میرے مطابق

بچپن کی عید

woman Silhouette

بچپن سے جوانی، جوانی سے بڑھاپے کے دوران بہت کچھ بدل جاتا ہے۔ رشتے، حالات، خیالات سب میں تبدیلیاں رونما ہوتی رہتی ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ہم نا چاہتے ہوئے بھی دنیا کے رنگ میں ڈھلتے چلے جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ ہماری زندگی جینے کا طریقہ بھی بدل جاتا ہے۔

مجھے آج بھی وہ عید یاد ہے پہلی عید جو میں نے نانو کے گھر گزاری۔ اس عید میں ایک نیا پن، ایک عجیب مسرت تھی، سکون تھا۔ پہلی بار میں نے عورتوں کو عید کی نماز پڑھتے دیکھا۔ پہلی بار مجھے کسی نے عیدی دی، جو ان پیسوں کی خوشی تھی وہ آج تک دوبارہ کبھی نہیں مل سکی۔ اس دن ہم وہ پیسے لے کر سارا گاؤں گھوم کر آئے تھے۔ پہلی بار میں نے عید کو ایک الگ نظر سے دیکھا تھا۔ مجھے سمجھ آئی تھی عید صرف نئے کپڑے پہن کر بیٹھ جانے کا نام نہیں ہے بلکہ خوشیاں بانٹنے کا نام ہے۔ مجھے اپنی گزشتہ عیدیں ادھوری لگنے لگیں تھیں۔ سب رشتہ داروں کا ایک گھر اکٹھا ہونا، مزے مزے کے پکوان سے لطف اندوز ہونا، سب کچھ بہت الگ تھا۔ کسی کے دل میں کسی کے لیے نفرت محسوس نہیں کی تھی یا شاید میں تب نفرت کیا ہوتی ہے، یہ نہیں جانتی تھی۔ میں آج بھی ہر عید میں وہ خوشی تلاش کرتی ہوں مگر ہر بار ناکام ہو جاتی ہوں۔ اب عید پر نا ہم کہیں جاتے ہیں اور نہ کوئی اور آتا ہے۔ عید عام دنوں کی طرح ایک دن محسوس ہونے لگی ہے۔

بچپن سے اب تک جتنی بھی عیدیں آئیں، ہر عید میں کچھ نہ کچھ بدلا ہوتا تھا، یہاں تک کہ سب کچھ بدل گیا۔ نہ وہ پیار کرنے والے رشتے رہے، نہ وہ عیدی دینے والے ہاتھ۔

ہم سب کی زندگی میں آنے والی ہر عید پچھلی عید سے مختلف ہوتی ہے۔ ہم میں سے کچھ لوگ عید دل و جان سے منانا سیکھ جاتے ہیں اور کچھ لوگ عید کو محض عام دنوں کی طرح ایک دن سمجھتے ہیں۔ پچھلے کچھ سالوں میں تو عید پر سوتے رہنے کو میچورٹی قرار دیا جانے لگا ہے۔ ہم بھول گئے ہیں کہ عید محض ایک تہوار نہیں ہمارے پیارے نبی ﷺ کی سنت ہے۔ اور جہاں تک میچورٹی کی بات ہے، میرے نزدیک میچورٹی یہ ہے کہ ہم اپنے آپ کو خوش رکھنا سیکھ لیں، دوسروں سے زیادہ امیدیں نہ باندھیں اور زندگی کو بھرپور طریقے سے جیئیں۔ میری بات مانیے تو اپنی بچپن کی عید کو ایک بار دوبارہ محسوس کیجیے اور دل و جان سے اس عید کو منائیے۔ پتہ نہیں اگلے سال عید پر ہم ہوں گے یا نہیں، اس عید کو ایک بار پھر بچپن کی طرح محسوس کیجئے۔ کم از کم سوتے رہنے سے تو بہتر ہے۔

Loading

Facebook Comments Box

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Facebook Comments

Related Articles

Back to top button
HumSub

FREE
VIEW