بلاگ

جنوبی ایشیا میں ماحولیاتی بحران: نیپال میں تباہ کن ہمالیائی سیلاب، قدرت کا انتباہ

zafar mansoor

عالمی موسمیاتی ماہرین کی اکثریت نیپال کے شمالی ہمالیائی خطے میں آنے والے حالیہ خوفناک سیلاب کو انسانی کوتاہیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والا قدرت کا انتقامی ردعمل قرار دے رہی ہے۔ گلیشئیرز کے پگھلنے، غیر معمولی بارشوں، زمینی کٹاؤ اور جنگلات کی تباہی کے باعث آنے والے اس اچانک تباہ کن سیلاب نے سینکڑوں افراد کو ہلاک اور ہزاروں گھرانوں کو بے گھر کر دیا ہے۔ یہ سانحہ صرف نیپال تک محدود نہیں بلکہ پوری جنوبی ایشیائی سرزمین کے لئے قدرت کا ایک انتباہ ہے۔ درختوں کی مسلسل کٹائی، جنگلات کی تباہی نیز نجی اور حکومتی اداروں کے ماحول دشمن اقدامات نے پورے جنوبی ایشیائی خطے کو خطرناک موسمیاتی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ درختوں کا کٹنا صرف ماحولیاتی جرم نہیں بلکہ انسانی خودکشی ہے۔ درخت زمین کے پھیپھڑے ہیں۔ درختوں کے بے دریغ کٹاؤ سے زمین کی سانس بند ہوتی چلی جا رہی ہے۔

پاکستان کی فضا میں بھی بڑھتی ہوئی گرمی، خشک سالی، بے وقت بارشیں، سیلاب اور گلیشئیرز کا پگھلنا اس بات کا اعلان ہے کہ قدرت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ جنگلات جو زمین کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں اور بے ہنگم بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے باعث ختم ہوتے جا رہے ہیں پاکستان دنیا کے اُن دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ یہ بحران محض ماحولیاتی نہیں بلکہ انسانی بقا کا مسئلہ بن چکا ہے۔ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں خشک سالی نے بہت سی زمینوں کو بنجر کر دیا ہے۔ کراچی، لاہور اور پاکستان کے دیگر بڑے شہروں میں درجہ حرارت انسانی برداشت سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ یہ سب علامات اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ہمارا نام نہاد ترقی کا ماڈل قدرت کے خلاف اعلانِ جنگ بن چکا ہے۔ درخت اور جنگلات زندگی کی علامت ہوتے ہیں۔ درخت آکسیجن فراہم کرتے ہیں، فضا کو صاف رکھتے ہیں۔ جنگلات زمین، فضا اور حیاتیاتی تنوع کے محافظ ہیں۔ ایک درخت کا کٹنا صرف ایک درخت کا نہیں بلکہ ایک زندگی کے خاتمہ کے مترادف ہے۔ پاکستان میں جنگلات کا رقبہ صرف 5 فیصد رہ گیا ہے جو عالمی معیار سے کہیں زیادہ کم ہے۔ یہ اعداد و شمار ماحولیاتی سلامتی اور تحفظ کے لئے خطرے کے الارم ہیں۔

موسمیاتی شعور اور عوامی ذمہ داری کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے۔ پاکستان میں عوامی سطح پر موسمیاتی شعور کی کمی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ شہری علاقوں میں درختوں کو تعمیراتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ سمجھا جاتا ہے۔ دیہی علاقوں میں ایندھن کے لئے درخت کاٹنا معمول بن چکا ہے۔ اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں ماحولیاتی تعلیم کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا۔ یہ وقت ہے کہ حکومتی سطح پر درخت لگانا عبادت اور جنگلات کو بچانا قومی فریضہ قرار دیا جائے۔ حکومت کی ذمہ داری صرف منصوبے بنانا نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنا بھی ہے۔ اس کے لئے قانون سازی بھی ضروری ہے۔ درختوں کے غیر قانونی کٹاؤ پر سخت سزا ہونی چاہیے۔ شہری منصوبہ بندی میں ہر نئے تعمیراتی پراجیکٹ میں کم از کم 25 فیصد رقبہ سبز علاقے کے لئے مخصوص ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں موسمیاتی ڈیٹا کی مسلسل تحقیق و نگرانی اور عوامی آگاہی مہم چلانا بھی حکومت کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔

خطے میں اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی مدد اور تعاون سے مشترکہ منصوبے تشکیل دینے کی فوری اور اشد ضرورت ہے۔ خطے کے تمام ممالک کو یہ سمجھنا ہو گا کہ درختوں کو کٹنے سے بچانا، نئے درخت لگانا اور جنگلات کی حفاظت کرنا صرف ماحولیات نہیں، معیشت کی ترقی کا بھی ضامن ہے۔ اس سلسلے میں نجی شعبے کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ نجی کاروباری ادارے اور صنعتیں اگر چاہیں تو موسمیاتی بحران کو کم کر سکتی ہیں۔ صنعت کاروں کو خطے میں ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانی چاہیے۔ کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے تحت درخت لگانے کی مہم کو تیز کرنا چاہیے۔ گرین انرجی میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ نجی شعبہ اگر حکومت کے ساتھ تعاون کرے تو ترقی اور تحفظ ایک ساتھ ممکن ہو سکتا ہے۔

حکومتی سطح پر درخت لگاؤ، زندگی بچاؤ تحریک کا آغاز ہونا چاہیے۔ پاکستان میں عوامی سطح پر درخت لگانے کی تحریک کو ثقافتی جذبے سے جوڑنا بہت ضروری ہے۔ اسکول، کالج اور کمیونٹی سینٹرز میں درخت لگانے کی تحریک اور نوجوانوں کو گرین والنٹیئرز کے طور پر تربیت دینے کا بندوبست اور میڈیا پر موسمیاتی شعور کو فروغ دینے کی تحریک کا آغاز ہونا چاہیے۔ یہ تحریک صرف زمین کو نہیں بلکہ انسانی روح کو بھی تر و تازگی بخشے گی۔ اگر آج ہم نے ضروری اقدامات نہ اٹھائے تو موسمیاتی بحران کے باعث پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک میں ہماری آنے والی نسلیں پانی، ہوا اور سایہ کے لئے ترسیں گی۔ گلیشئیرز کے پگھلنے سے نیپال کی طرح خطے کے دیگر ممالک میں بھی تباہ کن سیلاب آئیں گے۔ درختوں کے خاتمے سے زمین بنجر ہو جائے گی۔ گرمی کی شدت سے بیماریوں میں اضافہ ہو گا۔ خطے کے تمام ممالک خصوصاً پاکستان کو، جو اس وقت خطرے کی لکیر پر ہے، اب سبز انقلاب کی ضرورت ہے۔ درخت لگانا صرف زمین کے تحفظ کے لئے ہی نہیں بلکہ انسان اور انسانیت کو زندہ رکھنے کے لئے بھی ضروری ہے۔ اگر آج ہم نے درخت لگائے تو کل ہماری نسلیں گھنا سایہ، صاف ہوا اور ماحول دوست فضا پانے کے قابل ہو سکیں گی۔ اگر آج ہم نے اپنے جنگلات بچائے تو کل ہماری زمین سانس لے سکے گی۔ جنوبی ایشیا کے ممالک کی اب یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائیں۔ خطے کو اب ماحولیاتی اتحاد کی ضرورت ہے۔ ایسا اتحاد جو سرحدوں سے نہیں بلکہ درختوں، جنگلات، پہاڑوں، دریاؤں اور ماحولیات سے جڑا ہوا ہو۔ حکومتوں کو اب ترقی کے ماڈلز پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ جدید تر پیشگی انتباہی نظام نافذ کرنا ہو گا۔ نیپال، پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے درمیان مشترکہ ماحولیاتی پالیسی کو تشکیل دینا ہو گا۔

جنوبی ایشیا کے میڈیا کو ماحولیاتی بحران کو محض سنسنی بنا کر نہیں بلکہ عوام کے سامنے آگاہی کے طور پر پیش کرنا چاہیے۔ نیز یہ کہ میڈیا کا کام صرف احساس جگانا ہی نہیں بلکہ عوام اور حکومتوں کو عمل کی تحریک دینا بھی ہونا چاہیے۔

یہ صورتحال ایشیا کے افراد اور حکومتی اداروں کے لئے ایک دعوتِ فکر ہے، ”درخت لگاؤ، زمین بچاؤ، انسان اور انسانیت کو بچاؤ۔“ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں موسمیاتی تباہی سے نجات اور ماحول دوست فضا اور زندگی کی طرف لے جانے کا موجب ہو سکتا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW