ڈیجیٹل دنیا کا تنہا انسان
انسان نے صدیوں کی محنت، تجربے اور ذہانت سے ایسی دنیا تخلیق کی جس میں فاصلے سمٹ گئے، آوازیں لمحوں میں ہزاروں میل کا سفر کرنے لگیں اور معلومات کا سمندر ہر شخص کی انگلیوں کی جنبش پر آ گیا۔ موبائل فون، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے بلاشبہ انسانی زندگی میں انقلاب برپا کیا ہے۔ آج ایک عام شخص دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھے فرد سے رابطہ کر سکتا ہے، کاروبار کر سکتا ہے، علم حاصل کر سکتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکتا ہے۔ لیکن ہر انقلاب اپنے ساتھ کچھ سوالات بھی لاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ جس ڈیجیٹل دنیا کو ہم نے اپنی آسانی کے لیے بنایا، کہیں وہ آہستہ آہستہ ہماری شناخت، ہماری نجی زندگی اور ہماری آزادی کو تو اپنے حصار میں نہیں لے رہی؟
آج کا انسان اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ سوشل میڈیا پر گزار رہا ہے۔ وہ اپنی خوشیاں، غم، سفر، خریداری، پسند، ناپسند حتیٰ کہ اپنی روزمرہ زندگی کے معمولات بھی دنیا کے سامنے رکھ دیتا ہے۔ اسے اندازہ نہیں ہوتا کہ اس کی معمولی سی سرگرمی بھی کسی دوسرے کے لیے قیمتی معلومات بن سکتی ہے۔ ایک تصویر، ایک پوسٹ، ایک لائک، ایک کمنٹ، ایک جگہ کی نشاندہی یا ایک معمولی سی عادت، کسی ماہر حملہ آور کے لیے کسی شخص کی مکمل شخصیت کا نقشہ تیار کرنے کے لیے کافی ہو سکتی ہے۔ کسی کی تصویر لے کر جعلی اکاؤنٹ بنانا، کسی اور کے نام سے لوگوں کو دھوکا دینا اور اعتماد حاصل کر کے ذاتی معلومات حاصل کرنا اب ایک عام مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ جعل ساز صرف تصویر یا نام استعمال نہیں کرتے بلکہ وہ انسان کی پوری شخصیت کا مطالعہ کرتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ کون کس چیز کو پسند کرتا ہے، کہاں جاتا ہے، کیا خریدتا ہے، کس قسم کی پوسٹس پسند کرتا ہے اور کس وقت زیادہ فعال رہتا ہے۔
ہم اپنے پڑوسی کے بارے میں شاید اتنا نہیں جانتے جتنا بڑی ڈیجیٹل کمپنیاں ہمارے بارے میں جانتی ہیں۔ ہمیں اپنے اردگرد رہنے والے لوگوں کی عادات کا علم نہیں ہوتا، لیکن الگورتھم کو معلوم ہوتا ہے کہ ہمیں کون سی چیز پسند ہے، ہم کس موضوع میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ہماری توجہ کس طرف زیادہ جاتی ہے۔ ہماری آن لائن سرگرمیاں ایک ایسا ڈیجیٹل عکس بنا دیتی ہیں جسے دیکھ کر کوئی بھی ہمارے مزاج، رجحانات اور عادات کا اندازہ لگا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ہماری سہولت کے لیے بنائے گئے، لیکن ان کے استعمال میں ہماری بے احتیاطی نے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ ہم کسی بھی لنک پر کلک کر دیتے ہیں، کسی بھی رعایت کی پیشکش پر یقین کر لیتے ہیں، کسی بھی نئے فالوور کو قبول کر لیتے ہیں اور اکثر یہ سوچنے کی زحمت نہیں کرتے کہ سامنے موجود شخص حقیقت میں کون ہے۔ ایک جعلی پیج، ایک خوبصورت پیشکش یا ایک دلچسپ اشتہار کے پیچھے کوئی ایسا شخص بھی ہو سکتا ہے جو ہماری معلومات حاصل کرنا چاہتا ہو۔
آن لائن خریداری نے زندگی آسان بنا دی ہے، لیکن اس کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ گئی ہے۔ آج ہم اپنے بینک کارڈ، ای میل اور ذاتی معلومات مختلف پلیٹ فارمز پر استعمال کرتے ہیں۔ مسئلہ یہ نہیں کہ ہم ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں، مسئلہ یہ ہے کہ ہم اسے سمجھے بغیر استعمال کر رہے ہیں۔ ہم کسی بھی ایپ کو انسٹال کرتے وقت شرائط و ضوابط پڑھے بغیر ”میں اتفاق کرتا ہوں“ کے بٹن پر کلک کر دیتے ہیں۔ ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ہم کس چیز کی اجازت دے رہے ہیں اور ہماری معلومات کہاں استعمال ہو سکتی ہیں۔ یہ ہماری اجتماعی کمزوری ہے کہ ہم سہولت تو چاہتے ہیں مگر احتیاط نہیں کرنا چاہتے۔ ہم گھر کے دروازے پر تالا لگاتے ہیں، قیمتی چیزیں سنبھال کر رکھتے ہیں، لیکن اپنی ڈیجیٹل زندگی کا دروازہ اکثر کھلا چھوڑ دیتے ہیں۔ پاس ورڈ کمزور رکھتے ہیں، دو مرحلہ میں تصدیق والا آپشن (Two Step Verification Option) استعمال نہیں کرتے، ہر شخص پر اعتماد کر لیتے ہیں اور پھر جب نقصان ہوتا ہے تو حیران ہوتے ہیں۔
سوشل میڈیا کا ایک خطرناک پہلو نوجوان نسل سے متعلق ہے۔ جعلی پیجز، گمنام اکاؤنٹس اور کردار کشی کے واقعات نے کئی بچوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے۔ ایک طالب علم جو حقیقت میں خاموش، شریف اور باصلاحیت ہو سکتا ہے، صرف ایک جھوٹی پوسٹ یا جعلی الزام کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہو جاتا ہے۔ بعض اوقات بچے اس قدر پریشان ہو جاتے ہیں کہ اسکول جانے سے انکار کر دیتے ہیں۔ یہ مسئلہ صرف بچوں تک محدود نہیں۔ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے لوگوں کو بلیک میل کرنا، ذاتی معلومات پھیلانا اور عزت کو نقصان پہنچانا ایک سنگین سماجی مسئلہ بن چکا ہے۔ سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ اکثر والدین کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ان کے بچے ڈیجیٹل دنیا میں کیا کر رہے ہیں۔ وہ سمجھتے ہیں کہ بچہ کمرے میں بیٹھا موبائل استعمال کر رہا ہے، مگر حقیقت میں وہ ایک ایسی دنیا کا حصہ بن چکا ہوتا ہے جہاں خطرات بھی ہیں اور مواقع بھی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بچوں کو صرف موبائل دینا نہ سکھائیں بلکہ موبائل کا ذمہ دارانہ استعمال بھی سکھائیں۔ انہیں بتائیں کہ انٹرنیٹ پر ہر چیز سچی نہیں ہوتی، ہر دوست حقیقی نہیں ہوتا اور ہر تعریف کے پیچھے خیر خواہی نہیں ہوتی۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے ساتھ اعتماد کا رشتہ قائم کریں تاکہ بچے اپنے مسائل چھپانے کے بجائے ان سے بات کر سکیں۔
واٹس ایپ ہیکنگ کے واقعات بھی ہمارے لیے ایک بڑا سبق ہیں۔ کئی مرتبہ ہیکر کسی کا اکاؤنٹ حاصل کر کے اس کے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم مانگتے ہیں۔ لوگ جذبات میں آ کر بغیر تصدیق کے پیسے بھیج دیتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ کسی بھی مالی درخواست پر فوری یقین نہ کیا جائے۔ ایک فون کال یا تصدیق کئی نقصانات سے بچا سکتی ہے۔ اصل مسئلہ ٹیکنالوجی نہیں بلکہ ہماری تربیت اور رویہ ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ معاشروں نے ٹیکنالوجی کو نظم و ضبط، ذمہ داری اور اخلاقیات کے ساتھ اپنایا ہے۔ وہاں سہولت کے ساتھ اصول بھی موجود ہیں۔ ہمیں بھی اپنی ثقافتی اقدار کو جدید دور کے تقاضوں سے جوڑنا ہو گا۔ موبائل کو دشمن نہیں سمجھنا، لیکن اسے زندگی کا مالک بھی نہیں بننے دینا۔
اگر ایک دن کے لیے دنیا کا تمام سوشل میڈیا بند ہو جائے تو کیا ہو گا؟ شاید ابتدا میں ہمیں بے چینی محسوس ہو، لیکن چند دن بعد ہمیں اندازہ ہو گا کہ ہمارے پاس اپنے خاندان کے لیے کتنا وقت ہے، اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھنے کے کتنے مواقع ہیں، اپنے دوستوں اور پڑوسیوں سے بات کرنے کی کتنی گنجائش ہے۔ ٹیکنالوجی نے ہمیں دنیا سے جوڑا ہے، لیکن ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہے کہ کہیں یہ ہمیں اپنے قریب کے لوگوں سے دور تو نہیں کر رہی۔ انسان کی اصل پہچان اس کا ڈیٹا نہیں، اس کی شخصیت، کردار، اخلاق اور رشتے ہیں۔ اگر ہم نے اپنی شناخت کو صرف ڈیجیٹل پروفائل تک محدود کر دیا تو شاید ہم بہت کچھ حاصل کر کے بھی بہت کچھ کھو دیں گے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ڈیجیٹل دنیا میں آنکھیں کھول کر قدم رکھیں۔ اپنی معلومات کی حفاظت کریں، بچوں کی رہنمائی کریں، ٹیکنالوجی کو سمجھیں اور اسے اپنی ترقی کا ذریعہ بنائیں، اپنی کمزوری کا نہیں۔ کیونکہ آنے والا دور ان لوگوں کا نہیں ہو گا جو صرف موبائل استعمال کرنا جانتے ہوں گے، بلکہ ان لوگوں کا ہو گا جو یہ جانتے ہوں گے کہ موبائل، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کو ذمہ داری، شعور اور حکمت کے ساتھ کیسے استعمال کرنا ہے۔ ڈیجیٹل دنیا ایک طاقت ہے، مگر طاقت ہمیشہ احتیاط، شعور اور کردار کی محتاج ہوتی ہے۔

