نابینا افراد اور سفید چھڑی: آزادی، تحفظ اور شعور کی علامت

سفید چھڑی White Cane ایک سادہ مگر نہایت اہم مددگار اور معاون شے ہے جو نابینا یا کم بصارت رکھنے والے افراد کو خودمختاری کے ساتھ زندگی گزارنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ صرف چلنے کا سہارا نہیں بلکہ ایک ایسا ذریعہ ہے جس کے ذریعے فرد اپنے اردگرد کے ماحول کو محسوس کرتا، راستہ پہچانتا اور رکاوٹوں سے بچتا ہے۔ جب نابینا شخص سفید چھڑی کو زمین پر ہلکے انداز میں حرکت دیتا ہے تو اسے سامنے آنے والی دیوار، سیڑھی، گڑھے یا دیگر رکاوٹوں کا بروقت اندازہ ہو جاتا ہے، یوں وہ خود کو محفوظ رکھتے ہوئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھتا ہے۔ سفید چھڑی نابینا افراد کے لیے صرف ایک سہارا نہیں بلکہ آزادی (Independence) کی علامت ہے۔
سفید چھڑی کی ایک اور بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ معاشرے کو بھی ایک واضح پیغام دیتی ہے۔ جیسے ہی لوگ کسی کے ہاتھ میں سفید چھڑی دیکھتے ہیں، وہ سمجھ جاتے ہیں کہ یہ شخص بصارت سے محروم ہے، اور اسے راستہ دینے یا مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ اس طرح یہ چھڑی نہ صرف فرد کی حفاظت کرتی ہے بلکہ معاشرے میں ہمدردی، احترام اور تعاون کا جذبہ بھی پیدا کرتی ہے۔ اسی لیے سفید چھڑی کو نابینا افراد کی آزادی اور خودمختاری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
اسی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال 15 اکتوبر کو دنیا بھر میں وائیٹ کین سیفٹی ڈے White Cane Safety Day منایا جاتا ہے تاکہ اس کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس دن کا آغاز امریکہ سے ہوا، جب 1964 میں اس وقت کے امریکی صدر لنڈن بی جانسن نے ایک سرکاری اعلان کے ذریعے اس دن کو منانے کی بنیاد رکھی۔ اس کا مقصد عوام کو یہ شعور دینا تھا کہ سفید چھڑی استعمال کرنے والے افراد کو سڑکوں اور عوامی مقامات پر خصوصی توجہ اور سہولت دی جائے۔
حقیقت یہ ہے کہ سفید چھڑی ایک چھوٹا سا آلہ ہوتے ہوئے بھی ایک بڑی سوچ کی نمائندگی کرتی ہے۔ وہ سوچ جو ہر انسان کو باعزت، خودمختار اور محفوظ زندگی گزارنے کا حق دیتی ہے
پاکستان میں کیا ہوتا ہے؟
وقت کے ساتھ یہ دن پوری دنیا میں پھیل گیا، اور پاکستان میں بھی اسے بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں آگاہی واکس، سیمینارز اور تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان پروگراموں میں نابینا افراد کی تعلیم، روزگار اور حقوق پر روشنی ڈالی جاتی ہے، جبکہ عوام کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ سفید چھڑی دیکھ کر کس طرح احترام اور مدد کا رویہ اختیار کیا جائے۔
پاکستان میں یہ دن خاص طور پر نابینا افراد کی تنظیمیں، اسکولز اور سماجی ادارے مناتے ہیں۔ عام طور پر درج ذیل سرگرمیاں ہوتی ہیں :
1۔ آگاہی واکس Walks اور ریلیاں
· مختلف شہروں جیسے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں و اکسWalks نکالی جاتی ہیں
· نابینا افراد سفید چھڑی کے ساتھ شرکت کرتے ہیں
· عوام کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ سفید چھڑی دیکھ کر راستہ دیں اور احترام کریں
2۔ سیمینارز اور تقاریب
· اسکولز، کالجز اور اداروں میں پروگرامز ہوتے ہیں
· نابینا افراد کے حقوق، تعلیم اور روزگار پر بات ہوتی ہے
· کامیاب نابینا افراد کو بطور مثال پیش کیا جاتا ہے
3۔ میڈیا مہم
· ٹی وی، ریڈیو اور سوشل میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر ہوتے ہیں
· عوام کو بتایا جاتا ہے کہ سفید چھڑی نابینا افراد کی ”آزادی کی علامت“ ہے
4۔ خصوصی تقاریب نابینا اداروں میں
· پاکستان ایسوسی ایشن آف بلائنڈ اور دیگر فلاحی تنظیمیں تقریبات منعقد کرتی ہیں
· بچوں اور نوجوانوں کے لیے مقابلے، تقاریر اور کھیلوں کے پروگرام ہوتے ہیں
5۔ حکومتی اور سماجی پیغامات
· بعض اوقات حکومتی نمائندے اور سماجی رہنما خصوصی پیغامات دیتے ہیں
· نابینا افراد کے لیے سہولیات بہتر بنانے پر زور دیا جاتا ہے
کہنے کو تو یہ تمام پروگرام اور تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، لیکن ان کا دائرۂ کار عموماً بہت محدود ہوتا ہے، جس میں صرف چند منتخب افراد ہی شرکت کر پاتے ہیں۔ اب تک ان پروگراموں اور تقریبات میں عوامی شرکت اور موثر نمائندگی نہ ہونے کے برابر رہی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ اس نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد زیادہ تر نان پرافٹ ادارے یعنی این جی اوز کرتے ہیں، جن کے وسائل، ممبرشپ اور فنڈز محدود ہوتے ہیں۔ اسی باعث میڈیا کوریج بھی خاطر خواہ نہیں مل پاتی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی، عوامی ادارے اور میڈیا اس قسم کے پروگراموں اور تقریبات کو زیادہ اہمیت دیں، ان کے انعقاد میں تعاون کریں اور بھرپور کوریج فراہم کریں۔

عمدہ