کارروائ ڈالتا ہے۔