میرے مطابق

خیبر پختونخوا: معاشی بدحالی اور ترقی کے امکانات

alamgir afridi

خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبائی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے کا مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قدرتی وسائل سے مالامال یہ صوبہ معاشی بدحالی، بے روزگاری، غربت اور انتظامی کمزوریوں کے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ حالیہ اجلاس میں متعلقہ حکام نے گورنر کو بتایا کہ صوبے میں 15 اقتصادی زونز فعال ہیں، مزید سات کے قیام کی منصوبہ بندی جاری ہے، جبکہ اقتصادی زونز کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاونت فراہم کی گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار بلاشبہ حوصلہ افزا ہیں، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ ان منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کے باوجود عام آدمی کی زندگی میں کتنی تبدیلی آئی ہے؟

خیبر پختونخوا قدرتی حسن، آبی وسائل، معدنی ذخائر، زرخیز زمینوں، تاریخی ورثے اور باصلاحیت نوجوانوں کی سرزمین ہے۔ اس کے بلند پہاڑ، بہتے دریا، سرسبز وادیاں اور پن بجلی پیدا کرنے کی غیر معمولی صلاحیت اسے پاکستان کے خوشحال ترین خطوں میں شامل کر سکتی ہے۔ مگر المیہ یہ ہے کہ قدرت کی ان بے شمار نعمتوں کے باوجود صوبے کی بڑی آبادی غربت، بے روزگاری، بنیادی سہولیات کی محرومی اور غیر یقینی مستقبل کا شکار ہے۔ یہ صورتحال وسائل کی کمی کا نہیں بلکہ ان کے موثر استعمال، سیاسی عزم اور بہتر حکمرانی کے فقدان کا نتیجہ ہے۔ صوبے کی معاشی ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال ہے۔ دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور پولیس و سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں نے عوامی زندگی کے ساتھ کاروباری سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ امن و امان محض انتظامی مسئلہ نہیں بلکہ معاشی ترقی کی بنیادی شرط ہے۔ جب تک شہریوں، کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کو تحفظ حاصل نہیں ہو گا، ترقی کے بڑے بڑے منصوبے بھی مطلوبہ نتائج نہیں دے سکیں گے۔

دوسری جانب صوبے کی سب سے بڑی معاشی طاقت اس کے آبی وسائل ہیں۔ پاکستان میں پن بجلی پیدا کرنے کی مجموعی تکنیکی صلاحیت تقریباً 60 ہزار میگاواٹ بتائی جاتی ہے، جس میں لگ بھگ نصف حصہ خیبر پختونخوا سے وابستہ ہے۔ تربیلا، ورسک، داسو، مہمند ڈیم، سکی کناری، بالاکوٹ، مادیان اور گبرال کلام جیسے منصوبے اس صلاحیت کی اہمیت واضح کرتے ہیں۔ پیڈو کے تحت کوٹو، کروڑہ اور جابوری جیسے منصوبے بھی قابل ذکر ہیں۔ تاہم سوال یہ ہے کہ اس غیر معمولی صلاحیت سے صوبے کے عام شہری کو کتنا فائدہ پہنچ رہا ہے؟

اسی طرح صنعتی ترقی کے حوالے سے اقتصادی زونز ایک اہم موقع فراہم کرتے ہیں۔ رشکئی اسپیشل اکنامک زون کو سی پیک کے تناظر میں ایک بڑے صنعتی مرکز کی شکل دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ماربل، معدنیات، پھلوں کی پراسیسنگ، خوراک، ادویات اور تعمیراتی سامان کی صنعتوں میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔ لیکن اقتصادی زونز کا قیام بذات خود صنعتی ترقی کی ضمانت نہیں بن سکتا۔ سرمایہ کار کو بجلی، پانی، سڑکوں، سکیورٹی، زمین اور آسان سرکاری طریقہ کار کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر یہ سہولیات میسر نہ ہوں تو صنعتی زونز صرف سرکاری فائلوں اور اعلانات کا حصہ بن کر رہ جائیں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ پہلے موجودہ زونز کو مکمل فعال بنائے، ون ونڈو آپریشن کو موثر کرے اور مقامی صنعت کاروں کو مالی و فنی سہولیات فراہم کرے۔ اصل کامیابی اس وقت ہو گی جب کارخانے چلیں گے، پیداوار شروع ہو گی اور نوجوانوں کو مستقل روزگار ملے گا۔

خیبر پختونخوا کی ایک اور بڑی طاقت اس کی نوجوان آبادی ہے، لیکن یہی نوجوان آج روزگار کی تلاش میں مایوسی، بے یقینی اور مشکلات کا شکار ہیں۔ جامعات سے فارغ التحصیل ہزاروں نوجوان اپنی قابلیت کے مطابق مواقع سے محروم ہیں۔ تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان کمزور رابطہ، فنی تربیت کی کمی اور سرمایہ تک محدود رسائی نے اس مسئلے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو محض سرکاری ملازمتوں کے امیدوار بنانے کے بجائے کاروباری سرگرمیوں اور جدید معیشت کا حصہ بنایا جائے۔ آئی ٹی، سیاحت، ہوٹل مینجمنٹ، لائیو سٹاک، سولر ٹیکنالوجی، معدنیات، فوڈ پراسیسنگ اور پن بجلی کے شعبوں میں تربیت، آسان قرضوں اور اسٹارٹ اپ سہولیات کے ذریعے انہیں روزگار فراہم کرنے والا طبقہ بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم ان تمام امکانات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ حکمرانی کا بحران ہے۔ صوبے میں حکومتیں بدلتی رہیں، سیاسی نعرے اور ترقیاتی اعلانات ہوتے رہے، لیکن عام آدمی کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی نہ آ سکی۔ سیاسی قیادت اقتدار کی کشمکش، جماعتی مفادات اور باہمی محاذ آرائی سے نکل کر صوبے کے مستقبل کے بارے میں سنجیدہ سوچ اپنانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ترقیاتی بجٹ کی تقسیم سیاسی اثر و رسوخ کے بجائے غربت، آبادی اور محرومی کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔ اگر ہر منصوبے کے لیے واضح اہداف، مقررہ مدت، مالی شفافیت اور عوامی نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔ سرکاری اداروں کو جواب دہ بنایا جائے اور مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیارات دیے جائیں تو بہتری کی کوئی امید تب ہی پیدا ہو سکتی ہے۔

در حقیقت خیبر پختونخوا کا المیہ وسائل کی عدم موجودگی نہیں بلکہ وسائل اور عوامی خوشحالی کے درمیان حائل انتظامی، سیاسی اور معاشی رکاوٹیں ہیں۔ اگر صوبائی قیادت امن قائم کرنے، پن بجلی کو مقامی معیشت سے جوڑنے، اقتصادی زونز کو فعال بنانے، سیاحت کو منظم صنعت میں تبدیل کرنے اور نوجوانوں کو معاشی عمل میں شریک کرنے میں کامیاب ہو جائے تو یہی صوبہ پاکستان کی معیشت کا ایک مضبوط ستون بن سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے محض اجلاس، اعلانات اور افتتاحی تختیاں کافی نہیں ہوں گی۔ سیاسی قیادت کو اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی اور حکومتی اداروں کو عملی کارکردگی دکھانا ہو گی۔ حرف آخر یہ کہ کسی صوبے کی ترقی کا اصل معیار اس کے دریاؤں سے پیدا ہونے والی بجلی، پہاڑوں کی بلندی یا قدرتی وسائل کی مالیت نہیں بلکہ اس کے عوام کا محفوظ، باعزت، خوشحال اور با اختیار ہونا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW