قدرت اللہ شہاب کے دیگر ادیبوں پر اثرات
قیام پاکستان سے قبل ہی اردو زبان و ادب ادبی خزانے سے مالا مال تھی۔ تقسیم کے فوراً بعد ہندوستان سے پاکستان آنے والے بہت سے مصنفین نئے سرے سے اپنی لازوال تحریروں کے ذریعے منظر عام پر آئے۔ خاص طور پر ہجرت اور تقسیم کے موضوعات کو جن مصنفین نے اپنی تحریروں کا موضوع بنایا ان کی تخلیقات آج بھی اردو ادب کا لازوال حصہ ہیں۔
پاکستان کے نامور سول سرونٹ اور اردو ادیب قدرت اللہ شہاب 26 فروری 1917 ء کو گلگت میں پیدا ہوئے تھے۔ 1941 ء میں گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادبیات میں ایم اے کرنے کے بعد وہ انڈین سول سروس میں شامل ہوئے۔ ابتدا میں انہوں نے بہار، اڑیسہ اور بنگال میں خدمات انجام دیں۔ قیام پاکستان کے بعد وہ متعدد اہم انتظامی عہدوں پر فائز رہے جن میں حکومت آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل، وفاقی سیکریٹری وزارت اطلاعات، ڈپٹی کمشنر جھنگ، ڈائریکٹر انڈسٹریز حکومت پنجاب اور گورنر جنرل غلام محمد، صدر اسکندر مرزا اور صدر ایوب خان کے پرائیویٹ سیکریٹری، سیکریٹری اطلاعات، ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر اور سیکریٹری تعلیم کے مناصب شامل تھے۔ یحییٰ خان کے دور حکومت میں وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر اقوام متحدہ کے ادارہ یونیسکو سے وابستہ ہو گئے۔ اس زمانے میں انہوں نے مقبوضہ عرب علاقوں میں اسرائیل کی شر انگیزیوں کا جائزہ لینے کے لئے ان علاقوں کا خفیہ دورہ کیا اور اسرائیل کی زیادتیوں کا پردہ چاک کیا۔ شہاب صاحب کی اس خدمات کی بدولت مقبوضہ عرب علاقوں میں یونیسکو کا منظور شدہ نصاب رائج ہو گیا جو فلسطینی مسلمانوں کی ایک عظیم خدمت تھی۔ قدرت اللہ شہاب کا ایک اہم کارنامہ پاکستان رائٹرز گلڈ کی تشکیل تھا۔ وہ خود بھی اردو کے ایک اچھے ادیب تھے ان کی تصانیف میں یا خدا، نفسانے، ماں جی اور ”سرخ فیتہ“ کے علاوہ ان کی خودنوشت سوانح عمری ”شہاب نامہ“ شامل ہے۔ 24 جولائی 1986 ء کو قدرت اللہ شہاب نے اسلام آباد میں وفات پائی اور وہیں آسودۂ خاک ہوئے۔
تقسیم ہند کے بعد قدرت اللہ شہاب کا ایک طویل افسانہ ”یا خدا“ کے نام سے منظر عام پر آیا۔ جس نے عوام و خواص میں ہلچل مچا دی۔ بے شک ہجرت کے موضوع پر بہت کچھ لکھا گیا ہے اور بہت خوب لکھا گیا ہے۔ ”یا خدا“ کا موضوع بے حد عام سا ہونے کے باوجود بے حد خاص تھا۔ اس افسانے کے مصنف قدرت اللہ شہاب نے اپنے طرز تحریر سے اس افسانے کو ایک خاص رنگ عطا کیا۔ جو ہر ادیب کے بس کی بات نہیں۔ قدرت اللہ شہاب نے بہت کم لکھا مگر بہترین لکھا۔ خاکہ نگاری کے حوالے سے ان کا خاکہ ”ماں جی“ بھی اردو ادب میں ایک ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ ”ماں جی“ کے بعد اس طرز پر بہت سے ادیبوں نے خاکے لکھے مگر جو اثرات اس خاکے کو پڑھ کر مرتب ہوتے ہیں وہ دیگر مصنفین کے لکھے ہوئے خاکوں کو پڑھ کر مرتب نہیں ہوتے۔ قدرت اللہ شہاب کی طویل سوانح عمری ”شہاب نامہ“ پڑھنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ قاری پاکستان کی بیورو کریسی کی طویل تاریخ پڑھ رہا ہے۔ یا خدا، شہاب نامہ، اور، ماں جی، تینوں ایسی تصانیف ہیں جو آج بھی اردو ادب سے محبت کرنے والے قارئین کی کتابوں کی الماری میں نظر آتی ہیں۔
ایک ایسا شخص جو ادیب بھی ہو اور نوکر شاہی کا غلام بھی، اچھا انسان بھی اور بہترین دوست بھی، وہ یقیناً اپنے ارد گرد کے لوگوں کو متاثر کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ قدرت اللہ شہاب نے بھی اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھر پور طریقے سے متاثر کیا۔ جس میں ادیبوں کے علاوہ ان کے دوست احباب اور کولیگ بھی شامل تھے۔ مشہور ادیب اشفاق احمد اور بانو قدسیہ کے علاوہ ممتاز مفتی نے بھی ان کے گہرے اثرات قبول کیے۔ قدرت اللہ شہاب کی محبت نے کئی لوگوں کو بہت متاثر کیا۔ کہا جاتا ہے کہ شہاب صاحب بغیر داڑھی اور ٹوپی کے صوفی تھے۔ ”شہاب نامہ“ میں ایسے بہت سے واقعات درج ہیں جو انھیں صوفی ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔ بانو قدسیہ کی کتاب ”مرد ابریشم“ اشفاق احمد کا مضمون ”چندن کا پیڑ“ ممتاز مفتی کی ”لبیک“ اور ”الکھ نگری“ شہاب صاحب کے صوفیانہ رنگ کو پیش کرتی ہیں۔ بانو قدسیہ نے کئی جگہ ان کی روحانی حیثیت کو تسلیم کیا ہے۔
جو لوگ قدرت اللہ شہاب کو جانتے ہیں انھیں علم ہے کہ وہ دروغ گو ہرگز نہ تھے۔ اگر روحانیت سے انھیں علاقہ نہیں ہوتا تو اس بارے میں بھی قلم نہ اٹھاتے۔ قدرت اللہ شہاب سے ان کے ہم عصر ادیبوں کے علاوہ نوجوان نسل بھی متاثر ہوئی۔ بانو قد سیہ اور اشفاق احمد کے بیٹے انیق خان نے جب ان سے بیعت ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تو قدرت اللہ شہاب نے جواب دیا کہ ”فی زمانہ بیعت بہت مشکل کام ہے۔ بیعت کی پہلی شرط ہے کہ سالک خیال میں بھی مرشد کی نافرمانی نہ کرے۔ کیونکہ مرشد خیال میں فیض پہنچاتا ہے۔ اگر سالک دل میں بھی نا فرمانی کا مرتکب ہو جائے تو نقصان کا احتمال رہتا ہے“ انیق خان کے علاوہ بھی بہت سے لوگوں نے ان کے ہاتھ پر بیعت کرنی چاہی مگر وہ کبھی کسی کو بیعت کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔
قدرت اللہ شہاب کے ادبی نوادرات میں اکثر مقامات پر ان کی روحانی شخصیت کی عکاسی نظر آتی ہے۔ ”ایک خط میں لکھتے ہیں کہ الہام کے دروازے کھولنا مقصود ہی نہیں۔ اصلی مقصد تو معرفت الٰہی ہے۔ اس لیے ترک دنیا کی ضرورت نہیں۔ یہ ہر جگہ موجود اور ممکن الحصول ہے۔ بشرطیکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد پورے ہوتے رہیں اور اس کے علاوہ اپنی ہمت اور استعداد کے مطابق کچھ مزید کوشش اور مشق بھی کرتے رہیں۔ قدرت اللہ شہاب نے کئی جگہ اشفاق احمد کو اپنا خلیفہ کہا ہے۔ قدرت اللہ شہاب شوگر کے مریض تھے اس وجہ سے ان کے ناخن کسی ماہر کی طرح اشفاق احمد تراشتے تھے۔ ان کے انتقال کے وقت جب وہ قدرت اللہ شہاب کے گھر پہنچے تو اس حوالے سے اپنے مضمون چندن کا پیڑ میں لکھتے ہیں کہ“ میں اپنے اوزاروں کی کٹ لے کر اس کے پاؤں کے پاس کھڑا تھا میرا اور اس کا معاہدہ تھا کہ جب ہم ایک دوسرے سے ناراض ہو جائیں اور ہمارے درمیان تفرقہ پیدا ہو جائے اور ہم ایک دوسرے کے دشمن بھی بن جائیں، پھر بھی میں اس کا خلیفہ ہی رہوں گا اور اس کے ناخن اسی طرح کاٹتا رہوں گا جیسے اب تک کاٹتا آیا ہوں۔ میں نے اپنی کٹ اوپر اٹھا کر کہا کہ ”ناخن کٹوا لو“ لیکن وہ بولا نہیں۔ میں نے پھر کہا کہ ”ناخن نہیں کٹوانے تو کم از کم ان کے کونوں پر ریتی ہی لگوا لو“ لیکن اس نے میری بات کا جواب نہیں دیا۔ میں نے اپنے اوزار اس کے کمرے میں رکھ دیے اور باہر آ کر شامیانے تلے بیٹھ گیا جہاں لوگ آہستہ آہستہ جمع ہو رہے تھے۔ ”بانو قدسیہ نے“ مرد ابریشم ”میں لکھا ہے کہ انھوں نے کبھی بھی اپنی آئی ایس کی نوکری ظاہر نہ کی بلکہ اگر انھیں کسی غریب کی مدد کرنا ہوتی، کہیں تعزیت کے لیے جانا ہوتا، سرکاری دفاتر میں کسی کی مدد کرنی ہوتی تو کیو۔ شہاب لکھ کر کام چلاتے تھے۔ ممتاز مفتی نے“ لبیک ”اور“ الکھ نگری ”میں قدرت اللہ شہاب کی روحانی شخصیت کا اعتراف کیا ہے۔ بانو قدسیہ“ مرد ابریشم ”میں لکھتی ہیں کہ انھوں نے اپنا بولڈ ٹاپک ناول“ راجہ گدھ ”قدرت اللہ شہاب کے نام کیا تھا۔ ان کی دعاؤں سے یہ ناول پایہ تکمیل تک پہنچا۔ بانو قدسیہ کا کہنا تھا کہ اس ناول کی جو ادبی حیثیت ہے وہ صرف اور صرف قدرت اللہ شہاب کی وجہ سے ہے۔
ممتاز مفتی ”الکھ نگری“ میں لکھتے ہیں کہ یہ کتاب میری آپ بیتی ”علی پور کا ایلی“ کا دوسرا حصہ ہے۔ ”علی پور کا ایلی“ میں میرا سب سے بڑا مشاہدہ عورت تھی۔ ”الکھ نگری“ میں سب سے بڑا مشاہدہ قدرت اللہ شہاب ہیں۔ ”علی پور کا ایلی“ لکھنے کے بعد جب لوگوں کو علم ہو گیا کہ ممتاز مفتی ہی ایلی ہیں تو ان کے دوست اور ساتھیوں نے ”الکھ نگری“ لکھنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ بے شک سچ کہنے کے زعم میں اپنے غلیظ پوتڑے چوک میں بیٹھ کر دھو دو لیکن خبردار ہمارا ذکر نہ کرنا۔
قدرت اللہ شہاب کی وفات کے بعد ”شہاب نامہ“ شائع ہوا تو ممتاز مفتی اس کا آخری باب ”چھوٹا منہ اور بڑی بات“ پڑھ کر حیران رہ گئے۔ اس باب میں قدرت اللہ شہاب نے اپنی روحانیت کا راز فاش کر دیا تھا۔ ممتاز مفتی ”الکھ نگری“ کے دیباچے میں لکھتے ہیں کہ اگر قدرت اللہ شہاب ”شہاب نامہ کا آخری باب نہ لکھتے تو میں“ الکھ نگری ”لکھنے پر مجبور نہ ہوتا۔ ’
مرزا ادیب لکھتے ہیں کہ ”ان کا ناول یا خدا چھپا تو اس پر بڑی لے دے ہوئی۔ بعض حلقوں کی جانب سے اس کے خلاف بھرپور آواز بلند ہوئی۔ شہاب صاحب نے یہ حالت بڑے صبر اور تحمل سے برداشت کی۔ انھوں نے نہ تو کسی مضمون کا جواب لکھا اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی وضاحتی بیان ہی دیا۔ لاہور میں ان سے ملاقات ہوئی تو میں نے پوچھا“ آپ کی کتاب کو کس بری طرح رگیدا گیا۔ آپ جانتے ہیں؟ ”سنجیدگی سے بولے“ جانتا ہوں ”۔“ تو آپ کچھ نہیں کہیں گے؟ ”ذرا مسکرائے اور کہنے گئے“ نہیں ابھی لوگوں نے میری کتاب کو سمجھا نہیں ہے۔ ایک وقت آئے گا سمجھ جائیں گے۔ اس وقت یہ نہیں کہیں گے جو کہہ رہے ہیں بلکہ کچھ اور کہیں گے ”۔
اے حمید نے ان کی ایمانداری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مارشل لا لگنے کے بعد تمام افسروں کی اسکریننگ ہوئی۔ قدرت اللہ شہاب کی بھی ہوئی نتیجے کے طور پر ان کی فائل کے آخر میں لکھا تھا کہ یہ اتنا ہی غریب ہے جتنا ایک گرجے کا چوہا ہوتا ہے۔ پر اسرار پیغاموں کے موصول ہونے کا سب سے زیادہ ذکر ممتاز مفتی کی تحریروں میں نظر آتا ہے۔ ”سب سے پہلا پر اسرار پیغام میرے توسط سے موصول ہوا۔ یہ پیغام ایک دیہاتی لایا تھا۔ پیغام یہ تھا کہ جو کا غذ وہ لکھ کر پھاڑ چکا ہے وہ درست تھا۔ جو اب لکھ رہا ہے وہ غلط ہے۔ میرا خیال تھا کہ جب میں یہ پیغام پڑھ کر قدرت اللہ شہاب کو سناؤں گا تو وہ قہقہہ مار کر ہنس پڑیں گے۔ مگر اس کے برعکس پیغام سن کر ان کا رنگ پیلا پڑ گیا۔ انھوں نے لپک کر ویسٹ باسکٹ اٹھائی اور کاغذ کے ٹکڑے نکال کر جوڑنے لگے۔ یہ دیکھ کر میں حیرت میں ڈوب گیا۔ پھر ایسے واقعات تواتر سے ہونے لگے۔“ ایک کالا کلوٹا، پتلا، دبلا، سٹرا، سوکھا آدمی آ گیا۔ آتے ہی شہاب سے مخاطب ہو کر غصے میں انگریزی میں بولا تمھاری کھال ادھیڑ کر اس پر نمک چھڑک کر تمھیں دھوپ میں رکھ دیا جائے۔ پھر مجھے کمرے میں دیکھ کر چپ ہو گیا۔ اس پر میں باہر نکل آیا۔ باہر آ کر میں نے سنا وہ کہہ رہا تھا۔ ہمارے یہاں و ارننگز نہیں ہوتیں۔ نام کاٹ دیا جاتا ہے۔ پر نہیں تمھیں کیسے اس اصول سے مستثنٰی کیا گیا ہے ”۔ ایک گھنٹے بعد جب شہاب کمرے سے باہر نکلے تو ان کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔ 1963 کی بات ہے قدرت اللہ شہاب کا ارادہ تھا کہ“ شہاب نامہ ”لکھیں۔ میں نے کہا آپ عرصہ دراز سے ارادہ کر رہے ہیں۔ بیکار۔ آپ کل سے لکھنا شروع کر دیں۔ روز کا ایک صفحہ آدھ صفحہ یا چند سطریں لکھ دیا کریں۔ بات ان کے دل کو لگی۔ قدرت اللہ شہاب عام کاغذ پر نہیں لکھا کرتے تھے۔ وہ ہمیشہ عمدہ اور مجلد کاپی پر لکھا کرتے تھے۔ اگلے روز ہم بازار گئے نہایت عمدہ کاپی خریدی۔ طے پایا آج ہی مہورت ہو جائے۔ لکھنے کے لیے وہ میز کرسی لگا کر بیٹھ گئے۔ ابھی بسم اللہ لکھی ہی تھی کہ قلم ہاتھ سے چھوٹ گیا اور ازخود کھڑا ہو کر اس نے کاپی پر جلی حروف میں NO لکھ دیا اس واقعے کو دیکھ کر میرے ذہن کا فیور اڑ گیا۔ شہاب سے پوچھتا تو وہ خود حیرت کا اظہار کرتے۔ بیگم عفت شہاب نے ممتاز مفتی سے تذکرہ کیا کہ“ جب سے اس گھر میں آئی ہوں میری مت ماری گئی ہے کبھی کسی کمرے سے پھولوں کی خوشبو آنے لگتی ہے۔ کبھی کبوتر اڑتا ہوا آتا ہے پھڑپھڑا کر نیچے گرتا ہے تو دیکھتی ہوں کہ وہ کبوتر نہیں بلکہ خط ہے۔ میں نے ان باتوں پر اب سوچنا چھوڑ دیا ہے۔ مختار ضمن نے حلقہ شہابیہ کی اصطلاح کی بابت لکھا ہے کہ ”شہاب صاحب نے ڈاڑھی رکھی تو میں نے ایک مضمون لکھا جس کا عنوان تھا“ ریشائیہ ”یہ مضمون سلسلے کے ایک جلسے میں پڑھا گیا۔ جس کی وہ صدارت کر رہے تھے۔ داڑھیوں کے ذکر کے بعد لکھا تھا ان کی شخصیت اور تحریر ان کی داڑھی کے بالوں کی طرح سبک اور ریشمی نظر آتی ہے اور سلسلے کو میں سلسلہ شہابیہ قرار دیتا ہوں۔
قدرت اللہ شہاب کے بھائی حبیب شہاب لکھتے ہیں کہ ”نائینٹی کے نام سے ایک پر اسرار شخصیت برسوں تک ان کی رہنمائی کرتی رہی۔ رہنمائی کا یہ عجیب و غریب طریقہ بھی ان جیسے روشن ضمیروں اور راہِ حق کے متلاشی کے ساتھ ہی پیش آ سکتا ہے۔ نائینٹی کے پیغامات کی تحصیل و ترسیل میں کئی مرتبہ میں بھی ان مراحل سے گزرا ہوں۔ ایک دفعہ ایک دوست کے ساتھ اس موضوع پر بات ہو رہی تھی۔ تو انھوں نے تعجب یا تحیر کے بجائے کسی قدر گستاخی کے الفاظ استعمال کیے۔ اس سے بجلی کا روشن بلب دھماکے سے ٹوٹ کر ریزہ ریز ہو گیا اور سارے کمرے میں اندھیرا پھیل گیا۔
شہاب صاحب کی زندگی کا روحانی پہلو عمر بھر ان کے ساتھ رہا۔ انھوں نے اس پہلو کو سات پردوں میں چھپا کر رکھنے کی کوشش کی۔ اشفاق احمد بھی ان کے اس راز کو چھپاتے رہے۔ لیکن ممتاز مفتی نے کسی طرح اس کی جھلک دیکھ لی اور شور مچا دیا۔
ایک روز اشفاق صاحب کے ساتھ ذکر ِخفی پر بات ہو رہی تھی۔ ان کے منہ سے نکل گیا بڑے صاحب کا قلب جاری ہے۔ ہر لمحہ، ہر ساعت سوتے جاگتے۔ اسی طرح ایک روز کلام پاک کی تلاوت اور خیر و برکت پر بات ہو رہی تھی اچانک انھوں نے کہا قرآن پاک کے سات مفاہیم ہیں۔ پہلا عامیوں کے لیے اور ساتواں صرف رسول ﷺ کے لیے تھا۔ چوتھے پانچویں پر کوئی بڑا ہی خوش نصیب پہنچتا ہے۔ شہاب صاحب ان خوش قسمتوں میں سے ہیں جن پر قرآن پاک کا چوتھا مفہوم کھل گیا ہے۔ آپ کو کیسے پتا چلا؟ انھوں نے خود بتایا ہے۔ اس روز مجھے یقین ہو گیا کہ اشفاق احمد ان کے خاص رازداروں میں سے ہیں۔
اس تصوف کے بارے میں شہاب صاحب کی یہ رائے تھی۔ اصل شاہراہ شریعت ہے۔ باقی تصوف کے جتنے بھی سلسلے ہیں وہ پگڈنڈیاں ہیں۔ جو اس شاہراہ کے ساتھ جا کر مل جاتی ہیں۔ اگر ایسا نہیں تو وہ تصوف باطل ہے۔ کیونکہ وہ پگڈنڈیاں اس لیے پیدا ہوتی ہیں کہ اس شاہراہ کے ساتھ جا کر ملا دیں۔ اے حمید لکھتے ہیں کہ شہاب صاحب نے اپنی زبان اور عمل سے جو مجھے بتایا ہے وہ یہ ہے کہ دکھی انسانیت کا دکھ بٹانا، مصیبت میں کسی کے کام آنا اور سچائی کے اصول پر ہر حالت میں قائم رہنا اور علاقِ دنیا سے بے نیازی ہی سب سے بڑا تصوف ہے۔
محمد طفیل قدرت اللہ شہاب کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ”1950 میں جب وہ محکمہ نشر و اشاعت میں سیکریٹری تھے یا کیا۔ میں نیاز کے شوق میں ان کے پاس پہنچا کارڈ بھیجا جواب ملا انتظار کیجئے۔ انتظار کیا تو بلاوا نہ آیا۔ آہستہ آہستہ خون کھولنے لگا۔ بالآخر یہ رقعہ لکھ کر چلا آیا۔“ آپ کو فرصت نہیں مجھ میں مزید انتظار کی تاب نہیں ”۔ کوئی پندرہ دن بعد یہ لاٹ صاحب خود میرے دفتر آ نکلے اور آتے ہی جو بات کہی وہ یہ کہ میں آپ سے معذرت کرنے آیا ہوں مگر اس دن مجبور تھا۔ ایک بڑی ہی ضروری میٹنگ ہو رہی تھی جس میں خود متعلقہ وزیر صاحب بھی شامل تھے۔ اس لیے آپ کو بلانا مشکل ہو گیا تھا۔ ان کی اس معذرت کے بعد نا صرف یہ کہ انھیں معاف کر دینے کو دل چاہا بلکہ الٹی ندامت ہوئی کہ اتنے عمدہ آدمی کے بارے میں جو میں نے رائے قائم کر لی تھی وہ کس قدر غلط تھی۔
”شہاب نامہ“ میں قدرت اللہ شہاب نے اپنے روحانی تجربات کا برملا تذکرہ کیا ہے۔ بچپن میں نظر آنے والے خواب میں حضور ﷺکی زیارت سے لے کر ان کی سوانح کے آخری باب ”چھوٹا منہ بڑی بات“ تک شہاب صاحب کے بے شمار روحانی تجربات ”شہاب نامہ“ کے صفحات پر موجود ہیں۔ سلسلہ اویسیہ کے احکامات کے حصول کے ماجرے بھی بہت دلچسپ ہیں۔ کبھی کوئی رقعہ تکیہ کے نیچے، کبھی الماری میں سے اور کبھی کبوتر کی شکل میں سامنے آتا اور رقعہ بن جاتا یا پھر فقیر کی صورت میں یا کہیں دور سے آنے والے مسافر کی زبانی قدرت اللہ شہاب کو سلسلہ اویسیہ کے پیغامات موصول ہوتے تھے۔ شہاب نامہ لکھنے سے قبل جب قدرت اللہ شہاب نے ”شہاب نامہ“ لکھنے کا ارادہ کیا اور ایک موٹی کاپی اور پین خرید کر شہاب نامہ لکھنے کا آغاز کرنا چاہا تو قلم نے خود بخود کھڑے ہو کر کاپی پر NO لکھ دیا۔ جب قدرت اللہ شہاب کو سلسلہ اویسیہ سے ”شہاب نامہ“ لکھنے کی اجازت مل گئی تو آپ نے اس کے بعد ”شہاب نامہ“ تحریر کیا۔ ممتاز مفتی، قدرت اللہ شہاب کے ساتھ حج کی ادائیگی کے لیے گئے تو قدرت اللہ شہاب کے ساتھ ہونے کی وجہ سے مختلف روحانی تجربات سے گزرے۔ ان روحانی تجربات نے ممتاز مفتی کی زندگی کا رخ تبدیل کر دیا۔ جس کا مفتی نے بارہا اعتراف کیا ہے۔ بانو قدسیہ نے اپنی کتاب ”مرد ابریشم اور اشفاق احمد نے اپنے مضمون“ چندن کا پیڑ ”میں قدرت اللہ شہاب کی زندگی کے مخفی پہلوؤں کو پیش کیا ہے۔ اشفاق احمد کے افسانوں، ڈراموں اور مضامین کے علاوہ بانو قدسیہ کے ناولوں، افسانوں اور ڈراموں اور ممتاز مفتی کی مختلف تصانیف پر قدرت اللہ شہاب اور ان کی روحانیت کے اثرات نظر آتے ہیں۔ یہ تینوں ادیب ان کی روحانی شخصیت کے زیر اثر تھے۔ قدرت اللہ شہاب کے انتقال کے بعد ان ادیبوں کی تخلیقات میں قدرت اللہ شہاب کا تذکرہ بارہا موجود ہے۔ جب بھی ان مصنفین کی تخلیقات کو پڑھا جائے گا قدرت اللہ شہاب کی روحانی شخصیت کا ذکر کیا جاتا رہے گا۔

